Tag: ukraine

  • برطانیہ کی روس کو دھمکی

    برطانیہ کی روس کو دھمکی

    لندن: برطانیہ نے ایک بار پھر روس کو دھمکی دی ہے کہ یوکرین میں روس نواز حکومت آئی تو اس پر پابندیاں عائد کر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے نائب وزیر اعظم اور سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے انصاف ڈومینک راب نے اتوار کو کہا ہے کہ برطانیہ کی حکومت ماسکو کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔

    ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ روس نے اگر یوکرین پر حملہ کرنے یا روس نواز سیاست دانوں کو اقتدار میں لانے کی کوشش کی تو برطانیہ اس پر معاشی پابندیاں عائد کر دے گا۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے معاملے پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کی جانب سے روس کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جب کہ روس نے نیٹو اور امریکا سے سرحدوں سے فوج ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے کہا تھا کہ اگر روس نے یوکرین پر دوبارہ حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے ماسکو حکومت پر زور دیا کہ وہ یوکرین میں فوجی مداخلت سے باز رہے۔

    یوکرین تنازع: امریکا اور روس کے مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلا؟

    نیٹو کے سیکریٹری جنرل ینس اسٹولٹن برگ نے 17 دسمبر کو ایک بار پھر ماسکو کو دھمکاتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی روس کو بھاری قمیت چکانا پڑے گی۔ برسلز میں جارجیا کے وزیر اعظم اراکلی گار بیشویلی سے بات چیت کرتے ہوئے اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹو اپنے شرکا کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    اسی روز ماسکو میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے خبردار کیا کہ نیٹو کے رکن ملکوں کی جانب سے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گی۔ جب کہ یورپی یونین نے روس کو یوکرین کے خلاف جارحیت پر سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

    یوکرین پر کشیدگی میں واضح اضافے کے بعد امریکا نے منگل 19 جنوری کو خبردار کیا کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے نیوز کانفرنس میں کہا ’ہم اب ایسے مرحلے پر ہیں جس میں روس کسی بھی وقت یوکرائن پر حملہ آور ہو سکتا ہے۔‘

  • یوکرین تنازعہ پر بڑی پیش رفت، دو عالمی طاقتیں مذاکرات کے لئے تیار

    یوکرین تنازعہ پر بڑی پیش رفت، دو عالمی طاقتیں مذاکرات کے لئے تیار

    واشنگٹن: یوکرین کے مسئلے پر امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن نے مذاکرات کے لئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن کے درمیان منگل کو ویڈیو کال پر گفتگو ہوگی، جس میں یوکرین کا مسئلہ زیر غور آئے گا۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بائیڈن پیوتن وڈیو کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر روسی ہم منصب کو یوکرین کی سرحد پر روسی فوجی سرگرمیوں سے متعلق خدشات سے آگاہ کریں گے۔

    اس کے ساتھ ہی وہ یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے امریکا کی حمایت کی توثیق بھی کریں گے، دونوں رہنماؤں میں خطے کے مسائل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    روسی حکام نے بھی وڈیو کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، یوکرین کا معاملہ اور جنیوا معاہدوں پر عمل درآمد پر بات ہوگی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس آئندہ چند ماہ میں یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، اس سلسلے میں روس کے 80 ہزار سے زائد فوجی پہلے ہی یوکرین کی سرحد پر پہنچائے جا چکے ہیں۔

    انٹیلی جنس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر روس نے واقعی یوکرین پر حملہ کیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے، تاہم روس نے ایسی کسی منصوبہ بندی کی تردید کی تھی۔

  • طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    کیف: یوکرین نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضے کی ایرانی پیش کش ٹھکرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پی ایس 752 طیارے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم یوکرین کی وزارت خارجہ اسے مسترد کر دیا۔

    عرب نیوز کے مطابق یوکرین کی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ معاوضہ بلاشبہ انصاف کی جانب اہم قدم ہے، تاہم اس سے قبل یہ پورا سچ سامنے لانا ضروری ہے کہ طیارہ کن حالات میں گرا، ترجمان اولیگ نیکولینکو نے کہا اس کے بعد معاوضے کی بات ممکن ہے، معاوضوں کی ادائیگی بھی یک طرفہ فیصلے کے تحت نہ ہو بلکہ ان تمام حکومتوں کے ساتھ معاہدے کے ذریعے ہو جن کے شہری ہلاک ہوئے۔

