Tag: United Airlines

  • یونائیٹڈ ایئر لائن کی ہزار پروازیں اچانک روک دی گئیں

    یونائیٹڈ ایئر لائن کی ہزار پروازیں اچانک روک دی گئیں

    شکاگو (07 اگست 2025): امریکا کی بڑی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائن کو تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ملک بھر میں سیکڑوں پروازیں اچانک روک دی گئیں۔

    روئٹرز کے مطابق یونائیٹڈ ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ایک مسئلے کی وجہ سے امریکی ہوائی اڈوں پر اس کی پروازوں کو چند گھنٹوں کے لیے روکا گیا تھا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی واقع ہو گئی تھی، جس کے باعث فلائٹ آپریشن کو معطل کرنا پڑا۔

    اے پی نیوز کے مطابق ٹیکنالوجی کے مسئلے کی وجہ سے یونائیٹڈ ایئرلائن نے بدھ کو بڑے امریکی ہوائی اڈوں پر اپنے طیارے گراؤنڈ کیے اور 1,000 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔


    امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان


    انتظامیہ کے مطابق ایئر لائن کا ’’یونیمیٹک سسٹم‘‘ متاثر ہوا تھا جو پرواز کی معلومات رکھتا ہے، اور یہ معلومات پھر دیگر سسٹمز جیسے کہ وزن اور توازن کا حساب لگانے اور پرواز کے اوقات کو ٹریک کرنے والے سسٹمز کو فراہم کی جاتی ہیں۔

    مسئلہ کیوں پیش آیا، یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسے بدھ کے آخر میں حل کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ سروسز میں خلل آج جمعرات تک جاری رہا۔

    شکاگو کی ایئر لائن کی جانب سے ایک ای میل بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اوّلین ترجیح ہے، اور اپنے صارفین کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کے لیے وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

    روئٹرز کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ بدھ کو یونائیٹڈ ایئر لائنز کی 1,038 یا 34 فی صد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

  • فضائی سفر کے دوران انٹرنیٹ کی مفت سہولت بھی ملے گی؟

    فضائی سفر کے دوران انٹرنیٹ کی مفت سہولت بھی ملے گی؟

    امریکی ایئر لائن نے اپنے مسافروں کیلیے دوران پرواز انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اس مقصد کیلئے کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

    اس حوالے سے اپنے بیان میں امریکہ کی یونائیٹڈ ایئر لائنز ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائنز نے دوران پرواز انٹر نیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسٹار لنک، جو اسپیس ایکس کا ایک یونٹ ہے، نے متعدد ایئرلائنز کے ساتھ انہیں دوران پرواز انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔

    United Airlines

    انہوں نے کہا کہ اسٹارلنک اب شہروں میں عام صارفین سے ہٹ کر پوری دنیا میں ان علاقوں تک اپنی سروس پہنچانا چاہتی ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہے۔

    سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی نے اس سے قبل ہوائین ایئرلائنز اور جے ایس ایکس سے بھی معاہدے کیے ہوئے ہیں۔

    یونائیٹڈ کو توقع ہے کہ اگلے کئی برسوں میں اس کے تمام ایک ہزار سے زیادہ طیاروں میں سٹارلنک کی انٹرنیٹ سروس ہو گی۔ سروس کے لیے ٹیسٹنگ اگلے برس کے آغاز میں شروع ہو گی۔

    ایئر لائنز نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کا دوران پرواز اسٹارلنک کی سروسز مفت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

     

  • امریکی ایئر لائن کا اسرائیل میں پروازیں بحال کرنے سے انکار

    امریکی ایئر لائن کا اسرائیل میں پروازیں بحال کرنے سے انکار

    شکاگو : امریکی ایئرلائن نے غزہ میں جاری جنگ کے حوالے سے اسرائیل میں اپنی پروازیں دوبارہ بحال کرنے سے انکار کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونائیٹڈ ایئر لائنز اسرائیل کے لیے پروازیں دوبارہ شروع نہیں کرے گی۔

    اپنے ایک جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ 24نومبر سے نیویارک، نیو جرسی سے تل ابیب، پروازیں شروع کیے جانے والا بیان اس کی پبلک ریلیشن ایجنسی نے غلطی سے دیا تھا تاہم اب اس بیان کو درست کرکے وضاحت سے جاری کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ07 اکتوبر سے اسرائیلی فضائیہ کے طیارے مسلسل غزہ پر بمباری کے لیے اڑانیں بھر رہے ہیں اور اسرائیل پر حماس کے راکٹ حملوں کا بھی ہر وقت اندیشہ رہتا ہے۔

    اس کے علاوہ بہت سے ملکوں نے بھی اپنے شہریوں کو تل ابیب کی جانب سے سفر سے روک دیا ہے۔ اسرائیل نے بھی سفارتی تعلقات کے باوجود اپنے شہریوں کو کئی ملکوں کے سفر پر جانے سے منع کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ یونائیٹڈ ایئر لائنز ایک بڑی امریکی ہوائی کمپنی ہے جس کا صدر دفتر شکاگو میں ہے، اس ایئر لائن کی خدمات پورے امریکہ سمیت دنیا کے تمام چھ آباد براعظموں کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں جاری ہیں۔

