Tag: ukraine

  • یوکرین کی فوج نے روسی افواج سے لڑنے سے انکار کر دیا

    یوکرین کی فوج نے روسی افواج سے لڑنے سے انکار کر دیا

    ماسکو: یوکرین کے نیشنل گارڈ کی تین کمپنیوں نے ڈونیسک میں روسی افواج سے لڑنے کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

    روسی میڈیا نے یوکرین کی 15 ویں نیشنل گارڈ بریگیڈ کی دوسری بٹالین کے ایک فوجی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ یوکرین کے نیشنل گارڈ کی تین کمپنیوں نے ڈونیسک میں روسی افواج سے لڑنے کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی فوج میں شامل مرد سپاہیوں نے اپنے کمانڈروں کی قیادت میں ڈی پی آر کے یوکرینی زیر کنٹرول حصے میں واقع کراسنوآرمیسک کے قریب جنگی مشن انجام دینے سے انکار کیا۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھی یوکرین کی فوج کے چند کمانڈرز اور سپاہیوں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ یوکرین کے کچھ نئے فوجی دشمن پر گولی چلانے سے انکاری ہیں، اور کچھ فوجی ہتھیاروں کو درست کرنے یا بنیادی جنگی نقل و حمل کا ساتھ دینے کے لیے جدوجہد کرتے رہ جاتے ہیں، کچھ سپاہی تو اپنی پوسٹوں ہی سے ہٹ جاتے ہیں اور میدان جنگ کو یوں ہی چھوڑ دیتے ہیں۔

    ایک طرف جب کہ یوکرین روس کے کرسک کے علاقے میں گھستا چلا جا رہا ہے، اس کے فوجی ملک کے مشرقی محاذ پر اپنا علاقہ کھوتے جا رہے ہیں، فوجی کمانڈروں نے اس کی ذمہ داری ناقص تربیت یافتہ بھرتیوں پر ڈال دی ہے، اور کہا ہے کہ روس کو گولہ بارود اور فضائی طاقت میں واضح برتری بھی حاصل ہے۔

    یوکرین کی 47 ویں بریگیڈ میں ایک مایوس بٹالین کمانڈر نے کہا ’’کچھ سپاہی گولی چلانا ہی نہیں چاہتے، وہ خندقوں میں دشمن کو فائرنگ کی پوزیشن میں دیکھتے ہیں لیکن فائر نہیں کرتے، اسی لیے ہمارے جوان مر رہے ہیں، جب وہ ہتھیار استعمال ہی نہیں کرتے، تو وہ بے اثر ہو جاتے ہیں۔‘‘

    اے پی کا کہنا ہے کہ فوجی کمانڈروں اور دیگر فوجیوں نے حساس فوجی معاملات پر آزادانہ طور سے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کی، اور کہا کہ ان کی شناخت فوجی پروٹوکول کے مطابق صرف ’کال سائنز‘ سے کی جائے۔

  • یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کر دیا

    یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کر دیا

    ماسکو: روس نے اقوام متحدہ کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق روس نے ہفتے کے روز یوکرین پر کُرسک کے علاقے میں ایک جوہری پلانٹ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا ہے۔

    روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا نے کہا کہ یوکرین نے کرسک نیو کلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری شروع کر دی ہے، روس کی پارلیمنٹ ڈوما نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ یوکرینی فوج کو روس کے علاقے کُرسک میں ایٹمی پاور پلانٹ پر حملے سے باز رکھے، یوکرین نے اگر کارروائی کی تو یورپ بڑے پیمانے پر تباہی سے دوچار ہوگا۔

    واضح رہے کہ سرحدی علاقے کُرسک میں یوکرین اور روسی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے، صدر وولودیمیر زیلینسکی کا کہنا ہے کرسک میں ان کی پوزیشن مستحکم ہو رہی ہے، آرمی چیف نے بتایا کہ کرسک میں پیش قدمی جاری ہے، اور روس کے متعدد فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    روس میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    کیف نے روسی الزام کو ’’پاگل پن‘‘ پر مبنی پروپیگنڈا قرار دے کر اس کی تردید کر دی ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کیف کا نہ کوئی ایسا ارادہ ہے نہ ایسی صلاحیت۔ ڈرٹی بم کا استعمال ہو یا نیو کلیئر پلانٹ پر حملہ، یہ بس پاگل روسی پروپیگنڈا ہے۔ ادھر روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کرسک پاور پلانٹ پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا، یہ پاور پلانٹ تاحال روس کے کنٹرول میں ہے۔

