Tag: unveiled

  • ویمنز ون ڈے سیریز: چمچاتی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا

    ویمنز ون ڈے سیریز: چمچاتی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا

    کراچی: پاکستان بمقابلہ سری لنکا ویمنز ون ڈے سیریز کی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ٹرافی کی رونمائی کی گئی، اس موقع پر قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور مہمان ٹیم کی قائد چماری اتاپتو نے ٹرافی کے ساتھ خصوصی فوٹو شوٹ کرایا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ون سیریز کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا، اس سے قبل پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مہمان ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی تھی، مہمان ٹیم کو تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی سیریز: چمچاتی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا

    ون ڈے سیریز کا آغاز یکم جون کو ہوگا، دوسرا ون ڈے تین جون جبکہ پانچ جون کو تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا، یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ سال دوہزار پانچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکن ویمنز ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے اس سے قبل وہ ایشیا کپ کیلئے کراچی آئی تھی۔

  • 2 ارب سال قدیم نایاب ترین سیاہ ہیرا نمائش کے لیے پیش

    2 ارب سال قدیم نایاب ترین سیاہ ہیرا نمائش کے لیے پیش

    ابو ظہبی: دنیا کا نایاب ترین سیاہ ہیرا نمائش کے لیے پیش کردیا گیا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 2 سے 3 ارب سال قدیم ہے، اور اس وقت زمین سے ٹکرانے والے شہاب ثاقب سے بنا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا کالا ہیرا جس کا نام اینگما ہے عوام کے سامنے پیش کردیا گیا۔ اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج ہے۔

    اس نایاب سیاہ ہیرے کو دبئی کے سدوبیز میں 17 جنوری کو پہلی بار عوام کے سامنے لایا گیا جو کہ 20 جنوری تک وہیں موجود رہے گا۔

    یہ کالا ہیرا 555 قیراط کا ہے، نمائش کے بعد اور لندن اور لاس اینجلس لے جائے جانے سے قبل یہ ہیرا دبئی ڈائمنڈ ایکسچینج میں موجود رہے گا، جہاں 3 سے 9 فروری تک اس کی آن لائن بولی لگے گی۔

    کاربونیڈو بلیک ڈائمنڈ انتہائی نایاب ہے جو کہ 2 سے 3 ارب سال قبل کے دور کا ہے، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایسے اجزا سے بنے ہیں جو شہاب ثاقب میں ہوتے ہیں، جو زمین سے ٹکرایا تھا۔

    اس میں نائٹروجن اور ہائیڈروجن پایا گیا ہے جبکہ اسبرونائٹ بھی موجود ہے جو شہاب ثاقب میں پایا جاتا ہے۔

    اسی طرح اس کی بڑی جسامت جو کہ ریکارڈ توڑنے کا باعث بنی، کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کی شکل مشرق وسطیٰ کے ہتھیلی نما خمسہ سے ملتی جلتی ہے جو نظر بد سے محفوظ رکھنے والی علامت کے طور پر مشہور ہے۔

    خمسہ کا تعلق پانچویں ہندسے سے ہے اور یہ ہیرا نہ صرف 555 اعشاریہ 55 کا سائز رکھتا ہے بلکہ اس کے ٹھیک 55 پہلو بھی ہیں۔

    سدوبیز امارات کے سربراہ کاتیا نونو بوئز اس حوالے سے کہتے ہیں کہ ہم اسے لائق عزت سمجھتے ہیں کہ دبئی کو سب سے پہلے نمائش کے قابل سمجھا گیا، ہم اس سفر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

    یہ ہیرا متحدہ عرب امارات میں خریداری کے لیے سب سے پہلے دستیاب ہوگا جو کرپٹو کرنسی کے ذریعے خریدا جا سکے گا۔

  • دنیا کا سب سے بڑا نیلم نمائش کے لیے پیش

    دنیا کا سب سے بڑا نیلم نمائش کے لیے پیش

    کولمبو: سری لنکا میں دنیا کا سب سے بڑا نیلم کا پتھر نمائش کے لیے پیش کردیا گیا، 310 کلوگرام وزنی پتھر کو ملکہ ایشیا قرار دیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں پائے جانے والے نیلم کے تمام پتھروں میں سے تقریباً 90 فیصد سری لنکا کے ہیں جو اپنی منفرد ساخت کی وجہ سے مشہور ہیں۔

