Tag: UN

  • ایڈز کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں: وزیر صحت

    ایڈز کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں: وزیر صحت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کا کہنا ہے کہ وزارت صحت ایڈز کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، موجودہ حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ایڈز کنٹرول پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کی وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں صحت کے شعبے بالخصوص ایڈز کی موجودہ صورتحال اور اس کے خاتمے کے لیے درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر صحت عبد القادر پٹیل کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وزارت صحت ایڈز کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایڈز کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ایڈز کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے۔

    ملاقات میں پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں ایڈز کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

  • بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی

    بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی

    اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی، اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور کرلی گئی، چین، امریکا اور روس بھی پاکستان کے لیے ایک صفحے پر آگئے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں 141 ممالک کی پاکستان میں موسمیاتی تباہی پر قرارداد منظور ہو چکی ہے، چین، امریکا اور روس قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہونے پر چین، امریکا اور روس کے شکر گزار ہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کا بھی شکر گزار ہوں۔

  • آرمی چیف کی اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات

    آرمی چیف کی اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات

    اسلام آباد: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات ہوئی، یو این ملٹری ایڈوائزر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کے امور کے فروغ کے لیے ملٹری ایڈوائزر کے کردار کو سراہا۔

    دوسری جانب یو این ملٹری ایڈوائزر نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے سیلاب متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    ملٹری ایڈوائزر نے امن دستوں اور انسداد دہشت گردی امور میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

  • یمن کے ساحل پر برسوں سے کھڑے خراب بحری جہاز کے لیے 17 ممالک مدد کو آ گئے

    یمن کے ساحل پر برسوں سے کھڑے خراب بحری جہاز کے لیے 17 ممالک مدد کو آ گئے

    یمن کے ساحل پر برسوں سے کھڑے خراب بحری جہاز کے لیے 17 ممالک مدد کو آ گئے، ماحولیاتی بحران سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے درکار 75 ملین ڈالر جمع ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کے ساحل کے قریب بحیرہ احمر میں پھنسے زنگ آلود آئل ٹینکر سے نمٹنے کے لیے مناسب فنڈز مل گئے ہیں، جس سے جلد ہی اس کے گلنے سڑنے کے خطرات سے بچاؤ کا آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔

    عرب نیوز کے مطابق یمن کے لیے اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر ڈیوڈ گریلسے نے کہا ہے کہ 17 ممالک نے آپریشن کے پہلے مرحلے کے لیے درکار 75 ملین ڈالر جمع کرنے میں تعاون کیا ہے، جس میں سعودی عرب کے دس ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔

    نیدرلینڈز نے 7 ملین ڈالر کا عطیہ دیا، اس بحری جہاز پر ایک اعشاریہ 14 ملین بیرل تیل موجود ہے، جو سات سال سے یمن کے ساحل کے قریب کھڑا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق اگر تیل سمندر میں بہہ جاتا ہے تو صفائی کے آپریشن پر 30 ارب ڈالر تک کا خرچہ آ سکتا ہے۔

    ڈیوڈ گریلسے کے مطابق اگر اس مسئلے سے درست طور پر نہ نمٹا گیا تو ایک ماحولیاتی بحران آ سکتا ہے، جس سے نہ صرف یمن متاثر ہوگا بلکہ قریبی ممالک بھی لپیٹ میں آئیں گے، جن میں سعودی عرب اور صومالیہ بھی شامل ہیں، جب کہ ماہی گیری اور جہاز رانی میں بھی خلل پڑے گا۔

    بچاؤ آپریشن 2 مراحل پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے میں تیل کو محفوظ طور پر منتقل کیا جائے گا۔ گریسلے کا کہنا تھا کہ امید ہے اگلے ماہ کے آخر تک رقوم ہاتھ میں آ چکی ہوں گی۔

    یاد رہے کہ 2015 میں یمن کے مغربی ساحلی شہر الحدیدہ میں صافر نامی آئل ٹینکر کو اس وقت بین الاقوامی میرین انجینیئرز لاوارث چھوڑ کر چلے گئے تھے جب حوثیوں نے وہاں کا کنٹرول سنبھالا تھا۔

  • جوہری مذاکرات کیوں معطل ہوئے؟ ایرانی صدر نے یو این جنرل اسمبلی خطاب میں بتا دیا

    جوہری مذاکرات کیوں معطل ہوئے؟ ایرانی صدر نے یو این جنرل اسمبلی خطاب میں بتا دیا

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے جوہری پروگرام کی معطلی کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابراہیم رئیسی نے بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا، گزشتہ سال اگست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ امریکا تھا۔

