Tag: US State Department spokesperson

  • امریکا کا مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

    امریکا کا مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

    واشنگٹن : امریکا نے مقبوضہ کشمیرمیں عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرے اور لوگوں کی موبائیل فون اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی سروسز تک رسائی یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اوٹا گس نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی سیاست دانوں اور تاجر وںسمیت بڑے پیمانے پر گرفتاریوںاور مقبوضہ علاقے میں عائد سخت پابندیوں پر تشویش ظاہر کی ۔

    ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں موبائیل فون اور انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی بلیک آﺅٹ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرے اور لوگوں کی موبائیل فون اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی سروسز تک رسائی یقینی بنائے ۔

    دوسری جانب قابض انتظامیہ نے لوگوں کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور محرم الحرام کے جلوس نکالنے سے روکنے کیلئے کرفیو اور دیگر پابندیوں کو مزید سخت کردیا ۔

    خیال رہے اگست کو بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی معطلی کے اعلان کے بعدسے کشمیریوں کو گھروں میں محصور رکھنے کیلئے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کو تعینات کیاگیا ہے ۔ مسلسل کرفیو ، انٹرنیٹ، موبائل فون اور لینڈ لائن سروسزسمیت تمام مواصلاتی ذرائع معطل ہونے کے باعث وادی کشمیرکا گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

    لوگوں کو نمازوں کی ادائیگی سمیت اپنے مذہبی فرائض اداکرنے اور وفات پاجانے والے اپنے پیاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی بھی اجازت نہیں ہے ، سخت پابندیوں کے باعث مریضوں کی ہسپتالوں اور ڈاکٹروں تک رسائی ناممکن بنادی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر وںاور طبی عملے کو بھی شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

    سخت پابندیوں کے باعث وادی کشمیرمیں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا ہے کیونکہ لوگوں کو دودھ، بچوں کی خوراک اور زندگی بچانے والی ادویات سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاءکی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ اسپتالوں اور میڈیکل سٹوروں پر ادویات دستیاب نہیں ہے ۔ 5 اگست سے بازار، پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین سروس بھی معطل ہے ۔

  • عراق اور شام میں پاکستانی شدت پسند شامل ہیں، امریکہ

    عراق اور شام میں پاکستانی شدت پسند شامل ہیں، امریکہ

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ونے چاولہ نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے جنگجوؤں میں پاکستانی بھی شامل ہیں،امریکی صدر براک اوباما اس وقت پوری دنیا سے اس دہشت گرد تنظیم کو ختم کرنے کیلئے مدد مانگ رہے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ ونے چاولہ کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے نیٹ ورک میں 80 سے زائد ممالک کے دہشت گرد موجود ہیں، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق بارک اوبامہ داعش کیخلاف تمام ممالک کا اتحاد چاہتے ہیں، ونے چاولہ کے مطابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور وزیرِ اعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں اس معاملہ پر بات کریں گے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے گہرے تعلقات ہیں اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ کئی منصوبوں پر کام کرنے کے لئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