Tag: ukraine

  • یوکرین: اطالوی آرٹسٹ نے جنگ زدہ شہریوں کا درد دیواروں پر سجا دیا

    یوکرین: اطالوی آرٹسٹ نے جنگ زدہ شہریوں کا درد دیواروں پر سجا دیا

    کیف: ایک اطالوی آرٹسٹ نے اپنے شان دار فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کے جنگ زدہ شہریوں کا درد دیواروں پر سجا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی آرٹسٹ سالواتور بینن ٹیندے نے جنگ زدہ یوکرینی شہروں کی دیواروں پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے امید، امن اور آزادی کا پیغام منتقل کر دیا ہے۔

    امید پیدا کرنا آرٹ کی اعلیٰ ترین شکل سمجھی جاتی ہے، کچھ ایسا ہی اطالوی پینٹر جو ٹی وی بوائے کے نام سے مشہور ہیں، نے یوکرین کے شہر بوچا اور اِرپن میں دکھایا۔

    انھوں نے گزشتہ ماہ مذکورہ دو شہروں میں امید، امن اور آزادی کے پیغامات کے ساتھ دیواروں کی ایک سیریز پینٹ کی ہے، جسے دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ یہ وہ شہر ہیں جہاں روسی حملے کے پہلے مہینوں میں روسی فوج پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا جا چکا ہے۔

  • یوکرین کا روس کے 221 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    یوکرین کا روس کے 221 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    کیف: یوکرین نے تازہ لڑائی میں روس کے 221 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین روس جنگ کی شدت بدستور برقرار ہے، یوکرین نے روس کے دو سو سے زائد فوجیوں کو مارنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

    فریقین کے درمیان روس کے زیر تسلط شہر ڈونباس کے ایک علاقے باخموت میں گھمسان کی جنگ جاری ہے، مخالف فوجیں آمنے سامنے ہیں اور علاقے کے قبضے کے لیے جنگ شدت اختیار کر رہی ہے، یوکرین پر روسی حملے کو آج 383 واں دن ہے۔

    دونوں ممالک کی جانب سے متضاد دعوے بھی سامنے آ رہے ہیں، یوکرینی دعوے پر روس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم کریملن کا کہنا ہے کہ باخموت کی فتح ان کے لیے ایک بڑا ہدف ہے۔

    یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں 1,100 سے زیادہ فرنٹ لائن روسی فوجی باخموت کے لیے لڑتے ہوئے مارے گئے ہیں اور تقریباً 1,500 روسی فوجی بھی اس بری طرح زخمی ہوئے کہ وہ لڑنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔

    دوسری طرف روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اتوار تک 24 گھنٹوں کے دوران 220 سے زیادہ یوکرینی فوجی مارے گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا کا کہنا ہے کہ یوکرین باخموت میں لڑائی جاری رکھے گا، انھوں نے روسیوں کی پیش قدمی کو کسی کے گھر میں گھسنے والے چوروں سے تشبیہہ دی۔ یوکرین کی زمینی افواج کے کمانڈر اولیکسینڈر سیرسکی نے کہا کہ روس کو منصوبہ بند جواب دینے کے لیے انھیں وقت کی ضرورت ہے جو باخموت کے دفاع کی صورت میں انھیں ملے گا۔

    ادھر واشنگٹن میں قائم انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار (ISW) کا کہنا ہے کہ باخموت پر روس کی پیش قدمی رک گئی ہے، اور جب روسی ویگنر گروپ کے فوجی لڑتے رہے، تو انھوں نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔

  • یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے یوکرین جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان صدر شیخ محمد بن زائد نے یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا سے ملاقات کے دوران کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد سے منگل کو یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا نے، جو فاونڈیشن آف چیرٹیبل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی ہیں، قصر البحر میں ملاقات کی۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ 7 سے 10 مارچ تک ہونے والی فوربز کانفرنس میں شرکت کے لیے ابو ظہبی میں موجود ہیں۔

    اماراتی صدر سے ملاقات میں اولینا زیلسنسکا نے عام شہریوں اور خصوصاً بچوں پر یوکرینی بحران کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