  • 35 سال تک کوئی چھٹی نہ کرنے والے ملازم کے لیے بڑا انعام

    امریکا کی یونائیٹڈ ایئر لائنز نے اپنے ایک طیارے پر اپنے ایک پاکستانی نژاد ملازم کا نام تحریر کردیا، ملازم کو یہ اعزاز دیے جانے کی وجہ دوران ملازمت 35 سال تک ان کا چھٹی نہ کرنا اور وقت سے دفتر پہنچنا تھا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والے شہری محمد ذہین امریکا کی یونائیٹڈ ایئر لائنز میں گزشتہ 35 سال سے ملازمت کر رہے ہیں، ان 35 سالوں میں وہ کبھی اپنے دفتر تاخیر سے نہیں پہنچے اور نہ کبھی چھٹی کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کے دوران محمد ذہین نے اپنے طویل پیشہ وارانہ سفر کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ وقت کی پابندی کی یہ عادت بچپن سے ان کے اندر تھی، ان کی والدہ انہیں اور ان کے بہن بھائیوں کو صبح بیدار کرتے ہوئے کہتی تھیں کہ نماز کے لیے نہیں اٹھو گے تو ناشتہ نہیں ملے گا۔

    والدہ کی اس پابندی کی وجہ سے وہ بچپن سے ہی ڈسپلن کے عادی ہوگئے۔

    انجینیئرنگ کرنے کے بعد وہ پہلے لیبیا گئے، وہاں سے لندن، اور پھر سوئیڈن گئے جہاں انہوں نے گاڑیوں کی کمپنی میں ملازمت کی، اور پھر وہاں سے امریکا چلے گئے جہاں انہیں یونائیٹڈ ایئر لائنز میں ملازمت مل گئی۔

    محمد ذہین کا کہنا تھا کہ پہلے سال تاخیر سے نہ آنے اور چھٹی نہ کرنے پر انہیں ایوارڈ دیا گیا اور پورے دفتر نے ان کی تعریف کی جس سے ان کا بے حد حوصلہ بڑھا۔

    اس کے بعد یہ ان کی عادت بن گئی، ہر سال انہیں دفتر کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جاتا رہا۔

    35 سال مکمل ہونے پر انہیں دفتر کی جانب سے پیشکش کی گئی کہ کمپنی کی جانب سے انہیں 10 دن کے لیے اہل خانہ سمیت دنیا کے کسی بھی سیاحتی مقام پر بھیجا جائے، لیکن محمد ذہین نے یہ پیشکش شکریے کے ساتھ مسترد کردی۔

    اس کی جگہ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ طیارے پر ان کا نام تحریر کیا جائے۔

    محمد ذہین کا کہنا تھا کہ ان کی اس فرمائش کے پیچھے یہ خواہش تھی کہ دنیا میں جہاں بھی وہ طیارہ جائے، لوگوں کو علم ہو کہ اس پر لکھا نام پاکستانی ہے، ساتھ ہی ایک پاکستانی شخص کی محنت اور کام سے خلوص کا ثبوت بھی دنیا بھر میں پہچانا جائے۔

  • مسافرکوگھیسٹ کرطیارے سےنکالےجانےپرایئرلائنز کےسی ای اونےمعافی مانگ لی

    مسافرکوگھیسٹ کرطیارے سےنکالےجانےپرایئرلائنز کےسی ای اونےمعافی مانگ لی

    واشنگٹن : یونائیٹڈ ایئرلائنز کے سی ای او نےمسافر کوگھیسٹ کر طیارے سے نکالے جانے کے واقعہ پر معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کےمطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کےسربراہ نےمسافر کوگھیسٹ کرطیارے سےنکالےجانےکے واقعےکوخوفناک قرار دیاہے۔

    اس سےقبل انہوں نےاپنےملازمین کا یہ کہتے ہوئےدفاع کیا تھا کہ مسافر کو ہوائی جہاز سےنکالنےکےلیےطےشدہ طریقہ کار پرعمل کیاگیا۔

    یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز میں گنجائش سے زیادہ ٹکٹ بک کیے جانے کے بعد ایک مسافر کو زبردستی طیارے سےاتارنے پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔


    امریکی طیارے سے مسافر کو گھسیٹ کرنکالنے کی ویڈیو وائرل


    واقعےکی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونےکے بعد کمپنی کےحصص میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ایئر لائن کےسی ای او آسکر منوز نےملازمین کولکھی گئی ایک ای میل میں کہا ہے کہ وہ واقعے کےبارے میں دیکھ اور سن کر دکھی ہیں۔

    یونائیٹڈ ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں ایئر لائن نے کہا کہ واقعات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    خیال رہےکہ ویڈیو میں ایک مسافر کو اس سیٹ سےگھیسٹ کر باہر لےجایا جا رہا ہے۔بعد میں مسافر کے چہرے پر خون بھی دکھائی دیتا ہے۔

    واضح رہےکہ ایئر لائن اپنے چار ملازمین کے لئے جگہ بنانے کے لیے چار مسافروں کو ہوائی جہاز سے اتارنا چاہتی تھی۔