Tag: UN

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں: شاہ محمودقریشی

    اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں: شاہ محمودقریشی

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں، کچھ رکن ممالک میں توانائی بحران اور کچھ کے پاس وافر ذخائر ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکوممبر ممالک کے وزرائے خارجہ سے غیر رسمی ملاقات کے بعد کہی، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری منصوبے مضبوط روابط کے لیے ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خطے میں توانائی کے روابط پاکستان کی ترجیح ہے، سی پیک خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین منصوبہ ہے، ہمسائیوں سے تجارت کے لیے ریل کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنایا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تہران استنبول راہداری کو فعال بنایا گیا اور پاکستان، ایران اور ترکمانستان ریلوے کو بھی فعال بنایا گیا۔

    شاہ محمودقریشی سے امریکی رکن کانگریس جوولسن کی ملاقات

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے امریکی رکن کانگریس جوولسن سے بھی ملاقات کی اس موقع پر شاہ محمود نے وزیراعظم عمران خان کے پُرامن ہمسائیگی کے وژن سےآگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا سے باہمی اعتماد واحترام پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کا بھاری جانی ومالی نقصان ہوا، انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے میں مشترکہ مقاصد کےحصول کے لیے پاک امریکا مستقل تعاون ضروری ہے، خیال رہے کہ جوولسن کانگریس کی فارن اور آرمڈ سروسز کمیٹیوں کے رکن بھی ہیں۔

  • خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کلیدی کردار ادا کررہا ہے: ملیحہ لودھی

    خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کلیدی کردار ادا کررہا ہے: ملیحہ لودھی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی یواین امن اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے امن اجلاس میں شرکت سے متعلق ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ یواین امن اجلاس میں شرکت کریں گے اور علاقائی صورت حال پر اپنے ملک کا موقف سامنے رکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی امریکا میں 40 سے زائد میٹنگز بھی ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے

    دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے خطے کی ترقی کے لیے بھارت سے مذاکرات کی کوشش کی، دیکھنا ہوگا امن کی بات کون کر رہا ہے اور کون فرار کے راستے پر ہے۔

    وزیرخارجہ 26 ستمبر کو سارک وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور 29 ستمبرکو پاکستانی وزیرخارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

    بھارت خیالی راگ چھوڑ کر حقیقت کی دنیا میں آئے، وزیرِ خارجہ

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پرپاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع تھی لیکن بھارت نے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے بعد ملاقات منسوخ کردی تھی۔

  • ادلب کے معاملے پر ترکی اور روس کی ڈیل، اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دے دیا

    ادلب کے معاملے پر ترکی اور روس کی ڈیل، اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دے دیا

    نیویارک: شامی شہر ادلب کے معاملے پر روس اور ترکی کے درمیان اہم ڈیل ہوئی جسے اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کی ملاقات ہوئی تھی، اس دوران دونوں ملکوں کے سربراہان کی جانب سے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی اس ڈیل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

    اپنے بیان میں انٹونیو گوٹیرش کا کہنا تھا کہ ادلب کو غیر فوجی علاقہ بنانے کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کی مشکلات آسان ہو جائیں گی۔

    انہوں نے ادلب کی خانہ جنگی کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس ڈیل کو کامیاب بنانے کی خاطر بھرپور کوشش کریں تاکہ وہاں جاری بحرانی صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔

    ترک اور روسی صدور کے درمیان ملاقات، شام میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

    اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے شام میں روسی حملوں کے تناظر میں کہا تھا کہ اس کی قیمیت پوری دنیا کو ادا کرنی پڑے گی۔

  • یمن میں خانہ جنگی، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    یمن میں خانہ جنگی، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    نیویارک: یمن میں حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر اقوام متحدہ نے خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ سرکاری فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں بھوک کا شکار 3.5 ملین افراد کو خوراک کی فراہمی منقطع ہوسکتی ہے۔

    الحدیدہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے باعث لاکھوں بھوکے افراد تک خوراک نہ پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    عالمی فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ وار حملے امدادی سرگرمیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کے باعث سنگین معاملات درپیش آئیں گے۔

    خیال رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے حوثی کے لیے انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس میں یمنی فوجیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔

    یمن: سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں میں جھڑپیں، 73 باغی ہلاک

    البتہ اب تک باغیوں کا انخلا عمل میں نہیں آیا، جبکہ عسکری اتحاد کے ترجمان کی جانب سے دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ وہ جلد الحدیدہ کو باغیوں سے کلیئر کرالیں گے۔