  • یوکرین کا بڑا دعویٰ، کرسک حملے میں 1,000 مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا

    یوکرین کا بڑا دعویٰ، کرسک حملے میں 1,000 مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا

    کیف: یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کرسک حملے میں 1,000 مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔

    دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے اعلیٰ کمانڈر نے کہا ہے کہ ان کی افواج نے روس کے سرحدی علاقے کرسک کے ایک ہزار مربع کلومیٹر (386 مربع میل) علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے اس حملے کا ’ٹکر کا جواب‘ دیا جائے گا، انھوں نے اپنی فوجوں کو حکم دیا کہ وہ ’دشمن کو روسی علاقے سے نکال باہر کریں۔‘

    یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے مغربی روس میں 28 مقامات پر قبضہ کیا ہے، یوکرینی فوج کرسک میں ہزار اسکوائر کلومیٹر اندر تک داخل ہو گئے ہیں، دریں اثنا روسی فوج نے یوکرین کے 7 حملوں کو ناکام بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

    یوکرین کے اعلیٰ کمانڈر اولیکسینڈر سیرسکی نے ویڈیو لنک کے ذریعے صدر ویلودیمیر زیلنسکی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے سے جاری حیرت انگیز یوکرینی حملے کو پسپا کرنے کے لیے روس اب بھی جدوجہد کر رہا ہے، جب کہ یوکرینی فوج کی روسی علاقے میں پیش قدمی جاری ہے۔

    روسی علاقے کرسک کے قائم مقام علاقائی گورنر الیکسی سمرنوف نے کہا کہ کیف کی افواج نے تقریباً 12 کلومیٹر گہری اور 40 کلومیٹر چوڑی دراندازی میں 28 بستیوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے روس کو پہنچنے والے بڑے دھچکے کا پہلا عوامی اعتراف ہے۔ دوسری طرف روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں میں 200 سے زیادہ یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے اور 31 بکتربند گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔

  • جو بائیڈن نے یوکرین کو جدید اسٹریٹجک دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا

    جو بائیڈن نے یوکرین کو جدید اسٹریٹجک دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا

    واشنگٹن: جو بائیڈن نے روس کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین سے ایک اور بڑا وعدہ کر لیا، امریکا نے کیف کے لیے درجنوں نئے فضائی دفاعی نظام کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں نیٹو اجلاس میں روس کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو 5 نئے اسٹریٹجک فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا ہے۔

    صدر جو بائیڈن نے نیٹو اتحاد کو پہلے سے زیادہ طاقت ورقرار دیا اور کہا کہ امریکا جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور رومانیہ کے ساتھ مل کر یوکرین کی مدد کے لیے پیٹریاٹ میزائل، بیٹریاں اور دیگر نظام فراہم کرے گا۔

    ٹیلی پرامپٹر کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ آٹوکریٹ عالمی نظام کو الٹنا چاہتے ہیں، اور دہشت گرد گروہ شرارتی منصوبوں کی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہیں، دوسری طرف یورپ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین کو نقشے سے مٹانا چاہتے ہیں، لیکن واضح رہے کہ ہماری مکمل حمایت سے یوکرین روس کو روک سکتا ہے۔

    ’نیٹو نے یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی منتقلی شروع کر دی‘

    نیٹو کے چیف اسٹولٹن برگ نے بھی اجلاس میں کہا چین روس کو یوکرین پر حملہ کرنے کے لیے ہتھیار بنانے میں مدد کر رہا ہے۔

    ترجمان چینی دفتر خارجہ نے رد عمل میں کہا کہ نیٹو سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جنگی بیانات سے بھرا ہوا ہے، چین سے متعلق مواد اشتعال انگیزی پر مبنی اور جھوٹ ہے، یوکرین کے خلاف روس کی مدد نہیں کر رہے۔

  • یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، روس

    یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، روس

    ماسکو: روس نے یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام مسترد کر دیا، سفیر نے کہا کہ روس بچوں کے اسپتال پر حملے کی ذمہ داری سے انکار کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام مسترد کرتے ہوئے یو این سیکریٹری جنرل کی مذمت کو دُہرا معیار قرار دے دیا۔

    اقوامِ متحدہ میں روس کے مندوب واسِلے نبنزیا نے کہا کہ روس نے یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، انتونیو گوتریس نے کیف واقعے کی مذمت کی لیکن سیوستا پول حملے پر خاموش رہے۔