    جوہری مذاکرات کیوں معطل ہوئے؟ ایرانی صدر نے یو این جنرل اسمبلی خطاب میں بتایا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ اپنی بات چیت میں لچک کا مظاہرہ کیا تھا، لیکن امریکا کی جانب سے ماضی کی وہی پرانی کہانیاں دہرائی جا رہی تھیں۔

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تہران کے جوہری پروگرام پر 2015 کے معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات میں تعطل کا الزام امریکا پر عائد کیا۔

    خیال رہے کہ ایران 2018 میں اُس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں جوہری معاہدے سے نکل گیا تھا، انھوں نے کہا ماضی کی وہی پرانی کہانیاں دہرائی جا رہی تھیں‘ جن کی وجہ سے معاہدے میں واپسی کے امریکا کے حقیقی عزم پر کافی شکوک پیدا ہو رہے تھے۔

    ایرانی صدر نے اسکارف پہننے کے انداز پر گرفتار خاتون کی موت پر بھی بات کی، انھوں نے کہا انسانی حقوق کے حوالے سے مغربی ممالک کا معیار ’دوہرا‘ ہے، جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ خاتون کی موت پر ایران میں شدید مظاہرے جاری ہیں، جب کہ مغربی ممالک اس پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ حکومتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

  • اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے ہیں، حنا ربانی کھر نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 2 روزہ دورے پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حکومت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    انتونیو گوتریس نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر امداد کی جائے، انھوں ںے کہا میں تباہ کن سیلاب سے متاثر افراد سے اظہار یک جہتی کے لیے پاکستان پہنچا ہوں، پاکستان موسمیاتی تباہی سے نبرد آزما ہے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان سے محبت نئی نہیں ہے، انتونیو گوتریس اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔

    انتونیو گوتریس اس سے قبل 10 سال تک مہاجرین کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں، یو این سیکرٹری جنرل نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

    یواین قیادت نےعالمی سطح پر پاکستان کی پُرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا، اور امن مشنز میں پاکستانی خواتین کے نہایت متاثر کُن کردار کو ہمیشہ سراہا۔

    خیال رہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے امن مشنر میں خواتین کی نمائندگی اور درجہ بندی پر خصوصی توجہ دی۔

  • فلسطینی صحافی کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل قرار

    فلسطینی صحافی کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل قرار

    جنیوا: اقوام متحدہ نے فلسطینی مقتول صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولیاں اسرائیلی فورسز نے چلائی تھیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان کے پاس جمع کی گئی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ 11 مئی کو الجزیرہ کی صحافی شیریں ابو عاقلہ پر گولیاں اسرائیلی فورسز نے چلائی تھیں۔

    اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر) کی ترجمان روینہ شامدسانی نے جمعہ کو جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے جو بھی معلومات اکٹھی کی ہیں وہ اس بات سے مطابقت رکھتی ہیں کہ ابو عاقلہ کو ہلاک کرنے اور اس کے ساتھی علی صمودی کو زخمی کرنے والی گولیاں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی طرف سے آئیں نہ کہ مسلح
    فلسطینیوں کی فائرنگ سے۔

    الجزیرہ کی صحافی شرین ابو عاقلہ کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت ہلاک کر دیا تھا جب وہ شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پر فوجی چھاپے کی کوریج کر رہی تھیں، ان کے قتل سے فلسطینیوں اور دنیا بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

    بعد ازاں اسرائیلی پولیس نے ان کے جنازے میں شریک افراد پر بھی حملہ کیا، جس سے ابو عاقلہ کا تابوت تقریباً زمین پر گر گیا۔

    متعدد عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے تجربہ کار رپورٹر کو ہلاک کیا اور کئی میڈیا اداروں کی جانب سے کی گئی تحقیقات بھی اسی نتیجے پر پہنچی ہیں۔

    اسرائیلی حکام، بشمول وزیر اعظم نفتالی بینیٹ، نے ابتدائی طور پر یہ دلیل دینے کی کوشش کی کہ فلسطینی بندوق بردار ابو عاقلہ کو ہلاک کر سکتے ہیں۔ تاہم، اسرائیلی بعد میں پیچھے ہٹ گئے اور کہا کہ وہ اس امکان کو رد نہیں کر سکتے کہ یہ گولی کسی اسرائیلی فوجی نے چلائی تھی۔

