Tag: Ultraviolet Light

  • جعلی ویزوں والے خبردار، آسٹریلوی پولیس سے ملنے والے جدید آلات کا استعمال شروع

    جعلی ویزوں والے خبردار، آسٹریلوی پولیس سے ملنے والے جدید آلات کا استعمال شروع

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے ایمیگریشن کو جدید آلات سے لیس کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بارڈر سیکیورٹی کو محفوظ بنانے، جعلی ویزے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے ایمیگریشن جدید ترین آلات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

    آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے ایف آئی اے ایمیگریشن کراچی کو 17 عدد جدید آلات کا تحفہ دیا گیا ہے، ایئرپورٹ پر میگنیفائر، الٹرا وائلٹ ریڈیئیشن لائٹ اور سیکیورٹی لیمنیٹ ویریفائر کے ذریعے پاسپورٹ اور ویزے کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    جدید آلات کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزے کے حامل مسافروں کی نشان دہی ممکن ہو سکے گی، ان آلات کے ساتھ انٹرنیشنل ڈپارچر اور ارائیول پر ایف آئی اے کے عملے نے کام شروع کر دیا ہے۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن محمد راشد بھٹی کے مطابق گزشتہ دنوں آسٹریلین فیڈرل پولیس کے دورہ کراچی کے موقع پر ایف آئی اے کو یہ جدید آلات بطور تحفہ دیے گئے تھے۔

  • بارہ سنگھے کی آنکھ وہ دیکھ سکتی ہے جو انسانی آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتی

    بارہ سنگھے کی آنکھ وہ دیکھ سکتی ہے جو انسانی آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتی

    بارہ سنگھا یورپ و امریکا کے میدانی و برفانی علاقوں میں رہنے والا ایسا جانور ہے جس میں چند ایسی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو کسی اور ممالیہ جاندار میں موجود نہیں ہوتیں۔

    اپنی ان خصوصیات کی وجہ سے بارہ سنگھا تمام ممالیہ جانوروں میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، آئیں دیکھتے ہیں وہ کیا خصوصیات ہیں۔

    برطانیہ کی بائیو ٹیکنالوجی اینڈ بائیولوجیکل سائنس ریسرچ کونسل (بی بی ایس آر سی) کی ایک تحقیق کے مطابق برفانی بارہ سنگھے تابکار شعاعیں دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بارہ سنگھے کے علاوہ کسی اور ممالیہ جانور حتیٰ کہ انسانی آنکھ بھی اس نوع کی نہیں ہوتی جن سے تابکار شعاعیں گزر سکیں۔

    ان شعاعوں کو دیکھنے کی وجہ سے بارہ سنگھے برف میں ان چیزوں کو دیکھ لیتے ہیں جو برف میں کیمو فلاج ہوجاتی ہیں، اس طرح سے انہیں اپنے شکاریوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

    اسی خصوصیت کی وجہ سے بارہ سنگھے بجلی کے پولز اور پاور لائنز سے بھی دور رہتے ہیں جن سے نکلتی شعاعیں وہ دیکھ لیتے ہیں۔

    تابکار شعاعیں دیکھ لینے کے باعث بارہ سنگھوں کی آنکھوں کا رنگ بھی ہر موسم میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

    برفانی علاقوں کی تاریک راتوں اور سرمئی دنوں میں، بارہ سنگھوں کی آنکھیں قدرتی طور پر نیلے رنگ کی ہوجاتی ہیں جس سے انہیں زیادہ اندھیرے میں دیکھنے میں مدد مل سکے۔

    اسی طرح موسم گرما کی چمکیلی دوپہروں میں چیزوں کو بہتر طور پر دیکھنے کے لیے علیحدہ قسم کی بینائی کی ضرورت ہے جس کے لیے بارہ سنگھوں کی آنکھیں ایک بار پھر اپنا رنگ تبدیل کر کے سنہری رنگ کی ہوجاتی ہیں۔

    دراصل ہر طرح کی روشنی کے لیے آنکھوں کی حساسیت کی سطح مختلف ہوتی ہے اور بارہ سنگھے کی آنکھیں اس سطح کے لیے قدرتی طور پر ایڈجسٹ ہوتی رہتی ہیں۔

    بارہ سنگھے کی آنکھوں کی یہ خصوصیات کسی اور ممالیہ جاندار میں نہیں پائی جاتی۔