Tag: Umrah

  • بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزے اور پابندیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو آن لائن ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

    حکام کے مطابق آن لائن عمرہ ویزا میڈیکل انشورنس ہولڈر کو دیا جائے گا، انشورنس اسکیم میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہونا ضروری ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے عمرے کے حوالے سے بعض پابندیاں ختم کی ہیں، مملکت آنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے۔

    عمرہ اور زیارت کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کا حصول اب ضروری نہیں رہا۔

    بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ اجازت نامہ اسی صورت میں جاری ہوتا تھا جب وہ ویکسین ریکارڈ کا اندراج کروائیں، تاہم اب یہ پابندی بھی نہیں رہی۔

  • سعودی عرب: عمروں کی تعداد کے حوالے سے نیا حکم جاری

    سعودی عرب: عمروں کی تعداد کے حوالے سے نیا حکم جاری

    ریاض: بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے عمرہ کی تکرار پر پابندی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آئے عازمین دورے کے دوران 3 بار عمرہ کر سکیں گے۔

    سعودی حکام نے کہا ہے کہ عمرہ کی تکرار یا 10 دن کے وقفے سے کم عمرے پر پابندی لگانے کا حالیہ فیصلہ بیرون ملک مقیم مسلمانوں پر بھی لاگو ہوتا ہے، کیوں کہ مملکت کو کووِڈ 19 کے انفیکشنز میں اضافے کا سامنا ہے۔

    سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلئے خاص ہدایات جاری

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عازمین 30 روز مملکت میں قیام کر سکتے ہیں، اور اس دوران 3 بار عمرہ کر سکیں گے، بیرون ملک سے آئے عازمین 10 دن وقفے سے عمرہ کر سکتے ہیں، اور 12 سال سے زائد عمر کے افراد عمرے کے لیے آ سکتے ہیں۔

    سعودی اخبار عکاظ کی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو 30 دن قیام کے دوران کچھ شرائط پوری کرنی ہوں گی، آنے والے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کی عمر 12 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے اور ہیلتھ ایپ توکلنا پر حفاظتی ٹیکوں کا اسٹیٹس دکھانا پڑے گا۔

  • بغیر اجازت نامہ عمرہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    بغیر اجازت نامہ عمرہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    ریاض: سعودی حکام نے بغیر اجازت عمرہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کردیے، حکام کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکوں کے بغیر اجازت نامے نہیں ملیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پبلک سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے حرم شریف میں داخل ہونے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، بغیر اجازت نامہ عمرہ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ عمرہ، نماز اور زیارت کی تدریجی بحالی کے بعد سے اب تک ایک کروڑ زائرین کو حاضری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ نئے اسلامی آغاز سے مختلف ملکوں کے زائرین کو 12 ہزار سے زائد عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔

    سعودی حکام کے مطابق اس وقت ہر روز 8 شفٹوں میں 70 ہزار عمرہ زائرین کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عمرہ، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے خواہش مند ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائیں، اس کے بغیر اجازت نامے نہیں ملیں گے۔

  • سعودی عرب: سیاحتی ویزے پر جانے والوں کے لیے بڑی خوش خبری

    سعودی عرب: سیاحتی ویزے پر جانے والوں کے لیے بڑی خوش خبری

    ریاض: سیاحتی ویزے پر سعودی عرب جانے والوں کو بڑی خوش خبری مل گئی ہے، سیاح اب عمرہ بھی کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آنے والے عمرہ بھی کر سکیں گے، سیاحتی ویزا اجرا کے لیے ویب سائٹ پر سیاحت، عمرہ پروگراموں کی بھی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

    سعودی حکام کے مطابق کرونا وبا کے ڈیڑھ سال بعد 49 ممالک کے لیے سیاحتی ویزے کھول دیے گئے ہیں، ویزے کی تمام کارروائی آن لائن کی جائےگی، ای سیاحتی ویزہ ملٹی پل اور ایک سال کے لیے مؤثر ہوگا۔

