Tag: undergo

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، عدالت نے دہشت گرد کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا

    سانحہ کرائسٹ چرچ، عدالت نے دہشت گرد کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا

    ویلنگٹن : برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کا مقدمہ چلانے سے پہلے نیوزی لینڈ کی عدالت نےملزم کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ مساجد پر حملہ کیس کی دوسری سماعت کے موقع پر جج کا کہنا تھا کہ دو ماہرین جائزہ لیں کہ ٹیرنٹ مقدمے کا سامنا کرنے کے قابل ہے یا دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہے۔

    کرائسٹ چرچ کی عدالت میں مقدمے کی مختصر سماعت ہوئی جس میں مجرم ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوا، اس موقع پر شہداء کے لواحقین کی بھی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود رہی۔

    واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو 50 افراد کے قتل اور 39 کے اقدام قتل سمیت مجموعی طور پر 89 الزامات کا سامنا ہے۔

    نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

  • امریکی صدر ٹرمپ کا سالانہ میڈیکل چیک اپ جمعہ کو ہوگا

    امریکی صدر ٹرمپ کا سالانہ میڈیکل چیک اپ جمعہ کو ہوگا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سالانہ میڈیکل چیک اپ جمعے کو ہوگا، ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ چیک اپ میں دماغی معائنہ شامل نہیں، امریکی صدر ذہین اور بہترین فیصلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سالانہ میڈیکل چیک جمعہ کو ہوگا، ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق چیک اپ میں دماغی معائنہ شامل نہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ میڈیا میں صدر ٹرمپ کا دماغی توازن ٹھیک نہ ہونے کے حوالے سے بلاجواز پروپیگنڈا کیا گیا، ٹرمپ ذہین اور بہترین فیصلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ٹرمپ کا طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر واشنگٹن میں ہوگا۔

    وائٹ ہاؤس کے نائب پریس سیکریٹری ہوگن گڈلے نے کہا کہ میڈیا ٹرمپ کی خراب ذہنی کیفیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے، جو ڈاکٹرز صدر ٹرمپ کی ذہنی کیفیت سے آگاہ نہیں اور نہ کبھی ان سے ملے انہیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے ۔


    مزید پڑھیں : میں اسمارٹ نہیں جینیئس ہوں‘ ڈونلڈ ٹرمپ


    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت پرظاہر کیے جانے والے شہبات کومسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ  میراخیال ہے کہ میں صرف ایک حاضردماغ انسان نہیں بلکہ ذہین ترین شخص کہلانے کے لائق ہوں۔

    امریکی صدر کا اپنی ذہنی صلاحیت سے متعلق کہنا تھا کہ میں دماغی صلاحیتوں میں استحکام اور حاضردماغی میری پوری زندگی کے دو عظیم اثاثے ہیں۔


    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ ذہنی مریض ہے، امریکی ماہر نفسیات


    یاد رہے کہ امریکی ماہرین نفسیات نے ٹرمپ کو ذہنی مریض اور صدارت کے لیے نااہل قرار دیا تھا ، امریکی اخبار میں 35 ماہرینِ نفسیات اور معالجین کا ایک مشترکہ خط میں شائع ہوا تھا،  جس میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی مریض اور صدارت کے لیے نااہل ہیں۔

    ماہرین نفسیات نے ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت کا تجزیہ کرتے ہوئے ان کی شخصیت اینٹی سوشل ،جارحیت پسند،اپنی تسکین کیلئے دوسروں کو اذیت پہنچانے کی ذہنی بیماری میں مبتلا قرار دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