    یوکرین میں بچوں کا اسپتال بھی روسی میزائل حملے کی زد پر آ گیا

    روسی مندوب نے دعویٰ کیا کہ کیف میں چلڈرن اسپتال کو ناروے کے دیے گئے میزائل سسٹم سے نشانہ بنایا گیا ہے، اس لیے ناروے بتائے کہ اس نے یوکرینی فوج کو کیف میں بچوں کے اسپتال کو نشانے بنانے کی اجازت دی تھی؟

    روسی مندوب کے مطابق یوکرین میں حالیہ نقصان یوکرینی ایئر ڈیفنس سسٹم میزائل گرنے سے ہوا ہے۔ انھوں نے سلامتی کونسل کے سیشن کی صدارت کرتے ہوئے امریکا سمیت دیگر ممالک کی روس پر تنقید کو ’’زبانی جمناسٹک‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ یوکرین کی حکومت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ روس سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے اس سیشن کی صدارت کر رہا ہے، جب کہ اس نے بچوں کے اسپتال پر حملہ کیا، یہ کہتے ہوئے بھی میری ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی دوڑ جاتی ہے۔

  • یوکرین میں بچوں کا اسپتال بھی روسی میزائل حملے کی زد پر آ گیا

    یوکرین میں بچوں کا اسپتال بھی روسی میزائل حملے کی زد پر آ گیا

    کیف: یوکرین میں بچوں کا اسپتال بھی روسی میزائل حملے کی زد پر آ گیا۔

    یوکرینی حکام کے مطابق کیف میں بچوں کے ایک اسپتال کو روس کے ایک بڑے میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا، روسی میزائل بیرج نے یوکرین کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا تھا۔

    وزیر داخلہ ایہور کلیمنکوو کا کہنا ہے کہ یوکرین میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے 40 سے زیادہ میزائلوں کا نشانہ بننے والے پانچ شہروں میں کیف، دنیپرو، کریوی ریہ، سلوویانسک، کراماتورسک شامل ہیں۔

    روس کی جانب سے اس حملے کے سلسلے میں فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، روس کا اس بات پر اصرار رہا ہے کہ اس کی افواج سویلین انفرا اسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنائیں گی۔

    عینی شاہدین نے الجزیرہ کو بتایا کہ انھوں نے 4 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں، جن میں آج صبح وسطی کیف میں آرٹیوم ملٹری پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، یہ پلانٹ بچوں کے اسپتال سے تقریباً 1 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کو اپنے ہی لوگوں کو ختم کرنے والے ’ہانیبل پروٹوکول‘ کا حکم دیا

    یورپی کمشنر برائے کرائسز منیجمنٹ جینز لینارسک نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ روس نے جنگی قوانین کو پامال کر دیا ہے، بچوں کے اسپتال کو نشانہ بنانا ظلم سے بھی بڑھ کر عمل ہے، روس کو یوکرینی عوام کے خلاف ان جرائم کے لیے جواب دہ ہونا چاہیے۔

    ادھر یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ آج کے بڑے پیمانے پر کیے گئے میزائل حملوں کو دیکھتے ہوئے یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد کے لیے جلد کوئی فیصلہ کریں۔ انھوں نے ٹیلی گرام پر کہا ’’ہماری دفاعی صلاحیتیں ابھی بھی ناکافی ہیں، ہمیں مزید فضائی دفاعی نظام کی ضرورت ہے۔‘‘

  • یوکرین نے ڈرون کے ذریعے روس کا نایاب لڑاکا طیارہ تباہ کر دیا

    یوکرین نے ڈرون کے ذریعے روس کا نایاب لڑاکا طیارہ تباہ کر دیا

    کیف: یوکرین نے ڈرون کے ذریعے روس کا نایاب لڑاکا طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کی دفاعی انٹیلیجنس ایجنسی نے اتوار کے روز کہا ہے کہ یوکرینی افواج نے پہلی بار روس کے بالکل نئے اور نہایت جدید لڑاکا طیارے سخوئی ایس یو 57 کو تباہ کر دیا ہے۔

