Tag: UN

  • کشمیر اقوام متحدہ کا چھوڑا ہوا اہم تنازعہ ہے: چین

    کشمیر اقوام متحدہ کا چھوڑا ہوا اہم تنازعہ ہے: چین

    نیویارک: چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ کا چھوڑا ہوا اہم تنازعہ ہے، جسے بھارت مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چین بھارت کے کشمیر سے متعلق اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر حل ہونا چاہیے، یہ اقوام متحدہ کا چھوڑا ہوا تنازعہ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق دنیا بھر میں بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی جارہی ہے، جبکہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا مودی سمجھتا ہے کہ کرفیو کے بعد کشمیری خاموشی سے اسے قبول کرلیں گے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی کو اس کے غرور نے اندھا کردیا ہے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیرمیں خون کی ندیاں بہیں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

  • مودی کے خطاب کے دوران ہزاروں افراد کا اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج

    مودی کے خطاب کے دوران ہزاروں افراد کا اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج

    نیویارک: دنیا کے سب سے بڑے ایوان کے سامنے نریندر مودی کا انتہا پسند چہرہ بے نقاب ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنانے والے بھارتی وزیر اعظم کے خطاب کے دوران اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا.

    کشمیروں کے حق میں‌ کیے جانے والے اس مظاہرے میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور نریندر مودی کے غیر قانونی اقدام کے خلاف شدید احتجاج کیا.

    جس وقت نریندر مودی کی جانب سے امن پر لیکچر دیا جارہا تھا، اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ہزاروں افراد کشمیر کی آزادی کے نعرے لگا رہے تھے.

    مزید پڑھیں: اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    مظاہرین میں‌پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی رہنما شامل تھے، جو امریکا کے مختلف شہروں سے نیویارک پہنچے.

    ٹائمز اسکوائر سمیت کئی مقامات پرکشمیرکی آزادی کی الیکٹرانک اسکرین لگائی گئیں، فری کشمیر ٹرک کا نیویارک کی سڑکوں پر گشت کرتا رہا.

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخ خطاب کرتے ہوئے بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا.

  • کشمیر کی آزادی کے لیے اس بار بھی یواین قراردادوں پر عمل نہ ہوا تو دوسرے آپشنز ہیں: علی امین گنڈاپور

    کشمیر کی آزادی کے لیے اس بار بھی یواین قراردادوں پر عمل نہ ہوا تو دوسرے آپشنز ہیں: علی امین گنڈاپور

    نیویارک: وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں مضبوط پیغام دیں گے۔

    اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ اس بار بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہوا تو دوسرے آپشنز استعمال کریں گے، پاک فوج، حکومت اور عوام مل کر مودی کو سبق سکھانے کا دم رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ہزاروں لوگ آئیں گے، اقوام عالم کو باور کرایا جائے گا کشمیریوں کو حق دیا جائے، بصورت دیگر دوسرے آپشنز کی طرف جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یواین صرف موسمیاتی تبدیلیوں پر سیمینار کرانے کیلئے نہیں ہے، کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا، بھارت سے بربریت کی انتہا کردی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کی مختلف ممالک کے خارجہ حکام سے ملاقات

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان پر (آج) جمعہ کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائےگا جبکہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ رکھیں گے اور اپنے خطاب میں عالمی طاقتوں کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کریں گے۔

  • عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کررہے ہیں: شہر یار آفریدی

    عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کررہے ہیں: شہر یار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت انسداد منشیات وسیفران شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی اور کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کررہے ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر اتحاد کی ضرورت ہے، حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ریاستوں کے سربراہ اپنے ممالک کی نمائندگی کررہے ہیں اور اپنے ملک کے مفاد میں اور خطے کو درپیش مسائل کو عالمی برادری کے سامنے اٹھا رہے ہیں جو ان کی ریاست اور خطے کے بہترین مفاد میں ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کر رہے ہیں۔

    وفاقی حکومت کے اعلان پر آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان پر (آج) جمعہ کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائےگا جبکہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔

    وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قوم سے اپیل کی کہ وہ (آج) اپنے جذبات کا بھر پور اظہار کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔

  • اقوام متحدہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب کا رویہ ترک کرے: سینیٹر سراج الحق

