Tag: UN

  • 38 لاکھ سے زائد شہری یوکرین چھوڑ کر بھاگ گئے

    38 لاکھ سے زائد شہری یوکرین چھوڑ کر بھاگ گئے

    کیف: اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کا کہنا ہے کہ روس کے حملے کے بعد سے 3.8 ملین سے زیادہ لوگ یوکرین سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ایجنسی نے کہا ہے کہ یوکرین چھوڑنے والے 38 لاکھ 66 ہزار 224 افراد میں سے تقریباً 90 فی صد خواتین اور بچے ہیں۔

    یو این ادارے نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر یوکرینی شہری پولینڈ بھاگ گئے ہیں، 2.2 ملین سے زیادہ لوگ یوکرین کے مغربی پڑوس میں داخل ہوئے ہیں، 5 لاکھ سے زیادہ رومانیہ میں داخل ہو چکے ہیں، جب کہ مالڈووا اور ہنگری میں 3 لاکھ سے زیادہ مہاجرین داخل ہوئے ہیں۔

    UNHCR نے کہا ہے کہ انھوں نے ہمسایہ ممالک کے اُن شہریوں کو شمار نہیں کیا، جو یوکرین چھوڑ کر وطن واپس گئے ہیں۔

    یوکرین نے شہری انخلا روک دیا

    یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے عارضی طور پر روسی ‘اشتعال انگیزی’ کے خطرے کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے ذریعے شہریوں کے انخلا کا عمل روک دیا ہے۔

    ماریوپول کے میئر کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی بندرگاہی شہر ایک انسانی تباہی کے دہانے پر ہے، یہ شہر روس کے قبضے میں آ چکا ہے، دوسری طرف دارالحکومت کیف کا کہنا ہے کہ وہ غیر جانب دار حیثیت اختیار کرنے پر ماسکو کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

    کیف ماسکو کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے نئے دور کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ آلودگی، موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ سائیکل چلا کر کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آلودگی اور موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگوں میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دیا جائے گا۔

    یہ قرارداد دنیا کے 193 ممالک نے منظور کی، اور اسے اقوام متحدہ میں ترکمانستان نے پیش کیا تھا۔

    خیال رہے کہ سائیکلنگ ایک بہترین جسمانی سرگرمی یا ورزش سمجھی جاتی ہے، ماہرین صحت اس کی تجویز دیتے ہیں، ایندھن والی سواریوں کے مقابلے میں سائیکل کے استعمال سے ظاہر ہے کہ آلودگی کم ہو سکتی ہے۔

    اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو تجویز دی گئی ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے شہری اور دیہی علاقوں کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سائیکل کو بھی شامل کیا جائے۔

    سڑک پر سائیکل چلانے والوں کے لیے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور بائیک کی سواری کے فروغ سے دیرپا ترقی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا عالمی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    ترکمانستان نے اپنی پیش کردہ قرارداد کے ذریعے تجویز دی کہ دنیا بھر میں جب بھی اور جہاں بھی عالمی، علاقائی اور ملکوں کی قومی ترقی کی پالیسی اور پروگرام مرتب کیے جائیں، ان میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جائیں۔

  • میانمار فوج نے شہریوں کے ساتھ کیا کیا؟

    میانمار فوج نے شہریوں کے ساتھ کیا کیا؟

    میانمار: اقوام متحدہ نے ایک چشم کشا رپورٹ جاری کی ہے کہ میانمار فوج نے شہریوں پر بہیمانہ ظلم کیا، انھیں پکڑ کر سروں میں گولیاں ماری گئیں، اور زندہ جلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے میانمار میں گزشتہ سال کی فوجی بغاوت کے بعد انسانی حقوق کی صورت حال پر منگل کو اپنی پہلی جامع رپورٹ میں کہا ہے کہ میانمار کی فوج منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے، جن میں سے بہت سے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق فروری 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد سے میانمار میں فوج انسانی حقوق کی منظّم خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔

    اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے کہا کہ بہت سے افراد کو سر میں گولیاں ماری گئیں، زندہ جلایا گیا، کسی الزام کے بغیر گرفتار کرکے اذیتیں دی گئیں یا انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا۔

    اقوام متحدہ نے رپورٹ میں عالمی برادری سے میانمار کے خلاف بامعنی کارروائی کرنے کی اپیل بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق میانمار فوج نے کم از کم 16 سو افراد کو ہلاک کیا جب کہ ساڑھے 12 ہزار سے زائد قید میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی فوج نے سگینگ خطے میں بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جہاں بہت سی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں، جب کہ کایاہ ریاست میں خواتین اور بچوں کی جلی ہوئی لاشیں پائی گئیں۔ گرفتار شدگان کو دورانِ تفتیش اذیتیں دی گئیں، الٹا لٹکایا گیا، بجلی کے جھٹکے دیے گئے، منشیات کے انجکشن دیے گئے اور جنسی زیادتی بھی کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس میانمار فوج نے اقوام متحدہ اور اس کے آزاد ماہرین پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غیرمصدقہ اطلاعات اور مخالف گروہوں کے بیانات پر انحصار کرتے ہیں۔ جب کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ متاثرین سے بات چیت اور عینی شاہدین کے بیانات پر مبنی ہے جس میں تصاویر اور مصدقہ وڈیوز کے علاوہ دیگر ذرائع سے دستیاب اطلاعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ فروری 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کو برطرف کرنے کے بعد سے فوج کو عوامی مخالفت کا سامنا ہے، 2021 کی فوجی بغاوت سے پہلے بھی میانمار فوج نے روہنگیا مسلم اقلیتی آبادی کے متعدد گاؤں نذرآتش کیے اور انھیں قتل کیا۔

