Tag: Urdu news

  • معروف امریکی مصنف نے رمضان کی پہلی شب اسلام قبول کر لیا

    معروف امریکی مصنف نے رمضان کی پہلی شب اسلام قبول کر لیا

    امریکا کے معروف مصنف اور نسل پرستی کے خلاف آواز بلند کرنے والے انسانی حقوق کے رکن جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ رائے کنگ رمضان کی پہلی شب میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔

    امریکا میں مقیم پروفیسر خالد بیدون نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو شیئر کی جس میں امریکی مسلم اسکالر امام عمر سلیمان شان کنگ اور ان کی اہلیہ اسلام قبول کررہے ہیں۔

    امریکا کے معروف مصنف شان کنگ ناصرف ایک لکھاری بلکہ نسل پرستی کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھاتے رہے ہیں، وہ ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ تحریکوں کی حمایت کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل 25 دسمبر کو شان کنگ کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرنے پر ان کا انسٹا گرام اکاؤنٹ بند کر دیا گیا تھا۔

    شان کنگ نے فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز اُٹھانے پر 60 لاکھ سے زائد فالوورز والے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پابندی پر مایوسی ظاہر کی تھی۔

    ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    شان کنگ نے 2017 میں اپنی ٹوئٹ میں تحریر کیا تھا کہ میں تقریباً 15 سال تک ایک عیسائی پادری تھا، آج سفید فاموں کی بالادستی اور امریکی تعصب کو عیسائیت کا روپ دھارتے دیکھ کر مجھے نفرت آتی ہے۔

  • انڈونیشیا میں بارشوں سے تباہی، درجنوں ہلاک

    انڈونیشیا میں بارشوں سے تباہی، درجنوں ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید بارشوں سے تباہی کی صورتحال ہے، حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے 19 افراد ہلاک جبکہ 700 سے زائد مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کے صوبے ویسٹ سماترا میں بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 70 ہزار سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔

    صوبائی دارالحکومت پڈانگ سمیت دیگر علاقوں میں گزشتے ہفتے سے جاری بارشوں کے نتیجے میں کم و بیش 700 مکانات تباہ ہوگئے اور کئی پُل اور اسکولوں کو نقصان پہنچا جبکہ 113 ہیکٹر زرعی زمین بھی متاثر ہوئی ہے۔

    انڈونیشیا کی ریسکیو ایجنسی کا کہنا ہے کہ 150 ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    غزہ: اسرائیلی بمباری کے دوران رمضان المبارک کی آمد

    انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کی جانب سے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید نقصانات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟

    متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟

    متحدہ عرب امارات میں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ آج رمضان المبارک کا آغاز پیر 11 مارچ 2024 سے ہورہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں اس بار طویل وقفے کے بعد رمضان کی ابتدا موسم سرما میں جبکہ آخری عشرے میں قدرے کم گرمی کے ساتھ رہنے کی توقعات ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی فلکیاتی انجمن کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے گزشتہ ماہ کہا گیا کہ آئندہ سات سال تک رمضان المبارک کی شروعات موسم سرما میں ہوگی اور اس کا سلسلہ 2030 تک جاری رہے گا۔

    امارات میں موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ پہلے نصف حصے میں سحری اور فجر تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔ اس کے بعد موسم گرمی کی طرف منتقل ہونے لگے گا، رمضان کے دوران رات کے وقت موسم معتدل سے خوشگوار رہے گا۔

    قومی مرکز کا کہنا ہے کہ رات کے وقت درجہ حرارت 18 سے 21 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقعات ہیں جبکہ دوپہر کے وقت درجہ حرارت 29 سے 34 کے درمیان ہوگا۔

    مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کا روح پرور اجتماع

    یو اے ای میں رمضان المبارک کی شروعات میں روزے کی مدت 13 گھنٹے 14 منٹ تک ہوگی جبکہ وقت بڑھنے کے ساتھ روزہ 13 گھنٹے 57 منٹ تک رہے گا۔ اس حوالے سے تمام ریاستوں اور شہروں میں چند منٹوں کا فرق دیکھنے کو ملے گا۔

  • مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کا روح پرور اجتماع

    مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کا روح پرور اجتماع

    سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کے اعلان کے بعد مکہ مکرمہ میں رمضان کی پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران لاکھوں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، مسجد قبلتین، مسجد قباء میں بھی نماز تراویح ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

    انتظامیہ کی جانب سے اس سال بھی رمضان میں مکہ، مدینہ اور جدہ کے لیے یومیہ ٹرینیں چلانے کا پروگرام جاری کیا گیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے باہر سے آنے والے زائرین کے لیے پانچ پبلک ٹرانسپورٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے تصدیق کردی تھی کہ مملکت میں پیر رمضان المبارک کا پہلا دن ہے۔ عدالت نے شہریوں کو چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاند نظر آنے کی صورت میں شہادت درج کروائی جائے۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم فلکیاتی علوم کے ادارے کے سربراہ شرف السفیانی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مملکت میں فلکی حساب سے یکم رمضان المبارک پیر 11 مارچ کو ہوگا۔

