Tag: UN

  • جگر اور گردوں کی بیماریوں کا خطرہ، عام استعمال کی اہم چیز پر دنیا بھر میں پابندی لگائے جانے پر غور

    جگر اور گردوں کی بیماریوں کا خطرہ، عام استعمال کی اہم چیز پر دنیا بھر میں پابندی لگائے جانے پر غور

    نیروبی: جگر اور گردوں کی بیماریوں کے خطرے اور ماحولیات کو نقصان کے پیش نظر اقوام متحدہ نے پوری دنیا میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے اجلاس میں پیر کو 2030 تک پلاسٹک کے استعمال کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا، بی بی سی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے پلاسٹک بیگز میں موجود خطرناک کیمیکلز کے ماحولیاتی آلودگی پر اثرات کو کم کرنے کے لیے، اس کے استعمال پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹک بیگز میں موجود خطرناک کیمیکل سے جگر اور گردوں کی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔

    ماحولیات پر نیروبی میں ہونے والے پانچ روزہ اجلاس میں 2030 تک پلاسٹ کے استعمال کے مکمل خاتمے سے متعلق ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، جس پر 170 ممالک نے اتفاق کیا۔ اس اجلاس میں 4 ہزار 700 مندوبین اور ماہرین ماحولیات سمیت سائنس دانوں، محقیقین اور کاروباری افراد نے بھی شرکت کی۔

    پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے ماحولیات کے عالمی ماہر ڈیوڈ ازولے کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ممالک اس نظریے کو پورا کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کریں تا کہ ماحول کو صاف رکھا جا سکے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ہر سال تقریبا 8 ملین ٹن پلاسٹک سمندر میں داخل ہوتا ہے، دوسری طرف دنیا میں ماحولیات میں جو تبدیلیاں آ رہی ہیں اس کے لیے ہمیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی نیروبی اسمبلی دنیا کی سر فہرست ماحولیاتی اسمبلی ہے، اور اس اجلاس کو عالمی یو این موسمیات ایکشن سمٹ کے سلسلے میں ایک اہم سنگ میل بھی سمجھا جا رہا ہے، جو کہ ستمبر میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔

  • کراچی کے نالوں کے اطراف لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک پہنچ گئی

    کراچی کے نالوں کے اطراف لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک پہنچ گئی

    کراچی: شہر قائد کے گجر اور اورنگی ٹاؤن نالے کے اطراف لوگوں کو بے گھر کیے جانے پر اقوام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نالوں کے اطراف برسوں سے آباد لوگوں کے بے گھر ہونے کی گونج اقوام متحدہ تک بھی پہنچ گئی ہے، یو این سے وابستہ انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایک لاکھ لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں اور غربت میں اضافہ ہوگا۔

    اقوام متحدہ نے مطالبہ کر دیا ہے کہ کراچی کے برساتی نالوں کوچوڑا کرنے کے لیے لوگوں کی بے دخلی کو فوراً روکا جائے۔

    یو این ماہرین نے کہا کہ کراچی میں گجر نالے اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن فوری روکا جائے، نالوں کو چوڑا کرنے کے لیے لوگوں کے مکانات توڑے جا رہے ہیں، اس سے ایک لاکھ افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ نالوں کے اطراف بستیوں کو مسمار کرنے سے پہلے متاثرین سے نہ تو مشاورت کی گئی، نہ ہی انھیں متبادل دیاگیا، اور نہ معاوضہ۔

    اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے کہا کہ شہریوں کو اتنے بڑے پیمانے پر بے دخل کرنے کی قانونی وجہ بھی غیر واضح ہے، لوگوں کو بے گھر کرنے سے غربت میں مزید اضافہ ہوگا، نالوں کی صفائی سے اب تک 66 ہزار 500 افراد متاثر ہو چکےہیں۔

    اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں اسٹے آرڈر کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

  • اقوام متحدہ کی فلسطینیوں کے لیے ہنگامی امداد کی اپیل

    اقوام متحدہ کی فلسطینیوں کے لیے ہنگامی امداد کی اپیل

    نیویارک: اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے لیے 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ برسوں کی شدید 11 روزہ جھڑپوں کے خاتمے کے بعد فلسطینیوں کی مدد کے لیے ساڑھے نو کروڑ ڈالرز کی اپیل کی ہے۔

    اقوام متحدہ نے یہ اپیل اگلے تین ماہ کے دوران غزہ اور غرب اردن بشمول مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کی امداد کے لیے کی ہے۔

    فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہیومینیٹری کو آرڈینیٹر لن ہیسٹنگز نے کہا کہ یو این فی الحال امداد کی فوری ضرورتوں پر غور کر رہا ہے اور اس کے بعد طویل مدتی نقصان کا اندازہ لگائے گا، یہ جاننے کے لیے کہ تعمیر نو کے لیے کس قدر ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جمعرات کو ممبر ممالک سے کی جانے والی یہ اپیل ’فوری ضرورتوں‘ جیسا کہ خوراک، صحت، ادویات، طبی سامان، بنیادی ڈھانچے کی فوری مرمت اور نقد امداد کی فراہمی کے لیے کی گئی ہے۔ اس اپیل سے ہٹ کر بھی اقوام متحدہ نے ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پہلے ہی دوسرے فنڈز سے 22.5 ملین ڈالر جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ فلسطینی حکام نے اندازہ لگا کر بتایا تھا کہ غزہ میں تعمیر نو کے لیے کروڑوں ڈالر درکار ہوں گے، جب کہ صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ 11 دن کی لڑائی کے دوران کم از کم 254 افراد مارے گئے ہیں، ان میں سے صرف 13 افراد اسرائیل میں حماس کی راکٹوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوئے ہیں، باقی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں شہید فلسطینی ہیں۔

    ہیسٹنگز کا کہنا تھا کہ اس لڑائی میں غزہ میں 8 لاکھ افراد لائن سے آنے والی پانی سے محروم ہو چکے ہیں، 285 عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، جب کہ ایک ہزار ہاؤسنگ اور کمرشل یونٹس تباہ ہوئے۔

  • چند امیر ممالک کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے لگے، اقوام متحدہ کا ردِ عمل

    چند امیر ممالک کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے لگے، اقوام متحدہ کا ردِ عمل

    نیویارک: دنیا کے چند امیر ممالک کرونا وائرس کی ویکسین بھی ذخیرہ کرنے لگے ہیں، جس پر اقوام متحدہ نے کڑی تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ چند امیر ممالک کی جانب سے کرونا ویکسین ذخیرہ کرنے کی کوئی منطق نہیں ہے۔

    انھوں نے گزشتہ روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا مجھے دنیا میں کرونا ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم پر شدید تحفظات ہیں، ہر ایک کا فائدہ اسی میں ہے کہ ہر جگہ ہر کسی کو ویکسین لگے، وبا کے خاتمے کا انحصار ہی اسی پر ہے کہ پوری دنیا کی آبادی تک جلد یہ ویکسین پہنچے۔

    ان کا کہنا تھا امیر ممالک ’اپنے فائدے‘ کے لیے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں، میں کہتا ہوں ویکسین کو ذخیرہ مت کریں، اس کی کوئی منطق نہیں۔

    انتونیو گوتریس نے ویکسین ذخیرہ کرنے والے ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ انھوں نے جو ویکسینز خریدی ہیں، وہ دیگر ممالک کو بھی فراہم کر دیں، کیوں کہ یہ ان کی ضرورت سے زیادہ ہے۔

    افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے کہا ویکسینز کی غریب ممالک تک فراہمی کے کوویکس پروگرام کو مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ بہت زیادہ ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے۔

  • وزیر اعظم کی ایک اور کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

    وزیر اعظم کی ایک اور کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے سلسلے میں ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے، اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں ایک قرارداد منظور ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں بین المذاہب اور بین الثقافتی مذاکرات کے فروغ پر پاکستان کی قرارداد منظور کر لی گئی، پاکستان نے اقوام متحدہ سے مذہبی منافرت کے خلاف کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے توہین رسالت کو قابل مذمت قرار دینے سے متعلق اقوام متحدہ کو ایک قرارداد پیش کی تھی، جسے جنرل اسمبلی نے منظوری دے دی۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے آج ایک ٹویٹ میں اس حوالے سے وزیر اعظم کو اسلامو فوبیا کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے پر مبارک باد دی۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ یو این جنرل اسمبلی نے مذہبی علامت سے متعلق پاکستان کی قرارداد منظور کر لی، جنرل اسمبلی نے آزادی اظہار کے نام پر توہین رسال کو قابل مذمت قرار دے دیا۔

    یاد رہے کہ اکتوبر میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے مذموم بیان پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ فرانسیسی صدر کے بیان سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلامو فوبیا کی حمایت کی۔

    فرانسیسی صدر مسلمانوں کیلئے مزید سخت قوانین متعارف کروانے کے لیے سرگرم

    وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں گستاخانہ خاکوں کے سلسلے میں فرانسیسی صدر کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ فرانسیسی صدر انتہا پسندی مسترد کرنے کی بجائے تقسیم کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جہالت پر مبنی بیانات انتہا پسندی کو مزید فروغ دیتے ہیں، دنیا مزید تقسیم کی متحمل نہیں ہو سکتی، لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ انسانوں کو متحد کرتا ہے، جیسے نیلسن منڈیلا نے تقسیم کی بجائے لوگوں کومتحد کیا۔

