Tag: UN

  • ٹرمپ حکومت نے اقوام متحدہ سے نکلنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    ٹرمپ حکومت نے اقوام متحدہ سے نکلنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اقوام متحدہ سے مکمل امریکی انخلا اور فنڈنگ روکنے کا بل امریکی سینیٹ میں پیش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کو الوداع کہنے اور اس کی فنڈنگ روکنے کا بل امریکی سینیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے، ریپبلیکن سینیٹر مائیک لی کی جانب سے پیش کردہ بل میں یو این ملازمین کا سفارتی استثنیٰ ختم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    بل میں میں یو این اور اس سے منسلک اداروں سے امریکا کے مکمل انخلا، اس کی فنڈنگ روکنے، اقوام متحدہ کے ساتھ اس معاہدے کو منسوخ کرنے کی تجویز ہے جو اسے نیویارک میں سرکاری ہیڈکوارٹر رکھنے کا حق دیتا ہے۔

    اس بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں شرکت نہیں کرے گا۔

    یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل ڈبلیو ایچ او اور یو این ہیومن رائٹس کونسل جیسے عالمی اداروں سے بھی دست برداری اختیار کر چکی ہے، ریپبلکن قانون سازوں نے پہلے ہی امریکی مفادات کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کی ناکامی اور ٹرمپ کے ’’امریکا فرسٹ‘‘ ایجنڈے سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے انخلا کی وکالت کرنے والی قانون سازی متعارف کرائی ہے۔

    امریکی فوج میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

    یوٹاہ کے سینیٹر مائیک لی کی سربراہی میں ’ڈی فنڈ ایکٹ‘ (اقوام متحدہ کے زوال سے مکمل علیحدگی) کا مقصد اقوام متحدہ اور اس سے منسلک اداروں سے امریکی رکنیت اور اس کی فنڈنگ ​​کو ختم کرنا ہے۔

  • اقوامِ متحدہ کا آسٹریلیا سے تارکین وطن کے حقوق دینے کا مطالبہ

    اقوامِ متحدہ کا آسٹریلیا سے تارکین وطن کے حقوق دینے کا مطالبہ

    اقوامِ متحدہ کی ہیومن رائٹس کمیٹی کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 پناہ گزینوں اور پناہ کی تلاش جانے والوں کو نارو کے جزیرے میں زبردستی کئی سال سے گرفتار کرکے رکھا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی خصوصی کمیٹی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نے شہری اور سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کی 2 دفعات کی خلاف ورزی کی ہے، ایک صوابدیدی حراست اور دوسری حراست کو عدالت میں چیلنج کرنے کے حق کا تحفظ شامل ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جنیوا میں یو این کے ادارے نے آسٹریلیا سے اس بات کا مطالبہ کیا کہ آسٹریلیا تارکینِ وطن کو مناسب معاوضہ ادا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کے دوبارہ اس قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔

    دوسری جانب یونان میں تارکینِ وطن سے متعلق پالیسیوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

    یونان بھر میں الم ناک کشتی حادثے کے بعد احتجاج شروع ہو گیا،جس میں پاکستانیوں سمیت سینکڑوں تارکین وطن کی جانیں گئیں۔

    ملک کے دارالحکومت ایتھنز سمیت مختلف شہروں میں عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پناہ گزینوں کو بچانے کے ناکافی اقدامات پر عوام نے حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کے پتھراؤ کا جواب پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ سے دیا۔

    کینیڈا کے امریکی ریاست بننے سے دنیا میں کیا تبدیلیاں آئیں گی؟

    مظاہرین نے بینرز بھی اٹھا رکھتے تھے جن پر یونانی اور یورپی مہاجرین اور ہجرت کی پالیسی کی مذمت کی گئی تھی، بینرز پر لکھا تھا کہ ”انھوں نے بحیرہ روم کو ایک مائع قبرستان بنا دیا ہے، ہم کبھی بھی مذبح خانے کے عادی نہیں بنیں گے۔“

  • غزہ میں پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ، اسرائیلی بمباری کے دوران سال بھر میں 44 ہزار بچوں کی پیدائش

    غزہ میں پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ، اسرائیلی بمباری کے دوران سال بھر میں 44 ہزار بچوں کی پیدائش

    غزہ: فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوگا، ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے دوران سال بھر میں غزہ میں 44 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسدادِ پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوگا، اس مہم کے دوران 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    وحشیانہ اسرائیلی بمباریوں کے دوران گزشتہ برس غزہ میں تقریباً 44 ہزار بچے پیدا ہوئے، جو تاحال بنیادی ویکسین سے بھی محروم ہیں، واضح رہے کہ یکم ستمبر کو ہونے والی پہلی پولیو مہم کے دوران 10 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائے گئے تھے۔

