Tag: Umrah Pilgrims

  • عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے خوش خبری

    عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے خوش خبری

    ریاض: عمرہ زائرین کو 3 ماہ تک سعودی عرب میں قیام کی سہولت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو تین مہینے تک مملکت میں قیام کی سہولت دے دی، مزید سہولت کے لیے اعتمرنا ایپ کی جگہ نُسک ایپ متعارف کرا دیا گیا۔

    سعودی وزیرِ حج شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تاشقند میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نُسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن عمرہ اور زیارت کا اجرا آسان بنا دیا گیا ہے۔

    پہلے عمرے ویزے کا دورانیہ ایک ماہ تھا لیکن اب دنیا کے کسی بھی ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین مہینے تک سعودی عرب میں قیام کی سہولت دی گئی ہے۔

    نُسک ایپ کے ذریعے عمرہ زائرین ویزے کے علاوہ سفر کے لیے تمام ضروری اشیا، پیکیجز، ہوٹلز اور ٹیکسی وغیرہ کی بکنگ بھی با آسانی کروا سکیں گے۔

  • ٹریول ایجنٹ عمرہ عازمین  کو کروڑوں روپے  کا چونا لگا کر عائب

    ٹریول ایجنٹ عمرہ عازمین کو کروڑوں روپے کا چونا لگا کر عائب

    لاہور : ٹریول ایجنٹ عمرہ عازمین کو کروڑوں چونا لگا کر فرار ہوگیا، متاثرہ افراد نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو تحریری درخواست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں ٹریول ایجنٹ 35 سے زائد عمرہ عازمین سے کروڑوں روپے بٹورکرغائب ہوگیا ، فراڈ کرنے والے مبینہ 3 ملزمان روپوش ہیں۔

    ملزمان دھرم پورہ مصطفی آباد کے قریب دفتر میں تالا لگا کر فرارہوئے، متاثرہ افراد نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو تحریری درخواست دے دی ہے۔

    خیال رہے کہ عمرے پر جانے والے خواہش مند افراد سے فراڈ کا یہ پہلا واقعہ نہیں، پہلے بھی درجنوں واقعات ہو چکے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی اس معاملے میں لمحہ فکریہ ہے۔

    یاد رہے 2017 میں کراچی میں عازمین حج کے ساتھ فراڈ کا ایک اور واقعہ منظرعام پر آیا تھا ، جہاں گلشن اقبال میں ٹریول ایجنسی کا مالک 150 سے زائد عازمین حج کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگیا تھا۔

  • عمرہ زائرین کیلیے اچھی خبر

    عمرہ زائرین کیلیے اچھی خبر

    سعودی حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کردی ہے اب 40 سال سے کم عمر مرد بغیر فیملی کے بعد عمرہ ادا کرسکیں گے۔

    سعودی حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی سفارتخانے نے عمرہ ادائیگی سے متعلق سرکلر جاری کیا ہے۔

    سعودی سفارتخانے کے جاری سرکلر کے مطابق اب 40 سال سے کم عمر مرد بغیر فیملی کے بھی عمرہ ادا کرسکیں گے۔

    No description available.

    سرکلر کے مطابق 45 سال سے کم عمر خواتین کے بغیر محرم عمرہ ادائیگی کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے اور اب 45 سال سے کم عمر خواتین محرم کے بغیر بھی عمرہ ادائیگی کیلیے حجاز مقدس جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے اس سے قبل ہر قسم کے انٹری ویزے رکھنے والے افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    اس کے لیے سعودی وزارت حج عمرہ نے عمرہ بکنگ کے لیے تین مراحل وضع کیے ہیں۔

    پہلا مملکت میں داخلے کا ویزا حاصل کرنا، دوسرا رجسٹریشن کے وقت اس کی معیاد کو یقینی بنانا اور تیسرا مرحلہ ایپلیکیشن پر اپائنٹمنٹ بک کرانا ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ بُک کرانا ہوگی۔ عمرہ اپائنٹمنٹ بکنگ کے زیادہ سے زیادہ چھ گھنٹے کے اندر سعودی عرب میں داخل ہونا لازمی ہوگا بصورت دیگر عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔

  • عمرے  پر آنیوالوں کیلئے سعودی حکومت کا اہم اعلان

    عمرے پر آنیوالوں کیلئے سعودی حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ پرآنیوالوں کی ویزہ مدت توسیع نہیں ہوگی اور حرم مکی الشریف میں نماز باجماعت یا عمرہ کیلئے آن لائن پرمٹ لازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ پرآنیوالوں کی ویزہ مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی، ویزے کی مدت 30 دن کی ہوتی ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف میں نمازباجماعت یاعمرہ کیلئےآن لائن پرمٹ لازم ہے، پرمٹ سعودی شہریوں اوریہاں رہنے والے غیرملکیوں کیلئےبھی ضروری ہے۔

    سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا کہ 2سال سے کم عمربچوں کو بھی حرم مکی الشریف میں لے کرجانا منع ہے جبکہ عمرہ پرمٹ کے بغیر مسجد الحرام میں داخلہ ممنوع ہے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے جاری کرانے والوں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    ادارے کا کہنا تھا کہ اگر زائرین اجازت نامے کی تاریخ میں کوئی ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو اس کا مقررہ وقت شروع ہونے سے پہلے کروا سکتے ہیں، اجازت نامے کا وقت شروع ہونے پر ترمیم نہیں کرائی جا سکتی۔

  • سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی بڑی مشکل آسان کردی

    سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی بڑی مشکل آسان کردی

    ریاض : وزارت حج و عمرہ نے مسجدالحرام کے زائرین اور عمرہ اجازت نامے حاصل کرنے والے افراد کی بڑی مشکل آسان کردی۔

    زائرین کی جانب سے یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ آیا حرم شٹل سروس کے ٹکٹ خریدنا ضروری ہیں اور اس کے بغیر اجازت نامہ مؤثر رہے گا یا نہیں؟

    اس حوالے سے مذکورہ وزارت نے اطمینان دلایا ہے کہ عمرہ اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حرم شٹل سروس کے ٹکٹ خریدنا ضروری نہیں، جس کا دل چاہے خریدے اور جو خریدنا نہ چاہتا ہو اس پر کوئی پابندی نہیں؟

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان جاری میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین کی جانب سے کثیر تعداد میں یہ سوال کیا جارہا ہے کہ آیا حرم شٹل سروس کے ٹکٹ خریدنا ضروری ہے یا اس کے بغیر ہی عمرہ، نماز اور طواف کے اجازت نامے موثر ہوں گے؟

    جس کے جواب میں وزارت حج و عمرہ نے توجہ دلائی کہ حرم شٹل سروس کے ٹکٹ دو طرح سے خریدے جاسکتے ہیں، ایک تو یہ کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے براہ راست ٹکٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ اعتمرنا ایپ پر "حجز خدمہ” (سروس کی بکنگ) والے خانے کو پش کیا جائے، پھر خدمات النقل (ٹرانسپورٹ سروسز) کا رخ کیا جائے۔

    اس کے بعد کدی یا جمرات بس اسٹینڈ کی نشاندہی کی جائے، اس کے بعد ٹکٹوں کی تعداد متعین کی جائے اور آخر میں ٹکٹوں کی قیمت ادا کردی جائے۔

    ٹکٹ حاصل کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ طواف، نماز یا عمرے کے لیے حرم شریف کا رخ کرنے والا کدی یا جمرات بس اسٹینڈ پہنچنے کے بعد اے ٹی ایم کارڈ یا کیش کی صورت میں اسٹینڈ پر موجود کاؤنٹر سے ٹکٹ حاصل کرلے۔

  • پابندی کا خاتمہ: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    پابندی کا خاتمہ: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    کرونا ویکسین کی دو خوراکیں‌ لگوانے والوں‌ کو طواف کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کی اجازت دینے کے بعد سعودی حکومت کے ایک اور احسن اقدام نے دل جیت لئے ہیں۔

    پچاس سال سے زائد عمرہ عازمین کی دلی مراد برآئیں، سعودی عرب نے50سال سےزائد عمرہ عازمین پرپابندی اٹھالی ہے۔

    سعودی عرب کے اخبار روزنامے ’عکاظ‘ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد کی پابندی ختم کیے جانے کے بعد بیرون مملکت سے معمر افراد بھی عمرہ کے لیے آسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج اور عمرہ زائرین کیلئے ویزے کا حصول ہوا اب اور بھی آسان

    اخبار کےمطابق وزارت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے زیادہ سے زیادہ 50 برس عمر کی شرط عائد کی گئی تھی جبکہ کم سے کم 18 برس تھی۔

    وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے احکامات کی رو سے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد ختم کردی گئی ہے جبکہ کم از کم عمر کی حد برقرار ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا کہ 12سال عمر سےبڑے افراد بھی اب عمرہ کرسکیں گے، زائرین سفر سے پہلےکرونا ویکسین لگائیں گے۔

  • بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نئے قواعد

    بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نئے قواعد

    سعودی عرب وزارت حج و عمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی عمر کی حد کا تعین کردیا ہے۔

    عربی روزنامہ ’عکاظ‘ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے صرف 18 تا 50 برس عمر تک کے زائرین ہی کو عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے پرمٹ جاری ہوں گے-

    وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ وہ زائرین جو بیرون مملکت سے عمرہ ویزہ حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ اپنے ملک میں لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی سے رابطہ کریں جو لازمی طور پر کسی سعودی عمرہ کمپنی کے ساتھ منسلک ہو۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی کہ عمرہ زائرین سفر سے قبل سعودی عرب میں منظور شدہ کرونا ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں حاصل کرلیں اور سعودی وزارت خارجہ کے پلیٹ فارم سے آن لائن عمرہ ویزہ کے اجرا کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کریں۔

    یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے حال ہی میں بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کے حوالے سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کی سہولت کا اعلان کیا تھا۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق باہر سے آنے والے زائرین قدوم پلیٹ فارم پر اندراج اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد عمرہ، زیارت نیز مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز کے اجازت نامے جاری کراسکتے ہیں۔

    واضح رہے اندرون ملک سے عمرہ زائرین کی بابت وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی پرمٹ کے بغیر نہ تو عمرہ کرسکتا ہے اور نہ ہی مسجد الحرام میں نماز کے لیے جاسکتا ہے، حرم شریف میں بچوں کو بھی لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    بچوں کو حرم شریف کے صحنوں میں بھی نماز کے لیے نہیں لے جایا جاسکتا البتہ 12 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد عمرہ اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔

  • عمرے پر جانے کے خواہشمند  پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    عمرے پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    ریاض : سعودی نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کی تاریخ کااعلان جلد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، جس میں بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کا جائزہ لیا گیا۔

    سعودی نائب وزیر حج وعمرہ نے کہا کہ ریاض بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کی تاریخ کااعلان جلدمتوقع ہے۔

    یاد رہے سعودی عرب نے غیر ملکی زائرین کے لیے عمرہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم محرم الحرام 1443 ہجری سے غیر ملکی عازمین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ زائرین ایس او پیزکے تحت سعودی عرب پہنچیں گے، جس کے لیے سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہوگا۔

    خیال رہے وزارتِ حج و عمرہ نے درخواست دینے کے طریقہ کار کے حوالے سے ابھی وضاحت نہیں کی، اس حوالے سے جلد طریقہ کار کا اعلان کیا جائے گا۔

    واضح رہے حال ہی میں 60 ہزار عازمین نے فریضہ مقدسہ ادا کیا، اس دوران کرونا کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

  • عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    یو اے ای : عمان ایئرلائن نے گیارہ اگست 2021 سے جدہ کے لیے عمرہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

    یواے ای میڈیا کے مطابق عمانی ایئرلائن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ عمرے کے لیے گیارہ اگست سے جدہ کے لیے پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

    ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر عمرہ زائر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی ہوں گے،  سرٹیفکیٹ میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک سفر سے 14 روز قبل لی جاچکی ہے۔

    یاد رہے کہ داخلی عازمین کے لیے عمرہ موسم کا آغاز گزشتہ اتوار سے ہوچکا ہے۔ اس سال حج موسم کی کامیابی کے بعد عمرہ کا نیا موسم شروع کیا گیا ہے۔ تمام حجاج کورونا وائرس سے محفوظ رہے ہیں۔

    سعودی وزارت سیاحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ویکسین لگوانے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

  • مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں عمرہ زائرین کےاستقبال کی تیاریاں شروع کردی گئیں، مکہ میں 2 لاکھ اورمدینہ میں 70ہزار کمرے عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کےہوٹلوں میں عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں جاری ہے ، حج و عمرہ و زیارت قومی کمیٹی رکن ہانی العمیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکہ میں 2 لاکھ اورمدینہ میں 70ہزارکمرےعمرہ زائرین کے لیے مختص کردیئے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کہ ہوٹل،ٹاورزصفائی ضوابط کی مکمل پابندی رکھیں گے اور ہوٹل میں عمرہ زائرین کے ہرگروپ کے استقبال کےلیےملازم تعینات ہو جبکہ مشکوک مسافروں کو الگ ٹھہرانے کےلیےالگ کمرے ہوں۔

    قومی کمیٹی رکن نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی کمرے میں 2 سے زیادہ افراد نہ ہوں۔

    یاد رہے سعودی عرب نے غیر ملکی زائرین کے لیے عمرہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم محرم الحرام 1443 ہجری سے غیر ملکی عازمین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ زائرین ایس او پیزکے تحت سعودی عرب پہنچیں گے، جس کے لیے سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہوگا۔

    خیال رہے وزارتِ حج و عمرہ نے درخواست دینے کے طریقہ کار کے حوالے سے ابھی وضاحت نہیں کی، اس حوالے سے جلد طریقہ کار کا اعلان کیا جائے گا۔