Tag: UN

  • اقوام متحدہ نے شام میں جنگ بندی کے خاتمے پر خبردار کردیا

    اقوام متحدہ نے شام میں جنگ بندی کے خاتمے پر خبردار کردیا

    نیویارک :اقوام متحدہ کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ شام کے صوبے ادلب میں جنگ بندی کے خاتمے سے خوف و ہراس کے ساتھ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شامی حکومت نے رواں ہفتے مختصر مدت کےلئے ملک کے شمال مغربی حصے میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھاجو اب ختم ہوگیا اور فوری طور پر لڑائی کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔

    جنیوا میں شامی اور ان کے اتحادی روس کے حکام سے ملاقات کے بعد اقوام متحدہ نے اس علاقے میں بڑی حکومتی کارروائی کے خطرے سے متعلق متنبہ کیا کیونکہ ادلب کئی برسوں سے ان افراد کے لیے استقبالیہ زون کی حیثیت رکھتا ہے جو ملک میں کہیں بھی حکومتی پیش قدمی کے باعث نقل مکانی کرتے ہیں۔

    اس معاملے پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ برائے شام پینوس مومتیز کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں ممکنہ حکومتی کارروائی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شامی صدر بشارالاسد کی فورسز کی جانب سے اگر ادلب میں حملہ کیا گیا تو یہ لوگ کہاں جائیں گے؟ انہیں معلوم نہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی دوسری محفوظ جگہ نہیں’، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ‘خوف و ہراس دوبارہ پیدا ہوگیا ہے۔پینوس مومتیز کا کہنا تھا کہ یہ اس وقت آگ سے کھیلنے جیسا ہے اور ہمیں فکر ہے کہ یہ قابو سے باہر ہوجائےگا۔

    انسانی حقوق کی مشیر نیجت روچڑی کے مطابق اپریل کے اختتام سے اس علاقے میں 500 سے زائد شہری ہلاک ہوئے انسانیت پسند کردار ممکنہ فوجی مداخلت کی تجاویز کے بیانات پر تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ اس سے ایسے علاقے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوگا جہاں پہلے ہی لوگ برسوں کی فوجی سرگرمیوں، بے گھر ہونے، قحط اور سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ ادلب، حکومت مخالف جنگجووں کا آخری بڑا علاقہ ہے جہاں تقریباً 30 لاکھ لوگ رہائش پذیر ہیں۔

  • شام میں ایک لاکھ سے زائد افراد زیرحراست اور لاپتہ ہیں، اقوام متحدہ

    شام میں ایک لاکھ سے زائد افراد زیرحراست اور لاپتہ ہیں، اقوام متحدہ

    نیویارک :اقوام متحدہ کی سیاسی سربراہ روز میری ڈی کارلو نے کہا ہے کہ رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ شام کے 8 سالہ تنازع کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد گرفتار، اغوا یا لاپتہ کیے گئے، جس کی بنادی طور پر حکومت ذمہ دار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سیاسی سربراہ روزمیری ڈی کارلو نے اقوام متحدہ کی جانب سے جون میں دنیا بھر میں تنازعات کے دوران لاپتہ ہزاروں افراد پر توجہ مرکوز کرنے سے متعلق متفقہ طور پر منظور ہونے والی پہلی قرارداد کے بعد میں ایک اجلاس سے خطاب کیا۔

    اقوام متحدہ کی عہدیدار نے تمام سیاسی جماعتوں سے سیکیورٹی کونسل کے اس مطالبے پر توجہ دینے پر زور دیاجس میں تمام زیرحراست افراد کو رہا کرنے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ان کی معلومات اہل خانہ کو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

    انہوں نے سیکیورٹی کونسل کو بتایا کہ اقوام متحدہ ایک لاکھ سے زائد افراد کے اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کرسکتا کیونکہ وہ شام میں حراستی مراکز اور قیدیوں تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معلومات شام سے متعلق اس تحقیقات کمیشن کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے موصول ہوئی ہے، جس کمیشن کو 2011 میں شروع ہونے والے اس تنازع کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے منظور کیا گیا تھا۔

    روزمیری ڈی کارلو نے شام کے تناز کو بین الاقوامی کرمنل کورٹ کے حوالے کرنے کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے مطالبے کو بھی دہرایا اور کہا کہ شام میں پائیدار امن کے حصول اور اسے برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتساب کیا جائے۔