    ترجمان انروا کے مطابق دوسرے مرحلے میں غزہ کے بچوں کو وٹامن کے سپلیمنٹس بھی دیے جائیں گے۔

    فلسطینی صحافی اسماء حریش کو اسرائیل نے رہا کردیا

    دوسری طرف اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم از کم 51 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ میں اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41,638 افراد شہید اور 96,460 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • لبنان کو غزہ کی طرح کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے، انتونیو گوتریس

    لبنان کو غزہ کی طرح کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے، انتونیو گوتریس

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ لبنان کو ایک اور غزہ بننے نہیں دیا جا سکتا، لبنان اسرائیل جنگ کو ہر صورت روکنا ہوگا۔

    عرب نیوز کو انٹرویو میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ ہمیں لبنان کو غزہ کی طرح کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے، لبنان کو ایک اور غزہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ طویل ہو گئی ہے، اور بدترین تباہی کے ساتھ شہری تکلیف میں ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے لبنان پر بھی بدترین بمباری شروع کر دی ہے۔

    دوسری طرف اسرائیلی حملوں کے باعث لبنانی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، نجیب میقاتی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ہونے والے قتل عام کو روکے، اور شہریوں کو فوجی اور جنگی اہداف بننے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کرائے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج نے ہفتے کے روز لبنان پر 400 حملے کیے، جس کے بعد حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے حیفہ شہر کے قریب رمات ڈیوڈ پر 20 راکٹ فائر کر دیے۔

    امریکا کی لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی جیٹ طیاروں نے جنوبی لبنان میں سیکڑوں مقامات پر بمباری کی ہے، جب کہ لبنانی گروپ اسرائیلی علاقے کے اندر میزائل داغ رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 290 اہداف پر حملہ کیا۔ اور آج صبح کے اوائل میں 110 دیگر مقامات پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا۔

    حزب اللہ نے کہا کہ اس نے حیفہ کے قریب اسرائیل کے رمات ڈیوڈ ایئربیس پر میزائلوں کے دو راؤنڈ داغے، حزب اللہ نے بعد میں رافیل دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی کے احاطے پر ایک اور میزائل اور راکٹ حملے کا دعویٰ کیا۔

    اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ رمات ڈیوڈ کو نشانہ بنانے والے حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے، جب کہ بعد کے حملوں میں کریات بیالیک میں تین دیگر زخمی ہوئے، جب کہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے آج صبح حیفہ پر 85 راکٹ داغے اور کچھ راکٹوں نے اثر کیا۔

    اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے مزید اہداف پر حملے کرے گی، اور حملوں میں اضافہ ہوگا۔

  • اقوام متحدہ نے عائشہ نور ایزگی کی ہلاکت کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کر دیا

    اقوام متحدہ نے عائشہ نور ایزگی کی ہلاکت کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کر دیا

    اقوام متحدہ نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے واقعے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کر دیا ہے، جس میں ایک ترک نژاد امریکی ایکٹوسٹ عائشہ نور ایزگی ہلاک ہو گئی تھیں۔

    اقوام متحدہ نے جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران ایک امریکی ترک خاتون عائشہ نور ایزگی کے قتل کی ’مکمل تحقیقات‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق 26 سالہ عائشہ نور ایزگی ایگی کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا، جب وہ نابلس کے قریب بیتہ قصبے میں یہودی آباد کاری کی توسیع کے خلاف ہفتہ وار احتجاج میں حصہ لے رہی تھیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک غیر ملکی شہری کی ہلاکت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ترک نژاد امریکی خاتون کی ہلاکت پر اردوان نے اہم تجویز دے دی

    نور ایزگی کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ شدید صدمے اور غم سے دوچار ہو گئے ہیں، کیوں کہ محبت کرنے والی اور ’’شدید جذباتی انسانی حقوق کی کارکن‘‘ چلی گئیں، خاندان نے کہا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجی شوٹر کی گولی سے ہلاک ہوئیں، اہل خانہ نے امریکا سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

    اس دلدوز واقعے نے امریکا کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، اس لیے اسرائیل سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سیویٹ نے کہا کہ واشنگٹن کو ایک امریکی شہری کی المناک موت پر پریشانی لاحق ہو گئی ہے، اسرائیل اس کی تحقیقات کرے۔

    تاہم عائشہ نور ایزگی کے والدین نے کہا ہے کہ امریکا خود آزادانہ طور پر واقعے کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے، کیوں کہ اسرائیلی تحقیقات ناقابل اعتبار ہیں۔