    یوکرین میں تعینات ایرانی سفیر منوچہر مرادی نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایران لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ادا کرنے کو تیار ہے۔

    اس سے قبل کینیڈا، سویڈن، یوکرین اور برطانیہ کے وزرا پر مشتمل طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی رابطہ اور رسپانس گروپ نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ ایران گروپ میں شامل تمام ممالک کو معاوضہ ادا کر کے اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرے۔

    یاد رہے کہ 8 جنوری کو 2020 کو ایران کے پاسداران انقلاب نے یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز کو تہران میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر یوکرائن پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر یوکرائن پہنچ گئے

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر یوکرائن پہنچ گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف یوکرائن پہنچ گئے، جہاں انھوں نے کیبنٹ آف منسٹرز میں یوکرائن کے وزیر اعظم، ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر برائے صنعت سے ملاقاتیں کیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں افغان امن عمل اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے مابین پیشہ ورانہ دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں جانب سے فوجی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیاگیا۔

    آرمی چیف کے یوکرائن حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں انسداد دہشت گردی، تربیت اور دفاعی پیداوار کے معاملات بھی زیر غور آئے، یوکرینی وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاکستان یوکرائن کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، توقع ہے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں بامعنی اور بہتر تعلقات فروغ پائیں گے۔

    ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف نے یوکرائن میں ملٹری ٹیسٹ سائٹ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے مختلف ہتھیاروں اور آلات کے فیلڈ ٹیسٹ دیکھے، اور ان تجربات میں دل چسپی کا اظہار کیا، منصوبوں سے منسلک افراد کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس سے قبل یوکرینی وزیر دفاع، اور مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی، دونوں ممالک نے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور عزم کیا گیا کہ دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر دفاعی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان اور یوکرائن دفاعی شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

    قبل ازیں، آرمی چیف کو وزارت دفاع پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔

  • یوکرین میں کورونا وائرس کی ایک اور قسم دریافت

    یوکرین میں کورونا وائرس کی ایک اور قسم دریافت

    یوکرین :  بوکووینا کے علاقے میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی توثیق ہوئی ہے جو کہ ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے، یہ برطانیہ میں پائی گئی کورونا کی قسم سے کافی ملتا جلتا ہے۔

    برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ میں پائی گئی کورونا وائرس کی مختلف اقسام کے بعد اب یوکرین میں بھی کورونا کی ایک نئی قسم کے بارے میں معلوم ہوا ہے جو کہ بے حد متعدی ہے۔

    اس بات کا انکشاف گزشتہ روز یوکرین میں اشیائے خوردنی اور صارفین کے تحفظ کے محکمہ کے سربراہ اولیہہ روبن نے اپنے بیان میں کیا۔

    روبن نے کہا کہ دنیا میں اب تک کورونا وائرس (کوویڈ- 19) کی ایسی پانچ اقسام کے بارے میں پتہ چلا ہے جو کہ بے حد متعدی ہیں۔ ان میں برطانیہ، اسپین، جنوبی افریقہ اور برازیل میں پائی گئی کورونا کی اقسام شامل ہیں، یہ پانچ اقسام ہیں جو کہ چین سے ہی پوری دنیا میں پھیلی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرین کے بوکووینا علاقے میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی توثیق ہوئی ہے جو کہ ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ برطانیہ میں پائی گئی کورونا کی قسم سے کافی ملتا جلتا ہے ۔

    اس قسم میں ایسے ٹریٹ ہیں جنہیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے اب تک رجسٹرڈ نہیں کیا گیا ہے۔ روبن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو کورونا کی نئی قسم کے بارے میں اطلاع دی گئی ہے۔

  • میاں بیوی ویلنٹائن ڈے پر 3 ماہ کے لیے ہتھکڑیوں میں جکڑ گئے

    میاں بیوی ویلنٹائن ڈے پر 3 ماہ کے لیے ہتھکڑیوں میں جکڑ گئے

    خارکیف: یوکرین میں ایک جوڑے نے روز روز کے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آ کر انوکھا قدم اٹھا لیا، دونوں نے خود کو تین ماہ کے لیے ہتھکڑیاں لگا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں ایسے میاں بیوی کی تصاویر سامنے آئی ہیں، جنھیں دیکھ کر پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ کہ یہ جیل سے فرار قیدی ہوں گے، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یہ لڑائی جھگڑے سے بے زار میاں بیوی ہیں، جنھوں نے جھگڑوں سے چھٹکارے کے لیے یہ عجیب ترکیب نکالی ہے۔

