کراچی : شہر قائد کے علاقے کریم آباد میں زیرِ تعمیر انڈر پاس دو سال مکمل ہونے کے باوجود تاحال مکمل نہ ہوسکا، حالیہ بارش کے باعث پانی سے بھرگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کریم آباد انڈر پاس کی اس صورتحال سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں ہونے والی بارش نے نہ صرف نشیبی علاقوں اور اندورن محلہ کی گلیوں کو ڈبویا ہوا ہے تو ساتھ بھی ترقیاتی کام بھی اسی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
انڈر پاس کے اندر بھرے ہوئے پانی کو نکالنے کیلیے فی الحال کوئی خاطرخواہ انتظامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے پورا انفرا اسٹرکچر متاثر ہورہا ہے۔
مستقبل قریب میں اس کے افتتاح کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑتا دکھائی دیتا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق کام کی سست روی اور اب پانی بھر جانے سے صورتحال مزید تاخیر کا شکار نظر ارہی ہے۔
دکانداروں کے مطابق گزشتہ دو سال سے منی بازار مارکیٹ اور اطراف کی مارکیٹوں میں کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔
راستے اور پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے شہری خریداری کے لیے پہنچ ہی نہیں سکتے جبکہ انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے 2 گیس اسٹیشن اور دیگر درجنوں مارکیٹیں اور دکانیں بند ہیں۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بارش کے بعد نالوں کی صفائی اور متبادل راستوں کی منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