  • برطانیہ نے اقوام متحدہ کے تحت بنگلادیش کے حالات کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

    برطانیہ نے اقوام متحدہ کے تحت بنگلادیش کے حالات کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

    لندن: برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بنگلادیش کے حالات کا اقوام متحدہ کے تحت تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ بنگلادیشی عوام اقوام متحدہ کے زیر قیادت مکمل اور آزاد تحقیقات کے مستحق ہیں، برطانیہ بنگلادیش کا پُرامن اور جمہوری مستقبل یقینی بنانے کے لیے اقدامات دیکھنا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تمام فریق امن کی بحالی کے لیے تشدد اور مزید ہلاکتیں روکنے میں تعاون کریں۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ نے بھی بنگلادیش میں اقتدار کی پرامن منتقلی اور احتساب کا مطالبہ کیا ہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ بنگلادیش میں اقتدار کی پرامن منتقلی کے دوران انسانی حقوق کو مدِ نظر رکھا جائے اور پرتشدد واقعات کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    بنگلادیش میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ گئی

    واضح رہے کہ بنگلادیش میں حسینہ واجد کی رخصتی کے بعد آج کرفیو ہٹا دیا گیا ہے، اور تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، صنعتیں آج بند رہیں گی، ملک میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد احتجاج آج جشن میں تبدیل ہو گیا ہے اور ڈھاکا کی سڑکوں پر عوام کا سمندر اُمڈ آیا ہے۔

    بنگلادیش میں طلبہ تحریک نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کو عبوری حکومت کا چیف ایڈوائزر مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فوجی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، طلبہ تحریک نے کہا کہ عبوری حکومت بنانی ہے تو اس کا خاکہ ہم دیں گے، کسی ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جو ہماری تجاویز اور حمایت کے بغیر بنائی گئی ہو۔

  • غزہ میں ریٹائرڈ بھارتی فوجی کی ہلاکت، اقوام متحدہ نے بڑا قدم اٹھا لیا

    غزہ میں ریٹائرڈ بھارتی فوجی کی ہلاکت، اقوام متحدہ نے بڑا قدم اٹھا لیا

    اقوام متحدہ نے غزہ میں بین الاقوامی عملے کی پہلی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی۔

    الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ نے غزہ میں پیر کو ہونے والے ایک اسرائیلی ٹینک حملے کی تحقیقات شروع کی ہے، جس میں ایک ریٹائرڈ بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوا تھا، یہ 7 اکتوبر کے بعد سے یو این کے لیے کام کرنے والے پہلے غیر ملکی شہری کی موت ہے۔

    بھارتی فوج سے ریٹائرڈ ہونے والے 46 سالہ افسر کرنل ویبھؤ انیل کالے اقوام متحدہ کے محکمہ تحفظ و سلامتی کے ساتھ کام کر رہے تھے، اسرائیلی ٹینک حملے کی زد پر آنے کے وقت وہ اقوام متحدہ کے نشان والی گاڑی میں رفح کے قریب یورپی اسپتال جا رہے تھے، اس حملے میں ایک اور اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا بھارتی فوجی کے موت کی ذمہ دار فورسز ہیں، تاہم اسرائیلی میڈیا کو فوجی ترجمان نے بتایا کہ متاثرین ایک فعال جنگی زون میں مارے گئے ہیں جہاں لڑائی جاری تھی۔

    اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اقوام متحدہ انھیں گاڑی کے روٹ سے آگاہ کرنے میں ناکام رہا، جیسا کہ اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے روٹ سے آگاہی ایک معیاری طریقہ کار ہے۔ تاہم دوسری طرف اقوام متحدہ نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

    بھارتی حکومت نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والے ریٹائرڈ فوجی افسر کی ہلاکت پر انھیں گہرا دکھ ہوا ہے۔ کرنل ویبھؤ 2022 میں ہندوستانی فوج میں کرنل کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور غزہ کے جنگ زدہ رفح علاقے میں اقوام متحدہ کے محکمہ تحفظ اور سلامتی میں سیکیورٹی کوآرڈینیشن آفیسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

  • اقوام متحدہ نے غزہ کے لیے 2.8 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل کر دی

    اقوام متحدہ نے غزہ کے لیے 2.8 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل کر دی

    اقوام متحدہ نے بدھ کو غزہ اور مغربی کنارے کے لیے 2.8 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل کر دی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے کی 31 لاکھ آبادی کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے، او سی ایچ اے کے مطابق شمالی غزہ کے بازاروں میں بنیادی غزائی اشیا کی شدید کمی ہے۔

