Tag: University Road khi

  • کراچی کی سڑک پر شہریوں کی مدد کرنے والے مزدور

    کراچی کی سڑک پر شہریوں کی مدد کرنے والے مزدور

    کراچی : شہر قائد کا یونیورسٹی روڈ پاک بھارت جنگ کے دنوں میں بھی بہت مشہور ہوا، سوشل میڈیا پر کچھ من چلوں نے میمز بنائیں کہ بھارتی ٹینک یونیورسٹی روڈ سے نہ آئیں، یہاں ٹریفک جام ہے۔

    اسی یونیورسٹی روڈ پر کچھ عوام کی مشکلات کا درد رکھنے والے مزدور سڑک پار کرنے میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رجب نامی مزدور ان درجنوں مزدورں میں سے ایک ہے جو یونیورسٹی روڈ پر مسلسل 10 گھنٹے کھڑے ہوکر عورتوں بچوں اور بزرگوں کو سڑک عبور کراتا ہے۔

    شہر کی اس مصروف ترین شاہراہ پر لوگوں کیلیے گاڑیاں رکوانے کی اس نیکی کا صلہ رجب کو کبھی تعریف تو کبھی ڈانٹ کی صورت میں ملتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رجب نے بتایا کہ کچھ پڑھے لکھے لوگ جو اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں وہ اس عمل کو سراہتے ہیں اور جن لوگوں کو ٹریفک قوانین کا علم ہی نہیں وہ غصے کا اظہار کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے شہریوں کا بھی کہنا ہے کہ عملے کی تعیناتی سے روڈ عبور کرنے میں کافی مدد اور سہولت ملتی ہے، شاہراہ پر موجود یہ عملہ صبح سے رات دو بجے تک مختلف شفٹوں میں ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف عمل رہتا ہے۔