Tag: Urdu news

  • مصری جوڑے کے  40 سال کشتی پر بیت گئے، آخری خواہش بھی بتادی؟

    مصری جوڑے کے 40 سال کشتی پر بیت گئے، آخری خواہش بھی بتادی؟

    مصری ماہی گیر ابو عصام نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اپنی زندگی کے 40 سال دریائے نیل میں کشتی پر گزار دیئے۔

    مصری میڈیا سے بات کرتے ہوئے ابو عصام نے بتایا کہ اگر ہم ضرورت سے زیادہ دریا سے باہر رہے تو مچھلیوں کی طرح مر جائیں گے۔

    اُنہوں نے کہا کہ دریا کے بیچ میں رہنا اب ہمیں اچھا لگتا ہے، ہم صرف ضرورت کے تحت ہی دریا سے باہر جاتے ہیں، زندگی کے چالیس سال دریائے نیل میں اس کشتی کے اندر گزر چکے ہیں، بقیہ زندگی بھی ادھر ہی گزارنے کا ارادہ ہے۔

    ابو عصام کی اہلیہ نے کہا کہ اچھے اور برے دنوں میں اپنے شوہر کے ساتھ ہوں۔ انہیں دریا میں زندگی گزارتے، سوتے اور کھانا تیار کرتے ہوئے اچھا محسوس ہوتا ہے۔

    ابو عصام کا مصری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ یا ان کی اہلیہ دریا سے مچھلیاں پکڑ کر صرف انہیں بیچنے کے لیے خشکی پر جاتے ہیں۔

    روزانہ ہزاروں ڈالر مالیت کے سونے کی بارش، ویڈیو دیکھیں

    ابو عصام کے مطابق میری اور اہلیہ کی دیرینہ خواہش ہے کہ ہم مرنے سے پہلے عمرہ ادا کرنے کے لئے سعودی عرب جائیں۔

  • انسٹاگرام ریل بنانے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا

    انسٹاگرام ریل بنانے کا جنون طالب علم کی جان لے گیا

    بھارت میں نوجوان طالب علم وائرل انسٹاگرام ریل بنانے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یو پی کے 21 سالہ طالب علم شیویم کمار ایک اسکول کی چھت پر نصب فلیگ پوسٹ پر الٹا لٹک گیا اس دوران اسکے دوست ویڈیو بناتے رہے۔

    طالب علم کی خواہش تھی کہ وہ الٹا لٹکنے کے دوران جھنڈا لہرا سکے تاہم سیمنٹ کا پول اسکا وزن برداشت نہ کرسکا اور گر گیا جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی یوٹیوبر ایئرپورٹ پر انوکھی حرکت کرنے کے جرم میں گرفتار

    رپورٹس کے مطابق مقتول طالب علم کی انسٹاگرام فیڈ اس قسم کے متعدد اسٹنٹ سے بھری ہوئی تھیں، جس میں اس نے درختوں اور چھتوں پر الٹا لٹک کر کئی ریکارڈنگ کروائی تھیں۔

  • گوگل کے دفاتر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج، 9ملازمین گرفتار

    گوگل کے دفاتر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج، 9ملازمین گرفتار

    گوگل کے سی ای او کے دفتر میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس دوران پولیس نے احتجاج کرنے والے 9افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تمام گرفتار شدگان گوگل کمپنی کے ملازمین ہیں جو اسرائیل کو ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے نیویارک میں کمپنی کے دفتر میں احتجاج کر رہے تھے۔

    گوگل کے کیلیفورنیا کے دفتر میں بھی اسی طرح کے ایک مظاہرے کی خبر سامنے آئی ہے۔ دراصل گوگل کمپنی اسرائیلی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جس کے خلاف کچھ ملازمین نے احتجاج کرنا شروع کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل آفس میں احتجاج کرنے والے ملازمین کا دعویٰ ہے کہ امریکی ٹیک کمپنیاں اسرائیلی حکومت کی حمایت کر رہی ہیں۔

    مظاہرین نے سوال اُٹھایاکہ ایسے میں جب اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ جاری ہے، کسی ایک ملک کو ٹیکنالوجی دینا صحیح اقدام ہے؟

    مظاہرین کے ترجمان جین چنگ نے بتایا ہے کہ دونوں دفاتر سے 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والے ایک ملازم نے ویڈیو ریکارڈ کر کے شیئر کر دی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیویارک پولیس مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے کا کہتی ہے اور احتجاج کرنے والی جگہ سے نہ جانے پر انہیں حراست میں لے لیا جاتا ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں تباہی کا ذمہ دار کون؟ ترک صدر کا اہم بیان

    گوگل کے مطابق کمپنی کی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، اس کے علاوہ دیگر ملازمین سے ہاتھا پائی کرنے والے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

