Tag: Urdu news

  • یہ آج کل کے بچے، روہت شرما کی انسٹا اسٹوری کی دھوم

    یہ آج کل کے بچے، روہت شرما کی انسٹا اسٹوری کی دھوم

    راجکوٹ: راجکوٹ ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو 434 رنز کے بڑے مارجن سے ہراکر تاریخ رقم کردی، اس جیت میں ٹیم انڈیا کے نوجوان کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔

    اس شاندار فتح پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے میچ کے دوران بہترین کھیل پیش کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں یشسوی جیسوال، سرفراز خان اور دھرو جریل کی تعریف میں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی،جس کی سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے۔

    بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر نوجوان کھلاڑی یشسوی جیسوال، سرفراز خان اور دھرو جریل کی تصویر پوسٹ کی اور کیپشن میں تالیاں بجانے والی ایموجی کے ساتھ لکھا کہ ‘یہ آج کل کے بچے ہیں’۔

    بھارتی کپتان نے اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے ان تینوں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

    واضح رہے کہ راجکوٹ ٹیسٹ میں سرفراز خان اور دھرو جریل نے اپنا پہلا میچ کھیلا، سرفراز نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 62 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 68 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔

    اس کے علاوہ دھرو جریل نے پہلی اننگز میں 46 رنز بنائے اور شاندار وکٹ کیپنگ کی۔ انگلینڈ کی چوتھی اننگز میں دھرو نے سراج کے ایک مشکل تھرو پر بین ڈکٹ کو رن آؤٹ کیا۔

    بہترین بیٹنگ کرنے پر شاہین نے خواجہ نافع کو کونسا تحفہ دیا؟

    دوسرے میچ میں جیسوال نے لگاتار ریکارڈ توڑ ڈبل سنچری اسکور کی، جیسوال نے طوفانی انداز میں بلے بازی کی اور صرف 236 گیندوں میں 214 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے 14 چوکے اور ریکارڈ 12 چھکے لگاکر اننگ کو یادگار بنادیا۔

  • ویڈیو: دہلی میں خوفناک آگ نے 130 جھگیاں جلا کر راکھ کردیں

    ویڈیو: دہلی میں خوفناک آگ نے 130 جھگیاں جلا کر راکھ کردیں

    دہلی میں لگنے والی آگ نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث 130سے زائد جھگیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں شہباز ڈیری کے علاقے کے قریب ایک کچی آبادی میں زبردست آگ لگ گئی، جس کے باعث 130 جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

    ہفتے کی رات پیش آنے والے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رات تقریباً 10 بجے کے قریب فائر اسٹیشن کو ایک کال موصول ہوئی، جس کے بعد 15 فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر روانہ کردیئے گئے تھے۔

    دہلی کے فائر آفیشلز نے اس بات کی تصدیق کی کہ بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے تقریباً 130 جھونپڑیاں جل گئی ہیں۔

    دوسری جانب فرانس میں ایک ری سائیکلنگ پلانٹ میں آتش زدگی کے باعث لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں۔

    ہفتے کے روز جنوبی فرانس کے شہر ٹولوز کے شمال میں واقع علاقے ویویز میں ایک بیٹری ری سائیکلنگ پلانٹ میں تقریباً 900 ٹن لیتھیئم بیٹریوں میں آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں آسمان پر گھنے سیاہ زہریلی دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

    واضح رہے کہ لیتھیئم بیٹریاں فون سے لے کر الیکٹرک کاروں تک برقی آلات میں بہت اہم ہیں، ان میں آتش گیر مادہ موجود ہوتا ہے جو بہت زیادہ خطرناک ہوتا ہے، کیوں کہ ان میں توانائی بھی ذخیرہ ہوتی ہے، اور اگر یہ زیادہ درجہ حرارت کے قریب ہو جائے تو ان میں آگ بھڑک سکتی ہے، اور جلنے سے ان میں سے زہریلا مادہ خارج ہو سکتا ہے۔