  • روس نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو ‘ویٹو’ کردیا

    روس نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو ‘ویٹو’ کردیا

    نیویارک: روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کے خلاف ‘جنگ’ روکنے کی قرار داد ویٹو کردی۔

    غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قرارداد میں یوکرین کے خلاف روسی ’جارحیت‘ کی مذمت کی گئی تھی اور فوج کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا، سلامتی کونسل کے 15 میں سے 11 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا، چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

    اجلاس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوٹریس نے کہا کہ روسی فوجیوں کو بیرکس میں واپس جاناچاہیے، امن کو ایک اور موقع دینا چاہیے، ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

    دوسری جانب روسی دستوں نے یوکرین کے شہر ‘میلیٹوپول’ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے،میلیٹوپول میں کسی قسم کی مزاحمت کاسامنا نہیں کرناپڑا۔

    یہ بھی پڑھیں: یوکرین کے لیے امداد کے ڈھیر لگ گئے

    روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا،مغربی ممالک کےساتھ تعلقات ’’پوائنٹ آف نوریٹرن‘‘پرپہنچ رہے ہیں، ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخاروا نے کہا کہ امریکا سے تعلقات اب معمول کے مطابق نہیں چلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مغرب روس پر اپنی کالونی بنانےکا نظریہ مسلط کرنے میں ناکام رہا۔

    ادھر کینیڈا، امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے جمعے کے روز روس پر مزید پابندیاں لگانے کا اعلان کیا جن میں صدر پوتن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر ذاتی پابندیاں بھی شامل ہیں۔

     

  • افغانستان کا اقوام متحدہ سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ

    افغانستان کا اقوام متحدہ سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ

    کابل: افغان وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان سے متعلق ذمہ دارانہ رویہ اپنائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغان وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل کی نگران کمیٹی کی رپورٹ، جس میں افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھنے کی خبر دی گئی ہے، مسترد کر دی ہے۔

    امارت اسلامیہ افغانستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ شواہد اور ثبوتوں کے بغیر ایسی بے بنیاد رپورٹوں کو افغانستان اور خطے کے مفاد میں نہیں سمجھتی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جب کہ امارت اسلامیہ کو جب سے حکومت ملی ہے، افغانستان میں بہترین امن و امان قائم ہے۔

    وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ امارت اسلامیہ دوحہ معاہدے پر پوری طرح کار بند ہے، اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیتی کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرے، اور دوسروں سے بھی اسی احترام کی توقع رکھتی ہے۔

    وزارت خارجہ نے کہا امارت اسلامیہ ایک ذمہ دار نظام کے طور پر اپنے موجود وسائل اور حالات کے مطابق افغانستان اور خطے کے امن کے لیے مثبت کردار کر رہی ہے۔

    وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل سمیت تمام فریق ان حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں۔

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا اور روس آمنے سامنے

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا اور روس آمنے سامنے

    نیویارک: امریکا کی درخواست پر بلائے گئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں یوکرین کے معاملے پر امریکا اور روس آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشرقی یورپ میں فوجی تعطل پر ماسکو کو بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے، امریکا نے یوکرین کے قریب اپنی فوجیں جمع کرنے پر روس پر تنقید کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پیر کے اجلاس کا استعمال کیا ہے۔

    واشنگٹن نے روس کو یوکرین پر حملے کی صورت میں سخت پابندیوں کی دھمکی دی ہے، امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین نے اجلاس سے قبل کہا کہ روسی اقدامات عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ جب کہ روسی نائب سفیر نے کہا کہ امید ہے سلامتی کونسل امریکی پی آر اسٹنٹ کی حمایت نہیں کرے گا۔

    ادھر روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کے درمیان سیکیورٹی کونسل کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہونے کا امکان ہے۔

    اجلاس کے ذریعے امریکا نے ماسکو پر یوکرین کی سرحد پر تعینات ایک لاکھ سے زائد فوجیوں کو واپس بلانے کے لیے دباؤ ڈالا۔

    اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ روس کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین قلب پر حملے کے مترادف ہیں، یہ امن اور سلامتی کے لیے اتنا ہی واضح خطرہ ہے جتنا کہ کوئی تصور کر سکتا ہے۔

    انھوں نے اپنے الفاظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میری بات واضح طور پر سن لیں، کئی دہائیوں میں یہ یورپ میں فوجیوں کی نقل و حرکت کی کارروائیوں میں سب سے بڑی نقل و حرکت ہے۔