    سعودی عرب کا 49 ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزہ دینے کا فیصلہ

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے تحت ایک بار آنے پر سیاح 90 دن سعودی عرب میں گزار سکیں گے، سعودی عرب آنے والے سیاحوں کو کرونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔

    حکام کے مطابق سیاحوں کے لیے ضروری ہے کہ منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز لی جا چکی ہوں، اور پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے پر ہی ای سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا۔

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

    ریاض : سعودی عرب نے اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو بیان میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائیگی کی اجازت کی آرزو اور نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے۔

    ضروری حفاظتی پابندی کے ساتھ عمرہ اور زیارت کی جاسکے گی اور یہ اجازت مرحلہ وار ہوگی۔ عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت چار مرحلوں میں تدریجی طور پر دی جائے گی۔

    پہلا مرحلہ اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے میں اندرون ملک سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ روزانہ چھ ہزارعمرہ زائرین کو مسجد الحرام جانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس موقع پر حفظان صحت کی تدابیر کی پابندی کرائی جائے گی۔

    دوسرے مرحلے کی شروعات 18 اکتوبر 2020 یکم ربیع الاول 1442ھ سے ہوگی۔ اس کے تحت سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 15 ہزارعمرہ زائر اور چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔ اس موقع پر حفاظتی تدابیر کا اہتمام ہوگا۔

    علاوہ ازیں مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔ تیسرے مرحلے کی شروعات یکم نومبر 2020 پندرہ ربیع الاول سے ہوگی۔ اس دوران سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔

    اس کا سلسلہ کورونا وبا کے خاتمے یا اس کا خطرہ ختم ہوجانے کے رسمی اعلان تک چلے گا۔ اس کے تحت روزانہ 20 ہزار زائر عمرہ کرسکیں گے اور 60 ہزار کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع مہیا ہوگا۔ اسی تناسب سے مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے گی۔

    بیرون مملکت سے عمرہ اور زیارت کی اجازت تدریجی طور پر دی جائے گی۔ ایسے ملکوں کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کیے جائیں گے جن کی بابت وزارت صحت یہ فیصلہ دے گی کہ وہاں کورونا کی وبا کے حوالے سے صحت کے لیے خطرات ختم ہوگئے ہیں۔

    چوتھے مرحلے کے تحت سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت کے لوگوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی۔ یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہوجانے کا فیصلہ کرلیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے عمرہ، زیارت اور نماز کے عمل کو منظم کرے گی۔ اس حوالے سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کے مقرر کردہ صحت ضوابط اور پیمانے نافذ کیے جائیں گے۔

    وزارت داخلہ نے عمرہ، نماز اور زیارت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ صحت ضوابط کے تحت ماسک، سماجی فاصلے اور اشیا کو نہ چھونے کا اہتمام کریں۔

    وزارت داخلہ کے عہدیدار نے مزید کہا کہ سعودی عرب اندرون و بیرون مملکت سے زائرین کو عمرہ زیارت اور نماز کی محفوظ ادائیگی کی خواہاں اور کوشاں ہے۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تمام عبادتیں صحت خطرات سے پاک ماحول میں انجام دی جائیں۔

    وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس اعلامیے میں جن چار مراحل کا اعلان کیا گیا ہے ان کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ وبا کی تازہ صورتحال کے حوالے سے فیصلوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج کی کامیابی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔

    ڈاکٹر شریف کا کہنا ہے کہ ہر برس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوؤں پر غور کر کے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کے لیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔

    جدہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کا کہنا ہے کہ مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم کی گئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ حجاج کی آمد سے لے کر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔

    اس سال محدود حج آپریشن کے تمام انتظامات مثالی رہے جن کے تحت عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلے پر وزارت صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے حجاج کی صحت اور دیگر امور کی نگرانی کی جاتی رہی۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کسی حاجی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

