Tag: Urdu news

  • راجیو گاندھی قتل کا مجرم ہارٹ اٹیک سے ہلاک

    راجیو گاندھی قتل کا مجرم ہارٹ اٹیک سے ہلاک

    بھارت میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کا مجرم ستھیندر راجہ عرف سنتھان ہارٹ اٹیک سے چل بسا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ستھیندر راجہ عرف سنتھان کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مگر آج اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ستھیندر راجہ عرف سنتھان کو صبح کے وقت ہارٹ اٹیک آیاجس پر اسے اسپتال منتقل کرکے طبی امداد پہنچائی گئی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی قتل کیس کے تمام ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

    عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ اگر ان ملزمان کے خلاف کوئی دوسرا مقدمہ زیر سماعت نہیں تو انہیں رہا کردیاجائے۔

    جسٹس بی آر گاوئی اور جسٹس ناگارتنا کی بینچ کا کہنا تھا کہ تامل ناڈو حکومت نے ان مجرموں کی رہائی کی سفارش گورنر کو بھیجی تھی لیکن گورنر نے ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

    راجیو گاندھی قتل کیس: بھارتی سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا گورنر کی جانب سے مجرموں کی رہائی کا فیصلہ لینے میں غیر معقول تاخیر ہوئی، اس لیے سپریم کورٹ نے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پیراریولن کی رہائی کا حکم دیا تھا اور اب مشاہدہ کیا کہ پیراریولن کیس میں دیا گیا حکم ان مجرموں پر بھی لاگو ہوتا ہے، اس لیے انہیں بھی فوری رہا کیا جائے۔

  • بھارت: ٹرین حادثے میں 12 ہلاک، متعدد زخمی

    بھارت: ٹرین حادثے میں 12 ہلاک، متعدد زخمی

    بھارت کے جھارکھنڈ میں پیش آنے والے خوفناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسنسول ڈویژن کے جنتارا علاقے میں خلجیریا ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین حادثہ رونما ہوا، جس کے باعث 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھاگلپور سے بنگلور جانے والی انگا ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں بعض مسافر آگ سے بچنے کے لئے ٹرین سے اتر گئے۔

    بعض مسافر مبینہ آگ سے بچنے کے لئے پٹریوں پر دوڑنے لگے، اسی اثناء میں ایک اور لائن پر آرہی ٹرین کی زد میں آگئے جس کے باعث 12 مسافر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    ریلوے پولیس اور مقامی لوگ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں ہلاک افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔

  • سعودی عرب: ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی

    سعودی عرب: ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی

    سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک ہزار جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی بھی شریک ہوئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجتماعی شادی کی تقریب کو ’فرح جدہ 2024‘ (جدہ کی خوشی) کا عنوان دیا گیا تھا۔

    فلاحی تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، ضرورت مند خاندانوں کی مدد اور ایسے نوجوان جو شادی کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے انکی شادی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    فلاحی تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد شاہ فیصل یونیورسٹی کے کمپلیکس میں کیا گیا جہاں شہر کے معروف تاجر اور نمایاں شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

    فلاحی تنظیم کے سی ای او ڈاکٹر انس زرعہ نے اس موقع پر گورنر مکہ مکرمہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی زیر سرپرستی اجتماعی شادی کی تقریب انتہائی کامیابی سے منعقد کی گئی۔

    بھارت: اجتماعی شادی کی تقریب میں جیب کترنے کی شکایات

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی محبت جھیل پر 9 چینی جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی محبت جھیل پر 9 چینی جوڑوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب منعقد کی گئی، محبت آئس لینڈ پر پہلی بار اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جسے بے حد سراہا جارہا ہے۔

    اجتماعی شادی چینی رسم و رواج کے تحت کی گئی، چینی جوڑوں کی جانب سے اس اقدام کو سراہا گیا۔

