Tag: US ANNOUNCES

  • امریکا کا یوکرین کیلیے مزید فوجی امداد کا اعلان

    امریکا کا یوکرین کیلیے مزید فوجی امداد کا اعلان

    امریکا نے روس سے برسرپیکار یوکرین کے لیے مزید 15 کروڑ ڈالر مالیت کے نئے فوجی امدادی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق صدر جو بائیڈن نے جمعے کو امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے ذریعے یوکرین کو جنگی اسلحہ اور ریڈارز کے علاوہ دیگر سازوسامان فراہم کیا جائے گا جبکہ صدر بائیڈن نے کانگریس پر بھی زور دیا کہ وہ یوکرین کے لیے مزید 33 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دے۔

    صدر جو بائیڈن نے جاری بیان میں مزید کہا کہ ’امریکا نے یوکرین کو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ تاریخی امداد فراہم کی ہے اور ہم نے یوکرین کی آزادی کے لیے اگلی صفوں پر لڑنے والوں کو براہ راست اسلحہ اور سامان فراہم کیا ہے جس کی کانگریس نے منظوری دی ہے۔‘

    تاہم امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یوکرین کے لیے منظور شدہ فنڈز ختم ہونے کے قریب ہیں اور یوکرین کی جیت کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی بغیر کسی تعطل کے اسلحہ بھجواتے رہیں۔‘

    واضح رہے کہ آج یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی ورچوئل اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں صدر بائیڈن کے علاوہ جی سیون ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں روس کے خلاف مغربی ممالک کی جانب سے فراہم ہونے والی امداد پر غور کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے اب تک امریکا اب تک 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی مالیت کے ہتھیار کیف کو دے چکا ہے جس میں اینٹی ایئر کرافٹ اسٹنگر میزائل، ڈرونز اور بھاری اسلحہ شامل ہے۔

  • افغانستان کے لئے 144ملین ڈالر انسانی امداد کا اعلان

    افغانستان کے لئے 144ملین ڈالر انسانی امداد کا اعلان

    واشنگٹن: امریکا نے افغانستان کے لئے بڑی امداد کا اعلان کردیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلکن نے بتایا کہ امریکا انسانی بنیادوں پر افغانستان کو ایک سو چوالیس ملین ڈالر کی اضافی امداد دے گا۔

    امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دی جانے والی اس فنڈنگ سے افغانستان اور خطے میں افغان مہاجرین کے لیے صرف دو ہزار اکیس میں امریکی انسانی امداد کی کل رقم تقریباً 474 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ امداد افغانستان میں اقوام متحدہ کے اداروں، عالمی تنظیموں اور این جی او کو دی جائے گی، امداد سے افغانستان میں متاثرین کو مدد ملے گی۔

    اس امداد کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب افغانستان کو خوراک کی بڑھتی ہوئی عدم تحفظ کا سامنا ہے، عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم سرما میں ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کے خوراک کی عدم فراہمی کا خدشہ ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم افغان عوام کی تکالیف کو کم کرنے میں مدد جاری رکھیں گے، ہم عطیہ دہندگان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ افغانستان کے لوگوں کو براہ راست امداد پہنچانے میں مدد کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں۔