    اس موقع پر دنیا بھر میں تنازعات میں لاپتہ افراد کے معاملے کو دیکھنے والی ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا کہ انہوں نے صرف 2018 میں دنیا بھر سے 45 ہزارسے زائد لاپتہ افراد کے کیسز رجسٹرڈ کیے۔

    دوران اجلاس شامی قیدیوں کے لیے انصاف اور آزادی کے لیے مہم چلانے والی ڈاکٹر ہالا الغوی اور آمنہ خولانی نے جنگ کے خاتمے میں ناکامی پر کونسل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کے تقسیم شدہ اراکین پر زور دیا کہ وہ ایک نئی قرارداد منظور کریں تاکہ متحارب فریقوں پر دباؤڈالا جائے کہ وہ حراست میں لیے گئے تمام افراد کی شناخت اور مقام ظاہر کریں اور ان کو رہا کریں۔

  • عالمی امداد میں کمی سے افغان مہاجرین کی بہبود اور فلاح کا عمل متاثر ہوگا، شہریار آفریدی

    عالمی امداد میں کمی سے افغان مہاجرین کی بہبود اور فلاح کا عمل متاثر ہوگا، شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے امریکا کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری فار ساؤتھ ایشیاء ایلس ویلز اور امریکی سفیر پال جونز نے ملاقات کی اس موقع پر افغان مہاجرین کا موضوع زیربحث آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغان امن عمل، افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی اور ان کے ویزے کے اجراء اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ملاقات کے دوران امریکی وفد نے افغان مہاجرین کی مدد کیلئے امریکی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ایلس ویلز نے حکومت پاکستان کی گزشتہ 40 برس سے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی اور امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افغان مہاجرین کیلئے امداد پر عالمی برادری اور امریکی حکومت پاکستان کی شکر گذار ہیں۔

    ایلس ویلز نے شہریار آفریدی سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کیلئے ویزا پالیسی اور پاسپورٹ کے اجراء کے امور زیر غور لانے کی درخواست کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم افغان بزنس کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لانے سے حکومت پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

    دریں اثنا امریکی حکومت کی افغان مہاجرین کیلئے مسلسل سفارتی اور مالی معاونت کو سراہتے ہوئے وزیر سیفران شہر یار آفریدی نے کہا کہ حکومت افغان مہاجرین کو پاکستان میں ان کے عارضی قیام کے دوران ہر ممکن امداد فراہم کر رہی ہے۔

    افغان مہاجرین کے لیے انسانیت کی وہ مثالیں قائم کیں جن کا جواب نہیں: شہریار آفریدی

    انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں 40 سالہ قیام کے دوران افغان مہاجرین اور پاکستانی شہریوں کے درمیان کوئی ایک بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

    وزیر سیفران شہریار آفریدی نے عالمی برادری کی جانب سے افغان مہاجرین کیلئے امداد میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امداد میں کمی سے افغان مہاجرین کی بہبود اور فلاح کا عمل متاثر ہوگا اور خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے متاثر ہوں گے۔

  • شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں قیدیوں کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاکہ فرار کی کوشش کرنے والے قیدیوں کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح چوری کے شبے میں بھی قیدیوں کو ڈنڈوں اور دھاتی سلاخوں سے پیٹا جاتا ہے۔

    یہ رپورٹ جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی، اس رپورٹ میں شمالی کوریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے 330 افراد کے تاثرات شامل ہیں۔

    اس رپورٹ کے مطابق جیلوں کے محافظ چوری کے شبے میں پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو برہنہ کر کے تلاشی بھی لیتے ہیں، شمالی کوریا انسانی حقوق کی ایسی یا دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایک فوجی کو گرفتار کیا تھا جو دونوں ممالک کی سرحد پر واقع سخت نگرانی والے ڈی ملٹرائزڈ زون (غیر عسکری علاقے) کو پار کر کے اس طرف نکل آیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا کہناہے کہ شمالی کوریا کی فوج میں کام کرنے والے اس سپاہی نے اپنی وفادریاں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

  • شدت پسندوں کی بہ نسبت افغانستان میں اتحادی افواج نے زیادہ شہری مارے: اقوام متحدہ

