جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 173 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 36ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
بھارت کے اوپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جیسوال نے ناقابل شکست 105 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سکسینا 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کے خلاف سیمی فائنل میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں ناکام ثابت ہوئیں، پاکستان کے صرف تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، کپتان روحیل نذیر نے 62 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر حیدر 56 اور محمد حارث 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان روحیل نذیر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔
پاکستان ٹیم بھارتی سورماؤں کے آگے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور مقررہ 50اوورز سے قبل ہی 41.1اوور میں172رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے صرف دو کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کپتان روحیل نذیر اور حیدر علی کی نصف سنچریاں بنائیں، کپتان روحیل نذیرنے62،حیدرعلی نے56رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم مذکورہ ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم کو شکست سے کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان الیون میں حیدر علی، محمد ہریرہ، کپتان روحیل نذیر، فہد منیر، قاسم اکرم، محمد حارث، عرفان خان، عباس آفریدی ، طاہر حسین ، عامر علی ، محمد عامر خان شامل ہیں۔
بھارت کی ٹیم میں یشوی جیسوال، دیویانش سکسینا ، تلک ورما، پریام، دھروو جورال، سیدیش ویر، اتھاروا انکولیکر، راوی بیشونی، سوشانت مشرا، کارتک تیاگی اور آکاش سنگھ شامل ہیں۔