Tag: unemployment

  • سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی

    سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی

    ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ 10 برس میں پہلی بار بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی، سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی سرمایہ کاری کے 112 فیصد اہداف بھی حاصل کر لیے گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت سرمایہ کاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بے روزگاری کی شرح 10.1 فیصد کمی ہوئی ہے، گزشتہ 10 سال کے اعداد و شمار کے تناظر میں یہ سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی ہے۔

    وزارت سرمایہ کاری نے مملکت میں سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران ہونے والی نئی اقتصادی و سرمایہ کاری تبدیلیوں کا جائزہ بھی جاری کیا ہے۔

    وزارت کے مطابق سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی سرمایہ کاری کے 112 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے، 738 ارب ریال کی سرمایہ کاری ہوئی جو 2021 کی مجموعی قومی پیداوار کے حوالے سے 23.6 فیصد کے لگ بھگ ہے۔

    مملکت نے ملکی سرمایہ کاری کے 104 فیصد اہداف حاصل کیے، 638 ارب ریال تک کی سرمایہ کاری ہوئی۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 72 ارب ریال تک پہنچ گئی جو اس حوالے سے مقررہ اہداف کا 172 فیصد ہے۔

    محکمہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں مملکت کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار کی 11.8 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تیل سے 23.1 فیصد اور تیل کے علاوہ سرگرمیوں سے 5.4 فیصد شرح نمو ہوئی ہے۔

    دوسری سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر افراط زر کی شرح 2.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، تعلیمی اخراجات میں 6.2 فیصد اور کھانے پینے کی اشیا میں 4.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

  • کرونا وائرس: 3 ماہ میں 15 لاکھ پاکستانی نوجوان بے روزگار ہوگئے

    کرونا وائرس: 3 ماہ میں 15 لاکھ پاکستانی نوجوان بے روزگار ہوگئے

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے کرونا وائرس سے ہونے والی بے روزگاری کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پاکستان میں 3 ماہ کے دوران 15 لاکھ نوجوان بے روزگار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے کرونا وائرس سے ہونے والی بے روزگاری پر رپورٹ جاری کردی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں 3 اور 6 ماہ کا جائزہ لیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے باعث پاکستان میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا، 3 ماہ میں 15 لاکھ نوجوان بے روزگار ہوئے۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ 6 ماہ میں 22 لاکھ سے زائد نوجوان بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

    ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ ایشیا میں 13 ممالک کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، 3 ماہ میں ایشیائی ممالک میں 1 کروڑ نوجوان بے روزگار ہو سکتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 6 ماہ میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہونے کا خدشہ ہے، کرونا وائرس سے آسٹریلیا، انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا اور ویتنام میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔

    اس سے قبل عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہے گی۔

    دسمبر 2019 میں موڈیز نے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی تاہم کرونا وائرس نے معاشی سرگرمیاں ماند کردیں۔

    موڈیز نے چین، جاپان، ملائیشیا، ویتنام، فلپائن، ہانگ کانگ، سنگا پور اور نیوزی لینڈ کی معاشی شرح نمو میں بھی کمی ہونے کی پیشگوئی کی تھی، موڈیز کے مطابق کمی کی وجہ طلب میں کمی، کراس بارڈر ٹریڈ اور سپلائی چین میں تعطل ہے۔

    موڈیز کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ جاپان کی معاشی شرح نمو صفر ہوسکتی ہے، مجموعی طور پر ایشیا کی معاشی شرح نمو 2.8 فیصد رہے گی۔

  • کورونا وائرس نے روٹی بھی چھین لی، امریکہ میں کروڑوں شہری بے روزگار

    کورونا وائرس نے روٹی بھی چھین لی، امریکہ میں کروڑوں شہری بے روزگار

    واشنگٹن : کورونا وائرس کی جان لیوا تباہ کاریوں کے بعد لوگوں کا روزگار بھی داؤ پر لگ گیا، امریکہ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران چار کروڑ سے زائد افراد اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے کورونا وائرس کوویڈ 19نے لاکھوں افراد کی جان لینے کے ساتھ ساتھ کروڑوں لوگوں کا روزگار بھی چھین لیا، دنیا بھر میں اب تک کروڑوں افراد بے روزگار ہوکر گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ محنت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے مزید 21 لاکھ افراد نے اسے بیروزگار ہونے سے متعلق آگاہ کیا ہے اس طرح مارچ سے اب تک ذریعہ آمدن کھونے والے امریکیوں کی تعداد چار کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