    شدت پسندوں کی بہ نسبت افغانستان میں اتحادی افواج نے زیادہ شہری مارے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے افغانستان میں شدت پسندوں کی بہ نسبت اتحادی افواج نے زیادہ عام شہری مارے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک افغانستان میں اتحادی افواج نے شدت پسندوں سے زیادہ عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کو حیران کن قرار دیا گیا ہے جس میں سینکڑوں شہریوں کی ریاست کے ہاتھوں ہلاکتوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس (2019) کی پہلی ششماہی میں نیٹو اور افغان فورسز نے اپنی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 717 عام شہریوں کو ہلاک کیا، بالکل اسی عرصے کے دوران طالبان اور داعش کے ہاتھوں 531 شہری مارے گئے۔

    ہلاک ہونے والوں میں افغان بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے معاملے کا حل نکالیں۔

    ایران نے امریکا کو افغانستان میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دے دیا

    خیال رہے کہ افغانستان میں ریاستی فورسز اور امریکی فضائی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ برس 3804 عام شہری مارے گئے تھے، جن میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 927 تھی۔

    دوسری جانب افغانستان میں سالوں سے جاری خانہ جنگی اور شدت پسندی کی وجہ ایران نے امریکا کو قرار دیا ہے۔

  • خالد بن سلمان اور مارٹن گریفتھس کی ملاقات، یمن مسئلے پر بات چیت

    خالد بن سلمان اور مارٹن گریفتھس کی ملاقات، یمن مسئلے پر بات چیت

    ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس سے ملاقات کی اور یمن مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ انہوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کو باور کرا دیا ہے کہ سعودی عرب یمنی عوام کی شدید فکر رکھتا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہزادہ خالد نے لکھا کہ میں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس سے ملاقات کی، اور انہیں باور کرایا کہ سعودی عرب برادر یمنی عوام کے حوالے سے شدید فکر رکھتا ہے، یمن کے امور میں ایران کی مجرمانہ مداخلت کا سلسلہ روکا جائے۔

    اس بات کو بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ ہم جس سیاسی حل کو سپورٹ کرتے ہیں وہ اس بات کا متقاضی ہے کہ حوثی ملیشیا ان تمام امور کی پاسداری کرے جن پر یمنیوں کی موافقت ہے، ان میں اسٹاک ہوم معاہدہ شامل ہے۔

    یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے پیر کے روز اپنے ریاض کے دورے میں میں کہا تھا کہ انہوں نے خالد بن سلمان کے ساتھ یمن میں سیاسی حل کے لیے سعودی سپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔

    گریفتھس کا مزید کہنا تھا کہ سعودی نائب وزیر دفاع کے ساتھ بات چیت میں یمن کو خطے میں جاری کشیدگی سے باہر لانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    یمنی آئینی حکومت کے ذرائع نے بتایا تھا کہ اقوام متحدہ کے ایلچی اپنے سعودی عرب کے دورے میں یمنی حکومت کے ذمے داران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس سے قبل مارٹن گریفتھس گذشتہ تین ہفتوں کے دوران ابوظبی، مسقط، ماسکو اور واشنگٹن کا دورہ کر چکے ہیں۔

  • شامی اسپتالوں پر فضائی بمباری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شدید مذمت

    شامی اسپتالوں پر فضائی بمباری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شدید مذمت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام کے اسپتالوں پر کی جانے والے حالیہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شام کے مغربی شہروں میں قائم طبی مراکز پر حالیہ دنوں میں فضائی کارروائیاں کی گئی تھیں جس کے نتیجے شعبہ صحت کے کئی اہلکار مارے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک یہ واضح نہ ہوسکا کہ مذکورہ حملے کس نے کیے، روس اور بشار حکومت ایک دوسرے کو حملے کا ذمے دار ٹھہراتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی متعدد بار فضائی حملے کیے جاچکے ہیں، جس کی زد میں اسپتال، امدادی ٹرکس اور مساجد بھی آئے، جبکہ درجنوں ریسکو اہلکار بھی مارے جاچکے ہیں۔

    اقوا متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے حالیہ فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور شہری انفرا اسٹرکچر جس میں طبّی تنصیبات شامل ہیں ان کا تحفظ لازم ہے۔

    شامی شہر ادلب میں فوج اور باغیوں کے درمیان شدید چھڑپیں، 72 افراد ہلاک

    ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرے، اُس کا احتساب ہونا چاہیے۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں شام میں اتحادی افواج کی جانب سے ایک گاﺅں پر کی جانے والی بمباری سے سات بچوں سمیت چودہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، چار ماہ میں اب تک 520 بے گناہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز شامی فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں لاشوں کے انبار لگ گئے تھے، دونوں طرف سے 72 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔

  • وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    کراکس: وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی جس میں ملکی حکومت پر قتل وغارت کا الزام لگایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں وینزویلا حکومت پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ وہ عام شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کے حمایتی لوگوں کی رائے زبردستی تبدیل کرائی جارہی ہے اور ماورائے عدالت مخالفین کا قتل عام بھی جاری ہے۔

    ردعمل میں وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کی وینزویلا کے بارے میں تیار کردہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ رپورٹ حقیقت کے منافی ہے، دروغ گوئی سے کام لیا جارہا ہے، یہ رپورٹ چالبازیوں اور غیر حقیقی معلومات پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ پولیس کی جانب سے مخالفین کو گرفتار کرکے ماوارئے عدالت قتل بھی کیا جارہا ہے، اور ردعمل سے بچنے کے لیے ان پر من گھڑت الزامات عاید کیے جارہے ہیں۔

    وینزویلا بحران، حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار

    وینزویلا میں اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کی حمایت دن بہ دن بڑھتی چلی جارہی ہے، امریکا سمیت کئی یورپی ریاستوں نے بھی جون گائیڈو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    البتہ غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فریقین رواں ہفتے مذاکرات کی میز پر ہوں گے۔

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت سے متعلق یو این کی رپورٹ، کشمیر کونسل ای یو کا خیرمقدم

    مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت سے متعلق یو این کی رپورٹ، کشمیر کونسل ای یو کا خیرمقدم

    برسلز: چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید نے مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفترکی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں جاری ہونے والی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔

    علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ایک حقیقت ہے، اور عالمی برادری کو اس رپورٹ کی روشنی میں حقائق جاننے کے لئے ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن مقبوضہ کشمیر روانہ کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے اور تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے پیر کو گزشتہ ایک سال کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اپنی رپورٹ میں جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عرصے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 160 شہریوں کو شہید کیاگیا۔

    علی رضا سید نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسلمہ بین الاقوامی ثبوت ہے کہ بھارتی فورسز ان سنگین پامالیوں میں براہ راست ملوث ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ادارے کی رپوررٹ میں پیلٹ گن کوایک خطرناک ہتھیار قرار دیتے ہوئے تصدیق کی گئی ہے کہ بھارتی فورسز نہتے شہریوں پر فولادی چھروں والی پیلٹ گنزکا مسلسل استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • حوثی باغیوں کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، حدیدہ سے انخلا پر تبالہ خیال

    حوثی باغیوں کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، حدیدہ سے انخلا پر تبالہ خیال

    مسقط: حوثی باغیوں کے وفد نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفیتھس سے ملاقات کی اس دوران حدیدہ بندرگاہ سے جنگجوؤں کے انخلا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغی یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ پر قابض ہیں، جبکہ ملکی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذکورہ شہر سے انخلا پر اتفاق ہوا تھا البتہ اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارٹن نے حوثی باغیوں کے وفد سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ملاقات کی اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے پر گفتگو کی۔

    معاہدے کے تحت حوثی باغی اور ملکی فوج کے درمیان جنگ بندی رہے گی، جبکہ حوثی باغی یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ سے اپنا انخلا یقینی بنائیں گے، تاہم اس معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں ہورہا، فریقین کے درمیان جھڑپیں بھی معمول بن چکی ہیں۔

    دریں اثنا اقوام متحدہ کی رابطہ کمیٹی آئندہ ہفتے حوثی باغیوں اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل ایک اجلاس منعقد کر رہی ہے، تاہم حوثی باغی اس اجلاس میں شرکت سے انکاری نظر آتے ہیں۔

    حوثی باغی حدیدہ بندرگاہ جلد خالی کردیں گے، اقوام متحدہ کا دعویٰ

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے دعویٰ کیا تھا کہ یمن کے متحارب فریقین چند ہفتوں کے اندر اندر حدیدہ سے اپنی فورسز نکال لیں گے۔

    اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے توقع ظاہر کی تھی کہ یمن کے متحارب گروپ ساحلی شہر حدیدہ اوربندرگاہ سے چند ہفتوں کے اندر اندر نکل جائیں گے اور علاقے کا کنٹرول اقوام متحدہ کے امن مشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