  • پاکستانی عمرہ زائرین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    پاکستانی عمرہ زائرین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    ریاض: عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی یا پھر کررہے ہیں جن میں پاکستانی عمرہ زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ زائرین کے اعداد وشمار جاری کرنے والے ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک 29 لاکھ 13 ہزار 170 ویزے جاری ہوئے اور 25 لاکھ کے قریب زائرین سعودی عرب پہنچے، جن میں پاکستانی عمرہ زائرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد میں سے پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 6 لاکھ ایک ہزار 880 تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث پاکستان سرفہرست آچکا ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے بعد زیادہ تعداد میں عمرہ کرنے والوں کا تعلق انڈونیشیا سے ہے، جن کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 894 ہے۔ تیسرے نمبر پر انڈین، چوتھے نمبر پر مصری اور پانچویں نمبر پر ملائیشین ہیں۔

    مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    خیال رہے کہ یہ تعداد عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر جمعہ 17 جنوری تک کے ہیں۔

    واضح رہے کہ مسلمانوں کی عبادات میں سے عمرہ اور حج کو بڑی فضیلت حاصل ہے، اسی لیے دنیا بھر سے مسلمان سعودی عرب کا دورہ کرتے اور روضہ رسول ص پر حاضری دیتے ہیں اور عمرے کے فرائض انتہائی ادب واحترام اور مذہبی عقیدت سے ادا کرتے ہیں۔

  • مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    مسجد نبویﷺ میں دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچ گئیں

    مدینہ: مسجد نبویﷺ میں طبی عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو پاکستانی عمرہ زائرین کی زندگیاں بچالیں۔

    تفصیلات کے مطابق مدینے میں پاکستانی عمرہ زائرین کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بے حوش ہوگئے۔ مسجدنبوی میں قائم ہنگامی طبی مرکز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں پاکستانیوں کو موت سے بچا لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طبی مرکز میں پہلے 65 سالہ خاتون عمرہ زائر کو لاگیا جن کی نبص بند اور حرکت قلب بھی ساکت کی۔ عملے نے مصنوعی طریقے سی پی آر کے ذریعے مریضہ کی سانس بحال کی۔

    بعد ازاں ہنگامی طبی مرکز میں ایک اور پاکستانی عمرہ زائر کو لایا گیا جن کی عمر 75 برس تھی وہ بے ہوش تھے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے فوری چیک اپ سے پتا چلا مریض بھی دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی حرکت قلب بھی بند ہوگئی ہے۔ تاہم عملے نے طبی امداد فراہم کی اور پاکستانی کی جان بچائی۔

    خیال رہے کہ سی آر پی ٹیکنیک میں مریض کے سینے پر مخصوص انداز میں ہاتھ رکھ کر دبایا جاتا ہے اسی دوران انکا سر اٹھا کر انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دی جاتی ہے۔ مدینے میں قائم یہ مرکز 24 گھنٹے سروس فراہم کرتا ہے۔

  • احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    کراچی: معروف اداکار احسن خان نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی، اس موقع پر انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ پاکستان کے لیے بھی دعائیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق احسن خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو عمرہ کرنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے نئے سال کا آغاز درست راستے سے کرنا چاہتے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ان کی اہلیہ مسجد نبوی ﷺ کے دروازے کے سامنے کھڑے ہیں۔ احسن خان نے لکھا کہ شکریہ میرے رب آپ نے اس ناچیز کو یہ سلام پیش کرنے کا موقع دیا۔

    ایک اور تصویر کے ساتھ، جس کے پس منظر میں خانہ کعبہ موجود ہے، انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اپنے ملک، اپنے مداحوں اور دوستوں و خاندان کے لیے بے شمار دعائیں کی۔

    خیال رہے کہ احسن خان کے علاوہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے بھی عمرے کی بابرکت سعادت کے ساتھ اپنے نئے سال کا آغاز کیا تھا۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