Tag: Umar kot

  • آپ نے گھبرانا نہیں : مراد سعید کی چائے ڈھابے کے مالک کو تسلی

    آپ نے گھبرانا نہیں : مراد سعید کی چائے ڈھابے کے مالک کو تسلی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے انہیں چائے پلانے والے عمرکوٹ کے ایک ڈھابے والے کو دھمکیاں ملنے پر بذریعہ ٹیلی فون اس کی خیریت دریافت کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی والوں کا خوف بتا رہا ہے یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، ہر اٹھنے والی آواز کو دبانے کے لیے پولیس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر مراد سعید نے عمر کوٹ میں چائے کے ڈھابے کے مالک دلیپ مکھی کو ٹیلی فون کیا اور اس کی خیریت دریافت کی۔

    چند روز قبل وفاقی وزیر مراد سعید سندھ کے شہر عمر کوٹ جلسے کے بعد اس کے ڈھابے پر رکے تھے مراد سعید کے واپسی کے بعد سندھ انتظامیہ نے ڈھابے پر متعدد چھاپے مارے اور دلیپ مکھی دھمکیاں دیں۔اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

    وفاقی وزیر مراد سعید سے گفتگو کرتے ہوئے دلیپ مکھی نے انہیں بتایا کہ ڈھابا کافی وقت سے موجود ہے لیکن پہلے کبھی نوٹس نہیں آیا، انتظامیہ والے پہلی دفعہ یہاں آئے اور پارٹی جھنڈا اتارنے کا کہا۔

    مراد سعید نے دلیپ مکھی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے کسی قسم کی ٹینشن نہیں لینی اور گھبرانا نہیں ہے میں 29دسمبر کو سکھر اور 30کو لاڑکانہ آرہا ہوں، جس پر اس نے کہا کہ ہم ٹینشن لینے والے نہیں، بس پھر جب آئیں تو آپ کو چائے میرے ڈھابے پر ہی پینی ہے۔

    مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے حکمرانوں نے صوبے کی جو حالت کی ہے اس پر دل دکھی ہے، پینے کا پانی زہریلا ہے، صحت کی سہولت نہیں، اسکولوں میں گائے، بھیڑ بکریاں بندھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس زرداری کے بہادر بچے بن کر وردی میں موت بانٹ رہی ہے، یہاں گندم باقی پاکستان سے 350روپے مہنگی مل رہی ہے، ہر اٹھنے والی آواز کو دبانے کے لیے پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر مراد سعید کو چائے پلانے پر ڈھابے والا مشکل میں پڑ گیا

    مراد سعید نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کا خوف بتا رہا ہے یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، مرادعلی شاہ، زرداری کی کرپشن کے سہولت کار نہ بنیں بلکہ سندھ کے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ سندھ میں 10لاکھ روپےکےعلاج والے صحت کارڈ کے کیوں خلاف ہیں اشیائے خورو نوش کے لیے سبسڈی دینے پر تمام صوبے راضی ہیں لیکن سندھ حکومت اس کے خلاف کیوں ہے؟

     

  • صوبہ سندھ کی گمنام ملالہ، تعلیم کا فروغ ان کی زندگی کا مقصد ہے

    صوبہ سندھ کی گمنام ملالہ، تعلیم کا فروغ ان کی زندگی کا مقصد ہے

    لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے آپ نے ملالہ یوسف زئی کا نام تو سنا ہی ہوگا، لیکن آج ہم ایک اور ملالہ یوسف زئی سے آپ کو واقف کروائیں گے جو پاکستان کے صوبہ سندھ میں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔

    صوبہ سندھ کی ایک ٹانگ سے معذور سپر ٹیچر آنسو بائی کولہی کے پاس اس وقت تقریباً 500بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں انتہائی غریب گھرانوں کے بچے آس پاس کے دیگر گوٹھوں سے پڑھنے کیلئے پیدل آتے ہیں اور اکثر بچوں کے پاؤں میں چپل تک نہیں ہوتی۔

    آپ شاید ان لوگوں سے نہ ملے ہوں جو اپنے والدین کی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹوں کو خاطر میں نہیں لاتے اور مقصد کے حصول کیلئے آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔

    ایک ایسی ہی باہمت خاتون آنسو بائی کولہی ہیں جو عزم و استقامت کی بہترین مثال ہیں، آنسو کولہی انسانیت کی خدمت اور ضلع عمر کوٹ کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے اچھے مستقبل کیلئے نیک نیتی سے مصروف عمل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آنسو بائی کولہی نے بتایا کہ ان کے والد کی شدید خواہش تھی کہ میں ٹیچر بنوں، ایک ٹانگ سے معذوری اور لوگوں کے اعتراض کے باوجود انہوں نے مجھے تعلیم دلوائی۔

