Tag: US Secretary of State

  • حملوں کا مطلب ایران کے ساتھ جنگ نہیں، امریکی وزیر خارجہ

    حملوں کا مطلب ایران کے ساتھ جنگ نہیں، امریکی وزیر خارجہ

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جن ممالک نے ہمارے خلاف بیانات دیے اور حملوں کی مذمت کی ہے، دراصل پیٹھ پیچھے سب ہم سے متفق ہیں۔

    مارکو روبیو  نے کہا کہ سیدھی سی بات ہے صدر ٹرمپ نے67 دن پہلے مذاکرات کی بات کی تھی، واضح کیا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی بہت ضروری تھی، یہ ممالک تعلقات عامہ کے مفاد میں جو بھی کہیں لیکن سب متفق تھے، امریکی حملوں کا مطلب ایران کے ساتھ جنگ نہیں ہے۔

    امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ڈیل نہ ہوئی تو دوسرے طریقے سے نمٹیں گے، ٹرمپ کے گزشتہ رات کے اقدامات سے آج دنیا مزید محفوظ ہے، امریکی صدر نے گزشتہ رات وہی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ گیم کھیلنا ان کی بڑی غلطی ہے، امریکی حملہ ہماری نہیں ایران کی چوائس تھی یہی آپشن تھا۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے جوابی کارروائی کی تو اس کی تاریخ کا بدترین فیصلہ ہوگا،
    ایران سے جنگ نہیں چاہتے نہ ہی ان کی حکومت کی تبدیلی ہمارا ہدف ہے۔

    ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں

    انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، ایران کے پاس جوہری ہتھیار کے لیے درکار ہرچیز تھی، ایران کے پاس 9 یا10ایٹم بم بنانے کا یورینیم موجود ہے۔

    آبنائے ہرمز کی بندش ایران کی بھیانک غلطی ہوگی

    ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے کہا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز بند کرتا ہے تو یہ اس کی ایک اور بھیانک غلطی ہوگی، آبنائے ہرمز بند کرنا ایران کے لیے معاشی خودکشی کے مترادف ہوگا، ہمارے پاس اس مسئلے سے نمٹنے کے انتظامات ہیں۔

  • اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے جس میں اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ روبیو نے داعش خراسان کے کارندے محمد شریف اللہ کی گرفتاری اور امریکا کے حوالے کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ روبیو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون اور غیرقانونی امیگریشن کے مسئلے سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے پاکستان پر امریکی جوابی محصولات اور تجارت میں توازن اور انصاف کے فروغ کیلئے پیش رفت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

    روبیو نے اہم معدنیات کے حوالے سے ممکنہ تعاون اور امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی مواقع کو وسعت دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔

    روبیو اور اسحاق ڈار نے یو این سلامتی کونسل میں پاکستان کی دو سالہ غیر مستقل رکنیت کے دوران عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

  • یوکرین جنگ بندی اجلاس سے پُرامید ہوں، امریکی وزیرخارجہ

    یوکرین جنگ بندی اجلاس سے پُرامید ہوں، امریکی وزیرخارجہ

    امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو اور یوکرینی صدر زیلنسکی سعودی عرب میں یوکرین امریکا مذاکرات کے لیے جدہ پہنچ گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ بندی پر آج ہونے والے اجلاس سے پرامید ہوں۔

    قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے اس سلسلے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    اس سے قبل ایلون مسک نے یوکرین کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس کے ساتھ جنگ بند کرے ورنہ اسٹار لنک سروس تک رسائی بند کر دیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مسک نے مذکورہ دھمکی سے قبل یوکرین کے صدر زیلنسکی کو روس کے ساتھ جنگ جاری رکھنے پر ’مصیبت‘ قرار دیا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مسک نے لکھا کہ میں روسی صدر پیوٹن کو فائٹ کیلیے چیلنج دیتا ہوں لیکن میرے پاس یوکرین کی اسٹار لنک سروس تک رسائی کو روکنے کی طاقت بھی ہے۔

    مسک کا کہنا تھا کہ میں نے زبانی طور پر پیوٹن کو یوکرین پر ایک دوسرے سے فائٹ کا چیلنج دیا، میرا اسٹار لنک سسٹم یوکرین کی فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اگر میں نے اسے بند کر دیا تو اس کی پوری فرنٹ لائن ڈھیر ہو جائے گی۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی میں بھی چھانٹیاں شروع کر دیں