    روز روز کی لڑائی سے تنگ آ کر الیگزینڈر کوڈلے اور ان کی بیوی وکٹوریا پسٹوویٹووا نے ویلنٹائن ڈے پر تین ماہ کے لیے خود کو ہتھکڑیوں میں جکڑ لیا، جوڑے کا یہ منفرد تجربہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 33 سالہ آن لائن کار سیلز مین الیگزینڈر اور 28 سالہ بیوٹیشن وکٹوریا خارکیف کے رہائشی ہیں، دونوں کے درمیان کچھ مسائل تھے جن کی وجہ سے ان کا رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا، اس پر انھوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ تین ماہ تک ہر لمحہ وہ ساتھ گزاریں گے، اور اس طرح اپنا رشتہ ٹوٹنے سے بچا لیں گے۔

    معلوم ہوا کہ یہ آئیڈیا الیگزینڈر کا تھا، ایک دن وکٹوریا نے اس سے کہا کہ وہ اسے چھوڑنا چاہتی ہے، تو الیگزینڈر نے یہ آئیڈیا پیش کر دیا، جسے پہلے تو وکٹوریا نے مسترد کیا لیکن پھر مان گئی۔

    الیگزینڈر نے بتایا کہ ابتدا میں تو بہت مشکل پیش آئی لیکن اب ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم ہر لمحہ ایک ساتھ رہنے کی حالت کے ساتھ عادی ہوتے جا رہے ہیں، دراصل ہفتے میں ایک یا دو بار ہم رشتہ توڑنے کی باتیں کیا کرتے تھے، جب بھی وکٹوریا یہ کہتی تو میں جواب دیتا کہ میں تمھیں خود سے جوڑ لوں گا۔

    الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ اب تقریباً ایک ماہ سے ہمیں ہر کام ایک ساتھ کر کرنا پڑتا ہے، وکٹوریا نے بتایا کہ ہتھکڑیوں نے میری زندگی میں مجھے نئے جذبات سے آشنا کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اب یہ جوڑا سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کر رہا ہے، اور ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے کے احترام کے حوالے سے دوسروں کو سبق بھی دے رہے ہیں، یہ جوڑا یوکرین کے ٹی وی پر ایک ٹاک شو میں بھی نمودار ہوا۔

    الیگزینڈر نے دل چسپ بات یہ بتائی کہ ان کے درمیان لڑائی جھگڑا اب بھی ختم نہیں ہوا ہے، اور وہ اب بھی جھگڑتے ہیں، لیکن فرق یہ آیا ہے کہ جب ہمارا جھگڑا بند گلی میں داخل ہو جاتا ہے تو اب ہم صرف ایک دوسرے سے بات کرنا چھوڑ دیتے ہیں، پہلے ہم اپنا سامان باندھنے لگ جاتے تھے۔

  • اولاد کو کتوں کا گوشت کھلانے والی ماں گرفتار، دو بچے بازیاب

    اولاد کو کتوں کا گوشت کھلانے والی ماں گرفتار، دو بچے بازیاب

    خارکیو: یوکرین کی پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زبردستی کتوں کا گوشت کھلاتی تھی، کارروائی کے دوران دو بچوں کو بھی بازیاب کروایا گیا۔

    شمال مشرقی یوکرین کے شہر خارکیو میں پولیس نے ایک فلیٹ سے دو ایسے دو بچوں کو تحویل میں لیا ہے جن کی ماں ان کا پیٹ بھرنے کیلئے شہر کے آوارہ کتوں کو کاٹ کر ان کا گوشت کھلاتی تھی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چار سالہ بچہ اور اس کا دوسالہ بھائی ایک انتہائی غلاظت سے بھرے اور بدبودار فلیٹ میں بند کیے گئے تھے اور ان کی 30سالہ ماں للیہ گرینینکو اور نانی انہیں باہر بھی جانے نہیں دیتی تھیں۔

    مبینہ طور پر ان خواتین نے اپنے گھر کو کچرے کے ڈبوں سے بھر رکھا تھا جو وہ کئی سال سے جمع کررہی تھیں اسی گندگی کے باعث گھر میں چوہوں اور لال بیگوں کی بھرمار تھی اور بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث محکمہ کی جانب سے پانی کی لائن کافی عرصہ پہلے منقطع کردی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق گھر میں کوئی بیت الخلا بھی نہیں تھا جس کیلئے ماں نانی اور بچے گھر کے فرش پر رفع حاجت کیا کرتے تھے۔