    یواےای میں رمضان کے دوران اہم پابندی عائد

    پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پیر کو ہو گا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کریں گے۔

  • بھارت: برطانوی وزیراعظم کی ساس بھارتی رکن پارلیمنٹ نامزد

    بھارت: برطانوی وزیراعظم کی ساس بھارتی رکن پارلیمنٹ نامزد

    برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک کی ساس سدھا مورتی کو بھارت میں رکن پارلیمنٹ نامزد کردیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے ایوانِ بالا کے ارکان کی اکثریت منتخب ہوکر پارلیمنٹ آتی ہے، مگر 12 ارکان کو صدر کی جانب سے 6 سال کی مدت کے لئے نامزد کیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے 6 سال کی مدت کے لئے نامزد کئے جانے والے ارکان کو عوامی زندگی میں اعلیٰ کامیابیوں کی وجہ سے نامزد کیا جاتا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم کی ساس سدھا مورتی کا سماجی کام، انسان دوستی اور تعلیم میں تعاون بہت زیادہ اور متاثر کن رہا ہے۔سدھا مورتی کے داماد 43 سالہ رشی سوناک پہلے غیر برطانوی بھارتی نژاد وزیراعظم ہیں۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال بھارتی حکومت نے سدھا مورتی کو سماجی کاموں کی وجہ سے انہیں بھارت کا تیسرا اعلیٰ ترین ایوارڈ بھی دیا تھا۔

    اسکول پرنسپل کا خاتون ٹیچر پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    یاد رہے کہ 2009ء میں سدھا مورتی کی بیٹی اکشتا کی شادی رشی سونک سے ہوئی تھی جو 2022ء سے برطانیہ کے وزیراعظم ہیں۔

  • اسکول پرنسپل کا خاتون ٹیچر پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    اسکول پرنسپل کا خاتون ٹیچر پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    بھارت کے غازی آباد ضلع سے ایک چونکا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اسکول پرنسپل اپنے ہی اسکول کی ٹیچر پر تشدد کررہی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکول پرنسپل، دوسری خاتون (ٹیچر) کو زدوکوب کررہی ہے، اس کے بالوں کو بری طرح کھینچ رہی ہے اور ساتھ ہی گالیاں بھی دی رہی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے غازی آباد ضلع کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پیش آیا اور متاثرہ لڑکی کی شناخت انشیکا کے نام سے ہوئی ہے، جو اس ادارے میں کمپیوٹر ٹیچر ہے۔

    اسکول پرنسپل کا یہ حیران کن فعل اس وقت منظر عام پر آیا جب اس واقعے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی اور تیزی سے وائرل ہوگئی، ستم ظریفی یہ کہ جس دن یہ واقعہ رونما ہوا اس دن خواتین کا عالمی دن تھا۔

    چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ متاثرہ انشیکا کو پرنسپل کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے، حالانکہ پولیس نے ملزم کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انشیکا نے کہا کہ اسے یہ کام ایک آؤٹ سورسنگ ایجنسی کے ذریعے ملا تھا جس نے اب پرنسپل کی شکایت پر اسے نوکری سے نکال دیا ہے۔

    بائیکاٹ سے بڑا نقصان، اسٹار بکس نے اہم فیصلہ کرلیا

    ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر، پولیس نے اسکول پرنسپل کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323 (چوٹ پہنچانا)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔جبکہ مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • بائیکاٹ سے بڑا نقصان، اسٹار بکس نے اہم فیصلہ کرلیا

    بائیکاٹ سے بڑا نقصان، اسٹار بکس نے اہم فیصلہ کرلیا

    اسٹار بکس کی مشرق وسطیٰ کی فرنچائزی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ انہوں نے پورے خطے میں اپنے آؤٹ لیٹس (کافی خانوں) پر عملے کی چھانٹی کا عمل شروع کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسٹار بکس کی مشرق وسطیٰ کی فرنچائزی کا کہنا ہے کہ اسے غزہ پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران رضاکاروں کے ہاتھوں بائیکاٹ کاسامنا کرنا پڑا ہے۔

    کویت میں مقیم الشایا گروپ، ایک نجی خاندانی فرم ہے جس کے پاس مختلف قسم کی مغربی کمپنیوں بشمول چیز کیک فیکٹری کے فرنچائز حقوق ہیں، نے اپنے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک میں عملہ کی تحریف کا اعتراف کیا ہے۔

    گروپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران مسلسل مشکل کاروباری حالات کے نتیجے میں ہم نے اپنے اسٹورز میں عملے کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خلیجی عرب ریاستوں کی اگر بات کی جائے تو اس میں اس کے بہت سے ملازمین غیر ملکی ہیں جو ایشیائی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، الشایا لبنان، مراکش، عمان، قطر، بحرین، مصر، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات میں اسٹار بکس کی ہزار سے زائد برانچز کو چلاتی ہے۔

    اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد اسٹاربکس کا شمار ان مغربی کمپنیوں میں ہونے لگا ہے جن پر صیہونیت پرست ہونے کا الزام ہے۔ یہ بھی اطلاعات آرہی ہیں کہ یہ کمپنیاں اپنے منافع کا ایک حصہ اسرائیل کو فراہم کررہی ہیں۔

    ماسکو پر حملہ ہوگا۔۔ امریکہ کی روس کو دھمکی!

