Tag: US senator Lindsey Graham

  • آرمی چیف سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سینیٹر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

    خیال رہے کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم آج ہی 10 رکنی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں، وفد کی سربراہی سینیٹر گراہم کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کی بحرین روانگی سے قبل امریکی سینیٹر نے ان سے بھی ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود رہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وفد بھی شامل تھے۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کا معاملہ اٹھایا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے خلاف بھارتی حکومت امتیازی پالیسیاں اپنا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ خطے میں امن کا بگاڑ روکنے کے لیے امریکا کی مستقل توجہ ضروری ہے۔ امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پاکستان اور امریکا میں شراکت داری اہم ہے۔

  • امریکا کے 3اہم سینیٹرز اور ہاؤس ممبر کا دورہؐ پاکستان کا اعلان

    امریکا کے 3اہم سینیٹرز اور ہاؤس ممبر کا دورہؐ پاکستان کا اعلان

    واشنگٹن : امریکا کے تین اہم سینیٹرز اور ہاؤس ممبر کا دورہ پاکستان کا اعلان کردیا۔

    امریکا کے با اثر تین سینیٹرز اور ہاؤس کے رکن آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں، امریکی ری پبلکن سینیٹرز کے وفد کی قیادت سینیٹر جان مکین کر رہے ہیں ۔

    واشنگٹن میں ایک اعلی پاکستانی سفارت کار کے مطابق امریکی ری پبلکن وفد میں سینیٹر جان مکین، سینیٹر لینڈسے گراہم ، سینیٹر
    جوڈونیلی اور ہاؤس کے رکن رک ڈیوس شامل ہیں، امریکی وفد پاکستان میں اعلی سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جبکہ سول ہیومن رائٹس تنظیموں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔

    پاکستانی سفارت کار کے مطابق امریکی کانگریس میں ری پبلکن پارٹی اس وقت اکثریت میں ہے اور اسی پارٹی نے پاکستان کیلئے کئی امدادی پروگراموں پر روک لگائی۔ پاکستان اس دورے میں ری پبلکن پارٹی کی پاکستان کے حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گا۔

    پاکستانی سفارت کار امید کر رہے ہیں کہ اس دورے کے بعد امریکی کانگریس میں پاکستان کے حوالے سے رویے میں نرمی آئے گی۔

    پاکستانی سفارتکار نے اےآروائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ری پبلکن سینیٹرز اور ہاؤس ممبر کا دورۂ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، امریکی وفد کے دورے میں غلط فہمیاں دور کی جائینگی۔

    امریکی وفد کا دورہ پاکستانی سفارتکاروں کی کوششوں سے عمل میں آیا۔