Tag: UN Secretary-General

  • امن کی اپیل کی باوجود ایران پر حملہ کیا گیا، انتونیو گوتریس

    امن کی اپیل کی باوجود ایران پر حملہ کیا گیا، انتونیو گوتریس

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ 2 دن پہلے اپیل کی تھی کہ امن کو موقع دیں اس کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا۔

    ایران پر حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ 2دن پہلے اپیل کی تھی کہ امن کو موقع دیں لیکن میری امن کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ امن کو موقع دینے کی بجائے ایران میں جوہری تنصیبات پر حملہ کیا گیا، اس خطے کے شہری مزید تباہی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لڑائی کوروک کر جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات شروع کریں، سفارت کاری کو موقع دیں اور شہریوں کی حفاظت کریں، سمندری راستوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ ایران کی مختاری اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ امن کی ہر کوشش کی حمایت کرے گی، ہم امن کی کوششوں میں ہار نہیں مانیں گے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پرہو رہاہے، پاکستان، چین اور روس نے ایران کی درخواست کی حمایت کر رکھی ہے۔

     

  • اقوام متحدہ کی اسرائیل ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کی اپیل

    اقوام متحدہ کی اسرائیل ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کی اپیل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ہے، فوری طور پر ایران اسرائیل کشیدگی کم کی جائے اور جنگ بندی کی جائے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ عسکری کارروائیاں خطے اور دنیا بھر کے لیے تباہ کن ہوسکتی ہیں، سویلین ہلاکتیں، زخمی اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی قابل مذمت ہے۔

    ایران کے ایٹمی پروگرام اور علاقائی تحفظ کے مسائل کا حل صرف سفارت کاری ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

    medical workers

    علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے اسرائیل سے امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر جان لیوا حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اسرائیلی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی قافلوں اور خوراک کی تقسیم کے مراکز کے قریب مہلک طاقت کے استعمال کو فوری طور پر روکے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی فوج نے امداد کے انتظار میں کھڑے درجنوں فلسطینیوں کو گولیوں سے بھون دیا

    جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں خوراک لینے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بار بار ہورہے ہیں، خان یونس میں خوراک کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ سے 70شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

  • اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں قیدیوں اور یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے، سیکڑوں امدادی ٹرک صلاح الدین اسٹریٹ کے راستے جنوبی غزہ پٹی میں داخل ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب حماس رہنما ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا جنگ بندی معاہدے کے بعد نیا دور شروع ہوگا۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب نے قطر، مصر اور امریکی ثالثی کی تعریف کی اور کہا غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کیلئے معاہدہ پر عمل درآمد کیا جائے، اسرائیلی فورسز کی مکمل واپسی کیلئے معاہدہ پر ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔

    غزہ میں جنگ بندی کب سے نافذ العمل ہوگی؟ قطری وزیراعظم نے بتا دیا

    ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا امید ہے کہ یہ معاہدہ خطے اور پوری انسانیت کے لیے فائدہ مند ہوگا، اور یہ دیرپا امن اور استحکام کا راستہ کھولے گا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کا بالآخر معاہدہ ہوگیا، 15 ماہ ایک ہفتے تک جاری جنگ میں غزہ پر 85 ہزار ٹن بارود برسایا گیا۔

    بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدہ کروانے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششیں کامیاب ہوگئی ہیں۔

    وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے کہا کہ جنگ بندی کا اطلاق 19 جنوری سے ہوگا، حماس اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مراحل پر عمل درآمد کے حوالے سے کام جاری ہے۔

  • اقوام متحدہ کے بے بس سیکریٹری جنرل نے اپنا مطالبہ پھر دہرا دیا

    اقوام متحدہ کے بے بس سیکریٹری جنرل نے اپنا مطالبہ پھر دہرا دیا

    اقوام متحدہ کے بے بس سیکریٹری جنرل نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی سے متعلق اپنا مطالبہ پھر دہرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

    انھوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں صورت حال ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ بدتر ہوتی جا رہی ہے، اور ہر فضائی اور راکٹ حملہ کشیدگی بڑھا رہا ہے، جس سے لاکھوں شہریوں کے لیے مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ فوری جنگ بندی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے ویڈیو پیغام میں گوتریس نے کہا کہ ہم غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ نہ چھوڑ سکتے ہیں نہ چھوڑیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ’’یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے، اور ان لوگوں کو زندگی بچانے والی امداد فوری پہنچائی جائے جنھیں اشد ضرورت ہے۔‘‘

