Tag: Urdu news

  • کراچی میں مغربی سسٹم کی انٹری، محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

    کراچی میں مغربی سسٹم کی انٹری، محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم کے تحت آج شہر میں تیز ہواؤں کاراج رہے گا، شہر کا مطلع اس وقت جزوی ابرآلود ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 36 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں رواں ہفتے گرمی کی لہر ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس ہفتے گرمی کی لہر ختم ہوجائے گی جبکہ محکمے نے 4 تا 7 جون بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی 4 سے 8 جون کے دوران بارش کا امکان ہے۔

    بارش اور آندھی کے جھکڑ چلنے کی پیش گوئی

    پنجاب اور اسلام آباد میں 4 سے 6 جون کے دوران بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ بلوچستان میں 5 سے 7 جبکہ سندھ میں 6 سے 7 جون تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • ٹرمپ کیخلاف ہش منی ٹرائل اختتام پذیر، فیصلہ جلد متوقع

    ٹرمپ کیخلاف ہش منی ٹرائل اختتام پذیر، فیصلہ جلد متوقع

    نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف ہش منی ٹرائل اختتام پذیر ہوگیا، جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جیوری ثبوتوں اور گواہیوں کاجائزہ لینے کیلئے کل دوبارہ جمع ہوگی، فیصلے کیلئے جیوری کے تمام ارکان کااتفاق ہونا ضروری ہے۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقدمے کو الیکشن مہم سے روکنے کی بائیڈن انتظامیہ کی سازش قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ مقدمات کے باعث انتخابی مہم متاثر ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف الیکشن فراڈ، خفیہ دستاویزات چھپانے سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔

    دوسری جانب امریکا میں صدارتی الیکشن کے لئے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ارلی ووٹنگ کی مخالفت کردی، جس سے ریپبلکن پارٹی کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن رہنماؤں کے اصرار کے باوجود قبل ازوقت ووٹنگ پر کڑی تنقید کی۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جلسے خطاب میں کہنا تھا کہ ووٹنگ صرف الیکشن کے دن تک محدود ہونی چاہئے، ارلی ووٹنگ دھاندلی اور ڈاک کے ذریعے ووٹ فراڈ ہے۔

    امریکا نے اسرائیل کو ایک بار پھر غزہ جنگ پر خبردار کر دیا

    امریکی میڈیا کے مطابق مڈٹرم انتخابات میں آدھے ووٹ الیکشن ڈے سے پہلے کاسٹ ہوئے تھے، کورونا میں سب سے زیادہ ووٹ ارلی ووٹنگ میں کاسٹ کیے گئے تھے۔

  • سعودی عرب: رواں سال حج کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی

    سعودی عرب: رواں سال حج کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی

    سعودی محکمہ موسمیات نے رواں سال دوران حج شدید گرمی کی پیش گوئی کردی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام نے مملکت میں حج کے ارادے سے آنے والے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اس بار جون میں حج کا سیزن آرہا ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ کے مطابق جون میں شدید گرمی ہوتی ہے اور فضا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جاتا ہے جبکہ رواں سال 24 سے 29 جون تک سال کا گرم ترین وقت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رواں سال 24 لاکھ سے زائد فرزندان توحید حج کی سعادت حاصل کرینگے، انہیں چاہئے کہ شدید گرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری انتظامات کریں۔

    خانہ کعبہ کے دروازے کا ڈیزائن تیار کرنے والے پاکستانی کا انتقال

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے عازمین کی سہولت کے لئے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • شہری راشن پانی گھروں پرجمع کرلیں، برطانوی حکومت کی ہدایت

    شہری راشن پانی گھروں پرجمع کرلیں، برطانوی حکومت کی ہدایت

    برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو اہم ہدایت جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شہری گھروں میں کم از کم 3 دن کا راشن اور پانی جمع کرلیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے نائب وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن نے بدھ کو اس حوالے سے ایک ویب سائٹ ’Prepare‘ کا اجرا کیا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام پہنچایا جارہا ہے کہ وہ گھروں میں 3 دن کا راشن اور پانی کی اتنی بوتلیں جمع کرلیں کہ ایک فرد کے لیے روزانہ 3 لیٹر پینے کا پانی دستیاب ہو۔

