Tag: Urdu news

  • دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ کس مسلم ملک میں تعمیر ہورہا ہے؟

    دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ کس مسلم ملک میں تعمیر ہورہا ہے؟

    دنیا کی بلند ترین عمارت کی اگر بات کی جائے تو وہ دبئی کی برج الخلیفہ ہے، مگر اب دبئی کے لئے ایک اور اعزاز کی بات یہ ہے کہ مستقبل قریب میں دنیا کا سب سے بڑا ائیرپورٹ بھی وہاں تعمیر ہونے جارہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی میں تعمیر کیا جانے والا المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ 2010 سے فعال ہے مگر اب اسے مزید توسیع دی جارہی ہے۔

    دبئی کے جنوب مغرب میں 20 میل کی دوری پر موجود یہ ائیرپورٹ مستقبل میں دنیا کا مصروف اور خوبصورت ترین ایئرپورٹ بھی ہوگا۔

    دبئی ائیرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جب المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا کام مکمل ہو جائے گا تو وہاں ہر سال 16 کروڑ سے زائد مسافروں کی آمدورفت ممکن ہوسکے گی۔

    واضح رہے کہ اس وقت ہارٹسفیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل دنیا کے مصروف ترین ائیرپورٹ میں شمار ہوتا ہے، جہاں 2022 میں لگ بھگ 10 کروڑ مسافروں کی آمد ہوئی تھی۔

    2023 میں دبئی ائیر شو کا انعقاد المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہوا تھا جس کے دوران حکام نے توسیعی منصوبے کا اشارہ دیا گیا تھا۔

    دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ نے اس حوالے سے بتایا کہ موجودہ گنجائش کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کی ضروریات کے مطابق توسیع اور سرمایہ کاری کو توجیح دیں گے اور یہ کام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے مکمل نہیں کرلیا جاتا۔

    دبئی ائیر شو کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ نئے میگا ائیرپورٹ کا ڈیزائن تیار ہے جبکہ ایونٹ کے دوران اس کا 3 ڈی ماڈل بھی پیش کیا گیا۔

    کراچی ائیرپورٹ پر کارگو ٹرمینل کی سخت مانیٹرنگ شروع

    یہ ائیرپورٹ ایک اور بڑے تعمیراتی منصوبے دبئی ساؤتھ کا دل ہوگا، دبئی ساؤتھ درحقیقت ایک نیا شہر ہوگا جو دبئی کے جنوب میں 145 کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا۔

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 77 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 77 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت تھمنے کا نام نہیں لے رہی، ایک اور افسوسناک واقعے میں اسرائیلی فوج نے مزید 77 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے باعث 77 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 100 سے زائد ہوسکتی ہے۔

    نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے بزدلانہ حملے پر رد عمل دیتے ہوئے حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مکمل طور پر بے گھر کر نے اور فلسطینی کاز کو مٹانے کی کوششوں کا حصہ ہے،غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی حملہ جنگی جرم ہے۔

    حماس کے مطابق عرب ممالک فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے بارے میں اپنی آواز بلند کریں، غزہ میں خوراک اور طبی امداد پہنچانے کیلیے فوری طور پر متحرک کردار ادا کریں۔

    حماس نے اس موقع پر عرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری طور پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ عرب لیگ اور سلامتی کونسل غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام اورنسل کشی روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

    جیب میں رکھے سکوں نے فلسطینی نوجوان کی زندگی بچالی

    حماس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔

  • ڈھاکا: 7 منزلہ عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، 43 افراد ہلاک

    ڈھاکا: 7 منزلہ عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، 43 افراد ہلاک

    بنگلادیش کے دارالحکومت شہر ڈھاکا کی ایک 7 منزلہ عمارت میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے باعث 43 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی وزیرِ صحت کا اسپتال پہنچنے پر کہنا تھا کہ کم از کم 40 زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں موجود بریانی کے ریسٹورنٹ میں آگ لگی تھی جس نے اوپر کے فلورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، فائر فائٹزر نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    اس سے قبل فرانس میں معذور افراد کے گھر میں آگ لگنے سے 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

    ایران نے روس سے اپنا سیٹلائٹ لانچ کر دیا

    چیف فائر فائٹر کے مطابق مشرقی فرانس میں آگ لگنے سے تباہ ہونے والے گھر کے ملبے سے 9 معذور افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

  • کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، وائٹ کرولا گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، وائٹ کرولا گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک

    کراچی میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں دو ڈاکو مارے گئے ملزمان وائٹ کرولا گینگ کے نام سے جانے جاتے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ جن کی شناخت شاہد قریشی اور محمد شاہد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ وائٹ کرولا کار میں سوار تھے۔ مرنے والوں کے دونوں ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے وائٹ کرولا میں فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر نے بتایا کہ مرنے والے ڈاکو وائٹ کرولا گینگ کے نام سے جانے جاتے تھے جو 50 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ان میں ہلاک ملزم محمد شاہد عرف برگر 26 سے زائد اور دوسرا ملزم شاہد عرف کالا 10 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ جب کہ ان کا ایک ساتھی عمران چند روز قبل الفلاح میں ڈکیتی کے دوران گرفتار ہوا تھا۔