  • صوفیانہ کلام کی مایہ ناز گلوکارہ عابدہ پروین کی سالگرہ

    صوفیانہ کلام کی مایہ ناز گلوکارہ عابدہ پروین کی سالگرہ

    عالمی شہرت یافتہ سروں کی ملکہ اور صوفیانہ کلام کی مایہ ناز گلوکارہ عابدہ پروین کی آج سالگرہ منائی جارہی ہے۔

    ملک کی معروف گلوکارہ عابدہ پروین کے والد استاد غلام حیدر معروف موسیقار تھے جو ان کے موسیقی کے استاد بھی تھے۔ انہوں نے 1977 میں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے گلوکاری کا آغاز کیا۔

    معروف صوفیانہ گلوکارہ عابدہ پروین نے ممتازصوفی شعراء بابا بلھے شاہ، امیرخسرو، شاہ عبدالطیف بھٹائی، سچل سرمست، بھگت کبیر اور دیگر شعراء کے کلام پڑھے۔

    عابدہ پروین کی سالگرہ کے موقع پر شوبز انڈسٹری سمیت مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے اداروں اور تنظیموں کی جانب سے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

    عابدہ پروین زار و قطار رو پڑیں، ویڈیو وائرل

    واضح رہے کہ معروف گلوکارہ عابدہ پروین کوستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور لطیف ایوارڈسمیت متعدد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

  • ”میں زندہ ہوں“ زندہ خاتون کو کاغذات پر مردہ قرار دے دیا گیا

    ”میں زندہ ہوں“ زندہ خاتون کو کاغذات پر مردہ قرار دے دیا گیا

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک زندہ خاتون کو مردہ قرار دے کر اسے ملنے والی تمام سہولتوں کو چھین لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق زندہ خاتون کو کاغذات میں مردہ قرار دے کر اس کا نام حکومت سے ملنے والے سبھی منصوبوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کام پنچایت سکریٹری نے کیا ہے۔ اب متاثرہ خاتون ضلع سطح کے افسران کے پاس جا کر نہ صرف اپنے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کر رہی ہے بلکہ سرکاری منصوبوں میں اپنا نام جوڑنے کی گزارش بھی کر رہی ہے۔

    خاتون کا نام چھوٹیوادی کول ہے، 5 مارچ 2021 کو پنشن بھی منظور کر لیا گیا تھا۔ خاتون کے مطابق راشن کارڈ اور ووٹر لسٹ میں اس کا نام موجود ہے اس کے باوجود مجھے جان بوجھ کر مردہ قرار دلوایا گیا۔

    لیکن اُس وقت کے پنچایت سکریٹری سکھیندر سنگھ نے 4 اپریل 2021 کو اس کا پنشن سے نام کاٹتے ہوئے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متاثرہ خاتون نے اپنے دستاویزات دکھائے اور کہا کہ زندہ ہونے کے باوجود سرکاری منصوبوں سے فائدہ اٹھانے سے قاصر ہوں۔

    مردہ قرار دی گئی خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ میری بیوی زندہ ہے، اس بات کو میں نے اور میری بیوی نے رکن اسمبلی، کلکٹر، سرپنچ سکریٹری سمیت کئی جگہ بتایا لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں۔ ایسے میں میری فیملی اور میں حکومت کے کسی بھی منصوبہ کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔

    پنچایت سکریٹری کی جانب سے اس حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں تو پتہ چلا کہ حقیقت میں وہ مر چکی ہے اور اس کا پنچ نامہ بھی بن چکا ہے۔

    غزہ: 3 روز قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والا جوڑا اسرائیلی بمباری سے شہید

    اُجی بائی کے پرانے ریکارڈ بھی منگوائے گئے ہیں جس سے یہ اندازہ کیا جا رہا ہے کہ کیا اکالی کول کی دوسری بیوی اُجی کول خود کو چھوٹیوادی بتا رہی ہے۔ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، امید کی جارہی ہے کہ جلد اصل حقائق کا پتہ چل جائے گا۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری، کئی مقامات پر راستے بند

    ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری، کئی مقامات پر راستے بند

    ملک کے بالائی علاقوں دیامر سمیت پورے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دیامر کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بابوسر ٹاپ،گیٹی داس، فیری میڈوز اور بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

    قراقرم ہائی وے پر تتہ پانی اور دیگر مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں، اچھار نالے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف مقامات پرپھنس گئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں گرج چمک سے مزید بارش کاامکان ہے، جبکہ مانسہرہ میں گرج چمک کے بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی بارش کاامکان ہے، جبکہ مری، گلیات میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    اس کے علاوہ سندھ میں کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • بہترین بیٹنگ کرنے پر شاہین نے خواجہ نافع کو کونسا تحفہ دیا؟

    بہترین بیٹنگ کرنے پر شاہین نے خواجہ نافع کو کونسا تحفہ دیا؟

    لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پی ایس ایل کے میچ میں بہترین بلے بازی کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع کو تحفہ دیا۔

    گزشتہ روز ہونے والے پاکستان سپر لیگ 9 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بیٹر خواجہ نافع پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے پہلے بلے باز بن گئے جنھوں نے 30 سے زائد گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف ایک ڈاٹ بال کھیلی۔

    انھوں نے اپنی اننگز کے دوران 31 بالز کا سامنا کیا اور سوائے ایک بال کے ہر گیند پر رن اسکور کیا۔ ان کی شاندار اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔

    نوجوان بیٹر پی ایس ایل کے 9 ایڈیشن میں اب تک کے ایسے پہلے بلے باز بنے جنھوں نے 30 گیندوں سے زائد کی اننگز کے دوران صرف ایک بار بال ضائع کی اور اسے ڈاٹ کی صورت میں کھیلا۔

    قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب دیا گیا 188 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

    تاہم میچ کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار بیٹنگ پر اپنا بیٹ خواجہ نافع کو گفٹ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ نافع نے کہا کہ شاہین آفریدی نے اس اننگز پر مجھے بیٹ دیا،امید ہے آئندہ بھی اس طرح کی اننگز کھیلتا رہوں گا۔

  • گینگسٹر کی دھمکیاں، سلمان خان کے اہل خانہ کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

    گینگسٹر کی دھمکیاں، سلمان خان کے اہل خانہ کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

    بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے اہلخانہ کی سکیورٹی میں گینگسٹر لارنس بشنوئی کی مسلسل دھمکیوں کے بعد اضافہ کردیا گیا۔

    لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو 2022 میں جان سے ماردینے کی دھمکیاں ملنے کے بعد سکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور 2023 کے آخر میں ملنے والی دھمکیوں کے بعد ان کی سکیورٹی مزید بڑھادی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دبنگ خان کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ کی سکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے، جس میں ان کے بہنوئی آیوش شرما کی سکیورٹی خاص طور پر شامل ہے۔

    سلمان خان نے حال ہی میں سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلٹ پروف گاڑی خریدی تھی تاہم اب پولیس کی جانب سے سلمان خان کے اہلخانہ کی بھی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ‘رسلان’ کی تشہیر کا ارادہ کررہے ہیں، جس کیلئے رواں ماہ شیڈول میڈیا پروگراموں کے دوران آیوش کے ہمراہ سیکورٹی اسکواڈ موجود ہوگا۔

    طلاق کے بعد ایشا دیول پہلی بار میڈیا کے سامنے آگئیں

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آیوش اضافی سکیورٹی کے لیے سلمان خان کی بلٹ پروف گاڑی میں سفر کریں گے، یاد رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کو ذاتی طور پر ہتھیار رکھنے کی اجازت بھی مل چکی ہے۔

  • افغانستان میں شدید برفباری اور بارشیں، 25 افراد ہلاک

    افغانستان میں شدید برفباری اور بارشیں، 25 افراد ہلاک

    افغانستان میں شدید برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، نورستان میں لینڈ سلائیڈنگ سے 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان کے مشرقی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش ہوئی۔ برفباری اور بارشوں سے افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان اور پنجشیر زیادہ متاثر ہوئے۔