    اس نیلم کو کولمبو سے 65 کلومیٹر جنوب میں ہورانا میں ایک جواہر کے مالک کے گھر نمائش کے لیے رکھا گیا تھا، قیمتی پتھر تین ماہ قبل رتنا پورہ کے ماہرین نے دریافت کیا تھا۔

    رتنا پورہ کو جنوبی ایشیائی ملک کے جواہرات کے دارالحکومت کے طور پر جانا جاتا ہے، جو نیلم اور دیگر قیمتی جواہرات کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔

    ہیروں کے معروف ماہر ڈاکٹر جمینی زویسا کا کہنا ہے کہ محتاط اندازوں کے مطابق یہ پتھر شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔

    سری لنکا نے گزشتہ سال جواہرات، ہیروں اور دیگر زیورات کی برآمد سے تقریباً نصف ارب ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

  • امریکی امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا‘ جیرڈ کوشنر

    امریکی امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا‘ جیرڈ کوشنر

    واشنگٹن : وائٹ ہاﺅس کے مشیر جیرڈ کوشنر کا کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مجوزہ امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے آخر میں یا اس کے بعد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاوس کے مشیر جیرڈ کوشنر نے فلسطین و اسرائیل کے مابین امن منصوبے سے متعلق اہم اعلان کردیا

    جیرڈ کوشنر نے 100 ممالک کے سفیروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی اسرائیلی حکومت کی تشکیل کے بعد اور مسلمانوں کے ماہ مبارک رمضان گزر جانے کے بعد امن معاہدے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔

    امریکی صدر کے داماد کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کے سفیروں پر زور دیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے تیار کردہ امن منصوبے کے حوالے سے کھلے پن کا مظاہرہ کریں۔

    جیرڈ کوشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں مناسب معاہدے کی جانب دیکھنا ہوگا جس سے امن و استحکام کے حصول میں کامیابی حاصل ہو۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی اور بعض دوسرے ممالک امریکی امن منصوبے کو مشکوک قرار دیتے ہیں تاہم اس کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

    امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے لیے ’صدی کا معاہدہ ‘سے تعبیر کیے گئے امریکی معاہدے میں ایک خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل نہیں ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق حکام اس منصوبے کو خفیہ رکھ رہے ہیں، جیرڈ کشنر اور دیگر حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امن کی ابتدائی کوششوں کے آغاز کے تحت اس میں ریاست کے قیام کا عنصر شامل نہیں۔

    جیرڈ کشنر کے معاہدے سے واقف عرب حکام کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی خاص پیش کش نہیں کی گئی بلکہ اس منصوبے میں فلسطینی شہریوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کیے جائیں گے اور متنازع علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کیا جائے گا۔

  • نوبل انعام یافتہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی

    نوبل انعام یافتہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی

    اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ اور پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈی جی یوکیا امانو نے کی، ڈاکٹرعبدالسلام نوبل انعام حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں۔

    ڈاکٹرعبدالسلام کے مجسمے کو آئی اے ای اے ہیڈکواٹرز میں رکھا جائے گا، مجسمے کودوسرے مشہور سائنسدانوں کے مجسموں کیساتھ رکھا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالسلام دنیا میں سائنسی علم کی بنیاد کی وسعت پر یقین رکھتے تھے، ڈاکٹرعبدالسلام ایٹم کوامن کیلئے استعمال کرنے کے داعی تھے، ڈاکٹرعبدالسلام نیوکلیئر سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے سرگرم عمل رہے۔

    واضح رہے کہ جھنگ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979میں طبعیات میں گرانقدر تحقیق پر نوبل انعام سے نوازا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے بھی  انہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز کے اعزازات  سے نوازا گیا تھا۔

    ڈاکٹر عبدالسلام کو دنیا کی 36 یونیورسٹیوں نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں عطا کی تھیں اس کے علاوہ انہیں 22 ممالک نے اپنے اعلیٰ اعزازات سے نوازا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