Tag: UN

  • اقوام متحدہ کے نیوکلیئر چیف ایران کا دورہ کریں گے

    اقوام متحدہ کے نیوکلیئر چیف ایران کا دورہ کریں گے

    تہران: اقوام متحدہ کے نیو کلیئر چیف اگلے ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی 22 نومبر کو ایران کا دورہ کریں گے۔

    بدھ کو ایران کے سرکاری میڈیا نے ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال وندی کے حوالے سے بتایا کہ گروسی پیر کو تہران پہنچیں گے۔

    اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے سربراہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب تہران اور عالمی طاقتیں، 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

    رافیل گروسی

    گروسی کا یہ دورہ آئی اے ای اے کے 35 ملکی بورڈ آف گورنرز کے اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس سے عین قبل ہوگا۔

    مغربی طاقتوں نے ستمبر میں ایران پر تنقید کرنے والے بورڈ کی قرارداد کے منصوبے کو ختم کر دیا تھا، جب تہران نے 12 ستمبر کو کچھ جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کو طول دینے پر اتفاق کیا، اور گروسی کو باقی مسائل پر بات چیت کے لیے تہران آنے کی دعوت دی۔

    کمال وندی نے کہا کہ گروسی اپنے دورے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور ایران کے جوہری سربراہ سے ملاقات کریں گے۔

  • زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    گلاسکو: اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی یو این کانفرنس کوپ 26 میں شرکا آخرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے ہیں، اجلاس میں عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری تک رکھنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں آب و ہوا سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں ایک روز کی توسیع کے بعد، بالکل آخری لمحات میں تبدیلیاں کی گئیں، اور شرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے۔

    اراکین نے اس پر اتفاق کیا کہ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کی اوسط شرح کو، صنعتی دور سے پہلے کی سطحوں سے، 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    سمجھوتے کے مطابق ممالک 2022 کے آخر تک 2030 تک کے اپنے اخراج میں کمی کے اہداف کا جائزہ لیں گے اور انھیں مستحکم بنائیں گے۔

    اس سمجھوتے میں ممالک سے 2015 کے پیرس معاہدے سے زیادہ مضبوط اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں مذکورہ اضافے کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے خاصا کم رکھنے کا کہا گیا تھا، اب نیا ہدف اس حد کو 1.5 ڈگری رکھنا ہے۔

    آب و ہوا سے متعلق گلاسکو سمجھوتے کے تحت ترقی پذیر ممالک کو اقدامات اٹھانے کے لیے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاکہ وہ کوئلے سے بجلی کی بے دریغ پیداوار کو مرحلہ وار کم کرنے کی جانب کوششوں میں تیزی لائیں۔

  • اقوامِ متحدہ کے 16 ارکان، ایتھوپیا میں گرفتار

    اقوامِ متحدہ کے 16 ارکان، ایتھوپیا میں گرفتار

    عدیس ابابا: افریقی ملک ایتھوپیا میں اقوام متحدہ کے 16 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان اقوامِ متحدہ نے ارکان کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک میں جانتا ہوں، ہمیں اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی کہ عملے کے ارکان کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے؟، حراست میں لئے گئے تمام ارکان ایتھوپین شہری ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس معاملے پر ایتھوپیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں تاکہ فوری طور پر زیر حراست افراد کی بازیابی کو ممکن بنایا جاسکے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد کا تعلق ٹیگرے نسل سے ہیں۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے ایتھوپیا میں یو این ارکان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان امریکہ محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ ٹیگرے نسل کی خواتین اور بچوں کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں،ایتھوپیا کی حکومت نسلی بنیادوں پرگرفتاریاں کر رہی ہے، ایتھوپیا میں نسلی بنیادوں پر ہونے والی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔

    ادھر ایتھوپیا پولیس کا کہنا ہے کہ یو این ارکان یا پھر نسلی بنیادوں پر کسی کو گرفتار نہیں کیا بلکہ ٹیگرے باغیوں کی حمایت کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

  • ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں: یو این سیکریٹری جنرل

    ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں: یو این سیکریٹری جنرل

    گلاسگو: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ہم اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں ناکامی دنیا کی آبادی کو تباہ کر دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اس وقت دنیا بھر سے حکومتی نمائندگان موجود ہیں، اور یہ یہاں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ) 26 نامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔

    ماحولیات پر سربراہی کانفرنس کے دوسرے دن یو این چیف نے حیاتیاتی ایندھن کی انسانی لت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم خود اپنی قبریں کھود رہے ہیں، یہ لت غیر پائیدار عالمی حرارت کے ذریعے نہ صرف انسانیت بلکہ خود سیارے کو بھی تباہی کے دہانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔

    انھوں نے کہا پیرس کلائمٹ ایگریمنٹ کے بعد کے یہ 6 سال ریکارڈ پر 6 گرم ترین سال رہے ہیں، فوصل فیول کی ہماری لت انسانیت کو تباہی کے دہانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم حیاتیاتی تنوع کا وحشیانہ استعمال کر رہے ہیں، کاربن سے خود کو مار رہے ہیں، اور فطرت کے ساتھ ہمارا برتاؤ بیت الخلا جیسا ہے، ہم جلا رہے ہیں، ڈرلنگ کر رہے ہیں اور کھدائیاں جاری ہیں، ہم دراصل اپنی قبریں کھود رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمارا سیارہ ہماری آنکھوں کے سامنے تبدیل ہو رہا ہے، گلیشیئرز کے پگھلنے سے لے کر شدید موسمی واقعات تک، سطح سمندر میں اضافہ 30 سال پہلے کی شرح سے دوگنا ہے، سمندر پہلے سے کہیں زیادہ گرم ہیں، اور ایمازون رین فورسٹ کے حصے اب کاربن جذب کرنے سے زیادہ اسے خارج کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں ناکامی زمین کی آبادی کو تباہ کر دے گی، اس سلسلے میں جی 20 کی بڑی ذمہ داری بنتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں انسانیت کو بچانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ کوپ 26 کا مقصد دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز کا سدِباب کرنا ہے، کانفرنس کے صدر آلوک شرما نے کہا ہے کہ کوپ 26 دنیا کے درجہ حرارت میں اضافے کو ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی ‘آخری بہترین اُمید’ ہے۔

  • ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا

    ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا

    نیویارک: ایشیا پر بڑا ماحولیاتی خطرہ منڈلانے لگا ہے، اقوام متحدہ کی تازہ کلائمٹ چینج رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں شدید موسم اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ایشیا میں نہ صرف ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے بلکہ لاکھوں لوگ بے گھر بھی ہوئے۔

    منگل کو سالانہ رپورٹ ’اسٹیٹ آف دی کلائمٹ چینج ان ایشیا‘ میں اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے کہا ہے کہ اس خطے کا ہر حصہ متاثر ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایشیا کو 2020 میں ریکارڈ گرمی کا سامنا رہا، یہ گرم ترین سال تھا، اس برس سیلاب اور طوفان کی وجہ سے تقریباً 5 کروڑ افراد متاثر اور 5 ہزار افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر اور ماحولیاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    چین کو اس سال 238 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، بھارت کو 87 ارب ڈالر، جاپان کو 83 ارب ڈالر اور جنوبی کوریا کو 24 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

    قدرتی آفات کا خطرہ، گرین ہاؤس گیسز کی کثافت میں خطرناک اضافہ

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایشیا اور اس کے اردگرد سمندروں کی سطح کا درجہ حرارت اور سمندر کی حدت عالمی اوسط سے زیادہ بڑھ رہی ہے، 2020 میں بحر ہند، بحرالکاہل اور آرکٹک میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچا۔

    ڈبلیو ایم او کے سربراہ پٹیری تالس نے بتایا کہ سیلاب، طوفان اور خشک سالی نے ایشیا کے بہت سے ممالک پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ واضح رہے کہ یہ رپورٹ گلاسگو میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کے کانفرنس کاپ 26 سے قبل سامنے آئی ہے۔

  • اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے 76 ویں عالمی دن پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ہمارے جوانوں نے ہر آزمائش کی گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔

    آرمی چیف کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق عالمی امن کے لیے ہمارا غیر متزلزل عزم گواہی دیتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ امن مشنز میں لیڈنگ شراکت داروں میں سے ایک ہیں، پاکستانی ٹروپس کی اقوام متحدہ میں خدمات کی تاریخ طویل اور نمایاں ہے۔ پاکستانی افواج کے کردار کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

    پاکستان نے سنہ 1960 سے اقوام متحدہ امن مشنز میں حصہ لینا شروع کیا، پہلا پاکستانی امن دستہ کانگو میں تعینات کیا گیا۔ پاک فوج اب تک 28 ممالک میں 46 امن مشنز میں حصہ لے چکی ہے جبکہ اب تک 2 لاکھ سے زائد پاکستانی ٹروپس نے امن مشنز میں حصہ لیا ہے۔

    پاکستان کے 161 جوان امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان قربان کر چکے ہیں، جانوں کی قربانی دینے والوں میں 24 افسران بھی شامل ہیں۔ امن مشنز میں ہمارے 4 ہزار افسران و جوان بشمول 84 خواتین کام کر رہی ہیں۔

  • اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا

    اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا

    جنیوا: اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے صاف، صحت مند ماحول تک رسائی کو انسانی حق قرار دے دیا۔

    جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے جمعہ کے روز ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں ‘محفوظ، صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول تک رسائی کو بنیادی انسانی حق کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے، اس کے باوجود کہ امریکا اور برطانیہ نے اس قرارداد پہلے منفی رد عمل ظاہر کیا تھا۔