    سرجانی میں مکان کی چھت گر گئی، بچہ جاں بحق، 3 افراد زخمی

    ملزمان کا ایک ساتھی عمران چند روز قبل الفلاح گلستان جوہر سے ڈکیتی کی واردات کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جڑواں شہروں میں صبح سے کہیں ہلکی، کہیں تیزبارش کاسلسلہ جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    ترجمان واسا کے مطابق بارشوں کی پیشگوئی پر واسا ہائی الرٹ ہے، رین ایمرجنسی نافذ ہے اور فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

    منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلیم اشرف نے کہا ہے کہ شہر میں ہیوی مشینری و اسٹاف تعینات ہے، واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب میں مصروف ہے۔

    شہداد کوٹ شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے، روجھان شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    چنیوٹ شہر اور گردونواح میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ پھالیہ، گجرات، جھنگ، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    کوہاٹ اور گردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، کرک ضلع بھر میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

    گوجرانوالہ، قادر پور راں اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سرگودھا شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    مرید کے، قصور، اوکاڑہ چونیاں، ڈسکہ اور گردہ نواح میں ہلکی بارش کے باعث سردی بڑھ گئی، ٹبہ سلطان پور، مصطفی آباد، قائد آباد، وزیرآباد اور گردو نواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا

    کوہاٹ اور گردونواح میں بھی بارش سے جل تھل ہوگیا، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، اس کے علاوہ کرک، ضلع مہمند میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

  • ایرن ہالینڈ نے ثنا جاوید سے متعلق کیا کہا؟

    ایرن ہالینڈ نے ثنا جاوید سے متعلق کیا کہا؟

    کراچی: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی میزبان ایرن ہالینڈ نے قومی کرکٹر شعیب ملک کی دوسری اہلیہ و اداکارہ ثنا جاوید سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان 28 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاکرا ہوا، اسی میچ کے دوران پاکستان سپر لیگ کی میزبان ایرن ہالینڈ نے ثنا جاوید سے ملاقات کی۔

    ثنا جاوید سے ملاقات کے دوران ایرن ہالینڈ نے سیلفی بھی لی، جسے اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں شیئر کیا۔

    پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی میزبان ایرن ہالینڈ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری ثنا جاوید کو ٹیگ کی اور کہا کہ آخرکار! خوبصورت خاتون سے میری ملاقات ہوگئی۔

    یہی نہیں سوشل میڈیا پر ثنا جاوید، ہمایوں سعید اور کنزہ ہاشمی کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے ہورہے ہیں، یہ ویڈیو بھی گزشتہ روز ہونے والے میچ کے دوران بنائی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ معروف آل راؤنڈر شعیب ملک پاکستان سپر لیگ 9 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

  • مسجد نبویؐ لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے تیار ہے: شیخ عبد الرحمن

    مسجد نبویؐ لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے تیار ہے: شیخ عبد الرحمن

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حرمین شریفین انتظامیہ میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کے دوران تمام اداروں کے باہم تعاون پر زور دیتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ زائرین مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشگوار یادیں اور بہترین تجربہ لے کر جائیں۔

    شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک میں لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔

    انہوں نے خدمات فراہم کرنے والوں اداروں پر زور دیا ہے کہ زائرین مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بہترین ایمانی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرسکون ماحول میں عبادت کرسکیں۔

    یاد رہے کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آنے والے زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کے منصوبے کا آئندہ ہفتے اعلان کیا جائے گا۔

    زائرین مسجد نبویؐ کے لیے 4 اہم ہدایات جاری

    شیخ عبد الرحمن السدیس نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اپنے دفتر میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دینی قیادتوں اور اداروں کے سربراہوں کی موجودگی میں اس بات پر زور دیا ہے کہ زائرین مسجد نبویؐ کے لیے دینی آگاہی، علمی دروس اور دیگر خدمات کو یقینی بنایا جائے۔

  • صارفین کے لیے گوگل کروم کا زبردست تحفہ

    صارفین کے لیے گوگل کروم کا زبردست تحفہ

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے صارفین کو خوشخبری سناتے ہوئے ویب براؤزر گوگل کروم میں چند نئے فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔

    ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کروم کا نیا 123 ورژن مارچ میں صارفین کے لئے متعارف کرایا جائے گا، جس کا ابھی بیٹا (beta) ورژن جاری کیا گیا ہے۔

    ایک فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں پی ڈی ایف ریڈر کو کروم براؤزر کا حصہ بنانے کے حوالے سے متعارف کرایا گیا ہے۔

    کروم براؤزر کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں پی ڈی ایف ریڈر کا استعمال کا فی وقت سے کیا جارہا ہے، مگر اب اینڈرائیڈ سمارٹ فونز کے لیے یہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

    اس فیچر سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں پی ڈی ایف فائلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ ویب براؤزر میں ہی اوپن ہو جائیں گی۔

