Tag: umrah-pilgrim

  • سعودی عرب: ہلال الاحمر نے عمرہ زائر کی زندگی بچالی

    سعودی عرب: ہلال الاحمر نے عمرہ زائر کی زندگی بچالی

    سعودی عرب میں ہلال الاحمر کی ٹیم نے بروقت طبی امداد مہیا کرکے مصر سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائر کی زندگی بچالی، عمرہ زائر طواف کے دوران سینے میں شدید تکلیف کے باعث بے ہوش ہو گیا تھا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں موجود ہلال الاحمر کے طبی یونٹ کو اطلاع ملی کہ ایک معمر عمرہ زائر طواف کے دوران فرش پر گر گیا ہے۔

    ہلال الاحمر کا امدادی یونٹ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گیا۔ زائر کا ابتدائی طبی معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے ہارٹ اٹیک آیا ہے، جس کے باعث اس کی سانس بند ہوگئی تھی، آکسیجن کی سپلائی رک جانے سے وہ بے ہوش ہوگیا۔

    ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے فوری طور پر اس مصنوعی نظام تنفس کے ذریعے اس کی سانس بحال کی جس سے حرکت قلب بھی بحال ہو گئی اور ایک قیمتی جان کو بچالیا گیا۔

    مریض کی حالت قدرے بہتر ہونے پر اسے ایمبولینس کے ذریعے مکہ مکرمہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

    اس سے قبل بھی سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے اجیاد ایمرجنسی ہسپتال کے طبی عملے نے فوری اور بر وقت علاج فراہم کرکے عمرہ زائر کی قیمتی زندگی بچائی تھی، عمرے کی ادائیگی کے دوران عمرہ زائر کی دل کی دھڑکن رک گئی تھی۔

    عمرہ زائر کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا۔ طبی عملے نے اسے اجیاد اسپتال منتقل کرکے فوری طبی امداد فراہم کی۔

    اسپتال کے عملے کی جانب سے عمرہ زائر کی دل کی دھڑکن کو بحال کرنے کے لیے الیکٹرک جھٹکے لگائے گئے اور بعد میں انھیں طبی دیکھ بھال اور علاج کے لیے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کر دیا گیا۔

    مسجد الحرام کے صحن میں خاتون عمرہ زائر کے ہاں بچے کی ولادت

    یہ امر قابل غور ہے کہ اجیاد ایمرجنسی ہسپتال نے 2023 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 596 افراد کو انتہائی نگہداشت کی سہولیات فراہم کیں۔

  • جدہ ایئرپورٹ کی صورت حال پر قومی ایئر لائن کا اہم اقدام

    جدہ ایئرپورٹ کی صورت حال پر قومی ایئر لائن کا اہم اقدام

    جدہ ایئر پورٹ پر غیر معمولی رش کے باعث مشکلات کے شکار پاکستانی زائرین کے لئے پی آئی آے نے اہم قدم اٹھالیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ جدہ میں موجود عہدیداران کا سعودی حکام سے مسلسل رابطہ ہے، پی آئی اے کے مقامی ٹیمیں ائیرپورٹ حکام کا تعاون حاصل کرکے پروازوں کی تاخیر کو کم از کم کرنے کے انتظامات کررہی ہیں اور سی ای او پی آئی اے صورتحال کی ذاتی حیثیت میں مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

    وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پاکستانی مسافروں کو کم از کم زحمت ہو، مہمانوں کو پیش آنے والی تاخیر کیلئے پیشگی معذرت خواہ ہیں تاہم ان کے تعاون کی بھی طلبگار ہیں۔

    فلائٹ آپریشن متاثر ہونے پر ایئرپورٹ حکام کا موقف تھا کہ رش ائیرپورٹ حکام کی جانب سے پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا، رش کی صورتحال کے باعث تمام بین الا قوامی ائیرلائنز کو مسافروں کی چیک ان میں مشکلات درپیش ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘جدہ ایئر پورٹ پر غیر معمولی رش کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

    حکام نے مزید بتایا کہ شمالی ٹرمینل پر صرف چار بورڈنگ گیٹ دستیاب ہیں اور پروازوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ آج شب کی پروازوں میں ممکنہ تاخیر متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سے عمرہ زائرین کی وطن واپسی کے نتیجے میں جدہ ائیرپورٹ کے نارتھ ٹرمینل پر غیر معمولی رش دیکھا جارہا ہے جس کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن طرح متاثر ہونے کے باعث پاکستان آنے والی پروازیں تین سے سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، جہازوں کی پارکنگ اور مسافروں کو جہاز تک پہنچانے کے لیے پل کی عدم دستیابی بھی تاخیر کی وجوہات میں شامل ہیں۔

  • عمرہ پر جانے والے مسافر کے احرام سے ایک کلو ہیروئن برآمد

    عمرہ پر جانے والے مسافر کے احرام سے ایک کلو ہیروئن برآمد

    لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرکے عمرہ پر جانے والے مسافر کے احرام سے ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی مسافر آصف محمود پی آئی اے کی ریاض جانے والی پرواز 725 سے عمرہ پر جا رہا تھا کہ اے این ایف نے لاہور ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے احرام سے ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    مسافر کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

    مسافر آصف محمود کا کہنا ہے کہ اسے فیصل آباد کے رہائشی شخص نے عمرہ پیکیج کے ساتھ ہیروئن دی۔

    یاد رہے رواں ماہ 3 جون کو کراچی ایئرپورٹ پر ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مسافر کے قبضے سے دو کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی تھی۔


    مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ ، جدہ جانے والے میاں بیوی کے قبضے سے دوکلو ہیروئن برآمد


    اس سے قبل میں کراچی ایئر پورٹ پر ہی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ جانے والے میاں بیوی کے قبضے سے ایک کلو نو سو چالیس گرام ہیروئن برآمد کرکے حراست میں لیا تھا۔

    ملزمان نے مذکورہ ہیروئن بچی کے دودھ کے ڈبے میں چھپا رکھی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