    اس کی تجویز کوسٹاریکا، مالدیپ، مراکش، سلووینیا، اور سوئٹزرلینڈ نے پیش کی تھی، جس کو 43 ووٹ ملے، مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا، تاہم روس، بھارت، چین، اور جاپان غیر حاضر رہے جب کہ برطانیہ نے بالکل آخری لمحات میں اس کے حق میں ووٹ دیا، اور امریکا 47 رکنی کونسل کا رکن نہ ہونے کے باعث ووٹ نہ دے سکا۔

    ابتدائی طور پر اسے 22 ممالک بشمول فن لینڈ، جرمنی اور شمالی مقدونیہ، فیجی اور مالدیپ نے تجویز کیا تھا، فیجی اور مالدیپ جزائر والی اقوام ہیں، جنھیں آب و ہوا کی ہنگامی صورت حال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔

    اگرچہ قرارداد اس بات کی پابند نہیں کرتی، تاہم یہ ریاستوں کو ماحولیاتی تحفظ کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہے، اور ان پر دباؤ ڈالتی ہے کہ وہ 100 سے زیادہ ان ممالک میں شامل ہوں، جن میں صحت مند ماحول کے حوالے سے کچھ آئینی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ماحولیات سے منسلک، ایک سال میں مرنے والوں کی تعداد 13.7 ملین ہے (ایک کروڑ 37 لاکھ)، جو تمام عالمی اموات کے تقریباً 24 فی صد کے برابر ہے۔

  • اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں، دہشت گردی روکنے کے لیے طالبان سے بات چیت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ طالبان کے حکومت میں آنے سے افریقی ممالک میں موجود جہادیوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام رکن ممالک کو افغان عوام کے ساتھ یک جہتی کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی چاہیے، تاکہ انھیں اصولوں سے براہ راست آگاہ کیا جا سکے۔

    سیکریٹری جنرل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں معاشی بحران پیدا نہ ہونے دیں، انھوں نے عالمی پابندیوں اور افغانستان کے مالی ذخائر کے منجمند ہونے کا ذکر کیے بغیر کہا کہ مالیاتی اقدامات سے افغانستان کی معیشت کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

    امریکی سیکریٹری دفاع افغان طالبان سے پُرامید

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے، خواتین اور لڑکیاں وہ تمام حقوق نہ کھوئیں جو انھوں نے گزشتہ عرصے میں حاصل کیے، اور تمام نسلی گروہوں کی برابر نمائندگی ہو، تو بات چیت ضروری ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب تک جتنی بھی بات چیت ہوئی ہے اس میں کم از کم طالبان کی جانب سے آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں افغانستان کے سفیر غلام اسحاق زئی نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان پر پابندیاں عائد کریں۔

  • ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب

    نیویارک: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب کیا۔ ٹاؤن ہال طرز پر منعقدہ پولیٹیکل فورم میں 43 ممالک نے شرکت کی۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اجلاس کا آغاز کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی ترجیحات میں شامل تھے۔

    ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم ڈیجیٹل نظام پر مشتمل تھی، یہ پروگرام دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام قرار دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پروگرام شفاف بنانے کے لیے ڈیٹا اور ترسیل کا جدید نظام بنایا، پاکستان ان ممالک میں ہےجنہوں نے کرونا وائرس کی وبا میں ٹھوس اقدامات کیے۔

    اجلاس کے بعد معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ اقوام متحدہ کی دیگر کئی ذیلی میٹنگز میں بھی شرکت کریں گی۔

  • نسل پرستانہ واقعات: اقوام متحدہ کا امریکا سے بڑا مطالبہ

    نسل پرستانہ واقعات: اقوام متحدہ کا امریکا سے بڑا مطالبہ

    واشنگٹن: اقوام متحدہ نے امریکا میں نسل پرستی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بڑا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنر کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے، رپورٹ میں قانون نافذ کرنیوالوں کےہاتھوں ایک سو نوے ہلاکتوں کی تحقیقات کی گئیں۔

    اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کےمطابق نسل پرستی کے حوالے سے سب سے زیادہ واقعات امریکہ میں ہوئے، رپورٹ میں لاطینی امریکا اور یورپ میں نسل پرستی کے واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قاتل کو عدالت نے کڑی سزا سنا دی

    رپورٹ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کا حوالہ دیا گیا، جس کے پولیس افسر کے ہاتھوں قتل کے بعد دنیا بھر میں احتجاج ہوا اوربلیک لائیوز میٹر سمیت نسلی امتیاز کیخلاف تنظیموں نے معاملےپرتحریک چلائی۔

    اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنر کی جانب سے رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا میں نسل پرستوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے اورحکومتیں تعصب اور نسل پرستی سے متاثرین کو معاوضہ ادا کریں۔

    یاد رہے کہ امریکا میں سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں بے دردی سے ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں چلنے والی ‘بلیک لائیوز میٹر’ تحریک کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا گیا۔