  • شہزادہ ہیری برطانیہ میں مقدمہ ہار گئے

    شہزادہ ہیری برطانیہ میں مقدمہ ہار گئے

    لندن کی عدالت میں برطانوی شہزادہ ہیری کو برطانیہ میں سرکاری سیکیورٹی نہ دینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف مقدمہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری نے لندن کی عدالت میں حکومتی فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکومتی فیصلے کو قانونی قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کو برطانوی وزارت داخلہ نے فروری 2020 میں پولیس پروٹیکشن نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ شاہی ذمہ داریوں سے دست بردار ہو کر مارچ 2020 میں امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب سے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ صدر بنا تو برطانوی شہزادہ ہیری کے ساتھ خصوصی برتاؤ نہیں رکھا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے برطانوی جوڑے پر بہت زیادہ مہربانی کی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ برطانوی شہزادہ ہیری نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو دھوکا دیا، اس بات کی شہزادہ ہیری کو معافی نہیں مل سکتی۔

    برطانوی شہزادہ ولیم کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

    سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کا صدر منتخب ہوا تو شہزادہ ہیری کی کوئی مدد نہیں کروں گا، فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوا تو ہیری اپنے ذمہ دار خود ہوں گے۔

  • ایران: بم نصب کرتے ہوئے زور دار دھماکا، دہشت گرد واصل جہنم

    ایران: بم نصب کرتے ہوئے زور دار دھماکا، دہشت گرد واصل جہنم

    ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں بم نصب کرتے ہوئے زور دار دھماکا ہوگیا، جس کے باعث مبینہ دہشت گرد واصل جہنم ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دو مبینہ دہشت گرد سڑک کنارے دیسی ساختہ بم کو نصب کررہے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ دہشت گردوں کی کوشش یہ تھی کہ پولیس قافلے کو نشانہ بنایا جائے۔

    روسی صدر کے ایک اور ناقد کو جیل بھیج دیا گیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی جو پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ کمانڈر قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کی تقریب کے دوران ہوئے تھے۔

    ان دھماکوں میں ایک سو کے قریب افراد جاں بحق اور 280 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔

  • کوئٹہ شہر اور گردو نواح میں بارشیں، سردی میں اضافہ

    کوئٹہ شہر اور گردو نواح میں بارشیں، سردی میں اضافہ

    کوئٹہ شہر اور گردو نواح میں ہونے والی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق زیارت، کان مہترزئی اور توبہ کاکڑئی میں بھی شدید بارشیں ہوئی جبکہ خاران اور گردو نواح میں ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

    مستونگ شہر اور گردو نواح میں بھی بارش سے جل تھل ہوگیا، جبکہ اوستہ محمد،جھل مگسی، گنداخہ میں آج شام سے 2 مارچ تک موسلا دھار بارش کاامکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    گوادر میں بارشوں سے تباہی، پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن

    چمن شہر اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کاسلسلہ جاری ہے، قلعہ عبداللہ، دوبندی، توبہ اچکزئی، جنگل پیرعلی، گلستان، خواجہ عمران اور کوژک ٹاپ پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

  • گوادر میں بارشوں سے تباہی، پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن

    گوادر میں بارشوں سے تباہی، پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن

    گوادر میں 27 اور 28 فروری کو ہونے والی شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے بعد پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک فوج کے دستے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لئے متحرک ہیں، جنرل آفیسر کمانڈنگ 44 ڈویژن نے کمشنر مکران ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر کے ہمراہ گوادر سٹی اور سربندر کا تفصیلی دورہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے آرمی اور سویلین انتظامیہ کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور مقامی آبادی کو فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    اس وقت پاک فوج کے جوان گوادر، جیونی اور سوربندر کے گرد و نواح میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، گاؤں روہبر، پرنٹوک اور خرگوشکی کے پھنسے ہوئے دیہاتیوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔

    سیلاب زدہ علاقوں اور گھروں سے پانی نکالنے کے لیے فوج نے سکشن پمپ لگائے ہیں، بے گھر پریشان شہریوں میں پکا ہوا کھانا اور خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

    طوفانی بارشوں سے تباہی، گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    بے گھر آبادی کو خیمے اور چٹائیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مقامی آبادی کی جانب سے پاک فوج کی کوششوں کوسراہا جارہا ہے۔

  • فلسطینیوں کی خودمختاری کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، امریکا

    فلسطینیوں کی خودمختاری کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر کا کہنا ہے کہ ہم فلسطینیوں کی خودمختاری کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔

    پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ فلسطین کو ریاست تسلم کرتے ہیں؟ جس پر اُن کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم نہیں کرتے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کیا ہم چین اور تائیوان کاموازنہ فلسطین سے کرسکتے ہیں، امریکا تائیوان کوچین کیساتھ ہونے کے باوجود خودمختار حیثیت دیتا ہے، کیایہی درجہ فلسطینیوں کوبھی حق حاصل ہے؟۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا اس پر کہنا تھا کہ ہم فلسطین کوریاست تسلیم نہیں کرتے، فلسطین میں ریاست قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    میتھیو ملر کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ آئندہ کئی ماہ کی پالیسیاں پاکستانیوں کیلئے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی اہم ہوں گی۔

    غزہ میں غذائی قلت سے مزید بچے دم توڑ گئے

    امریکا پاکستان پر زور دیتا ہے کہ وہ آئی ایم ایف اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ میکرو اکنامک ریفارمز کیلئے کام جاری رکھے۔

  • ’گھر سے 3 جنازے اٹھنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی‘

    ’گھر سے 3 جنازے اٹھنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی‘

    سینئر مشہور و معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنی زندگی میں بہت سی تکالیف کا سامنا کیا اور ہر مشکل وقت میں ڈٹی رہیں وہیں ان کے پیارے رشتوں کے پے در پے بچھڑنے کے باعث انہیں گہرا صدمہ پہنچا۔

    سینئر اداکارہ نے ایک وی لاگ میں اپنے چاہنے والوں کو اپنی والدہ، والد اور بڑی بہن کی موت سے متعلق آگاہ کیا۔

    شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ میری بہن کو مجھ سے بچھڑے ہوئے آج 2 سال گزر گئے ہیں۔ اس کی اچانک موت سے میں بہت کمزور ہوگئی ہوں۔ 10 ماہ کے عرصے میں گھر سے 3 جنازے اٹھتے دیکھے ہیں جس نے میری روح کو جھنجھوڑ دیا ہے۔

    شگفتہ اعجاز نے بتایا کہ والدہ کو کئی سال پہلے یوٹرس میں کینسر ہوا جو ٹھیک ہوچکا تھا لیکن وفات سے قبل بریسٹ کینسر اور جسم کے کئی حصوں میں اس کی تشخیص ہوئی اور اس کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔

    ان کے بعد اچانک بہن بیمار ہوئیں اور جب ان کا ٹیسٹ ہوا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ صرف 4 مہینے کی مہمان ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ وہ مراحل آج بھی جب آنکھوں کے سامنے آ تے ہیں تو میرے لئے خود کو سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    پھر کچھ ماہ بعد میرے والد بھی دنیا سے رخصت ہوگئے، ابو شوگر کے مریض تھے ان کی حالت آخر میں اتنی خراب ہوئی کہ ایک ٹانگ کو بھی کاٹنا پڑا تھا۔

    معروف بھارتی اداکارہ اور گلوکار حادثے میں ہلاک

    اداکارہ نے کہا کہ میری بہن سانس کے مسائل کی شکار تھیں، ساتھ ہی انہیں جگر کی تکلیف بھی ہوئی، پھر جب ٹیسٹ ہوا تو معلوم ہوا کہ ان کو کینسر colango carcinoma ہے جو جگر کا کینسر تھا۔ اسی مرض کے باعث اُن کا بھی انتقال ہوگیا۔

  • روسی صدر کے ایک اور ناقد کو جیل بھیج دیا گیا

    روسی صدر کے ایک اور ناقد کو جیل بھیج دیا گیا

    روسی عدالت نے منگل کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سخت ترین ناقد اولگ اورلوف کو ڈھائی سال قید کی سزا سنائی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے اولگ اورلوف کو ایک مضمون میں روسی فوج کو ”بدنام” کرنے پر ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اولگ کے مطابق ان کے خلاف یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

    روسی صدر کے مخالف 70 سالہ اولگ کو اپنے ایک مضمون کے حوالے سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس پر انہوں نے یوکرین پر روسی حملے پر تنقید کی تھی۔

    روس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی معطلی

    ایک عدالت نے روسی دارالحکومت ماسکو میں انہیں اس مضمون میں روسی فوج کو متعدد بار بدنام کرنے پر مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال اور چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ اس فیصلے کے بعد حکام نے انہیں عدالت ہی میں حراست میں لے لیاتھا۔