Tag: Umrah Season

  • کون سے 3 مہینے عمرہ سیزن کے لئے مصروف ترین ہیں؟

    کون سے 3 مہینے عمرہ سیزن کے لئے مصروف ترین ہیں؟

    سعودی حج و عمرہ و زیارت کی قومی کمپنی کے رکن سعید باحشوان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’تین ماہ (رجب، شعبان اور رمضان) میں عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ تینوں مہینے عمرہ سیزن کے حوالے سے بہت مصروف ہوتے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعید باحشوان کا کہنا تھا کہ ’270 عمرہ کمپنیاں اور ادارے زائرین کی آمد سے ان کی وطن واپسی تک سروسز فراہم کر رہی ہیں۔‘

    سعید باحشوان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ زائرین کو مقدس شہروں میں ہر ممکن بہتر سہولت فراہم کی جائے، اس کی نگرانی وزارت حج و عمرہ کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں کے ہوٹل زائرین کی غیرمعمولی تعداد کی آمد پر زیادہ مصروف ہوں گے۔ عمرہ کمپنیاں اور ادارے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی منفرد میزبانی کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔

    عمرہ زائرین اپنے پیاروں کے لیے اس سال بھی بڑی تعداد میں تحائف خریدیں گے، علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ، ریستورانوں، شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں گہما گہمی رہے گی۔

    سعودی عرب: شاہی فرمان کے ذریعے خوشخبری سنا دی گئی

    انہوں نے کہا کہ پاکستان، انڈیا، انڈونیشیا، ترکیہ، لیبیا، ازبکستان، مصر، تیونس، الجزائر، ملائیشیا اور دیگر ملکوں سے زائرین عمرہ ادا کرنے اور اپنی زندگی کے انمول روحانی لمحات حرمین شریفین میں گزارنے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔

  • عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ایئر مارشل ارشد ملک

    عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ایئر مارشل ارشد ملک

    لاہور : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ادارے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن کے بعد عمرہ سیزن کیلئے اپنی تیاریاں شروع کردیں۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پی آئی اے بکنگ آفس اور دیگر دفاتر میں کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہیں مارکیٹنگ اور کارگو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ رواں عمرہ سیزن میں زائرین کیلئے پروازوں میں اضافہ کیاجائے گا، اس سال پی آئی اے کے بیڑے میں مزید دو طیاروں کی شمولیت کے بعد منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ریونیو میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے اور مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مسافروں کا پی آئی اے پر اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔

    علاوہ ازیں ایئر مارشل ارشد ملک نے کارگو کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، انہوں نے کارگو کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا۔ سی ای او پی آئی اے نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو چیک ان سے لے کر بورڈنگ تک رہنمائی فراہم کی جائے۔

    انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اس کے علاوہ کیٹرنگ کے دورے کے دوران انہوں نے پروازوں میں کھانے کے معیار اور مسافروں کے پسندیدہ مشروبات فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ لاہور اسٹیشن کی کارکردگی اطمینان بخش ہے، ملازمین کی ترقیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔

  • عمرہ ویزہ کی خلاف ورزی پرجیل اورجرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا

    عمرہ ویزہ کی خلاف ورزی پرجیل اورجرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا

    ریاض: سعودی حکام نے عمرہ کے ویزے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے قید اور جرمانے کا اعلان کردیا، سزائیں سعودی شہریوں اور تارکینِ وطن دونوں پر نافذ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر برائے پبلک اموربریگیڈئر جنرل محمد بن عبد العزیز السعد نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمرے کے ویزے کی خلاف ورزی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویزے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ملازمت پر رکھنا، انہیں پناہ دینا ، ٹرانسپورٹ فراہم کرنا اور چھپانا یہ وہ جرائم ہیں جن پر سزائیں دی جائیں گی اور یہ سزائیں سعودی شہریوں اور یہاں مقیم تارکینِ وطن دونوں پر یکساں نافذ ہوں گی۔

    یہ اعلان عمرہ سیزن کے آغاز پر آگاہی مہم کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ یہ آگاہی مہم دسمبر کی دو تاریخ سے جون 2019 تک جاری رہے گی۔

    محمد بن عبد العزیز نے مزید کہا کہ تارکین وطن اگر عمرہ کے ویزے کی خلاف ورزی کریں گے تو انہیں جرمانے کی ادائیگی اور سزا مکمل کرنے کے بعد ان کے ملک ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    عمرہ سیزن کی تیاری کے سلسلے میں ’جوازات‘ ( محکمہ پاسپورٹ) نے بین الاقوامی انٹری پوائنٹس پر اپنے دفتر قائم کردیے ہیں جو کہ زائرین کو مملکت کے قوانین سے آگاہی فراہم کریں گے۔ ان پوائنٹس پر اعلیٰ تربیت یافتہ عملہ اور آلات رکھے گئے ہیں جو کہ جعلی سفری دستاویزات اور جعلی فوٹوز کی پڑتال کیا کریں گے ۔