  • بیٹی کی فلم میں شاہ رخ خان کتنی سرمایہ کاری کررہے ہیں؟

    بیٹی کی فلم میں شاہ رخ خان کتنی سرمایہ کاری کررہے ہیں؟

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے کی تیاری کررہی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے مبینہ طور پر اپنی آنے والی فلم میں 2 بلین روپے کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری کی ہے۔ جس میں ان کی بیٹی سہانا خان بڑے پردے پر ڈیبیو کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔

    شاہ رخ خان 2025 میں ریلیز ہونے والی ’کنگ‘ کے ساتھ ایک بار پھر بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے، فلم کی ہدایت کاری سوجوئے گھوش کریں گے۔

    حالیہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ فلم ‘کنگ’ کا بجٹ 200 کروڑ روپے ہے جو کہ ایک شاندار ایکشن فلم کے طور پر تسلیم کی جارہی ہے اور خاص طور پر یہ فلم انڈسٹری میں سہانا خان کی شاندار انٹری کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔

    فی الحال، فلم پری پروڈکشن کے مراحل سے گزررہی ہے۔ فلم کی شوٹنگ مئی میں شروع ہوگی اور پانچ ماہ تک جاری رہے گی۔

    معروف ٹک ٹاک اسٹار 36 برس کی عمر میں چل بسیں

    واضح رہے کہ ”کنگ“ ایک پرجوش فلم ہے، جس کے لئے ایک سال سے پری پروڈکشن پر کام ہورہا ہے، تاکہ فلم کے تمام پہلوؤں کو صحیح طریقے سے فلمایا جاسکے۔

  • سانپ کو انتہائی مہارت سے بوتل میں بند کرنے کی ویڈیو وائرل

    سانپ کو انتہائی مہارت سے بوتل میں بند کرنے کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوری ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص انتہائی مہارت کے ساتھ سانپ کو پلاسٹک کی بوتل میں بند کررہا ہے۔

    انٹرنیٹ ہال آف فیم کے نام سے ایک صفحہ کے ذریعے X پر پوسٹ کئے گئے مختصر کلپ کو اب تک تقریباً 3ملین کے قریب لوگ دیکھ چکے ہیں۔

    یہ کام اتنا آسان نہیں تھا جسے اس باکمال شخص نے انتہائی مہارت کے ساتھ مکمل کیا، وہ آہستہ آہستہ ثابت قدمی سے سانپ کو بوتل میں بند کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس دوران سانپ نے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن سانپ اپنی کوشش میں ناکام رہا، سانپ کا سر بوتل کے اندر دھکیلنے کے بعد اس نے آہستہ آہستہ اس کی دم کو جار میں دھکیل دیا اور بوتل کو بند کردیا۔

    اس دوران قریب کھڑے لوگ کافی بے چین دکھائی دیئے، کیونکہ وہ اس کے انتظار میں تھے کہ سانپ کیسے قابو میں آئے گا۔

  • مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نمازعید سے متعلق اہم اعلان

    مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نمازعید سے متعلق اہم اعلان

    سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جنرل پریذیڈنسی نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام میں عیدالفطر کی نماز کی امامت شیخ صالح بن حمید جبکہ مسجد نبوی میں شیخ احمد بن علی الحذیفی کریں گے‘۔

    عرب میڈیا کے مطابق عیدالفطر کی نماز بدھ 10 اپریل کی صبح 6 بجکر 19 منٹ پر مسجد الحرام میں ادا کی جائے گی۔ جبکہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں صبح 6 بجکر 20 منٹ پر نماز عید الفطر ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں پیر کی شام عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا،مملکت میں عید الفطر بدھ 10 اپریل کو ہو گی۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ایوان شاہی نے کہا تھا کہ’منگل 9 اپریل رمضان المبارک کی 30 تاریخ ہے اور بدھ 10 اپریل کو عیدالفطر منائی جائے گی‘۔

    سعودی عرب میں شوال کے چاند سے متعلق اپ ڈیٹ

    یاد رہے کہ سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک میں 11 مارچ کو رمضان کا آغاز ہوا، اگر پیر کو چاند نظر نہیں آیا تو منگل 30 رمضان اور عید الفطر بدھ کو ہوگی۔

  • مسجد الحرام: 29 ویں شب ختم قرآن، لاکھوں افراد کی شرکت، روح پرور مناظر

    مسجد الحرام: 29 ویں شب ختم قرآن، لاکھوں افراد کی شرکت، روح پرور مناظر

    مسجد الحرام میں ماہ مقدس کی 29 ویں شب تروایج میں ختم قرآن اور دعا میں 25 لاکھ سے زیادہ فرزندان اسلام شریک ہوئے۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق آنے والے زائرین کی بڑی تعداد صبح سے ہی مسجد الحرام پہنچنا شروع ہوگئی تھی۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی صحنوں کے علاوہ چھت اور اطراف کی سڑکوں پر تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔

    اس بابرکت رات حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ السدیس نے مغفرت، جہنم کی آگ سے بچانے اور مملکت کو تمام برائیوں سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔

    علاوہ ازیں 29 ویں شب مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی لاکھوں فرزندان توحید نے نماز تراویح میں ختم قرآن اور دعا میں شرکت کی۔

    رپورٹ کے مطابق اس موقع پر مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چھتیں، صحن، راہداری، توسیعی نماز سے پہلے ہی نمازیوں سے بھر گئی تھیں۔ اطراف کی سڑکوں اور علاقوں میں بھی صفیں نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں۔

    سعودی عرب میں آج چاند نظر آئے گا یا نہیں؟ ماہرین فلکیات نے بتادیا

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امام شیخ صلاح البدیر نے اس موقع پر تراویح کی نماز کی امامت کی اور اس بابرکت رات مسلمانوں کیلیے مغفرت، جہنم کی آگ سے بچانے مملکت کو تمام برائیوں سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔

  • 25 ویں رمضان کی شب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں لاکھوں زائرین کی آمد

    25 ویں رمضان کی شب مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں لاکھوں زائرین کی آمد

    سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران 25 ویں شب گزارنے کے لیے لاکھوں فرزندان اسلام موجود ہیں، زائرین تہجد کی نماز اور دعا میں شریک ہوئے۔

    سرکاری خبررساں ایس پی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام کے اندرونی اور بیرونی صحن آنے والے نمازیوں سے بھر گئے جبکہ تراویح اور تہجد کی نماز کے لیے صفیں سڑکوں تک پہنچ گئیں۔

    اس موقع پر حرم کی انتظامیہ نے رش کو قابو کرنے کے لئے آمدورفت کے راستوں کو علیحدہ کردیا تاکہ زیادہ رش کے باعث ٹکراؤ کی صورتحال نہ بنے اور چلنے والوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

    ٹریفک کو رواں رکھنے کیلیے بھی مسجد الحرام کے اطراف میں خصوصی انتظامات کیے گئے۔ ٹریفک اہلکار کسی گاڑی کو زیادہ دیر تک کھڑے ہونے کی اجازت نہیں دیتے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی 25 ویں شب کی خصوصی دعا میں لاکھوں افراد شرکت کیلیے مغرب کے فوری بعد سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔

    سعودی عرب: عسیر میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اندرونی صحنوں کے علاوہ چھت اور بیرونی صحن بھی زائرین سے بھر گئے تھے۔

  • غزہ میں امدادی کارکنوں پر حملہ، امریکا طیش میں آگیا

    غزہ میں امدادی کارکنوں پر حملہ، امریکا طیش میں آگیا

    امریکا کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی حملے کے باعث امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ میں 7 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    امریکی صدر کا اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہریوں کو ضروری مدد پہنچانے کی کوشش کرنے والے امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے اسرائیل نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔بائیڈن نے کہا کہ کل جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں۔

    وائٹ ہاؤس نے بھی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں ورلڈ سینٹرل کچن کے عملے کے قافلے پر اسرائیلی فضائی حملے میں 7 ارکان کی ہلاکت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے امدادی گروپ کے بانی کو فون کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔

    ایران کا اسرائیل سے حملے کا بدلہ لینے کا اعلان

    واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہمیں آئی ڈی ایف کے حملے کے بارے میں جان کر غصہ آیا جس میں کل ورلڈ سینٹرل کچن کے انسانی ہمدردی کے کارکن ہلاک ہوئے۔

  • بھارت میں بارش کے دوران ایئرپورٹ کی چھت گر گئی، ویڈیو وائرل

    بھارت میں بارش کے دوران ایئرپورٹ کی چھت گر گئی، ویڈیو وائرل

    گوہاٹی: بھارت میں موسلا دھار بارش کے دوران ہوائی اڈے کی چھت مسافروں پر گر گئی جبکہ بارش کا پانی ایئرپورٹ میں جمع ہونا شروع ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈیگو، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے چلنے والی پروازوں کا رخ تیز بارشوں کے سبب موڑ دیا گیا ہے۔

    ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ لوک پریہ گوپی ناتھ بوردولوئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، جس کے باعث ایئرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ اُڑ گیا۔

    چیف ایئرپورٹ آفیسر نے بتایا کہ تیز بارش کے باعث چھت ٹوٹ گئی اور پانی اندر بہنا شروع ہوگیا، تاہم کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور معاملات کو قابو میں کرلیا گیا ہے۔

    مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایئر پورٹ کی چھت کے گرنے اور بارش کا پانی بہنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ طوفان اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے حد نگاہ بہت کم ہوگئی اور ہمیں چھ پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔

    سینئر عہدیدار کے مطابق طوفانی بارش کے باعث آئل انڈیا کمپلیکس میں ایک بڑا درخت بھی اکھڑ کر گر گیا جس سے سڑک بلاک ہوگئی۔ تاہم نے موقع پر پہنچ کر سڑک کلیئر کیا۔