Tag: US tariff policy

  • چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    واشنگٹن : امریکا میں قائم چین کے سفارتخانے کے ترجمان نے امریکی ٹیرف پالیسی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور محصولات کی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوتی۔

    ترجمان چینی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اس اقدام کا جواب دے گا، ٹیرف پالیسی سے امریکا کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امریکا کا اقدام دنیا کے لیے خسارے کا سودا ہے۔

    دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کے اعلان پر اپنا مؤقف بیان کردیا۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ٹیکس عائد کرنے کا عمل عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے مسائل کو حل کرنے میں سود مند نہیں ہے بلکہ دونوں فریقوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور دنیا کے لیے بھی کوئی فائدہ مند نہیں ہے۔

    چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے، چین اور امریکہ کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کا تحفظ کرے، اور چین امریکہ تعلقات کو مستحکم، صحت مند، اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھائے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ نے عالمی تجارتی جنگ چھیڑ دی، 3 ممالک پر اضافی ٹیرف عائد

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چین، کینیڈا اور میکسیکو پر اضافی ٹیرف کے الگ الگ صدارتی حکم ناموں پر دستخط کر دیے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ ہوگا۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیرف غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کی آمد کے باعث لگایا گیا ہے اور یہ ’امریکیوں کی حفاظت‘ کے لیے ضروری ہے۔

  • کینیڈین وزیراعظم کی امریکی ٹیرف پالیسی پر اپنے عوام سے اپیل

    کینیڈین وزیراعظم کی امریکی ٹیرف پالیسی پر اپنے عوام سے اپیل

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو  نے عوام سے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ صرف کینیڈا میں تیار کی گئی مصنوعات کا ہی انتخاب کیا جائے۔

    اپنے ایک بیان میں جسٹن ٹروڈو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ لیبل چیک کریں اور اپنے ملک کی تیار کردہ مصنوعات خریدیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیت اچھا شہری اپنا کردار ادا کریں جہاں بھی ہوسکے کینیڈا کا ہی انتخاب کریں۔

    علاوہ ازیں کینیڈین وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

    اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف میں اضافے سے متعلق بیان پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو  نے کہا کہ کینیڈا اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، وہ ہر صورت اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انھوں نے کہا تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر بھی 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ کر دیا ہے، تاہم تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ کینیڈا نے بھی اتنا ہی ٹیرف اور ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

    کینیڈا کی جانب سے امریکی الکحل اور پھلوں کی تجارت میں 30 ارب کینیڈین ڈالر پر ڈیوٹی منگل کو اس وقت لاگو ہوگی جب امریکی ٹیرف شروع ہوگا، جب کہ بقیہ 125 ارب کینیڈین ڈالر کی تجارت پر ڈیوٹی 21 دنوں میں لاگو ہوگی۔