    اماراتی صدر نے بحران سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت کے لیے 40 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی، یہ رقم 100 یتیم بچوں کے لیے 10 عمارتوں کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔

    شیخ محمد بن زائد کا کہنا تھا کہ امارات عام شہریوں خصوصاً بچوں پر یوکرین بحران کے منفی اثرات سے باہر نکالنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے ساتھ ہے، اس حوالے سے جو بھی علاقائی یا عالمی کوشش ہوگی اس میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ نے بحران کے آغاز سے اب تک انسانیت نواز کردار اور امارات کی جانب سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اولینا زیلسنسکا امارات میں مقیم یوکرین کی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی، اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اور وزیر ماحولیات بھی موجود تھیں۔

  • یوکرین جنگ کو ایک سال مکمل: امریکا کا مزید ہتھیاروں کی فراہمی کا اعلان

    یوکرین جنگ کو ایک سال مکمل: امریکا کا مزید ہتھیاروں کی فراہمی کا اعلان

    واشنگٹن: یوکرین پر روسی حملے کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد امریکا نے 2 ارب ڈالر کے ہتھیار دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق امریکا نے یوکرین پر روسی حملے کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر متاثرہ اتحادی ملک کے لیے 2 ارب ڈالر کے ہتھیار دینے کا اعلان کیا جبکہ ماسکو پر مزید پابندیاں عائد کی ہیں۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر نئی پابندیوں کی تفصیلات عام کی ہیں اور دوسری جانب دنیا کے امیر ترین ملکوں کے بلاک جی سیون کے رہنماؤں نے مزید امداد دینے کے لیے یوکرین کے صدر سے ملاقات کی۔

    امریکا کی نئی پابندیوں میں روس کی فوجی قیادت پر ویزا پابندیاں، ولادی میر پیوٹن کے اتحادیوں کے اثاثوں کو منجمد کرنا اور روس سے ایلومینیم کی درآمد کو مؤثر طریقے سے روکنا شامل ہے۔

    اس کے علاوہ روسی بینکوں، اسلحہ ساز فیکٹریوں کو کام سے روکنا اور روس کی سب سے بڑی موبائل فون بنانے والی کمپنی میگا فون کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنا ہے۔

    امریکا میں روس کے سفیر اناطولی انتونوو نے کہا ہے کہ ان پابندیوں کے کسی قسم کے اثرات نہیں پڑیں گے۔

    امریکی حکام نے کہا ہے کہ دیگر پابندیاں آنے والے دنوں میں عائد کی جائیں گی۔

    بائیڈن انتظامیہ نے چین اور دیگر ملکوں کو بھی پیغام بھیجا ہے کہ وہ روس کی مدد کرنے سے گریز کریں تاکہ پابندیوں سے بچ سکیں۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہم ان دیگر دفاعی پیداوار کی صنعتوں پر بھی پابندیاں عائد کریں گے جو روس کے اسلحہ ذخیرے کو بھرنے میں مدد کر رہے ہیں یا ایسی کمپنیاں جو روس کو پابندیوں کے اثرات سے بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

  • بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے آزادی صحافت پر حملہ ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے آزادی صحافت پر حملہ ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے آزادی صحافت پر حملہ ہے، بھارتی حکومت فسطائیت کی انتہا پر پہنچ چکی ہے، ترجمان نے پاکستان کی جانب سے جنگ زدہ ملک یوکرین کو اسلحے کی امداد کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے یوکرین کو اسلحہ کی سپورٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان کی پوزیشن اس معاملے پر واضح ہے جو پوری دنیا جانتی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے، اور دو طرفہ تعلقات کا فروغ خوش آئند ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے مذاکرات ہوئے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں پر بات چیت ہوئی۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے آزادی صحافت پر حملہ ہے، بھارتی حکومت فسطائیت کی انتہا پر پہنچ چکی ہے، پاکستان آزادی صحافت پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں آزادی صحافت پر دباؤ ڈالنا افسوس ناک عمل ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ڈی جی کا دورہ پاکستان اہم ہے، اس دورے کے حوالے سے پروپیگنڈا درست نہیں ہے، آئی اے ای اے ایک سویلین ادارہ ہے، نیوکلیئر پاور اور انرجی جنریشن کے بارے میں معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔

    ترجمان نے کہا پاکستان سمجھوتہ ایکسپریس سانحے کی برسی پر ایک بار پھر انصاف کا مطالبہ کرتا ہے، بھارتی فوج کی کشمیر میں ظلم و بربریت پر پاکستان عالمی دنیا کی توجہ اس طرف دلاتا رہے گا، اور پاکستان کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں پہنچاتا رہے گا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے فلسطین کے علاقوں میں آباد کاری کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کی انٹرنیشنل قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔

  • کیا یوکرین مغربی ہتھیار روس پر حملوں‌ کے لیے استعمال کرے گا؟ جرمن چانسلر کا انکشاف

    کیا یوکرین مغربی ہتھیار روس پر حملوں‌ کے لیے استعمال کرے گا؟ جرمن چانسلر کا انکشاف

    برلن: جرمن چانسلر نے انکشاف کیا ہے کہ یوکرین مغربی ہتھیار روس پر حملوں‌ کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مغرب کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار روسی سرزمین پر حملے کے لیے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

    ایک جرمن سنڈے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے چانسلر شولز نے کہا کہ اس نکتے پر یوکرین کے مغربی اتحادیوں کے درمیان اتفاق رائے ہے۔

    یوکرین اپنے مشرق میں روسی فوجیوں کو پیچھے دھکیلنے کی کوششیں کر رہا ہے، اس کے لیے مغربی اتحادیوں نے اسے درکار جدید راکٹوں اور میزائل سسٹم کے ساتھ ساتھ ٹینکوں سے مسلح کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

    ادھر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی جنگ میں جرمنی جیسے ملکوں کی مداخلت کا موازنہ جنگ عظیم دوم کے دور سے کیا ہے، جب روسی قوم کو اتحادیوں کے خلاف جدوجہد کرنا پڑی تھی۔

    دوسری جنگ عظیم میں اسٹالن گراڈ کی جنگ میں سوویت فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر پیوٹن نے کہا ’ہمیں بار بار مجبور کیا جاتا ہے کہ مغرب کی اجتماعی جارحیت کا مقابلہ کریں۔‘

    تاہم جرمن چانسلر نے اپنے انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں صدر پیوٹن کے اس موازنے کو مسترد کیا اور کہا کہ یوکرین پر حملے سے متعلق کوئی توجیہہ پیش نہیں کی جا سکتی۔

  • یوکرین کا باخموت شہر سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

    یوکرین کا باخموت شہر سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

    کیف: یوکرین کے صدر ویلودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ باخموت شہر سے ہرگز دست بردار نہیں ہوں گے۔

    الجزیرہ کے مطابق شدید روسی حملوں‌ کے درمیان یوکرین نے باخموت شہر سے دست بردار نہ ہونے کا اعلان کیا ہے، جمعے کے روز کیف میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ سربراہی اجلاس کے دوران زیلنکسی نے کہا کہ باخموت ایک ’قلعہ‘ ہے۔

    ماسکو کی افواج کی جانب سے باخموت کا محاصرہ اور حملے جاری ہیں، ڈونیٹسک کے علاقے میں شدید مقابلہ کرنے والا یہ قصبہ مہینوں سے لڑائی کا مرکز رہا ہے۔

    یوکرینی صدر نے کہا کہ یوکرین کی افواج جب تک ممکن ہو سکے اس پر قبضہ جاری رکھیں گی، باخموت میں کوئی بھی ہتھیار نہیں ڈالے گا، جب تک ہم لڑ سکتے ہیں لڑتے رہیں گے۔

    زیلنسکی نے کہا کہ اگر ہتھیاروں کی ترسیل میں تیزی لائی جائے بالخصوص طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار، تو ہم نہ صرف یہ کہ باخموت سے دست بردار نہیں ہوں گے بلکہ دونباس پر بھی قبضہ کرنا شروع کر دیں گے۔