    ایک اور نیا فیچر ٹیب گروپ شیئرنگ سے متعلق ہے، اس فیچر سے آپ کروم پر لنکس کی بجائے ٹیب گروپس کو شیئر کرسکیں گے، یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ ورژن کے کروم صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

    اسی طرح کروم 123 میں مختلف ڈیوائسز میں سوئچ کرنے کا عمل بھی آسان اور سہل بنایا جارہا ہے، گوگل کی جانب سے اس کے لیے ایک نیا Resume tabs آپشن کروم براؤزر کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

    اس آپشن کے تحت دیگر ڈیوائسز میں اوپن کیے گئے ٹیبز کو کسی نئی ڈیوائس کے ٹیب پیج میں دکھایا جائے گا۔یہ فیچر ڈیسک ٹاپ، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

    ایک نیا فیچر کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں اینڈرائیڈ جیسے میڈیا پلیئر سے متعلق پیش کیا گیا ہے، کروم 123 کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایک نیا میڈیا پلیئر ویب براؤزر کا حصہ بنے گا۔

    لیپ ڈے پر گوگل کا دلچسپ ڈوڈل جاری، لیپ ایئر کیوں‌ ہوتا ہے؟

    اس طرح کا میڈیا پلیئر ابھی گوگل پکسلز فونز میں دیکھنے میں آتا ہے جس میں پلے بیک اور کاسٹنگ بٹنز کو تبدیل کیا جائے گا۔

  • دہلی میں نئی وبا نے سر اُٹھا لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے

    دہلی میں نئی وبا نے سر اُٹھا لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے

    دہلی میں نئی وبا نے زور پکڑ لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے، جس کے باعث صحت کے حکام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی میں ان دنوں پیٹ کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، جسے اسٹومک فلو (پیٹ کا فلو) بھی کہا جا رہا ہے۔ زیادہ تر بچے اس بیماری کی زد میں آرہے ہیں۔

    یہ ایک عام بیماری ہے جو نورووائرس، روٹاوائرس اور انٹرووائرس سمیت مختلف وائرسز کے باعث ہوتی ہے، یہ وائرسز بہت زیادہ متعدی ہوتے ہیں اور آلودہ خوراک یا پانی، متاثرہ شخص کے قریبی رابطے یا ناقص صحت کی سہولیات کے ذریعے آسانی سے پھیل سکتے ہیں۔

    اگر کسی کو یہ فلو ہوا ہے اور آپ اس شخص کے رابطے میں آتے ہیں تو آپ کے بھی متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    جن افراد کی قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے ان میں بھی اس بیماری کا خطرہ زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس بیماری کی اہم وجوہات میں سے پیٹ کا انفیکشن، خراب کھانا، آلودہ پانی پینے اور اسٹریٹ فوڈ و صفائی ستھرائی کا فقدان ہے۔

    اس بیماری کی علامات میں پیٹ درد، پیٹ کی خرابی، اسہال، قے اور دیگر کئی مسائل شامل ہیں۔ دراصل یہ نورو وائرس، انٹرو وائرس اور روٹا وائرس کی وجہ سے ہو سکتا ہے، لہذا اس صورت میں یہ ضروری ہے کہ اس کی علامات سے باخبر رہیں۔

    اس بیماری سے آنتوں میں سوجن آ جاتی ہے۔ پانی جیسا خونی اسہال بھی ہو سکتا ہے۔ درد اور متلی بھی اس کی علامات ہیں۔ اس کی ابتدائی علامات قے، بخار، جسم میں کمزوری، سر درد اور چکر کا آنا ہے۔

    پٹھوں کی خطرناک بیماری کیسے اور کیوں ہوتی ہے؟

    اس بیماری سے بچنے کی تدابیر میں سے کچھ یہ ہیں کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ الیکٹرولائٹ ڈرنک یا ادرک والے مشروب کا استعمال کیا جائے،قے کو روکنے کے لیے تھوڑی مقدار میں پانی بار بار پیتے رہیں۔

  • مگر مچھ کے حملے میں کسان بال بال بچ گیا، ویڈیو وائرل

    مگر مچھ کے حملے میں کسان بال بال بچ گیا، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے ایک کھیت میں کھیتی باڑی کے دوران مگر مچھ نکل آیا، جسے دیکھ کر کسان خوفزدہ ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تریپورارم میں ناگیا نامی کسان جب اپنے کھیت پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ کھیت میں مگر مچھ موجود ہے، جسے دیکھ کر وہ گھبرا گیا۔

    ناگیا نامی کسان نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دی۔ اس دوران کچھ لوگ بھی جمع ہوگئے، جنہوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

    اس سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا تھا جس میں بھارتی شخص کو خطرناک کوبرا سے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹو اینڈ شیئر نگ ایپ انسٹاگرام پر ایک بھارتی شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ کوبرا کو با آسانی ہاتھوں کے ذریعے اپنے سر سے اوپر تک اٹھا کر رکھا ہوا ہے۔

    مذکورہ شخص کے اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین بھی حیرت زدہ نظر آرہے ہیں اور ویڈیو پر مختلف قسم کے تبصرے کر رہے ہیں۔