    مزید کہا گیا ہے کہ لوگ کھانے کی ایسی ڈبہ بند اشیا جمع کریں، جنہیں پکانے کی ضرورت پیش نہ آئے، اس کے علاوہ لوگ ٹارچ لائیٹس، بیٹریاں، وائیپس اور فرسٹ ایڈ کٹ کا انتظام بھی کرلیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اس اقدام کا مقصد قوم کو قدرتی آفات اور خطرناک وباؤں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔

    گزشتہ روز لندن ڈیفنس کانفرنس میں اس حوالے سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن کا کہنا تھا کہ ہم قومی دفاع کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے اپنی سوسائٹی کو کسی بھی آفت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیار کر رہے ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ ویب سائٹ پر لوگوں کو اسے طریقے بتائے گئے ہیں جن پر عمل کرکے وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خود کو اور اپنے خاندان کے افراد کو محفوظ رکھ سکتے ہیں، ایسی صورتحال میں انہیں گھروں سے نکلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ ان کے پاس ضرورت کی ہر شے پہلے سے ہی موجود ہوگی۔

    سعودی عرب میں دو لاکھ ملازمتیں، شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

    انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ذخیرہ انداوزی کی حوصلہ افزائی کرنا نہیں بلکہ عوام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

  • پولیس چوکی میں پوچھ گچھ کیلئے لائے گئے نوجوان کی لاش برآمد

    پولیس چوکی میں پوچھ گچھ کیلئے لائے گئے نوجوان کی لاش برآمد

    بھارت کے نوئیڈا میں پوچھ گچھ کے لیے لائے گئے نوجوان کی پولیس چوکی سے لاش برآمد ہونے پر پوری پولیس چوکی کو معطل کر دیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نوئیڈا پولیس کی حراست میں ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، نوجوان کو تحقیقات کی غرض سے لایا گیا تھا، لیکن صبح اس کی لاش لٹکی ہوئی ملی۔ اہل خانہ نے پولیس پر سنگین الزامات لگائے جس کے بعد پوری پولیس چوکی کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    انتظامیہ نے نوجوان کی موت کے معاملے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پوری پولیس چوکی کو معطل کر دیا ہے۔ نوجوان کو پولیس نے لڑکی کے معاملے میں بدھ کی رات کو گرفتار کیا تھا۔

    نجی اسکول کی پرنسپل نے 4 سالہ بچے کی جان لے لی، لاش گٹر سے برآمد

    مقتول کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس والوں نے اس کے بھائی کو چھوڑنے کے لئے مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • غزہ سے شانی لوک سمیت 3 یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    غزہ سے شانی لوک سمیت 3 یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے غزہ سے تین اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں حماس نے 7 اکتوبر کے حملے کے دوران یرغمال بنایا تھا۔ ان میں جرمن نژاد اسرائیلی شانی لوک کی لاش بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے پڑی 22 سالہ شانی کی لاش کی تصویر نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔

    رپورٹس کے مطابق فوج نے دیگر دو لاشوں کی شناخت کی جو ایک 28 سالہ خاتون امیت بوسکیلا اور ایک 56 سالہ شخص اسحق جیلیرنتر کے نام سے ہوئی ہے۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینئل ہگاری کا کہنا ہے کہ تینوں کو حماس نے نووا میوزک فیسٹیول، جو غزہ کی سرحد کے قریب ایک آؤٹ ڈانس پارٹی تھی، میں قتل کیا اور ان کی لاشیں فلسطینی علاقے میں لے گئے۔

    اسرائیل فوج کے مطابق 100 کے قریب یرغمالی غزہ میں اب بھی قید ہیں اور 30 کے قریب لاشیں بھی موجود ہیں۔

    اسرائیلی فوج کی نصیرات کیمپ پر بمباری، 4 فلسطینی شہید

    دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث اب تک 35ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

  • سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری

    سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہفتے سے بدھ تک بارش، گرج چمک اور گردآلود طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مملکت میں بارش سے متاثرہ مقامات سے دور رہا جائے۔متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے مکہ ریجن بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ بارش سے قبل طائف، میسان، اضم، العرضیات میں گرد آلود تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ جبکہ الکامل میں ہلکی اور درمیانی بارش جبکہ الجموم، بحرہ، رانیہ، الخرمہ اور المویہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    جازان، الباحہ، عسیر کے علاقے درمیانی سے شدید بارش اور جازان، مدینہ، حائل اور القصیم کے علاقے ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش سے متاثر رہیں گے۔

    ایران میں شدید بارشوں سے سیلاب، 7افراد جاں بحق

    شہری دفاع کے بیان کے مطابق ریاض میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ القویعیہ، الغاط، شقراء، ثادق، عفیف، الدوادمی، المجمعہ، الزلفی، مرات اور وادی الدواسر میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

  • لاہور میں زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور میں زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور: آرگنائزڈ کرائم یونٹ کینٹ اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کوریکوری کیلئے لے جایاجارہا تھا،اچانک ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم اعظم زخمی ہوا اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گیا، ہلاک ملزم اعظم اجرتی قاتل تھا، جس پر اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔

    ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے، ملزم کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب لاہور میں پولیس اہلکاروں نے سیشن کورٹ کے وکیل کو چھری کے وار سے زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احمد ہاشمی ایڈووکیٹ اوقات کار کے بعد اپنے چیمبر سے فائل لینے گئے تو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے داخلے کی اجازت نہ دی جس پر تلخ کلامی ہوئی۔

    بحث و تکرار کے دوران پولیس اہلکار وقاص اور شہباز نے وکیل پر حملہ کر دیا جس سے ایڈوکیٹ احمد ہاشمی زخمی ہوگئے۔

    کراچی: متاثرہ خاتون پولیس اہلکار نے تیزاب پھینکنے والے شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    پولیس اہلکار وقاص کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اہلکار شہباز موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ وکیل کو طبی امداد کے لیے میاں منشی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • بنگلہ دیش: آسمانی بجلی گرنے سے 35 کسانوں سمیت 74 ہلاک

    بنگلہ دیش: آسمانی بجلی گرنے سے 35 کسانوں سمیت 74 ہلاک

    بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ سے اب تک آسمانی بجلی گرنے سے 35 کسانوں سمیت 74 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں اپریل میں 31 اور مئی میں 43 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    حکام کے مطابق رواں ماہ صرف ایک دن میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 74 افراد، جن میں سے 35 کسان تھے، اس قدرتی آفت سے موت کی وادی میں چلے گئے۔

    حکام شہریوں کو آسمانی بجلی کے اثرات سے بچنے کے لیے مسلسل آگاہی فراہم کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست گجرات میں گزشتہ 2 دنوں کے دوران ہونے والی ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    تائیوان کے مشرقی ساحل پر 5.8 شدت کا زلزلہ

    بھارتی حکام کے مطابق ریاست میں شروع ہونے والی شدید بارشوں کے دوران ہلاک ہونے والے 24 افراد میں سے 18 اموات آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں۔

  • پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

    پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

    ریاض: مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی سفیر احمدفاروق، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے عازمین حج کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مدینہ منورہ پہنچنے پر سرکاری عازمین حج کو تحائف اور پھول پیش کئے گئے۔

    پاکستانی سفیر احمد فاروق کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ عازمین حج بہترین نظم وضبط کے ذریعے ملکی وقار میں اضافہ کریں۔

    ڈی جی حج عبدالوہاب کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تمام عازمین کو مدینہ مرکزیہ میں ٹھہرایا جائیگا،پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین حج سے سہولیات سے متعلق فیڈ بیک لیا جائیگا۔

    ڈی جی حج نے کہا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ کیلئے حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے، عازمین حج کی سہولت کیلئے وزارت نے متعدد شعبہ جات قائم کیے ہیں۔

    کراچی سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازیں مدینہ روانہ

    ڈی جی حج عبد الوہاب کا مزید کہنا تھا کہ عازمین رہنمائی کیلئے بلڈنگ معاون یاپاک حج موبائل ایپ سے رجوع کریں۔