    سیکریٹری جنرل نے فلسطین کے مسئلے کے لیے دو ریاستی حل پر زور دیا، اور کہا کہ اس خطے کے تمام لوگوں کا امن سے رہنے کا حق ہے۔

    لبنان: اقوام متحدہ کی امن فورس کو بھی اسرائیلی فوج سے خطرات لاحق

    واضح رہے کہ غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری بدستور جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 5 بچوں سمیت 25 فلسطینی شہید ہو گئے، شجاعیہ کے قریب گھر پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید ہوئے، نصیرات اور البریج کیمپ پر بمباری میں 8 فلسطینی جان سے گئے۔

    اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات بھی بیروت پر بمباری کی، اور رہائشی عمارتوں کونشانہ بنایا، لبنانی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 36 افراد شہید جب کہ 150 زخمی ہوئے۔ لبنان کے سرحدی علاقوں پر کشیدگی برقرار ہے، اور لڑائی جاری ہے، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، اسرائیل کے تین فوجی شدید زخمی ہوئے۔

  • سیکریٹری جنرل پر اسرائیلی پابندی، اقوام متحدہ کا رد عمل سامنے آ گیا

    سیکریٹری جنرل پر اسرائیلی پابندی، اقوام متحدہ کا رد عمل سامنے آ گیا

    اقوام متحدہ نے یو این سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر اسرائیل کی جانب سے سفری پابندی کو اسرائیلی حکومت کی طرف سے اپنے عملے پر ایک اور حملہ قرار دیا ہے۔

    ترجمان سیکریٹری جنرل اسٹیفن ڈجارک نے کہا ہے کہ انتونیو گوتریس سے متعلق پابندی کا بیان اقوام متحدہ کے عملے پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے سے ایک اور حملہ ہے۔

    ترجمان نے اسرائیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گوتریس نے حماس کی کارروائیوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے لیے ملک کے دروازے بند کر دیے۔

    خیال رہے کہ اسرائیل غزہ جنگ کے آغاز ہی سے نہ صرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر الزامات عائد کرتا رہا ہے، بلکہ یو این کے مختلف پناہ گزین کیمپوں اور اسکولوں پر بمباری بھی کرتا رہا ہے۔

    اسرائیل نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا ملک میں داخلہ بند کر دیا

    الجزیرہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے عالمی ادارے کی طاقت ور سلامتی کونسل کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی ناگزیر ہو گئی ہے۔

    بدھ کو گوتریس نے کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا غزہ میں اسرائیل کی بمباری اور لبنان پر حملوں میں خطے کے شہری ایک خوف ناک قیمت ادا کر رہے ہیں جس کی میں مکمل مذمت کرتا ہوں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ لبنان میں ’’ہمہ جہت جنگ‘‘ کو روکنا ضروری ہے، جس کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

    مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا وقت آپہنچا ہے، اقوام متحدہ

  • اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہ فوری جنگ بندی کی جائے اس سے پہلے کے بہت دیر ہو جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی اندھا دھند بمباری کی وجہ سے غزہ میں وسیع پیمانے پر قتل عام اور تباہی ہوئی، اسرائیلی فوج بمباری کی مہم میں مصنوعی ذہانت کو شناخت کرنے کے ایک آلے کے طور پر استعمال کر رہی ہے جس کے نتیجے میں بہت زیادہ ہلاکتیں ہورہیں ہیں۔

    انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں جاری جنگ کے نتیجے میں ہونے والی انسانی تباہی کی مثال نہیں ملتی، جس میں 10 لاکھ سے زائد لوگ غذائی قلت اور بھوک کا سامنا کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 91 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 750 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔

  • ماہ مقدس میں بھی غزہ میں خون ریزی جاری ہے، یو این سیکرٹری جنرل

    ماہ مقدس میں بھی غزہ میں خون ریزی جاری ہے، یو این سیکرٹری جنرل

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ماہ مقدس رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مسلمانوں کا امن و سلامتی پھیلانے والا ماہ مقدس رمضان شروع ہوچکا ہے، اس کے باوجو د بھی ماہ مقدس میں بھی غزہ میں بمباری، خونریزی اور ہلاکت خیزی جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ میں امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور غزہ سے فوری طور پر یرغمالیوں کی رہائی بھی ممکن بنائی جائے۔

    سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مطالبہ کیاکہ ماہ رمضان کا احترام کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔

    دوسری جانب ماہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

    جو بائیڈن کی جانب سے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد

    امریکی صدر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد مقدس ماہ کا آغاز ہوگیا ہے۔جو بائیڈن نے مزید کہا کہ جل بائیڈن اور میری جانب سے امریکا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کیلئے مبارکباد اور دعائیں۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے توسیع ناکافی قرار دے دی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

    یو این سیکریٹری جنرل نے توسیع ناکافی قرار دے دی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

    یو این سیکریٹری جنرل نے غزہ میں جنگ بندی میں توسیع ناکافی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے دو دن کی توسیع کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے بھی کہا ہے کہ امریکا جنگ بندی میں مزید توسیع چاہتا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ مزید توسیع کے لیے قطر، مصر اور اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

    فسلطینی وزیرِ خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے مصر، قطر، امریکا اور اسپین نے کرداد ادا کیا ہے۔

    غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ ہوگیا

    جان کربی نے اپنے بیان میں حماس کو حقیقی خطرہ قرار دیا اور کہا کہ جنگ بندی کا فائدہ حماس ہی کو ہوگا، انھوں نے کہا کہ جنگ بندی کی توسیع کے اگلے دو دن میں حماس مزید 20 افراد کو رہا کرے گا۔

    واضح رہے کہ مصیبت زدہ غزہ کے شہریوں کو مزید دو روز کا سکون مل گیا ہے، غزہ جنگ میں دو روز کی توسیع ہو گئی ہے، وائٹ ہاؤس اور حماس نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے، ترجمان حماس کے مطابق دو روزہ توسیع میں شرائط پہلے جیسی ہی ہیں۔

    گزشتہ روز حماس نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے تحت 11 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا، اسرائیل نے بھی 3 خواتین اور 30 بچوں کو چھوڑا، 4 روزہ عارضی جنگ بندی پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 10 بجے ختم ہونا تھی۔

  • عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے ایک ٹوئٹ میں ایک بار پھر عالمی اداروں کو سیلاب متاثرہ پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے، انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔

    انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا تھا، میں ایسی تباہی کو کبھی نہیں بھول سکتا، نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد بحالی کی کوششوں کے لیے فنڈز کے وعدوں کو پورا کریں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں، عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کی ہر ممکن مدد کریں، ماحولیاتی انصاف کے لیے پاکستان ’’لٹمس ٹیسٹ‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ واضح رہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی: شہر قائد میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے افسران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے کمرے میں زبردستی گھس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کراچی آمد کے موقع پر ایک نہایت ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، جس پر وزارت خارجہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق ایس ایس یو پولیس نے خود نمائی کے لیے سیکیورٹی داؤ پر لگا دی تھی، اور افسران نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی کو یونٹ کی تشہیر کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔

    وزارت خارجہ کے مطابق ایس ایس یو کے افسران زبردستی سیکریٹری جنرل کے لاؤنج میں گھس گئے تھے جہاں ان کی بالکل ضرورت نہیں تھی، افسران نے کمرے میں زبردستی اپنے فوٹوگرافر کو انٹری دلوائی۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو افسران نے رمادا ہوٹل میں غیر ملکی نشریاتی ادارے کو سیکریٹری جنرل کے انٹرویو کے دوران مداخلت کی کوشش کی ہے، مہمان کے سیکیورٹی اسٹاف نے ایس ایس یو اہل کاروں کو متعدد بار ایسی حرکتوں سے باز رہنے سے روکا تھا، لیکن ایس ایس یو کے 6 افراد انتہائی ڈھٹائی اور کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معزز مہمان کے سوئٹ میں غیر قانونی طور پر گھس گئے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سیکیورٹی اسٹاف کی مزاحمت کے باوجود ایس ایس یو اہل کار کمرے میں داخل ہوئے، افسران نے سیکریٹری جنرل کو بلا اجازت تحائف پیش کیے اور متعدد تصاویر بنوائیں۔

    اسپیشل برانچ کے عملے نے بھی مہمان کی آمد پر انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، اسپیشل برانچ کے افسران نے اپنے کمروں میں چیک ان ہونے کے بعد مہمان کے کمرے سے قریب رہنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی تھی۔

    وزارت خارجہ نے مراسلے میں کہا کہ سرکاری مہمان کی آمد پر سیکیورٹی اہل کاروں کا ایسا رویہ پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے، احتیاط کرنے کی ہدایت دی جائے۔