    دوسری طرف روسی سفیر واسیلی نیبنزیا نے سختی سے امریکا کے دلائل کو مسترد کر دیا، اور واشنگٹن پر الزام لگایا کہ وہ بیان بازی کے ذریعے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔

    نیبنزیا نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود حملے کی دعوت دے رہے ہیں، آپ چاہتے ہیں کہ یہ ہو، اور آپ اس کے ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، گویا آپ اپنے الفاظ کو حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔

  • بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں ہے،منیراکرم

    بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں ہے،منیراکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کردیا ہے۔

    سلامتی کونسل کا ’’مسلح تنازعات میں شہریوں کا تحفظ‘‘کے موضوع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ مسلح تصادم میں شہریوں کی حفاظت عالمی انسانی قانون کا بنیادی ستون ہے، جب فوجی کارروائی کا مقصد شہریوں کو دبانا ہے تو کیسے تحفظ دیا جائے؟

    منیراکرم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پورے محلوں، شہری مراکز اور دیہاتوں کو تباہ کیا گیا، قابض بھارتی فوج 96 ہزار کشمیریوں کو قتل کرچکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:برطانوی ہاؤس آف کامنز نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر وضاحت طلب کرلی

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی "ماں” بھارت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ   بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتاہے، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے جرائم کانوٹس لے۔

    دوسری جانب بھارت کا یوم جمہوریہ آج مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، کل جماعت حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی، بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

  • آتش فشاں پھٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا اہم بیان

    آتش فشاں پھٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا اہم بیان

    بحرالکاہل میں واقع ملک ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے آنے والے بدترین سونامی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی جانب سے 2 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ٹونگا میں دو افراد لاپتا ہیں اور ٹونگا ٹاپُو جزیرے کے ساحلی علاقے میں عمارات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

    پیسیفک آئی لینڈز کے اس ملک میں ہونے والے نقصان کی شدت کا پتا نہیں لگ سکا ہے کیوں کہ اس علاقے میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ مواصلات کافی محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔

    تاہم گزشتہ روز بین الاقوامی تنظیم صلیب احمر نے ٹونگا میں سونامی کے باعث 80 ہزار لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

    ٹونگا میں آتش فشاں پھٹ گیا، کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری

    اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی اُمور رابطہ کاری نے پیر کے روز بتایا کہ دو افراد لاپتا ہیں تاہم کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، سونامی کی وجہ سے دارالحکومت میں بنیادی انفرا اسٹرکچر کو خاصا نقصان پہنچا۔

    اقوام متحدہ کے سٹیلائٹ مرکز نے آتش فشانی اور گرد و نواح کی مصنوعی سیارے سے کھینچی گئی تصاویر جاری کی ہیں جو آتش فشانی سے پہلے اور بعد میں لی گئی تھیں، جن سے ٹونگا ٹاپُو کے ساحلی علاقے میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ ہفتے کو ٹونگا میں آنے والی تباہی کے بعد ملک میں ہنگامی حالت کا نفاذ ہے جب کہ خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے بعد حکام نے دنیا سے پانی اور خوراک فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • وزیر اعظم کی بڑی کامیابی، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا

    وزیر اعظم کی بڑی کامیابی، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے گرین وژن کی دنیا بھر میں پذیرائی جاری ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 10 بلین ٹرین سونامی اور پروٹیکٹڈ ایریا اینیشی ایٹو کی ایک اور کامیابی سامنے آ گئی ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا ہے۔

    پاکستان کو یو این ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی نے فاریسٹری چیمپئن قرار دیا ہے، پاکستان بطور ریجنل چیمپئن ایشیائی ممالک کی فاریسٹری منجمنٹ میں مدد کرے گا، معاون خصوصی ملک امین اسلم کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔

    پاکستان نےعالمی یوم ماحولیات پر اسلامی ممالک، دنیا بھر میں قائدانہ کردار ادا کیا، اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں صرف 3 ممالک کو فاریسٹری چیمپئن منتخب کیا ہے، براعظم افریقہ اور براعظم امریکا سے بھی ایک ایک ملک فاریسٹری چیمپئن بنایا گیا۔

    اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ فاریسٹری چیمپئن سے متعلق ابتدائی طور پر آگاہ کیا تھا، اب اقوام متحدہ نے باضابطہ اعلان کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ پاکستان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی ایشیا بھر میں اپنا کردار ادا کرے۔

    ملک امین اسلم نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے وژن نے عالمی برادری میں پاکستان کو عزت دلا دی ہے، پاکستان کو ماحول دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کے باعث یہ اعزاز ملا ہے، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات کے اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  • افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے۔

    اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مالیاتی اور بینکنگ ادائیگی کا نظام درہم برہم ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ افغان عوام کی جانب سے قرض ادائیگی میں ناکامی سے مالیاتی نظام تباہ ہوا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغان بینکنگ سسٹم بچانے کے لیے مختصر مدت کے لیے ضروری لیکیوڈٹی یقینی بنائی جائے۔ افغان بینکنگ سسٹم ناکارہ ہو جائے تو کئی دہائیاں ٹھیک ہونے میں لگیں گی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے، افغانستان کے بینکوں کو سہارا دینے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