Tag: US Consul General

  • امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    کراچی : امریکہ کے قونصل جنرل روب سلبراسٹائن نے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات کی۔

    امریکی سفارتی وفد کو ائر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے آپریشنز، کارکردگی میں بہتری اور مستقبل کے بزنس پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وفد کو خاص طور پر پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں مزید طیاروں کی شمولیت اور نیویارک اور دوسرے امریکی شہروں کے لئے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باوجود ائر لائن کی کارکردگی میں بہتری کا عمل جاری ہے۔

    امریکی قونصل جنرل روب سلبرا سٹائن نے پی آئی اے کی حالیہ کار کردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں اپنے اہداف کو حاصل کر لے گی۔

    انہوں نے امریکی ادارے ٹی ایس اے سمیت متعلقہ محکموں سے رابطوں کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ راب سلبر اسٹائن نے بالخصوص پی آئی اے کے سماجی بھلائی کے منصوبوں الشفا اور تعلیمی پروگرام میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تعریف کی۔

    امریکی سفارتی وفد میں اکنامک کونسلر پیگی والکر، پولیٹیکل اکنامک سیکشن کے چیف جمی مالڈین کے علاوہ قونصل خانے کے سفارت کار اور پی آئی اے کے سینئر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔

  • امریکی قونصل خانے کے تحت نوجوانوں کیلیے انگریزی کی تربیت کا منصوبہ

    امریکی قونصل خانے کے تحت نوجوانوں کیلیے انگریزی کی تربیت کا منصوبہ

    کراچی: امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام نوجوانوں کیلیے انگریزی کی تربیت کے منصوبے ’انگلش ورکس‘کے فارغ التحصیل طلبا کیلیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے شرکت کی۔

    منصوبے کے تحت کم آمدنی والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے 150نوجوانوں کو6 مہینے تک انگریزی گرامر ،انگریزی لکھنے اورد فتری انگریزی کے استعمال کی تربیت دی گئی۔

    اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے تربیت مکمل کرنے والے طلبا کی کوششوںکو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وہ سیکھنے کا عمل جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کیلیے ہمت اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے اورانھیں امید ہے کہ یہ نوجوان مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔

    قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوان انگریزی کی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد اپنے اور اپنے اہل خانہ کا مستقبل بہتر بنا سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت پاکستان کی معاشی ترقی کی ضامن ہے۔برائن ہیتھ نے کہا کہ ان نوجوانوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر کے امریکی حکومت دراصل پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

    ’انگلش ورکس‘ منصوبے کے تحت18سے 25سال کے نوجوانوں کو پیشہ ورآنہ اور دفتری انگریزی کی تربیت دی جاتی ہے۔ منصوبے میں پاکستان بھر سے 400نوجوان شریک ہیں جن کیلیےکلاس روم میں تربیت کے ساتھ ساتھ ملازمت کے انٹرویوزاورسی وی لکھنے پر سیمینارز، ورکشاپس اور مذاکرے منعقد کیے جاتے ہیں۔