    ادھر ماسکو کا کہنا ہے کہ روسی افواج نے کئی سمتوں سے باخموت کو گھیرے میں لے رکھا ہے، اور ایک مرکزی سڑک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے لڑائی جاری ہے، جو یوکرینی افواج کے لیے ایک اہم سپلائی روٹ بھی ہے۔

  • مغربی اتحادی یوکرین کو F-16 لڑاکا طیارے دینے کے ارادے سے پیچھے ہٹ گئے

    مغربی اتحادی یوکرین کو F-16 لڑاکا طیارے دینے کے ارادے سے پیچھے ہٹ گئے

    لندن: یوکرین F-16 جنگی طیاروں کی ضرورت پر زور دے رہا ہے تاہم مغربی اتحادیوں نے اس سے منہ پھیر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا نے کہا ہے کہ مغربی اتحادی یوکرین کو F-16 اور دیگر لڑاکا طیاروں‌ کی فراہمی کے خیال سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

    دی گارڈین نے رپورٹ کیا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی اتحادی یوکرین کو F-16 اور دیگر جنگی طیاروں کی فراہمی سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔‘‘

    برطانیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ یوکرین کو مغربی جنگی طیاروں کی فراہمی عملی نہیں ہے، ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے کہا کہ ’’یہ جدید ترین پارٹس پر مشتمل طیارے ہیں، انھیں یوکرین بھیجنا ہمارے خیال میں عملی نہیں ہے۔‘‘

    روس نے یوکرینی گاؤں پر قبضہ کر لیا

    ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم رشی سناک یہ سمجھتے ہیں کہ اس جنگ میں ’طویل تعطل‘ سے روس کو فائدہ ہوگا، اس لیے وہ یوکرین کی تیز تر مدد کے حامی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے جب پیر کو وائٹ ہاؤس میں پوچھا گیا کہ کیا امریکا یوکرین کو F-16 طیارے فراہم کرے گا، تو انھوں نے محض ’نہیں‘ میں جواب دیا۔

    یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے سب سے سینئر مشیر نے پیر کو کہا کہ پولینڈ یوکرین کو ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔ آندری یرماک نے کہا کہ وارسا سے موصول ٹیلی گرام میں یوکرین کو اس حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔

    ادھر یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ جنگی طیاروں کے سلسلے میں لابنگ جاری رکھے گا، یوکرین کا کہنا ہے کہ مغرب نے ٹینکوں کی فراہمی کے سلسلے میں بھی پہلے انکار کیا تھا، یوکرینی وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف نے پیرس کے دورے پر کہا کہ ’’شروع میں ہر قسم کی امداد ’نہیں‘ کے مرحلے سے گزر چکی ہے۔‘‘

    یوکرینی وزیر خارجہ دمیترو کولیبا کے مطابق یوکرین کو توقع ہے کہ 12 ممالک کے اتحاد سے انھیں ترسیل کی پہلی کھیپ میں 120 سے 140 تک ٹینک ملیں گے، پہلی قسط میں جرمن لیوپرڈ 2، برٹش چیلنجر 2 اور یو ایس ایم 1 ابرامز ٹینک شامل ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یوکرین فرانسیسی لیکرک ٹینکوں کی سپلائی کو بھی بہت اہمیت دے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے ساتھ اعلانیہ طور پر جن بھاری ٹینکوں کا وعدہ کیا گیا ہے ان کی تعداد 321 ہے۔

  • بھارت نے روس اور یوکرین سے سستا خوردنی تیل درآمد کرلیا

    بھارت نے روس اور یوکرین سے سستا خوردنی تیل درآمد کرلیا

    کوکنگ آئل کسی بھی پکوان کا بنیادی جُز ہے، دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کوکنگ آئل اور پہلے نمبر پر سب سے زیادہ ویجیٹیبل آئل بھارت درآمد کرتا ہے، اس کی ضرورت کا تقریباً 56 فیصد کوکنگ آئل سات سے زیادہ ممالک سے درآمد کیا جاتا ہے۔

