Tag: uncovered

  • ابو الہول سے ملتا جلتا ایک اور مجسمہ دریافت

    ابو الہول سے ملتا جلتا ایک اور مجسمہ دریافت

    مصر کے معروف مجسمے ابو الہول سے ملتا جلتا ایک اور مجسمہ برآمد ہوا ہے، یہ مجسمہ کوم اللولی کے مقام پر ملا ہے۔

    آثار قدیمہ کے مصری کمیشن کے مطابق ایک تاریخی مقام سے ابو الہول کی شکل سے مشابہہ شاہی مجسمہ برآمد ہوا ہے۔ وسطی مصر میں آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر جنرل جمال السمسطاوی کا کہنا ہے، ’ملنے والا مجسمہ گرینائڈ کا ہے۔ اسٹینڈ کے ساتھ اس کی اونچائی 35 سینٹی میٹر اور عرض 55 سینٹی میٹر کا ہے‘۔

    ان کے مطابق مجسمے کے چہرے کے نقوش واضح ہیں۔

    مصری آثار قدیمہ کے ماہرین کو اسی مقام سے مختلف شکل اور سائز کے مٹی کے برتن، سنگ مرمر کا ایک پیالہ اور معبود ’بس‘ سے متعلق کئی اشیا بھی ملی ہیں۔

    مذکورہ علاقے میں کھدائی اور تلاش کا مزید کام جاری ہے، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ علاقہ مزید نوادرات سے مالا مال ہوگا۔

    مصری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 3 برسوں کے دوران توانا الجبل کے علاقے میں ممیز کی وادی بھی دریافت ہوئی ہے۔

    یہاں کئی قبرستان اور میتیں دفن کرنے کے لیے کنویں بھی ملے ہیں، ان میں سنگی اور لکڑی کے تابوت رکھے ہوئے تھے۔ تابوتوں میں ممیز محفوظ حالت میں موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ مصر کے آثار قدیمہ میں ابو الہول کا مجسمہ بہت مشہور اور قدیم ہے۔

    ابو الہول کا مجسمہ

    ابوالہول عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں، خوف کا باپ۔ اس مجسمے کا دھڑ شیر کا اور سر آدمی کا ہے۔

  • ناسا کے پلینٹ ہنٹر نے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیارے دریافت کرلیے

    ناسا کے پلینٹ ہنٹر نے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیارے دریافت کرلیے

    واشنگٹن: ناسا کے پلینٹ ہنٹر خلائی جہاز نے زمین سے 31نوری سال کی دوری پر ایک اور نیا سیارہ ڈھونڈ لیا جو ممکنہ طور پر قابل رہائش ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے ہمارے نظام شمسی سے باہر تین نئے سیاروں کا پتہ چلایا ہے، ماہرین نے عندیہ دیا ہے کہ نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک ممکنہ طور پر قابل رہائش بھی ہوسکتا ہے۔

    ایک سائنسی جریدے میں شایع شدہ تحقیق کے مطابق نیا دریافت شدہ سیارہ جی جے 357 ڈی اپنے ستارے کے گرد 56 دن میں چکر پورا کرتا ہے، یہ سیارہ جس خلائی جہاز نے ڈھونڈ نکالا ہے اسے گزشتہ برس ہی لانچ کیا گیا تھا۔

    ناسا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں سیارے اکتیس نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے جھرمٹ ہائیڈرا کے ایک ستارے جی جے تین سو ستاون کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ ان نئے دریافت شدہ سیاروں میں سے ایک، جسے جی جے ڈی 357 کا نام دیا گیا ہے، ممکنہ طور پر قابل رہائش بھی ہو سکتا ہے۔

    ماہرین فلکیات کا کہنا تھا کہ اسٹار سسٹم کے دوسرے 2 مشہور سیارے جی جے 357 بی اور جی جے 357 سی رہائش پزیر ہونے کے لئے بہت زیادہ گرم سمجھے جاتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اس سیارے پر اوسط درجہ حرارت کا فوری اندازہ منفی تریپن ڈگری سینٹی گریڈ لگایا گیا ہے لیکن وہاں کی فضا کے بارے میں ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ دریافت پلینٹ ہنٹر TESSکی دوسری دریافت ہے تاہم اپنی دو سالہ تحقیقی مدت کے دوران یہ دو لاکھ سے زائد ستاروں کی روشنی کو مانیٹر کرے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل (TESS) نے زمین سے 53 نوری سال کی دوری پر زمین ہی جتنا سیارہ دریافت کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پچھلے برس امریکی خلائی تحقیقی ادارہ ناسا نے خلا میں نیا سیٹلائٹ بھیجا تھا جس کا مقصد نظام شمسی کے باہر ایسے سیاروں کی تلاش ہے جو قریب ترین اور روشن ترین ستاروں کے گرد گھوم رہے ہیں۔