Tag: Urdu news

  • یمنی حوثیوں کے امریکی بحری جہازوں پر حملے

    یمنی حوثیوں کے امریکی بحری جہازوں پر حملے

    یمنی حوثیوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بحیرہ عمان اور خلیج عدن میں 16 بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک جنگی اور 3 سپلائی جہازوں پر حملے کئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یمنی حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی فوج کے 1 ڈسٹرائر اور 3 سپلائی بحری جہازوں کو بحیرہ عمان اور خلیج عدن میں ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ 16 بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے کیے گئے ان حملو ں میں اہداف کو ٹھیک نشانہ بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یمن میں امریکا کی جانب سے حوثیوں کی تنصیبات پر بمباری کی گئی تھی، امریکی سنٹرل کمانڈ آفس‘سینٹ کوم’نے حملوں کی تصاویر بھی جاری کی تھیں۔

    سینٹ کوم نے 9 اور 10 نومبر کو یمن میں حوثیوں پر کیے گئے فضائی حملوں کی تصاویر شیئر کی تھیں۔

    اسرائیل نے لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی کتنی بار خلاف ورزی کی؟ فرانسیسی رپورٹ میں شرمناک انکشاف

    امریکی سنٹرل کمانڈ آفس’سینٹ کوم‘ کے بیان میں کہا گیا تھا ہے کہ حوثیوں کی تنصیبات اور اسلحہ سسٹموں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔

    جاری کی گئی تصاویر میں حوثیوں کی ایک موبائل میزائل لانچر گاڑی کو فضائی حملے میں تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • میکسیکومیں مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد ہلاک

    میکسیکومیں مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد ہلاک

    شمالی میکسیکو میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست گواناجواتو کے قصبے اپاسیو دیل گراندے میں ایک کھوکھے اور اس کے گاہکوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملے میں 9 افراد موقع پرہی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے کھوکھے پر موجود لوگوں پر اور پھر آس پاس کے گاہکوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی میکسیکو کے ایک بار پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس میں 6 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔

    فائرنگ کا واقعہ میکسیکو کے ساحلی صوبے تاباسکو کے ایک بار میں پیش آیا جو ان دنوں بڑھتے ہوئے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

    ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے ڈپٹی پراسیکیوٹر گلبرٹو میلکیڈیس مرانڈا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پانچ افراد جائے وقوعہ پر مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

    خواتین کے لیے سب سے خطرناک جگہ اُن کا گھر ہے، اقوام متحدہ

    ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افراد کا گروپ ایک شخص کی تلاش میں نائٹ کلب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

  • اسرائیلی فوج کا شام میں فضائی حملہ، 79 جان سے گئے

    اسرائیلی فوج کا شام میں فضائی حملہ، 79 جان سے گئے

    اسرائیلی فوج نے شام کے شہر تدمر میں فضائی حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 79 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں بعض کا تعلق ایرانی حمایت یافتہ تنظیم سے ہے۔

    شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق گزشتہ روز تدمر شہر میں اسرائیلی فضائی حملہ کیا، حملے میں جاں بحق 79 افراد میں 53 شامی، 22 غیرملکی اور 4 حزب اللہ کے حمایتی جنگجو شامل تھے۔

    شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے اجلاس کو نشانہ بنایا تھا۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی حکام نے تدمر میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 بتائی ہے۔

    دوسری جانب بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ جنگ سے متعلق مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، کاؤنٹی کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے رہنما محمد ضیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

    وارنٹ میں نیتن یاہو اور گیلنٹ کو بیرون ملک سفر کرنے کی صورت میں گرفتاری کا لاحق ہے، ایسی غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ حماس کے رہنما محمد ضیف کو اسرائیل نے ہلاک کیا ہے۔

    عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے مئی میں وارنٹ گرفتاری کی درخواست دیتے ہوئے کہا تھا کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کو غزہ میں بڑے پیمانے پر فاقہ کشی کا باعث بننے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی ”مجرمانہ ذمہ داری”پر یقین کرنے کی معقول بنیادیں ہیں۔

    نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری، نیدر لینڈز کا بڑا بیان

    جمعرات کو عدالت نے کہا کہ اسے یہ ماننے کے لیے معقول بنیادیں مل گئی ہیں کہ ضیف انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل، تشدد، عصمت دری اور یرغمال بنانے سمیت جنگی جرائم کے لیے ذمہ دار ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں سونا سستا ہوگیا

    متحدہ عرب امارات میں سونا سستا ہوگیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سونے کے بھاؤ میں 23.25 درھم فی گرام تک کی کمی واقع ہوگئی۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سونے کے نرخوں میں اس ہفتے کے آخر تک 11.25 درھم سے 14.5 درھم فی گرام تک کی کمی واقع ہو چکی تھی۔ مسلسل دوسرے ہفتے کے آخر تک اس کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

    رپورٹس کے مطابق اس طرح ایک گرام سونے کے نرخوں میں 2 ہفتوں کے اختتام پر کل کمی 23 ریال سے زیادہ کی ہو چکی ہے۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں کی اگر بات کی جائے تو 24 قیراط سونے کا بھاؤ14.50 درھم کمی کے ساتھ 301.75 درھم تک پہنچ چکا ہے، جبکہ 22 قیراط ایک گرام کے نرخ 287.50 درہم تک آچکے ہیں جس میں 13.50 درھم کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    18 قیراط سونے کی قیمت میں 11.25 درھم کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کے نرخ 238.75 درھم ہو گئے ہیں جبکہ 21 قیراط ایک گرام میں 13 درھم تک کی واقع ہو چکی ہے اور اس کے نرخ 278.5 درھم پر پہنچ چکے ہیں۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کرانے والی کمیٹی نے نومبر 2024 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

    اکتوبر 2024 کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتوں میں 8 سے 9 فلس جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 فلس فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔

    پٹرول سپیشل 95 کی فی لٹر قیمت نومبر میں 2.63 درھم ہوگئی جبکہ اکتوبر میں اس کی قیمت 2.54 درھم تھی، اس کے علاوہ پٹرول سپر 98 کی فی لٹر قیمت اکتوبر میں 2.66 درھم تھی اب نومبر میں 2.74 درھم میں دستیاب ہوگا۔

    اسرائیل میں سونا اور پیٹرل مہنگا ہو گیا

    نومبر میں ای پلس 91 پٹرول کی قیمت 2.55 درھم ہوگی اس کی اکتوبر میں قیمت 2.47 درھم فی لیٹر تھی، ڈیزل کی نومبر کے لیے قیمت2.67 درھم فی لیٹر کردی گئی اکتوبر میں اس کے نرخ 2.60 درھم تھے۔

  • متحدہ عرب امارات: ویزا ایمنسٹی اسکیم سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات: ویزا ایمنسٹی اسکیم سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ویزا ایمنسٹی اسکیم میں دو ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی کی جانب سے ویزا ایمنسٹی اسکیم میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    دبئی سے اماراتی حکام کے مطابق ویزا ایمنسٹی اسکیم میں 31 دسمبر 2024 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    ویزا ایمنسٹی اسکیم کا آغاز یکم ستمبر سے ہوا اور اسے 31 اکتوبر کو ختم ہونا تھا، ہزاروں افراد نے اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ویزا اسٹیٹس کو ریگولرائز کرایا۔

    اماراتی حکام نے بتایا کہ اس کے باعث اوور اسٹے کرنے والوں کو لاکھوں کے جرمانے سے چھوٹ دی، ایکسپائرڈ ویزے والے افراد کو بغیر جرمانہ قانونی رہائشی بننے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب کویت میں قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے گزشتہ روز 489 مقدمات میں کویتی شہریت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد اسے وزراء کونسل میں پیش کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کویتی شہریت کی تحقیقات کے لیے سپریم کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد کیا گیا تھا، جس کی صدارت اول نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے کی۔

    رپورٹس کے مطابق کویتی حکام کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکڑوں افراد سے شہریت واپس لے لی ہے کیونکہ حکام شہریت کے حصول میں جعل سازوں، دھوکہ دہی اور اس طرح کے لوگوں کا پردہ فاش کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال 20 ستمبر کے بعد یہ کویتی شہریت واپس لینے کا سب سے بڑا واقعہ ہے کویتی قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے اس وقت 112 افراد کی شہریت کو منسوخ کردیا تھا۔