    اقوام متحدہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب کا رویہ ترک کرے: سینیٹر سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی رویہ ترک کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر نے یو این پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے، اسے مسلمانوں کے ساتھ رویہ بہتر کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کو ویٹو پاور اور سلامتی کونسل کی نمایندگی دی جائے۔

    بھارتی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا عالمی امن کو مودی کے جنگی جنون سے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

    تازہ ترین:  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا الزالہ ضروری ہے: عمران خان

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی امن کو خطرات نے گھیر لیا ہے، عالمی برادری نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ایٹمی طاقتوں میں جنگ بھی چھڑ سکتی ہے، جنگ چھڑگئی تو جنوبی ایشیا نہیں پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت نیویارک میں اقوام متحدہ کی 74ویں جنرل اسمبلی کے سیشنز جاری ہیں، آج پاکستان، ترکی اور ملائشیا نے نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے اہم ترین موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے فکر انگیز خطاب کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے دنیا کو پیغام دیا کہ انھیں دہشت گردی کے ساتھ اسلام کا تعلق جوڑنے والے قابل مذمت رویے کو ترک کرنا ہوگا۔

  • "آپ نے میرے  خواب چرا لیے!” 16 سالہ  گریٹا تھون برگ کی عالمی رہنماؤں پر کڑی تنقید

    "آپ نے میرے خواب چرا لیے!” 16 سالہ گریٹا تھون برگ کی عالمی رہنماؤں پر کڑی تنقید

    نیویارک: سویڈن سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ انوائرمینٹل ایکٹوسٹ گریٹا تھون برگ نے ماحولیاتی بگاڑ روکنے میں‌ ناکامی پر عالمی رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے.

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے موسمیاتی اجلاس میں گریٹا تھون برگ ایک جذباتی خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی بگاڑ کی ذمے داری عالمی حکمرانوں، سیاست دانوں پر عائد کی۔

    انھوں نے کہا کہ میں شدید پریشان ہیں، ہلاکتیں ہو رہی ہیں، مگر عالمی حکمران پیسے اور اقتصادی ترقی کی خام خیالی میں مصروف ہیں۔

    تھنبرگ نے کہا، آپ لوگ ایسی بے عملی کا مظاہرہ کیسے کر سکتے ہیں۔ مجھے یہاں آنے کے بجائے اس اسکول میں ہونا چاہے تھا، مگر میں‌ آپ لوگوں کی غفلت کے باعث یہاں ہوں.

    مزید پڑھیں: “یہ سیارہ ہمارا اپنا ہے”: 16 سالہ طالبہ کی اپیل پر دنیا بھر میں مظاہرے

    گریٹا تھون برگ نے کہا، آپ ان  حالات میں بھی ہم نوجوان سے امید وابستہ کرنا چاہتے ہیں، آپ ایسا کرنے کی کیسے جرات کرسکتے ہیں، آپ کے کھوکھلے الفاظ نے میرا بچپن، میرا خواب چرا لیے.

    خیال رہے کہ گزشتہ دونوں گریٹا کے تحریک کے اپیل پر دنیا کے سو بڑے شہروں میں ماحولیاتی بگاڑ کے خلاف بڑے مظاہرے کیے گئے تھے.

  • 35اراکین کانگریس کا اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط

    35اراکین کانگریس کا اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط

    نیویارک: مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف 35 اراکین کانگریس نے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خط میں امریکی اراکین کانگریس نے کشمیر کی صوت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کے حل پر زور دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان بھارت میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، پاکستان بھارت دونوں جوہری قوتیں ہیں، جنوبی ایشیا میں کشیدگی پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے۔

    ’بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کی ہے، کشمیریوں کو انفرادی حیثیت دی گئی تھی، بھارت نے کشمیر کی انفرادی حیثیت کو ختم کیا، بھارت نے کشمیر میں فوجی تعینات کئے ہوئے ہیں۔

    امریکی سینیٹر کی ٹرمپ مودی ریلی پر تنقید، مسلم ڈے پریڈ میں کشمیر خصوصی توجہ کا مرکز

    خط کے مطابق 5 اگست سے کشمیر میں نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہے، بھارت نے کشمیر میں رابطوں کے تمام ذرائع منقطع کردیے ہیں، امریکا، پاکستان اور بھارت میں مذاکرات پر زور دے۔

