سعودی وزارت حج و عمرہ نے ”عمرہ پرمٹ“ سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 مئی سے 26 جون تک صرف ان عازمین کو عمرہ کے اجازت نامے دیے جائیں گے جن کے پاس حج کا پرمٹ موجود ہوگا۔
سعودی خبر رساں ادارے عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج کی جانب سے یہ ہدایات دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کی سہولت کے جاری کی گئی ہیں۔
وزارت حج کے مطابق اس اقدام کا مقصد حج کے دوران مکہ مکرمہ میں آئے ہوئے زائرین کی بہت زیادہ تعداد کے لیے بہتر انتظامات کرنا ہے، حج کے اجازت نامے کے بغیر عمرہ کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ جو افراد مکہ اور مقامات مقدسہ پر حج پرمٹ کے بغیر پائے گئے، ان پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حج کے ضوابط کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
رواں سال 14 سے 19 جون تک مناسک حج ادا کیے جائیں گے
یہ ضابطہ مملکت میں موجود سعودی رہائشیوں اور دیگر ممالک سے آنے والے تمام افراد پر لاگو ہوگا، خلاف ورزی کے مرتکب رہائشیوں کو ڈی پورٹ بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کا آئندہ مملکت میں داخلہ بھی بند کر دیا جائے گا۔