    یوکرین فوج نے ٹیلیگرام چینل پر ایک پوسٹ میں سیٹلائٹ کی تصاویر بھی جاری کیں، جن سے اس حملے کی تصدیق ہوتی ہے، روس کے اس جدید نسل کے لڑاکا طیارے کو روس کے اندر ایک ملٹری بیس پر ڈرون حملے میں تباہ کیا گیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس جنگی طیارے کو نیٹو نے ’سنگین جرم‘ کا نام دیا ہے، اسے یوکرینی ڈرون نے استراخان کے فوجی ایئربیس کے رن وے پر نشانہ بنایا۔ ٹیلیگرام پوسٹ میں لکھا گیا کہ تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ 7 جون کو Su-57 سلامت کھڑا تھا، لیکن 8 جون کو حملے کے بعد وہاں دھماکے سے گڑھا بنا اور آگ لگنے کے شواہد بھی نظر آ رہے ہیں۔

    یوکرین جنگ، پیوٹن نے فوج میں کرپشن پر پکڑ اچانک سخت کر دی

    واضح رہے کہ Su-57 ایک سپرسونک، جڑواں انجن والا، پانچویں نسل کا اسٹیلتھ لڑاکا جیٹ ہے۔ اسے امریکی فضائیہ کے F-22 Raptor جیسے مغربی اسٹیلتھ جیٹ طیاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کی تیاری 2002 میں شروع ہوئی، 2019 میں اس کی ایک آزمائشی پرواز اس وقت ناکام ہوئی جب طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، تاہم اگلے برس 2020 میں اس کا پہلا طیارہ حاصل کیا گیا، اور یہ Kh-59 اور Kh-69 کروز میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • امریکا نے یوکرین کو روس پر امریکی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا

    امریکا نے یوکرین کو روس پر امریکی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ نے یوکرین کو روس پر حملوں کے لیے امریکی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے دو سینئر عہدیداروں نے بدھ کے روز یوکرین کو روس کے اندر امریکی تباہ کن ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن روس پر حملے کے لیے یوکرین کو امریکی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی یوکرین کو روس پر حملوں کے لیے امریکی ہتھیار استعمال کرنے کا سگنل دے دیا ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کو اس بات کی تشویش ہے کہ آیا یوکرین روسی حملوں کو پسپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بھی یا نہیں۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا روس کو ٹیکنالوجی کی مبینہ فراہمی اور بیجنگ کے خلاف اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے۔ روئٹرز کا کہنا ہے کہ یوکرین نے اپنے اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کیف کو روس کے اندر حملوں کے لیے مغربی فراہم کردہ اسلحے کو استعمال کرنے کی اجازت دیں۔

  • پاکستان کس ملک کو ہتھیار دے گا اور کسے نہیں؟ یہ فیصلہ اسے خود کرنا ہے، مارگریٹ مکلاؤڈ

    پاکستان کس ملک کو ہتھیار دے گا اور کسے نہیں؟ یہ فیصلہ اسے خود کرنا ہے، مارگریٹ مکلاؤڈ

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی اردو زبان کی ترجمان نے ایک تبصرے میں کہا ہے کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی سپلائی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی اردو زبان کی ترجمان مارگریٹ مکلاؤڈ نے وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کس ملک کو ہتھیار دے گا اور کسے نہیں؟ یہ فیصلہ اسے خود کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا امریکا چاہتا ہے کہ دنیا روس کو ہتھیار فروخت نہ کرے جو وہ یوکرینی شہریوں پر برسا رہا ہے، امریکا کے نقطہ نظر سے دیکھیں گے تو ہم سمجھتے ہیں کہ یوکرین کی مدد کرنا اچھی بات ہے۔

    مارگریٹ نے کہا کہ روس اس وقت ایرانی اور شمالی کورین ہتھیار یوکرین کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

  • بیکری پر یوکرین کے حملے میں 20 افراد ہلاک

    بیکری پر یوکرین کے حملے میں 20 افراد ہلاک

    ماسکو: یوکرین کی فوج نے روس کے زیر تسلط علاقے لوہانسک پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق روس کی وزارت ہنگامی صورت حال نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز مشرقی یوکرین میں روسی زیر قبضہ علاقے لوہانسک کے شہر لائسیچانسک میں ایک بیکری والی عمارت پر یوکرین نے حملہ کیا، جس کے بعد ملبے سے 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    اس واقعے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ حملے میں یوکرین نے مغربی ممالک سے حاصل کیے گئے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ یوکرینی حکام نے اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا کہ حملے کے وقت عمارت میں درجنوں شہری موجود تھے، روس کے زیر کنٹرول لوہانسک انفارمیشن سینٹر نے کہا کہ یوکرین نے امریکی فراہم کردہ ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (HIMARS) کا استعمال کرتے ہوئے بیکری پر گولہ باری کی۔