    دنیا بھر میں سب سے زیادہ کوکنگ آئل درآمد کرنے والا ملک بھارت اب روس کے ساتھ ساتھ یوکرین سے بھی سورج مکھی کا تیل درآمد رعایتی نرخوں پر حاصل کررہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریکارڈ برآمدات کی تفصیلات اس وقت سامنے آئیں جب سورج مکھی کے خوردنی تیل پر ڈسکاؤنٹ سویا بین آئل کے مقابلے میں نو ماہ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارت کے صنعتی حکام نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ بھارت رواں سال جنوری میں سورج مکھی کے تیل کی درآمدات ریکارڈ چار لاکھ 73ہزار ٹن تک بڑھانے کے لیے تیار ہے جو کہ اوسط ماہانہ درآمدات کا تقریباً تین گنا سے زائد ہے۔

    بھارت کی درآمدات میں اضافے سے ان ممالک کو اپنے ذخیرے کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور اس کا اثر ملائیشیا کے پام آئل کی قیمتوں پر بھی پڑسکتا ہے۔

    جی جی این ریسرچ کے منیجنگ پارٹنر راجیش پٹیل نے کہا کہ سن فلاور آئل ماہ دسمبر میں سویابین آئل کے مقابلے میں ڈسکاؤنٹ پر ٹریڈ کررہا تھا۔ اس رعایت نے اسے ہندوستانی خریداروں کے لیے منافع بخش بنا دیا ہے۔

    گزشہ سال نومبر کے آخری ہفتے اور دسمبر کے اوائل میں سورج مکھی کے تیل کی سویا بین آئل پر چھوٹ تقریباً 100 ڈالر فی ٹن تک بڑھ گئی تھی جو فروری 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

    بین الاقوامی سن فلاور آئل ایسوسی ایشن کے صدر سندیپ باجوریا نے بتایا کہ اس معاہدے نے برآمد کنندگان کو ذخیرے کو منتقل کرنے اور نئے معاہدوں پر دستخط کرنے کی راہیں ہموار کردی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت نے کوکنگ آئل کے بحران پر قابو پانے کا حل تلاش کرلیا

    اس حوالے سے سنگاپور میں مقیم ایک آئل ڈیلر نے کہا کہ یوکرین رومانیہ اور بلغاریہ کو بیج فروخت کر رہا ہے جو ان بیجوں کی پروسیسنگ کر رہے ہیں اور بھارت کو تیل برآمد کر رہے ہیں۔

  • عالمی دباؤ کے بعد امریکا اور جرمنی نے جنگی ٹینک یوکرین بھیجنے کا علان کر دیا

    واشنگٹن: کئی ہفتوں کے عالمی دباؤ کے بعد امریکا اور جرمنی نے جنگی ٹینک یوکرین بھیجنے کا علان کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کے لیے جنگی ٹینک فراہم کرے گا۔

    روس کی جانب سے بار بار تنبیہہ کے باوجود امریکا کے علاوہ جرمنی اور ناروے نے بھی یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے، جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ جرمنی 14 لیپرڈ ٹو ٹینکس یوکرین بھیج رہا ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو 31 ایم ون ابرام ٹینک فراہم کرے گا جو کہ یوکرین کی ایک بٹالین کے برابر ہیں۔

    یوکرین اور مغربی ممالک کی جانب سے کئی ماہ کی کوششوں کے بعد جرمنی نے بھی کیف کو 14 لیپرڈ 2 ٹینک دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، ان ٹینکوں کو دنیا کے بہترین ٹینکوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو بائیڈن نے جرمنی کی جانب سے لیپرڈ ٹینکس بھیجنے کا خر مقدم کیا ہے۔

    M One Abrams tank

    ناروے کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو امداد کی فراہمی کے عمل کا حصہ بنتے ہوئے اسے لیپرڈ 2 ٹینک فراہم کرے گا۔

    یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کو شکست دینے کے لیے کم از کم 300 ٹینکوں کی ضرورت ہے، ادھر واشنگٹن میں روسی سفیر کا کہنا ہے کہ جنگی ٹینکوں کی منتقلی بہت بڑی اشتعال انگیزی ہوگی۔

    ڈونیسک میں تعینات فوجی اہل کاروں نے روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’طاس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغربی ٹینکوں کو شکست دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