    امریکی میگزین واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 21 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں 33 لاکھ افراد نے بیروزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دی تھی۔ اس کے بعد ہر ہفتے یہ تعداد بالترتیب 69 لاکھ، 66 لاکھ، 52 لاکھ، 44 لاکھ، 38 لاکھ، 31 لاکھ، 27 لاکھ، 24 لاکھ اور 21 لاکھ رہی۔ اس وقت محکمہ محنت کے ریکارڈ کے مطابق 4 کروڑ 7 لاکھ افراد کے پاس حکومت کی امداد کے سوا آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں۔

    معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ ضروری نہیں کہ لوگ اسی ہفتے ملازمتوں سے نکالے گئے ہوں۔ گزشتہ ہفتوں میں داخل کی گئی درخواستوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ریاستیں انہیں نمٹا نہیں پارہی تھیں امکان ہے کہ ان درخواستوں کو اب شمار کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ بڑی تعداد میں لوگوں کے بیروزگار ہونے کا سلسلہ وسط مارچ میں شروع ہوا تھا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اب تقریباً تمام ریاستوں نے بندشوں میں کمی کردی ہے اور جزوی طور پر کاروبار کھلنا شروع ہوگئے ہیں لیکن تجزیہ کاروں کے خیال میں معیشت کو بحال ہونے میں طویل عرصہ لگے گا۔

    سرکاری اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ کے ایک چوتھائی سے زیادہ کام کرنے والے بیروزگار ہوچکے ہیں۔ ریاست نیواڈا میں ان کی شرح 26٫7 اور فلوریڈا میں 25 فیصد ہے۔ سب سے بڑی ریاست کیلی فورنیا میں 20٫6 فیصد ورک فورس گھر پر بیٹھی ہے۔

  • برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح میں تاریخی کمی

    برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح میں تاریخی کمی

    لندن: برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ 40 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ شرح بے روزگاری میں یہ کمی صرف 3 ماہ کے اندر دیکھنے میں آئی ہے۔

    برطانیہ کے قومی ادارہ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں بے روزگار افراد کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار سے کم ہو کر 65 ہزار ہوگئی ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ تنخواہوں میں اضافے کے رجحان میں کمی آرہی ہے۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران تنخواہوں میں اوسط صرف 2.7 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے۔

    ادارے کے مطابق برطانیہ میں کام کرنے والے یورپی یونین ممالک کے شہریوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔

    یورپی یونین ممالک کے شہریوں کی تعداد میں بھی کمی کے رجحان کا آغاز 2016 میں بریگزٹ ووٹ کے بعد سے ہوا تھا۔

    یورپی یونین کے علاوہ دیگر ممالک کے ملازمین کی تعداد میں 74 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

    سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق برطانیہ میں ملازمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ملازمین کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔

    سی بی آئی کے شعبہ ملازمت کے سربراہ میتھیو پرسیول کے مطابق حکومت کو یورپی یونین ممالک کے ملازمین کے لیے ’نو ڈیل‘ کی صورتحال رکھن چاہیئے جس میں بریگزٹ سے متعلق کوئی بھی ڈیل ان کی ملازمت پر اثر انداز نہ ہو۔

  • جمہوریت میں وی آئی پی صرف ووٹرہوتاہے، عمران خان

    جمہوریت میں وی آئی پی صرف ووٹرہوتاہے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ وی آئی پی کلچرکے خلاف عوام کا آوازاٹھانابتارہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری معاشروں میں وی آئی پی صرف ووٹر ہوتا ہے۔

    انہوں نے وفاقی حکومت سے سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ بجلی کی قیمت میں اسی فیصد اضافہ کس لئے کیا گیا ہے؟۔

    انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک بھر رجسٹر ہونے والے ریپ کیسز میں سے اسی فیصد پنجاب میں ہوتے ہیں، سب سے زیادہ بیروزگاری پنجاب میں ہوتی ہے۔

    عمران خان نے بتایا کہ شہباز شریف کا بیٹا ساڑھے سات ارب روپے کی سرمایہ کاری کرکےنجی پاور پلانٹ بنارہا ہے، جس سے مہنگی بجلی خرید کر عوام کو بیچی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا تبدیلی کی جانب اشارہ کررہاہے، انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ وزیراعظم سے استعفیٰ لیے بغیرنہیں جائیں گے۔