    حکام کے مطابق نورستان میں برفباری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 25 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔

    افغان حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صوبے نورستان میں برف باری اور بارش جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ سے 20 مکانات تباہ ہوگئے۔ خراب موسم کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔

    دوسری جانب موسمیات کے عالمی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ رواں ماہ فروری میں اتنی شدید گرمی ہوگی کہ ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

    اس حوالے سے برطانوی ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ فروری میں گرمی ریکارڈ توڑنے کو تیار ہے کیونکہ انسانی ساختہ گلوبل وارمنگ اور قدرتی ایل نینو موسمیاتی پیٹرن دنیا بھر میں خشکی اور سمندروں کے درجہ حرارت کو بڑھا رہے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سال کے مختصر ترین مہینے میں نصف سے زیادہ مدت کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ اس قدر واضح ہو گیا ہے کہ موسمیاتی چارٹ نئے انداز سے سامنے آرہے ہیں۔

    غزہ: 3 روز قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والا جوڑا اسرائیلی بمباری سے شہید

    خاص طور پر سطح سمندر کے درجہ حرارت پر جو اس وقت اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ ماہرین موسمیات تحقیق کر رہے کہ اس قدر تبدیلی کیوں ہو رہی ہے۔

  • غزہ نسل کشی، برازیل نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

    غزہ نسل کشی، برازیل نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

    برازیلین صدر کی جانب سے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد اسرائیل اور برازیل کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ جبکہ برازیل نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برازیل میں اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کریں گے، برازیلی صدر ڈی سلوا کے بیان کے بعد اسرائیل نے انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا۔

    اسرائیلی وزیر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ برازیلین صدر جب تک اپنا بیان واپس نہیں لیتے انہیں اسرائیل میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

    واضح رہے کہ برازیلی صدر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرکے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے، غزہ میں نسل کشی کو برازیل کے صدر نے ہولوکاسٹ سے تشبیہ دے دی۔

    برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کی جانب سے یہ بیان ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران دیا گیا۔

    برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی، جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ نسل کشی ہے۔ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔

    برازیلی صدر کے بیان پر اسرائیل کا سخت ردِ عمل

    برازیلین صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔جو کچھ اسرائیلی فوج کی جانب سے کیا جارہا ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں۔

  • کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دن میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرار ت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں بارش کاکوئی امکان نہیں۔

    جبکہ چمن شہر میں شدید سردی کی لہربرقرار ہے، دوبندی،خواجہ عمران کے پہاڑی سلسلوں پر بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، شہر کا درجہ حرارت منفی 1،دوبندی میں منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔

    دو خواجہ عمران اور کوژک ٹاپ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے۔

    دوسری جانب آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارشوں کے سبب معمولات زندگی بریُ طرح متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلیات میں برفباری سے متعدد سیاح پھنس گئے ہیں۔ مری روڈ پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود برف نہ ہٹائی جا سکی۔

    گلیات جانے والی مرکزی شاہراہ پر گاڑیاں پھنس گئیں۔ مرکزی شاہراہ کے ساتھ درجنوں دیہاتوں کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار سیاحوں کو نکالنے کیلئے پہنچ گئے ہیں۔

    لوئرچترال میں برفباری سے چترال دیر روڈ بند ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئی ہیں جنہیں ریسکیو کرنے کے لیے پولیس اہلکار اور دیگر ادارے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    باغ آزادکشمیر اور گردونواح میں بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ منہاسہ میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث باغ مظفرآباد راولپنڈی روڈ بند ہو گئی ہے۔

    گلگت، غذر اور دیامر میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    باغ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور صورتحال کے پیش نظر ایلیمنٹری بورڈ کے 20 اور 21 فروری کو ہونے والے پرچے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