  • یو این اجلاس: وزیر اعظم نے کرونا کے لیے 10 نکاتی پلان پیش کر دیا

    یو این اجلاس: وزیر اعظم نے کرونا کے لیے 10 نکاتی پلان پیش کر دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں کرونا سے نمٹنے کے لیے 10 نکاتی ایمرجنسی پلان پیش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے یو این خصوصی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ کرونا وبا کے خاتمے تک غریب ملکوں کے قرض معطل اور پس ماندہ ملکوں کے قرضے معاف کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے کہا قرضوں میں ریلیف کرونا کے خاتمے تک جاری رکھا جائے، اور امیر ملکوں کی جانب سے مدد کے وعدوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔

    انھوں نے کہا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے، کم شرح سود پر قلیل المدتی قرضے فراہم کیے جائیں، کرونا سے نمٹنے کے لیے 500 ارب ڈالر کا خصوصی پیکج مختص کیا جائے۔

    انھوں‌ نے مزید کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کرونا وائرس نے دنیا میں بڑی تباہی مچائی ہے، امیر ملکوں نے معیشت بچانے کے لیے ٹریلین ڈالرز خرچ کیے، لیکن ترقی پذیر ملک معیشت کو سنبھالا دینے کے قابل نہیں ہیں۔

    وزیر اعظم نے ترقی پذیر ملکوں سے دولت کی غیر قانونی منتقلی فوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا، انھوں نے کہا کرپٹ سیاست دانوں اور مجرموں کی جانب سے چرائے گئے اثاثوں کو فوری طور پر ان ملکوں کو واپس کیا جائے ۔

    عمران خان نے کہا کرونا کی پہلی لہر میں ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، پاکستان میں کرونا پر قابو پانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا گیا۔

  • نائیجیریا میں 110 افراد کا بے رحمانہ قتل

    نائیجیریا میں 110 افراد کا بے رحمانہ قتل

    ابوجا: افریقی ملک نائیجیریا میں ایک سو دس افراد کو بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے، اقوام متحدہ نے مبینہ طور پر قتل عام کا ذمے دار بوکوحرام کو ٹہرایا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں اقوام متحدہ کے انسانی ہم آہنگی تنظیم کے عہدیدار نے بتایا کہ نائیجریا میں ایک سو دس افراد کو بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے، یہ قتل عام گذشتہ روز میدوگوری کے گاؤں کوشوبے میں کیا گیا۔

    ایڈورڈ کیلن نے اپنے ابتدائی بیان میں بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ اس سے قبل ہمارے پاس اطلاعات تھی کہ بوکو حرام کی جانب سے کئے گئے حملے میں 43 افراد مارے گئے، بعد ازاں ستر مزید افراد کو بوکوحرام گروہ نے بے رحمانہ طریقے سے قتل کردیا۔

    اقوام متحدہ کے انسانی ہم آہنگی تنظیم کے عہدیدار نے اس حملے کو سال دوہزار بیس کا سب سے بڑا اور بدتر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس گھناؤنے اور بے ہودہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مارے گئے افراد میں بیشتر کسان تھے، مسلح تنظیم کے اہلکاروں نے انہیں چاول کی فصلوں سے اٹھایا اور انہیں ایک ساتھ باندھنے کے بعد ان کے گلے کاٹ دئیے۔

    یہ بھی پڑھیں: قبرستان میں تدفین کے لیے موجود لوگوں پر بوکو حرام کی فائرنگ، 65 ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی میدوگوری کے علاقے میں بوکو حرام نے کھیت میں کام کرنے والے کسانوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 22 کسان مارےگئے تھے، مقامی مسلح گروہ کے کمانڈر نے الزام عائد کیا تھا کہ بوکو حرام اس سے قبل بھی کسانوں، مچھیروں اور وزن اُٹھانے والے ورکز کو مخبر کہہ کر قتل کرتے آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ ان علاقوں میں بوکوحرام اور مقامی مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے۔

  • بارش سے متاثرہ خاندانوں کو بحالی کے لیے ایک لاکھ نقد دینا چاہتے ہیں: سندھ حکومت

    بارش سے متاثرہ خاندانوں کو بحالی کے لیے ایک لاکھ نقد دینا چاہتے ہیں: سندھ حکومت

    کراچی: اقوام متحدہ کے وفد کو آج بارش سے نقصانات پر حکومت سندھ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے توسط سے وزرا اور چیف سیکریٹری نے آج اقوام متحدہ کے وفد کو صوبے میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔

    چیف سیکریٹری نے وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت ہر متاثرہ خاندان کو بحالی کے لیے 1 لاکھ روپے نقد دینا چاہتی ہے، متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کی مزید ضرورت ہے۔ یو این وفد نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہے۔ وفد نے سندھ حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ سندھ میں اگست کی بارشوں سے 136 لوگ انتقال کر گئے ہیں، جب کہ 86 افراد زخمی ہوئے، سیلابی صورت حال سے 15 ہزار 233 دیہات شدید متاثر ہوئے، جب کہ 10 لاکھ 94 ہزار 150 ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 5 ہزار 729 پکے گھر مکمل تباہ ہوئے، 71 ہزار 614 کچے گھر مکمل تباہ ہوئے، ایک لاکھ 26 ہزار 674 کو جزوی نقصان پہنچا، بارشوں کے باعث 45 ہزار 961 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

    اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے یو این وفد کو کہا گیا کہ حکومت سندھ نے بارش متاثرین کے لیے 76 ارب کا تخمینہ لگایا ہے، 73 کفیل کے لیے 3 کروڑ 65 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، 63 غیر کفیل کے لیے ایک کروڑ 89 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، 86 شدید زخمیوں کے لیے 8 کروڑ 6 لاکھ روپے تخمینہ لگایا گیا۔

    منہدم مکانات کی تعمیر کے لیے 11 ارب 45 کروڑ 8 لاکھ تخمینہ لگایا گیا، نقصان پہنچنے والے مکانات کے لیے 1 ارب 50 کروڑ 4 لاکھ تخمینہ لگایا گیا، 71 ہزار 614 کچے مکانات کی تعمیر کے لیے 7 ارب 16 کروڑ 14 لاکھ تخمینہ لگایا گیا، تباہ کچے مکانات کے لیے 6 ارب 33 کروڑ 37 لاکھ تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہلاک مویشیوں کے لیے فی گھرانہ 50 ہزار کے حساب سے 1 ارب 5 کروڑ تخمینہ لگایا گیا ہے، 24961 ہلاک بھیڑ بکریوں کے لیے 24 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار مقرر کیے گئے ہیں، برسات متاثرین کی بحالی کے لیے 67 ارب 54 کروڑ 9 لاکھ 10 ہزار درکار ہیں۔

    یو این وفد نے اس موقع پر کہا کہ میرپورخاص اور حیدرآباد کے علاقوں کا دورہ کر کے دیکھا کہ متاثرہ علاقوں کے افراد کافی تکلیف میں ہیں، لیکن میڈیا ان کو اجاگر نہیں کر رہا۔

  • بھارت پاکستان سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا: دفتر خارجہ

    بھارت پاکستان سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے کے قدیم چیزوں میں سے ایک ہے، یہ سوال ایجنڈے پر قائم ہے اور قائم رہے گا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے سوال کیا کہ کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیوں نہیں کیا؟ بھارت ان قراردادوں میں شامل خود ارادیت کے حق کو تسلیم نہیں کرتا، اس لیے بھارت پاکستان کا سوال یو این او کے سلامی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منظوری تک یہ سوال سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا۔

    پاکستان کی مقبوضہ کشمیرمیں ہندی زبان کے نفاذ کے حکم کی مذمت

    ترجمان نے کہا کہ تب تک یہ سوال ایجنڈے کا حصہ رہے گا جب تک اس کی ضمانت متعلقہ یو این ایس سی کی قراردادوں سے حاصل نہ ہو، یہ سوال سلامتی کونسل کے ایجنڈے کی قدیم چیزوں میں سے ہے، یہ یوں ہی قائم رہے گا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندی زبان کے نفاذ کے حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو تباہ کرنا ہے، عالمی برادری اس غیر قانونی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔

  • یو این نمائندوں نے بھارت سے جبری گم شدگیوں کا حساب مانگ لیا

    یو این نمائندوں نے بھارت سے جبری گم شدگیوں کا حساب مانگ لیا

    جینوا: اقوام متحدہ کے نمائندوں نے جموں و کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم بند کرانے کے لیے فوری ایکشن کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے کشمیر کی ریاستی خود مختاری کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے، اقوام متحدہ کے نمائندگان نے کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی مظالم بند کرانے کے لیے فوری ایکشن لے۔

    یو این نمائندگان برائے انسانی حقوق نے بھارت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بے گناہ اور معصوم کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کرے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ پر عائد پابندیاں بھی ختم کی جائیں، اور بھارت 1989 سے کشمیر میں جاری جبری گمشدگیوں کا حساب دے۔

    امریکی کانگریس مین کا اپنے حلقے کے کشمیری ووٹرز سے متعلق اہم بیان

    اقوام متحدہ کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خفیہ اجتماعی قبروں کے حوالے سے خبروں کی فوری انکوائری کی جائے، اور بھارت اقوام متحدہ کے نمائندگان کو مقبوضہ وادی تک رسائی بھی دے۔

    اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن

    اقوام متحدہ میں مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر یو این نمائندوں کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یک طرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آج پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اور دنیا بھر میں مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیا جائے گا۔