Tag: ulama e karam

  • علماء کرام و مشائخ عوام کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے

    علماء کرام و مشائخ عوام کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علماء اور مشائخ سے عوام کو کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کردی، علماء کرام و مشائخ جمعہ کے روز عوام کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے صدرمملکت اور علماء و مشائخ کے مشاورتی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے دیگر تفصیلات بھی جاری کردیں۔

    مشاورتی اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس ایک وبائی مرض ہے، اس وبا کی روک تھام اور علاج صرف شریعت کا تقاضا ہی نہیں بلکہ حکم الٰہی بھی ہے۔

    کورونا وبا سے دنیا بھر میں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، ماہرین اس کی مستقل روک تھام کیلئے ویکسین لگوانے پر زور دے رہے ہیں، لہٰذا علماء کرام اور مشائخ بھی صحت کے ماہرین کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کے استعمال کی ترغیب علماء کرام اورمشائخ کے فرائض منصبی میں شامل ہے، ویکسین جس قدر زیادہ لگوانے کا اہتمام کیا جائے گا وبا کی روک تھام اور مؤثر ہوگی۔

    علماء و مشائخ نے پاکستان میں جو ویکسین رجسٹرڈ کی گئیں ہیں ان کے اجزاء ترکیبی پراطمینان کا اظہار کیا ہے، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ علماء کرام و مشائخ جمعہ کے روز عوام کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے۔

    اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ علماء اور مشائخ کورونا ایس ا وپیز کے نفاذ کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں، انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوائیں اور لوگوں کو بھی ترغیب دیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ علماء تیسری لہر کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو کورونا وائرس کی نئی قسم کی شدت کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علما، میڈیا اور سیاسی قیادت احتیاطی تدابیر پر عمل کے لئے آگاہی پیغامات جاری کریں، ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے دوران علمائے کرام کے تعاون اور اہم کردار ادا کرنے کی تعریف کی۔

  • سندھ کے 155 علماء اور ذاکرین کی نقل و حمل پر پابندی

    سندھ کے 155 علماء اور ذاکرین کی نقل و حمل پر پابندی

    کراچی : سندھ حکومت نے60 روز کیلئے 155 علماء اور ذاکرین کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی ہے، پابندی کا اطلاق یکم محرم سے ہوگیا ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی درخواست پرعلماء اور ذاکرین پر نقل و حمل ہر پابندی 60 روز کیلئے عائد کردی ہے،جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم محرم الحرام سے ہوگا ،اس پابندی کے تحت بین الصوبائی پابندی 24 علماء اور ذاکرین پر سندھ میں داخلے پر عائد کی گئی اس کے علاوہ 131 علماء و ذاکرین پر بین الاضلاع پابندی ہوگی ۔

    جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پانچ افراد کو فورتھ شیڈول اور انیس افرادکو ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