Tag: unique hotel

  • سعودی عرب : چٹانوں کو تراش کر دنیا کا انوکھا ہوٹل بنانے کی تیاری

    سعودی عرب : چٹانوں کو تراش کر دنیا کا انوکھا ہوٹل بنانے کی تیاری

    ریاض : سعودی عرب میں فن تعمیر کے ایک عظیم منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت چٹانوں کو تراش کر خوبصورت ہوٹل تعمیر کیا جائے گا، اس دیدہ زیب شاہکار کیلئے دنیا کے ماہر ترین آرکیٹک کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے عالمی آرکیٹک جان نوفیل نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے العلاء صحرا میں چٹانوں کے درمیان شاندار ہوٹل تعمیر کرنے کا کام انہیں سونپ دیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ العلا کے صحرا میں سیاحوں کو متوجہ کرنے والا عظیم منصوبہ ہوگا، ہوٹل کی تعمیر چٹانوں اور پہاڑوں کو کاٹ کر کی جا رہی ہے اس کی دیواریں چٹانوں کی ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہوٹل مدینہ منورہ سے 220 کلو میٹر دور العلا میں ہوگا، اس کا افتتاح 2024 میں کیا جائے گا،40کمرے اور تین ویلاز پر مشتمل ہوٹل العلا کی شاندار تہذیب اور تاریخ کی عکاسی کرے گا۔

    عالمی آرکیٹک جان نوفیل نے بتایا کہ تمام کمرے چٹانوں کو کاٹ کر بنائے جائیں گے، اس کے علاوہ ہوٹل کی تعمیر اس زاویے سے کی جائے گی کہ تمام کمروں کی کھڑکیوں سے العلا کے خوبصورت پہاڑ اور صحرا نظر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہوٹل کے در و دیواروں کو علاقہ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ان پر رنگ نہیں کیا جائے گا بلکہ چٹان کی اصل رنگت کو رہنے دیا جائے گا، ہوٹل کی مرکزی لابی پہاڑ میں شگاف ڈال کر تعمیر کی جائے گی، یہ دنیا کی منفرد اور خوبصورت جگہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں العلا رائل کمیشن نے العلا کی تعمیر و ترقی اور اسے سیاحتی علاقہ بنانے کے لیے کام کا آغاز کر دیا ہے، اس ضمن میں معروف آکیٹک جان نوفیل کو یہاں شاندار ہوٹل تعمیر کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

  • کیپسول ہوٹل، کرایہ صرف 35 ڈالر

    کیپسول ہوٹل، کرایہ صرف 35 ڈالر

    لندن: برطانیہ میں کمپنی نے اپنی نوعیت کا منفرد ہوٹل متعارف کرایا ہے جس میں ایک رات قیام کا کرایہ صرف 35 ڈالر ہے اور مسافروں کو بالکل مفت انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ طرز پر بنایا جانے والا ہوٹل اس لیے بھی منفرد ہے کہ اس کے کمرے  ایک کے اوپر ایک جڑے ہوئے ہیں، جن کو ’کیپسول‘ کا نام دیا گیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کوشش کا مقصد سیاحوں کو سستی متبادل رہائش فراہم کرنا ہے۔

    جاپان اور سنگاپور کے بعد منفرد ہوٹل برطانیہ اور یورپ میں بھی تیار کئے جارہے ہیں جس کا ایک اور مقصد لوگوں کو منفرد تجربے اور تفریح فراہم کرنے کا موقع دینا ہے۔

    برطانوی کمپنی نے اس نئے تجربے کو پہلی بار لندن میں پیش کیا جہاں اس نے اپنی نوعیت کا پہلا ہوٹل قائم کیا، یہ ہوٹل 26 کیپسولز پر مشتمل ہے یعنی اس میں صرف 26 افراد ہی قیام کرسکتے ہیں۔

    ایک کیپسول میں ایک شخص کے لیے رات گزارنے کے اخراجات صرف 25 پاؤنڈ (35 ڈالرز) یعنی پاکستانی 3 ہزار آٹھ سو روپے کے قریب ہیں، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اخراجات کی یہ رقم لندن کے وسطے علاقے میں کسی بھی عوامی ہوٹل کے کمرے کے کرائے سے بہت کم ہے۔

    ایک کے اوپر ایک جڑے ہونے کے باوجود ہر کیپسول میں رہنے والے شخص کو مکمل پرائیویسی حاصل ہوتی ہے، باہر جانے پر کیپسول کو بند کیا جاسکتا ہے اس طرح سیاحوں کی اشیاء بھی محفوظ رہتی ہیں۔

    ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے مفت وائی فائی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جبکہ برقی پلگ بھی دستیاب ہیں جس کے ذریعے موبائل فون کی بیٹری چارج کرنے سمیت لیپ ٹاپ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    خیال کیا جارہا ہے کہ اس طرز کے ہوٹل بننے سے دیگر ممالک سے آنے والے سیاحوں یا مقامی مسافروں کے لیے ایک سستا اور اچھا بندوبست فراہم کیا جاسکتا ہے اور مستقبل قریب میں جدید سہولیات سے آراستہ یہ ہوٹل لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

    یہ پڑھیں: دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کا افتتاح


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