    اسرائیل نے ابھی تک یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ آیا کسی کو اس قتل پر مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا یا نہیں اور اس نے اندرونی تحقیقات سے سامنے آنے والے نتائج کو بھی جاری نہیں کیا ہے۔

    الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے 26 مئی کو اعلان کیا تھا کہ اس نے اس معاملے میں انصاف کے لیے ایک قانونی ٹیم تشکیل دی ہے جو دی ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے رجوع کرے گی۔

    اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنانے پر آئی سی سی میں دائر کیس پر کام کرنے والے وکلا نے بھی کہا ہے کہ وہ ابو عاقلہ کے قتل کو اپنے کیس میں شامل کریں گے۔

  • سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    نیویارک: اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قراردادوں اور فیصلوں پر عملدر آمد میں دہرا معیار باعث تشویش ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ظالمانہ قبضے کی عالمی مثال ہے، مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ 75 سال سے بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکاری ہے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بھی کی ہیں، 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں تعینات ہے، بھارت عالمی فوجداری قانون کی خلاف ورزیوں کا سہارا لے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود کا استعمال بھی شامل ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائے، اقوام متحدہ چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی مستقل پابندی ناگزیر ہے۔

  • 21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں، یو این سیکریٹری جنرل کیف پہنچ گئے

    21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں، یو این سیکریٹری جنرل کیف پہنچ گئے

    کیف: یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کیف پہنچ گئے ہیں، انھوں نے یوکرین کے مرکزی شہر کیف کے علاقے بورودینکا اور باکا (Bucha) کا دورہ کیا۔

    انتونیو گوتریس نے بورودینکا کے دورے کے موقع پر جنگ کو برائی اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی میں کوئی جنگ قابل قبول نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب واقع یہ قصبہ روسی قبضے کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔

    انھوں نے کہا میں ان گھروں میں سے ایک میں اپنے خاندان کا تصور کرتا ہوں جو اب تباہ اور سیاہ ہو چکے ہیں، میں اپنی پوتیوں کو گھبراہٹ میں بھاگتے ہوئے دیکھتا ہوں، 21 ویں صدی میں جنگ ایک مضحکہ خیز چیز ہے، جنگ بری چیز ہے، جنگ قابل قبول نہیں ہے۔

    گوتریس نے بعد ازاں، باکا قصبے کے دورے کے دوران روس پر بھی زور دیا کہ وہ یوکرین پر حملے کے دوران کیے گئے ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے ساتھ تعاون کرے۔

    انھوں نے کہا میں آئی سی سی کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور میں روسی فیڈریشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ تعاون کرے، لیکن جب ہم جنگی جرائم کی بات کرتے ہیں تو ہم یہ نہیں بھول سکتے کہ بدترین جرم خود جنگ ہے۔

    واضح رہے کہ باکا کیف کے باہر ایک قصبہ ہے جہاں روسی فوجیوں کے انخلا کے بعد سینکڑوں مردہ شہری ملے تھے۔

  • ’باکا میں شہریوں کی لاشوں کی تصاویر دیکھ کر گہرے صدمے سے دوچار ہو گیا ہوں‘

    ’باکا میں شہریوں کی لاشوں کی تصاویر دیکھ کر گہرے صدمے سے دوچار ہو گیا ہوں‘

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب باکا قصبے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تصاویر دیکھ کر انھیں ‘گہرا صدمہ’ پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ 410 شہریوں کی لاشیں کیف کے ان علاقوں سے ملی ہیں جہاں سے روسی افواج نے انخلا کیا ہے۔

    لاشوں کی تصاویر دیکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

    الجزیرہ نے اس حوالے سے ایک شاکنگ فوٹیج بھی جاری کی ہے، جس میں جگہ جگہ بکھری لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم دوسری طرف روس کی وزارت دفاع نے اس بات کی تردید کی ہے کہ روسی افواج نے باکا میں شہریوں کو ہلاک کیا۔

    روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے قصبے باکا (Bucha) میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی فوٹیج امریکا نے روس پر الزام لگانے کی سازش کے تحت ‘تیار’ کی ہے۔ ماسکو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ باکا میں ‘یوکرینی بنیاد پرستوں کی اشتعال انگیزی’ کے بارے میں بات کرنے کے لیے اجلاس طلب کرے۔

    ماریہ زاخارووا نے کہا کہ مرنے والے شہریوں کی تصاویر پر فوری طور پر مغربی شور و غل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کہانی روس کی ساکھ کو خراب کرنے کے منصوبے کا حصہ تھی۔