    دوسری جانب اس آپریشن کے ردعمل میں حوثی باغیوں نے بھی بھرپور مزاحمت جاری رکھی، علاوہ ازیں باغیوں نے سعودی شہر جازان پر اپنے میزائل حملے تیز کردیے ہیں۔

    گذشتہ دنوں یمنی فورسز اور باغیوں میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جس کے باعث 73 حوثی باغیوں کی ہلاکتیں جبکہ 11 یمنی فوجی بھی حملوں میں مارے گئے تھے۔

  • روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے بنگلادیش حکام کا عالمی برادری پر دباؤ

    روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے بنگلادیش حکام کا عالمی برادری پر دباؤ

    ڈھاکہ: روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی کے لیے بنگلایش حکام نے عالمی برادری پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میانمار سے نسل کش فسادات کے باعث ہجرت کرکے بنگلادیش میں پناہ لینے والے لاکھوں مہاجرین کی واپسی کے لیے حکام کا عالمی برادری پر دباؤ سامنے آگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے عالمی برادری پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ میانمار حکام پر روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے زور دے۔

    شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ملکی ماحولیات، مقامی آبادی اور وسائل پر منفی اثرات کے باوجود انسانی بنیادوں پر روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد کو پناہ دی ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک بھی اس عمل میں اپنا کردار ادا کرے، تاکہ روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی یقینی ہوسکے۔

    روہنگیا مظالم: آنگ سان سوچی کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا

    یاد رہے چند روز قبل اقوام متحدہ نے ‫میانمارکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور اجتماعی زیادتی میں ملوث قرار دے کر میانمار کے آرمی چیف اور پانچ جنرلز سمیت اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی۔

    تاہم میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکھین سے گزشتہ برس اگست کے مہینے میں ملکی فوج کے کریک ڈاؤن کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیا باشندے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔

  • ایران کا معاملہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے

    ایران کا معاملہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں ماہ 26 ستمبر کو نیویارک میں عالمی رہنماؤں کی بیٹھک لگے گی جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ 26 ستمبر کو نیویارک میں عالمی رنماؤں کے سالانہ اجتماع کے دوران سلامتی کونسل میں ایران کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت اور خطاب کریں گے۔

    البتہ یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکی صدر اپنے خطاب میں ایران کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالیں گے، اور ایران کو مشرقی وسطیٰ کے لیے خطرہ قرار دیں گے۔

    علاوہ ازیں ایرانی صدر حسن روحانی 25 سمتبر کو ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جبکہ سلامتی کونسل میں بھی ایران گفتگو کا مطالبہ کرسکتا ہے۔

    امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کا تیل کی فروخت جاری رکھنے کا عزم

    دوسری جانب امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیاں اور دباؤ کے باوجود ایران نے تیل کی فروخت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ امریکا ایرانی تیل کی برآمد کو ہدف بنا کر اُن کے ملک پر پابندیوں کا نفاذ چاہتا ہے، ایسی امریکی کوششوں کے باوجود ایرانی خام تیل کی پروڈکشن اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت جاری رکھی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ایران کی معاشی صورت حال ان دنوں شدید بحران کا شکار ہے، گذشتہ روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

  • خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    نیویارک سٹی: اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے باعث رواں سال دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے ستمبر تک افغانستان میں دو لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے کوارڈینیشن دفتر برائے انسانی معاملات نے اپنے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ تیس ہزار وہ افغان شہری ہیں جو صوبہ غزنی میں اگست کے وسط میں ہونے والی لڑائی کی وجہ سے عارضی طور پر بے گھر ہوئے تھے۔

    افغانستان میں ان دنوں طالبان نے حملے بھی تیز کردیے ہیں، قبل ازیں مختلف علاقوں میں جاری تنازعات کے سبب افغانستان میں گزشتہ برس 445,000 سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے۔

    کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے، 20 افراد ہلاک

    خیال رہے کہ آج افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    واضح رہے کہ علی الصبح بھی عسکریت پسندوں کی جانب سے افغانستان کے دو مختلف صوبوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے تنیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب افغانستان کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا، وزیر اعظم عمران خان سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

  • گستاخانہ خاکے ہرمسلمان کامسئلہ ہے، اقوام متحدہ کےسامنے معاملہ اٹھائیں گے: وزیراعظم

    گستاخانہ خاکے ہرمسلمان کامسئلہ ہے، اقوام متحدہ کےسامنے معاملہ اٹھائیں گے: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکے ہرمسلمان کامسئلہ ہے،اقوام متحدہ کےسامنے یہ معاملہ اٹھائیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کیا. وزیراعظم نے کہا کہ نیدرلینڈزمیں شائع  ہونے والے گستاخانہ خاکے ایک سنگین مسئلہ ہے.