    اسٹاربکس کا اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ ہم اپنے منافع کو کہیں بھی کسی حکومتی یا فوجی آپریشن کیلئے بطور فنڈز استعمال نہیں کرتے۔

  • جرمنی: ٹرینوں اور جہازوں کی بندش سے ہزاروں مسافر رُل گئے

    جرمنی: ٹرینوں اور جہازوں کی بندش سے ہزاروں مسافر رُل گئے

    جرمنی میں ہڑتالوں کے باعث ٹرینیں اور ایئر لائنز بندش کا شکار ہونے کے سبب ہزاروں ملازمین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی کی قومی ایئر لائن لفتھانزا اور ریل آپریٹر ڈوئچے بان کے ہڑتالی عملے کی جانب سے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    ہڑتالوں کے باعث لاکھوں مسافر اذیت کا شکار ہوئے، جمعرات کے روز قومی ریل اور ہوائی کمپنیوں کے ملازمین کی متوازی ہڑتالوں نے آمد و رفت اور نقل و حمل کے نظام کو مفلوج بنا کر رکھ دیا۔

    اسی دوران لفتھانزا کے زمینی عملے کی جانب سے بھی دو روزہ ہڑتال شروع کردی گئی، اس قومی ائیر لائن کو اپنی پروازوں کے اصل شیڈول میں کمی لاتے ہوئے اس کے صرف دس سے بیس فیصد حصے پر ہی عمل کر سکنے کی توقع ہے۔

    ریل کمپنی کی ترجمان نے ہڑتالی ملازمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا، جی ڈی ایل کی مکمل طور پر غیر ضروری ہڑتال سے لاکھوں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔

    جرمنی جانے والوں کیلئے ویزے کی آسان سہولت فراہم

    جی ڈی ایل ٹریڈ یونین دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ شفٹوں میں کام کرنے والے کارکنوں کے لیے ہفتے میں کام 38 گھنٹوں سے کم کرکے 35 گھنٹے کر نے کا مطالبہ کر رہی ہے، جس میں کام کے کم کیے گئے اوقات کے لیے مالی ادائیگی میں کوئی کمی نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

  • غزہ پر اسرائیلی ظلم و ستم جاری، مزید 78 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی

    غزہ پر اسرائیلی ظلم و ستم جاری، مزید 78 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی

    غزہ پر اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بہت سے افراد ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں اور سڑکیں تباہ ہونے کے باعث امدادی کارکنوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار 878 سے تجاوز کرچکی ہے۔ جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

    اسرائیلی بربریت کے باعث بڑے پیمانے پر اموات کے علاوہ 85 فیصد آبادی کو خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے۔

    ٹرمپ نے بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کو بدترین قرار دیدیا

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خواتین کا عالمی دن ان کی کامیابیوں کے اعتراف، مساوات اور مستقبل کے لیے کام کرنے کی یاد دہانی کا دن بھی ہے۔

  • ٹرمپ نے بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کو بدترین قرار دیدیا

    ٹرمپ نے بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کو بدترین قرار دیدیا

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی صدر بائیڈن کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بائیڈن کے خطاب کو بدترین اور باعث شرمندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر بائیڈن نے غصے اور نفرت سے بھری تقریر کی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بائیڈن امیگریشن بحران کوحل نہیں کرنا چاہتے، بائیڈن انتظامیہ ملک کو تارکین وطن سے بھرنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ پیوٹن نے یوکرین پرحملہ بائیڈن کی وجہ سے کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا کی سپریم کورٹ نے ملک کے سابق ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دیدیا ہے۔

    پیر کے روز متفقہ طور پر امریکی سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخابات کے لیے اہل ہیں۔ اب کوئی دوسری ریاست ٹرمپ کو آئین میں بغاوت کی شق کا استعمال کرتے ہوئے صدارتی ووٹنگ سے نہیں روک سکتی۔

    امریکی عدالت کا اپنے فیصلے میں مزید کہنا تھا کہ ریاستوں کی سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرسکتیں کہ کوئی صدارتی امیدوار نااہل ہے۔

    سپریم کورٹ نے پیر کے روز متفقہ طور پر کولوراڈو کی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکن صدارتی امیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔

    عالمی یوم خواتین: غزہ میں 60 ہزار حاملہ خواتین غذائی قلت کا شکار

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت ریاستوں کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے کہ اگر کوئی شخص بغاوت میں ملوث ہو بھی تو اسے وفاقی دفتر خاص طور پر ایوان صدر کے لیے نااہل قرار دینے والی شق نافذ کی جائے۔