    اراکین کانگریس کے خط میں مزید گیا ہے کہ امریکا پاکستان بھارت میں کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے، دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے پاک بھارت مذاکرات انتہائی ضروری ہیں، ہمیں بتایا جائے امریکی مشن اقوم متحدہ میں کیا کردار ادا کررہا ہے۔

  • وزیر اعظم کا دورہ امریکا: کب، کہاں کیا ہوگا؟

    وزیر اعظم کا دورہ امریکا: کب، کہاں کیا ہوگا؟

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تفصیلات جاری کردی گئیں، وزیراعظم عمران خان یواین جنرل اسمبلی میں پاکستانی وفدکی قیادت کریں گے.

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 21 سے 27 ستمبر تک جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے، اس دوران وہ مختلف ممالک کےاعلیٰ حکام سےملاقاتیں کریں گے.

    وزیرخارجہ بھی جنرل اسمبلی میں شرکت اورہم منصبوں سےملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی، ترقی، صحت پرسربراہان اجلاسوں میں شریک ہوں گے، ساتھ ہی سرمایہ کاری پرسربراہان اجلاس میں شرکت کریں گے.

    دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نفرت انگیزبیانیے کے خلاف پاک ترک کانفرنس کی میزبانی کریں گے، ماحولیاتی تحفظ پرپاک ملائیشیا کانفرنس سے خطاب کریں گے، امریکامیں پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کی سہ فریقی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر پر بیان واضح اور قابل تعریف ہے، ایلس ویلز

    وزیراعظم عمران خان عالمی میڈیا اور ادارتی بورڈ کےارکان سے بھی ملیں گے، امریکا میں بڑے تھنک ٹینکس سے خطاب، انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے.

    عمران خان 27 ستمبرکو یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اس موقع پر وہ مسئلہ کشمیرکی صورت حال پرپاکستان کامؤقف پیش کریں اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پراظہارخیال کریں گے.

  • حکومت پاکستان کا کشمیر کی بحرانی صورتحال پر اقوام متحدہ کو خط

    حکومت پاکستان کا کشمیر کی بحرانی صورتحال پر اقوام متحدہ کو خط

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں فوری انسانی مدد کے لیے ایمرجنسی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے حکومت پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے حکام برائے انسانی امور کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک بحرانی صورتحال پر ان کی توجہ دلانے کی کوشش کی۔

    وفاقی وزیر نے مقبوضہ وادی میں بوڑھے مرد و خواتین سمیت بچوں کی اموات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کشمیر میں فوری انسانی مدد کے لیے ایمرجنسی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

    خط میں اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت دوست کاریڈور قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ شیریں مزاری نے خط میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے سنگین بحران جنم لے چکا ہے، وادی کے عوام خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم ہوچکے ہیں۔

    خط میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے، انسانی حقوق کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ہنگامی اقدامات شروع کیے جائیں۔ ادویات و خوراک کی فوری فراہمی کے لیے کاریڈور قائم کیا جائے۔

    شیریں مزاری نے خط میں لکھا کہ کاریڈورقائم نہ ہوا تو بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے، عالمی امدادی اداروں کو خوراک و ادویات کی فراہمی کے لیے رسائی دی جائے۔

    دوسری جانب بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کیے جانے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 46 روز گزر چکے ہیں۔ مسلسل لاک ڈاؤن سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

    وادی میں انٹرنیٹ، موبائل سروس اور ٹی وی نشریات بدستور بند ہیں جس سے کشمیری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ اسپتالوں میں دواؤں کی قلت کا بحران سنگین ہے۔ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز پر تالے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنانے پر زور

    اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنانے پر زور

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور بھارت سے مذاکرات کی راہ نکالنے کا مطالبہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کریں، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات ضروری ہیں، فریقین کو سنگین مسئلے پر بات چیت کرنی پڑے گی۔

    قبل ازیں رکن امریکی کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیرکی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا ہے، بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

    مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیئر جنگ کے دہانے پر ہیں: شیلا جیکسن

    اپنے تحریری بیان میں شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیئر جنگ کے دہانے پر ہیں، جموں وکشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان ہر فورم پر آواز اٹھا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے اہم دورے پر آج روانہ ہوں گے جہاں اس مسئلے پر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