    یہ تبصرہ انہوں نے اپنی ایک پرانی پوسٹ پر صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے یوکرینی حکومت پر پابندیوں کی تجویز پیش کی تھی۔

  • امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ گئے

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ گئے

    امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو یوکرین اورروس جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارکو روبیو سعودی عرب میں روسی حکام سے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست مذاکرات کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی ممکنہ طور پر شریک ہوں گے، جبکہ مذاکراتی عمل ابھی ابتدائی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن امن کے لیے سنجیدہ ہیں یا نہیں، یہ اگلے چند دن میں طے ہو جائے گا۔

    ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے وہ ”بہت جلد“ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

    نیتن یاہو نے ایال ضمیر کونیا آرمی چیف مقرر کردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ سعودی عرب میں امن مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، اور یوکرینی صدر کو بھی امن مذاکرات میں شامل کریں گے، ہم امن قائم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

  • یوم آزادی : امریکی وزیر خارجہ کا پاکستانیوں کیلئے مبارکباد کا پیغام

    یوم آزادی : امریکی وزیر خارجہ کا پاکستانیوں کیلئے مبارکباد کا پیغام

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو پر مبارکباد پیش کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری مزید گہری ہوگی۔

    پاکستان کے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ گزشتہ 77 سال سے ہمارے پاک امریکا عوامی تعلقات دو طرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔

    انٹونی بلنکن نے کہا کہ آئندہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور امریکا کی شراکت داری مزید گہری ہوگی، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلق کو بڑھایا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اقوام کی زیادہ خوشحالی کیلئے اقدامات کریں گے، ہم پاکستان سے ایسی شراکت داری چاہتے ہیں جو سیکیورٹی کو زیادہ یقینی بنائے۔

  • ویڈیو: امریکی وزیر خارجہ نے گٹار بجایا

    ویڈیو: امریکی وزیر خارجہ نے گٹار بجایا

    واشنگٹن: آم ڈپلومیسی کے بعد اب میوزک ڈپلومیسی کے چرچے ہونے لگے ہیں، امریکی وزیر خارجہ نے گٹار بجا کر لوگوں کو حیران کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے میوزک ڈپلومیسی متعارف کرا دی ہے، وائٹ ہاؤس میں ڈنر کے دوران اسٹیج پر آئے اور کہا آج میوزک اور ڈپلومیسی کو یک جا کرتے ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ نے گٹار اٹھایا اور اسے بجاتے ہوئے گانا گیا، شرکا یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ گلوبل میوزک ڈپلومیسی انیشیٹو کا مقصد دنیا بھر میں موسیقی سے ایک سفارتی ٹول کے طور پر امن اور جمہوریت کو فروغ دینے اور امریکا کی وسیع تر خارجہ پالیسی کے اہداف کے حصول میں مدد لینا ہے۔

  • ایران پر پابندیوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، امریکا

    ایران پر پابندیوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ قیدیوں کے معاہدے کے باوجود ایران پر عائد تمام پابندیاں برقرار رہیں گی اور کوئی ریلیف بھی نہیں دیا جائے گا۔

    انٹونی بلینکن نے صحافیوں کی جانب سے منجمد ایرانی فنڈز میں 6 بلین ڈالر کی متوقع ریلیز کے بارے میں سوال پوچھنے پر کہا کہ ایران کو پابندیوں سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔

    ذرائع کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے بعض رہنمائوں کی جانب سے مبینہ "تاوان” کی رقم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس معاہدے میں تقریباً 10 ارب ڈالرز شامل ہیں جن میں جنوبی کوریا میں منجمد چھ ارب کے علاوہ عراق اور جاپان میں مزید 4 ارب روپے بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران نے 5 امریکیوں (4 مرد اور ایک خاتون) کو جیل سے رہا کر کے انہیں گھر میں نظر بند کر دیا، جس کے بعد ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے کی امید پیدا ہوئی ہے جس سے وہ ملک چھوڑ سکیں گے۔

    اس معاہدہ واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر تنقید کے دوران سامنے آیا ہے، ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا کہ ہم ہمیشہ امریکی یرغمالیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں

  • فوجی بغاوت کی ناکامی نے پوتن اقتدار میں ’’حقیقی دراڑیں‘‘ ظاہر کردیں، امریکہ

    فوجی بغاوت کی ناکامی نے پوتن اقتدار میں ’’حقیقی دراڑیں‘‘ ظاہر کردیں، امریکہ

    امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے کہا ہے کہ روس کے بحران میں کریملن کے خلاف کرائے کے مسلح گروپ کی ناکام بغاوت نے صدر ولادی میر پوتین کے اقتدار میں ’’حقیقی دراڑیں‘‘ ظاہر کردی ہیں۔

    بلینکن نے سی بی ایس نیوز کے ٹاک شو ‘فیس دا نیشن’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی واگنر گروپ اور اس کے رہنما ایوگینی پریگوزن کی اختتام ہفتہ پر برپا کردہ بغاوت ’’پوتن کے اقتدار واختیار کو براہ راست چیلنج’ کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’’اس بحران سے گہرے سوالات جنم لیتے ہیں، یہ حقیقی دراڑوں کو ظاہر کرتا ہے‘‘۔یہ بیان امریکا کی جانب سے روس میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں پہلا عوامی ردعمل ہے۔ وہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں بغاوت پر یورپی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں مصروف تھا۔

    بلینکن نے اتوار کے روز متعدد ٹاک شوز میں حصہ لیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بحران کے کریملن یا یوکرین کی جنگ پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں قیاس آرائی کرنا قبل از وقت ہوگا۔

    لیکن انھوں نے مختصر دورانیے کی بغاوت کو واقعات کا ایک "غیر معمولی” سلسلہ قرار دیا، جس میں پوتین کا ایک قریبی اتحادی تیزی سے روسی رہ نما کے خلاف ہو گیا اور کریملن میں طاقت کے مرکز کو خطرے میں ڈال دیا حالانکہ اس شخص نے یوکرین میں جنگ کی سب سے وحشیانہ لڑائی کے لیے اپنے نجی کرائے کے فوجیوں کو بھیجا تھا۔

    بلینکن نے اے بی سی نیوز کے پروگرام ‘دیس ویک’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 16 ماہ قبل روسی افواج پورے یوکرین پر قبضہ کرنے کی دھمکی دے رہی تھیں لیکن اب اس ہفتے کے آخر میں انھیں روس کے دارالحکومت ماسکو کا دفاع پوتین کے اپنے بنائے ہوئے کرائے کے فوجیوں سے کرنا پڑا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس پورے واقعے میں پریگوزن نے خود یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کے احاطے کے بارے میں گہرے سوالات اٹھائے ہیں جبکہ یوکرین یا نیٹو نے روس کے لیے کوئی خطرہ پیدا نہیں کیا، جو پوتین کے بیانیے کا حصہ ہے۔

  • امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد

    امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد

    واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ دل کی گہرائیوں کے ساتھ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو 74 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    ٹونی بلنکن کا پاکستان کے 74 ویں جشن آزادی پر امریکا کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ 7 دہائیوں سے بہترین تعلقات استوار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی ایشیا میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک سال کے دوران صحت جیسے کلیدی شعبے میں تعاون کو بڑھایا، کورنا وائرس کیخلاف امریکا پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 5.5ملین ڈوز فراہم کررہا ہے۔

    ٹونی بلنکن نے کہا کہ اقتصادی روابط کو فروغ دینےاور ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے ہمارا تعاون جاری ہے، ہم افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے بھی تعاون جاری رکھتے ہیں۔

    آنے والے برسوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا منتظر ہوں اور اس اہم دن پر امریکی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

    علاوہ ازیں دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کے 74 ویں جشن آزادی پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی لوگوں کا جوش و خروش عروج پر ہے۔

  • پاکستان افغان عوام کی منشا کے تحت امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا، آرمی چیف

    پاکستان افغان عوام کی منشا کے تحت امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ پاکستان افغان عوام کی منشا کے تحت امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، رابطے میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور افغان مفاہمتی عمل کی پیشرفت،باہمی تعاون کے امور پر غور ہوا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی منشا کے تحت امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا، امن عمل میں فریقین کے باہمی اتفاق رائے کی حمایت کرتے رہیں گے۔

    امریکی وزیرخارجہ نے خطےمیں امن واستحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

    اس سے قبل جاپانی سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی  وتعاون،علاقائی سیکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جاپان سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطےمیں امن واستحکام کےلیےپاکستان کاکردارقابل قدرہے، افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