    پولیس کو اس بات کی اطلاع ان کے پڑوسی نے دی اور بتایا کہ ساتھ والے فلیٹ سے شدید تعفن اٹھتا ہے اور لال بیگ اور چوہے بھی آتے ہیں اس لیے کارروائی کی جائے۔

    جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فلیٹ پر چھاپہ مارا اور دونوں بچوں کو بازیاب کرالیا اور ماں کو گرفتار کر کے تھانے لےجایا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاپرواہی کا الزام ثابت ہونے پر بچوں کی ماں کو پانچ سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

  • یوکرین میں فوجی طیارے کو حادثہ، 22افراد جل کر ہلاک

    یوکرین میں فوجی طیارے کو حادثہ، 22افراد جل کر ہلاک

    چوگویف : یوکرین میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر وجوہات سامنے نہیں آئیں، تحقیقات جاری ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے شہر چوگویف کے علاقے خارکیف میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔


    حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی جسے ریسکیو آپریشن کے دوران بجھا دیا گیا

    یوکرین حکام کے مطابق طیارے میں ائیر فورس کیڈٹس سوار تھے، ہلاک ہونے والوں میں کیڈٹس بھی شامل ہیں جب کہ کئی کیڈٹس حادثے میں معجزاتی طور پر محفوظ بھی رہے۔

    طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ ہوا جس میں ایئر فورس یونیورسٹی کے کیڈٹس سمیت 28 افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی جسے ریسکیو آپریشن کے دوران بجھا دیا گیا تاہم کئ یافراد کی نعشیں جلنے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہوگئی تھیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ شمال مشرقی یوکرین میں حادثے کا شکار ہو گیا، جلتے ہوئے طیارے اور لوگوں کے نکلنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم فوری طور پر طیارے کے تباہ ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

  • بچوں سے زیادتی کے مجرموں کی سزا کے لیے نیا قانون

    بچوں سے زیادتی کے مجرموں کی سزا کے لیے نیا قانون

    یوکرین : یورپی ملک یوکرین میں ایک نیا قانون متعارف کرادیا ، جس کے تحت بچوں سےزیادتی کے مجرم کو جیل میں کیمیکل انجکشن لگا کر جنسی طور پر ناکارہ کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک یوکرین نےبچوں سےزیادتی کےمجرموں کی سزا کےلیےنیا قانون بنالیا اور فیصلہ کیا گیا ہےکہ جرم ثابت ہونےپرمجرم کوجیل میں کیمیکل انجکشن لگاکرجنسی طورپرناکارہ کردیاجائےگا۔

    یہ قانون 18 سے 65 سال تک کی عمرکےمجرموں پر لاگو ہوگا۔

    خیال رہے یوکرین میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں کی شرح حالیہ سالوں میں بہت تیزی سے بڑھی ہے، 2017 میں320 بچوں سےزیادتی رپورٹ ہوئی لیکن اصل اعدادوشماراس سےکہیں زیادہ ہے۔

    یوکرین پولیس کے سربراہ ویاچیسلیف ایبروسکین کا کہنا تھا کہ “گزشتہ دنوں صرف 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں 4 کم سن بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور یہ وہ کیس تھے جو والدین نے پولیس کو رپورٹ کیے، زیادہ تر لوگ مجرموں کے خوف اور شرمندگی کے ڈر سے واقعات رپورٹ ہی نہیں کرتے۔

  • ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 179 مسافر ہلاک

    ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 179 مسافر ہلاک

    تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس میں 179 مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سرکاری ٹی وی نے خبر دی ہے کہ تہران میں یوکرین کا مسافر طیارہ خمینی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے بعد ہی گر کر تباہ ہوا، حادثے کے شکار طیارے میں 179 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرین کے تباہ طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں، ریڈ کریسنٹ کا بھی کہنا ہے کہ تباہ شدہ طیارے میں کسی مسافر کے بچنے کا امکان نہیں، برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرین کے طیارے میں کریش کے وقت آگ لگ گئی تھی۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوکرین کا بوئنگ 737 مسافر طیارہ فنی خرابی کے باعث ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کے تباہ شدہ طیارے میں 147 ایرانی اور 32 غیر ملکی سوار تھے، طیارے میں آگ لگنے کی وجہ سے لاشیں خراب حالت میں ہیں۔ تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