    انہوں نے بتایا کہ گریجویشن کرنے کے بعد میں نے نوکری کیلئے بھاگ دوڑ شروع کی لیکن علاقے کے کسی بھی بااثر شخص نے مجھ سے تعاون تک نہیں کیا، ایک ایم این کے پاس اپنی درخواست لے کر گئی تو اس نے مجھے سو روپے دے کر واپس بھیج دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ سال 2013 میں نے ایک چھوٹی سی جھونپڑی سے 5بچوں کو پڑھانا شروع کیا اور گھر گھر جاکر والدین کو کہتی تھی کہ بچوں کو میرے پاس پڑھنے بھیجیں۔ اسی طرح کچھ مہینوں میں 150بچے ہوگئے۔

    حالات کی ستم ظریفی دیکھئے کہ آنسو بائی کولہی کے پاس علاقے کے بااثر لوگ بھی آچکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ میرے ساتھ تصویریں تو بناتے ہیں لیکن کوئی بچوں کی تعلیم کیلئے تعاون تک نہیں کرتا صرف فوٹو سیشن کروا کر چلے جائے ہیں۔

    آنسو بائی کولہی نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ مجھے عمر کوٹ میں مڈل اسکول کیلئے دو کمروں کی ضرورت ہے اور بچے بہت دور دور سے آتے ہیں ان کے لیے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہوجائے تو بہت سہولت ہوجائے گی۔

  • لیڈر بننا ہے تو بلاول زرداری میری شاگردی میں آجائیں، عمران خان

    لیڈر بننا ہے تو بلاول زرداری میری شاگردی میں آجائیں، عمران خان

    عمر کوٹ : تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری لیڈر بننےکیلئے میری شاگردی میں آجائیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ سب سے زیادہ تبدیلی چاہتے ہیں، قومی اسمبلی میں ہندومیرج بل لانےکی کوشش کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار عمران خان نے عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کپتان نےسندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف نیا محاذ کھول دیا، چیئر مین پی ٹی آئی نے اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بلاول بیٹے ایسی تقریر نہ کرو، آپ کی قابلیت کیا ہے؟ کاغذ پر لکھ کر دینے سے لوگ لیڈر نہیں بن جاتے، بلاول بیٹے میرے پاس آﺅ آپ کو لیڈر بننا سیکھاﺅں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، سندھ کے عوام کیڑے نہیں اقبال کے شاہین بنیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وڈیرے مقامی لوگوں کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے پر خوفزدہ کریں گے لیکن سندھ کے عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا ہونا پڑے گا۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہرشخص کے اندر خوف ہوتا ہے، میرے اندر بھی خوف تھا لیکن میں نے اسے ختم کیا اور زندگی میں بہت اونچ نیچ دیکھی جب کہ 2 بار گرچکا ہوں اس لئے اب گرنے کا خوف نہیں اور اب ہار بھی مجھے نہیں ہرا سکتی،عمران کے پاس اربوں ڈالرنہیں صرف ایک بڑا خواب ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کیلئے نیا راستہ نکالنے جا رہا ہوں کیونکہ ظلم ختم کرناہے، اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو آپ کے بچے غلامی کریں گے۔

    انہوں نے کل کے جلسے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی جدوجہد اور جذبہ نظر آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ظالم لوگ شفاف انتخاب نہیں ہونے دیں گے اور کرسی نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ کرسی میں پیسہ ہے۔

  • عمر کوٹ : ٹرین پٹری سے اتر گئی، بیس مسافر زخمی

    عمر کوٹ : ٹرین پٹری سے اتر گئی، بیس مسافر زخمی

    عمر کوٹ : ٹرین پٹڑی سےاترگئی،جس کےنتیجےمیں بیس مسافر زخمی ہوگئے، مسافروں کو طبی امدادکےبعدراجن پورمنتقل کردیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور جا نے والی ٹرین عمر کوٹ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی اور ٹرین کی چار بوگیاں الٹ گئیں، جس کے نتیجہ میں بیس مسافر زخمی ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کے مطابق پٹڑی کمزور ہو نے کی وجہ سے ٹرین الٹی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہو ا۔

    تحقیقات کے لئے پولیس ریلوے عملے کے ساتھ موقع پر موجود ہے، مسافروں کو طبی امداد کے بعد بسوں کے ذریعے راجن پور منتقل کردیا گیا ہے۔