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حضرت محمدﷺہمارےدل میں رہتےہیں، ان کی شان میں گستاخی سے ہم سب کوتکلیف ہوتی ہے.

    وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسلمان ممالک مل کرہی مغرب کو سمجھا سکتے ہیں، مسلمان ممالک اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر یواین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں.

    مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے: ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لیے پٹیشن دائر

    ان کا کہنا تھا کہ اوآئی سی کےممبرممالک سےبات چیت شروع کردی ہے، اقوام متحدہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں گے، مسلم امہ اوآئی سی کے فورم سے اقوام متحدہ میں بات کرے.

    وزیراعظم نے کہا کہ شاہ محمودقریشی کو اس حوالے سے ہدایات دے دی ہیں، وزیرخارجہ نےکئی مسلم ممالک سےرابطےشروع کردیے ہیں، وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اس حوالےسےمیٹنگزکریں گے، انشااللہ ہم مضبوط و منظم احتجاج کریں گےاورکامیاب ہوں گے.

  • برمی فوج روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں‌ ملوث ہے، اقوام متحدہ

    برمی فوج روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں‌ ملوث ہے، اقوام متحدہ

    نیو یارک : اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے گئے مظالم سے متعلق شائع کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں برما کے 6 اعلیٰ فوجی افسران پر عالمی کرمنل کورٹ میں مقدمہ چلانے کی تجویز پیش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی پر جاری تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برما کی فوج نے مسلم اکثریتی والے علاقے رخائن میں روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں جو عالمی قوانین کی نظر میں جرم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ریاست رخائن میں میانمار کی فوج نے سیکڑوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا، مذکورہ اقدامات جنگی جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں ادارے نے برما کی فوج کے 6 اعلیٰ افسران کے نام شائع کیے گئے ہیں جن پر روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور انسانیت سوز مظالم پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ برما کی سربراہ و نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام روکنے میں ناکام رہیں ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں تجویز پیش کی گئی ہے برماکی ریاست رخائن اور دیگر مسلم اکثریتی والے علاقوں میں ہونے والے مظالم کو عالمی کرمنل کورٹ بھیجنا چاہیے۔

    رپورٹ میں کچن، شان اور رخائن میں ہونے والے جرائم کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں قتل و غارت، قید، اذیت، ریپ، جنسی قیدی اور دیگر ایسے جرائم شامل ہیں

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ برمی حکومت اور فوج جن جرائم کو معمول کی کارروائی کے طور پر مسلسل انجام دے رہے ہیں، جس کے باعث گزشتہ 12 ماہ کے دوران میانمار میں تقریباً 7 لاکھ روہنگیا مسلمان ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

  • فلسطین میں‌ امن کے لیے اقوام متحدہ کی تجویز کو اسرائیل نے مسترد کردیا

    فلسطین میں‌ امن کے لیے اقوام متحدہ کی تجویز کو اسرائیل نے مسترد کردیا

    نیویارک : غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کے تحفظ اور پامال ہونے والے انسانی حقوق کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ میں پیش کی گئی تجویز کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر کئی دہائیوں سے قابض صیہونی ریاست اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام کے حقوق کو روندتے ہوئے اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے پیش کی جانے والی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جان و مال کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پیش کی تھی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گویٹریس کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے پامال ہونے والے حقوق پر 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی تھی اور ساتھ ہی ساتھ 4 تجاویز بھی پیش کی تھیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تجاویز پیش کی تھیں فلسطین میں انسانی امداد بڑھائی جائے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مبصرین کو فلسطین بھیجا جائے، فلسطین کے معاملے پر غیر مسلح مبصرین کی خدمات لی جائیں اور اقوام متحدہ کی تفویض کردہ سیکورٹی فورس کو فلسطین میں تعینات کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے گذشتہ 50 برس کے زائد عرصے سے فلسطین پر فوجی قبضہ کیا ہے۔

    انتونیو گریٹریس نے رپورٹ میں کم زور سیاسی اداروں اور امن و امان کی کوششوں میں تعطل کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عملی، قانونی اور سیاسی طور پر مشکل اور پیچیدہ عمل بن چکا ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہریوں کو صرف سیاسی حل کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے اور جب تک کوئی حل نہیں نکلتا اس وقت تک اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کو فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر کام کرنا چاہیے جو اسرائیلیوں کے لیے تحفظ کا باعث ہوں گے۔