  • نائیجیریا میں کشتی خوفناک حادثے کا شکار، 100 سے زائد افراد لاپتا

    نائیجیریا میں کشتی خوفناک حادثے کا شکار، 100 سے زائد افراد لاپتا

    ابوجا: نائیجیریا میں گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے پر کشتی سمندر میں ڈوب گئی، کشتی میں سوار 300 افراد میں سے 100 لاپتہ ہوگئے، جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کشتی نائیجیریا کے ضلع موقوا کے مقام پر دریائے نائیجر میں ڈوبی جس کے ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کشتی مقامی طور پر لکڑی سے تیار کی گئی تھی جس میں 100 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش تھی، مگر کشتی کی روانگی کے وقت اس میں 300 افراد سوار ہوگئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

    حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی حکام کی جانب سے 150 افراد کو بحفاظت سمندر سے باہر نکال لیا گیا مگر 100افراد کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

    کشتی حادثے کے حوالے سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں، مقامی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 9 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جبکہ لوکل کونسل کے ایک رہنما نے 60 افراد کی لاشیں ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اس سے قبل نائیجیریا میں آئل ٹینکر اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 48 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق آئل ٹینکر سڑک سے گزرتے ہوئے مسافروں اور مویشیوں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ زوردار ٹکر کے باعث آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا اور مسافر بردار ٹرک سمیت دیگر گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

    نائیجیریا میں سیلاب سے 28 ہلاکتیں، ہزاروں بے گھر

    حکام کے مطابق حادثے میں 48 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

  • سویڈن: قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے دو ملعونوں پر فرد جرم عائد

    سویڈن: قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے دو ملعونوں پر فرد جرم عائد

    سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے اور نذر آتش کرنے کے جرم میں دو ملعونوں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سویڈش پراسیکیوٹرز نے اس حوالے سے بتایا کہ ملعون سلوان مومیکا اور ملعون سلوان نجم نے 4 مرتبہ کسی نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال انگزیزی کی۔

    دونوں ملزمان پر عائد کی گئی فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملعونوں نے قرآن کی بے حرمتی کی، اسے نذر آتش کیا اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے۔

    سینئر پراسیکیوٹر آینا ہینکو نے بتایا کہ دونوں ملزمان پر چار مواقعوں پر ایسے بیانات دینے اور کلام پاک کے ساتھ ایسا سلوک کرنے پر مقدمہ چلایا گیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے عقیدے کی وجہ سے ان کی توہین کرنا تھا۔

    سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی، ہنگامہ آرائی پر دو افراد گرفتار

    آینا ہینکو کا مزید کہنا تھا کہ ان کی رائے میں دونوں ملزمان کے بیانات اور ان کا عمل نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال کی دفعات کے تحت آتے ہیں اور ضروری ہے کہ اس حوالے سے عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔

  • سعودی عرب: سنگین جرم کرنے پر شہری کو موت کی سزا

    سعودی عرب: سنگین جرم کرنے پر شہری کو موت کی سزا

    سعودی وزارت داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الجوف ریجن میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث شہری کو موت کی سزا دے دی گئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نشہ آور گولیاں مملکت اسمگل کرنے پر سعودی شہری عبداللہ بن حمود بن مطوع الشمری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا جس پر اسے عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں عدالت نے اقبال بیان اور شواہد کی بنیاد پر ملزم کو سزائے موت کا حکم دیا، اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے بھی اسی فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق الجوف ریجن میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے جمعرات 22 اگست 2024 کو نشہ آور گولیوں کے سمگلر شہری کو موت کی سزا دی گئی۔

    بیان میں کہا گیا کہ معاشرے میں نشہ آور اشیاء پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ اور دھندا کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔

    اس سے قبل سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں بلجرشی گورنریٹ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک غیرملکی کو دو لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان نے بیان میں بتایا کہ یمنی شہری وسیم عبدہ یحیی کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے سپرد کردیا گیا ہے۔