    اقوام متحدہ نے غزہ کی پٹی میں اُن 23 لاکھ فلسطینیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے، جن کے متعلق ’غذائی عدم تحفظ‘ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وہ 6 ماہ سے زیادہ کی شدید اسرائیلی بمباری اور ایک زمینی کارروائی کے بعد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    منگل کو غزہ شہر میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز کے میزائل حملے میں درجن سے زائد فلسطینیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، یو این ویب سائٹ کے مطابق دیر البلح کے الاقصیٰ اسپتال سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں مغازی پناہ گزین کیمپ پر حملے کے بعد زخمی اور شہید ہونے والے بچوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    یو این آفس رابطہ برائے انسانی امور (OCHA) کے مطابق شمالی علاقوں میں قحط آنے والا ہے اور مئی 2024 کے درمیان کسی بھی وقت اس کے آنے کا امکان ہے، کیوں کہ غزہ کی نصف سے زیادہ آبادی بھوک کی تباہ کن سطح کا سامنا کر رہی ہے، بازاروں میں بنیادی غذائی اشیا کی کمی ہے اور ان کا انحصار امدادی راشن پر ہے۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل ریاست کی رکنیت دینے کی درخواست پر کل ووٹنگ ہوگی۔ ادھر اسرائیلی فورسز کی جارحیت برقرار ہے، رفح میں بمباری میں خواتین اور بچے سمیت 7 فلسطینی شہید ہوئے۔

  • افغان لڑکیوں کو کالجز میں داخلے کی اجازت ملنے پر اقوام متحدہ کا خیر مقدم

    افغان لڑکیوں کو کالجز میں داخلے کی اجازت ملنے پر اقوام متحدہ کا خیر مقدم

    کابل: افغان طالبان کی جانب سے لڑکیوں کو میڈیکل کالجوں میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے مشن (یو ایم اے ایم اے) نے سراہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیکل کالجوں کے اگلے تعلیمی سال میں طالبان انتظامیہ نے لڑکیوں کو داخلے حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کا آغاز مارچ میں ہوگا۔

    اقوام متحدہ کے مشن کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ یو ایم اے کی جانب سے افغان عبوری حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس کے تحت ملک کے 11 صوبوں میں لڑکیاں میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کرسکیں گی۔

    اقوام متحدہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے لئے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی ضروری ہے، یہ فیصلہ جنگ زدہ ملک میں طبی سہولیات میں پائے جانے والا خلا کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی وزارت اطلاعات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے احکامات کے بعد افغانستان کے 11 صوبوں میں انرولمنٹ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق اس فیصلے کے بعد بارھویں تک تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیاں ملک کے صوبوں کپیسا، پکتیا، پاروان، پنجشیر، پکتیکا، بامیان، بدخشاں، غزنی، میدان واردک، خوست اور لوغار میں میڈیکل کالجوں میں داخلہ لے سکتی ہیں۔

    امریکی صدر نے روسی اپوزیشن رہنما کی بیوہ اور بیٹی سے کیا کہا؟

    واضح رہے کہ افغانستان میں قائم طالبان کی عبوری حکومت کو اگست 2021 میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد کرنے پر دنیا بھر سے تنقید کا سامنا تھا۔

  • غزہ میں فلسطینیوں کیلئے امدادی ٹرکوں کی فوری ضرورت ہے، اقوام متحدہ

    غزہ میں فلسطینیوں کیلئے امدادی ٹرکوں کی فوری ضرورت ہے، اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رفح میں موجود فلسطینی مایوس، بھوکے اور خوفزدہ ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے کا کہنا ہے کہ رفح میں پناہ گزینوں کے لیے قائم عارضی کیمپ میں گنجائش سے زیادہ لوگ رہنے پر مجبور ہیں۔

    اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے کے مطابق غزہ میں فلسطینیوں کے لیے امدادی ٹرکوں کی فوری ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں 28000 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ لاکھوں اپنے آشیانوں سے محروم ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب ایران کی 2 اہم بڑی گیس پائپ لائنوں پر اسرائیل کی جانب سے حملے کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے رواں ہفتے ایران کی 2 بڑی گیس کی لائنوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث لاکھوں ایرانیوں کو گیس کے تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔

    مغربی اور ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جس طرح گیس کی پائپ لائنوں پر حملے کیے اس کے لیے ایران کے انفرا اسٹرکچر کے بارے میں مکمل معلومات اور غیرمعمولی مہارت کی ضرورت درپیش تھی۔

    منی پور میں حالات کشیدہ، املاک اور درجنوں گاڑیاں جلا دی گئیں

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مکمل معلومات اکٹھی کرنے کے بعد 2 ایرانی گیس لائنوں کو ایک ہی وقت میں متعدد حملوں کا نشانہ بنایا۔