    موسلا دھار بارش میں طوافِ کعبہ کے روح پرور مناظر کی ویڈیو

    واضح رہے کہ مملکت میں قانون کے تحت ہراساں کرنے کے جرم کا ارتکاب کرنے والے کو دو سال سے زیادہ کی قید اور ایک لاکھ ریال سے زیادہ جرمانہ یا ان دو میں سے ایک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • جینیفر لوپیز  نے طلاق مانگ لی، وجہ کیا بنی؟

    جینیفر لوپیز نے طلاق مانگ لی، وجہ کیا بنی؟

    ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور گلوکارہ جینیفر لوپیز نے شادی کے دو سال بعد بین ایفلیک سے طلاق مانگ لی، اس سلسلے میں انہوں نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ جنیفر لوپیز نے طلاق کے کاغذات لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں جمع کرادیئے ہیں۔

    یاد رہے کہ یہ جوڑا جولائی 2022 میں لاس ویگس میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا، ہالی وڈ کی یہ مشہور جوڑی 2000 کی دہائی میں ”بینیفر“ کے نام سے مشہور ہوئی تھی۔

    سحر خان نے ہراسانی کے واقعات سے پریشان ہوکر اہم قدم اٹھا لیا

    اداکارہ کی تین شادیاں اس سے قبل طلاق پر ختم ہو چکی ہیں۔ اداکارہ کی طرح بین ایفلیک کی بھی ایک شادی 2018 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

  • نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کیا کہا؟

    نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کیا کہا؟

    بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے بھی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سُسر کی جانب سے تحفے میں بھینس ملنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ میرے لیے ایسے تحائف ملنا کوئی نئی بات نہیں ہے، مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں ملا تھا اور ہریانہ میں ہم ایتھلیٹس کو اسی طرح کے تحائف ملتے ہیں جیسے کبھی 10 یا 50 کلو دیسی گھی اور لڈو وغیرہ دیئے جاتے ہیں۔

    بھارتی جیولین تھرور نے کہا کہ میرے لیے مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات بھی کیے جا چُکے ہیں کہ اگر نیرج مقابلہ جیتے گا تو اسے 50 کلو گھی تحفے میں دیا جائے گا، میں بچپن سے ہی اس طرح کی باتیں سنتا آیا ہوں۔

    اُنہوں نے کہا کہ جہاں میری پرورش ہوئی ہے وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل بہت مشہور ہیں اور ہمارے یہاں گھی تحفے میں اس لیے دیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت کا خزانہ ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے یہاں بھینسیں بھی تحفے میں دی جاتی ہیں، پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو بُلِٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر بھی تحفے میں دیے جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اولمپک گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان ارشد ندیم نے کہا تھا کہ میرے سسر نے بھینس دی ہے وہ تو اتنے امیر ہیں کہ پانچ چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے۔

    ارشد ندیم نے دورہ کراچی کے دوران اے آر وائی نیوز کے میزبان وسیم بادامی کے پروگرام میں اہلیہ سمیت خصوصی شرکت کی اور میزبان کے معصومانہ سوالات کے جواب دیتے ہوئے ہنستے مسکراتے اپنی معصومانہ خواہش بھی بیان کر دی۔

    جیولن ہیرو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا میری اہلیہ نے انٹرویو دیکھا اور مجھے بتایا کہ ابا جی نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اس موقع پر ارشد ندیم نے ہنستے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں نے اتنا بڑا کارنامہ کیا اور سسر صاحب نے صرف بھینس پکڑا دی۔ میں نے اپنی بیگم سے کہا کہ صرف بھینس دی ہے، وہ تو ماشا اللہ اتنے امیر ہیں۔ ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، پانچ یا چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، لیکن بھینس دی یہ بھی اچھا کیا۔

    انہوں نے حس مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں نے ان سے کہا تھا اپنے ابا جی سے کہو کہ پانچ چھ ایکڑ زمین دے دیں لیکن انہوں نے اب تک اپنے ابا سے نہیں کہا جس سے لگتا ہے کہ یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔

    ارشد ندیم کے لئے ایک اور بڑا انعام؟

    ارشد ندیم جن کے تین بچے ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں نے خواہش کا اظہار کیا کہ میری خواہش ہے، جس طرح میں نے پاکستان کا نام روشن کیا، اسی طرح وہ بھی کسی نہ کسی شعبے میں پاکستان کا نام روشن کریں۔