Tag: US

  • امریکی صدر اچانک غیر مقبول ہو گئے

    امریکی صدر اچانک غیر مقبول ہو گئے

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن اچانک غیر مقبول ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک سروے میں معلوم ہوا ہے کہ افغانستان کی صورت حال سنبھالنےمیں ناکامی اور انخلامیں جلد بازی کی وجہ سے جو بائیڈن کی مقبولیت میں ڈرامائی کمی آ گئی ہے۔

    سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکیوں کی ایک نمایاں اکثریت کو شک ہے کہ افغانستان کی جنگ مفید تھی، یہاں تک کہ صدر بائیڈن خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو جس طرح لے کر چل رہے ہیں، اس پر امریکا کہیں زیادہ تقسیم نظر آ رہا ہے۔

    سروے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی مقبولیت کا گراف 50 فی صد سے بھی نیچے آ گیا ہے، اور امریکا کے صرف 25 فی صد عوام جو بائیڈن کی افغان پالیسی کے حق میں ہیں۔

    بائیڈن نے کابل حکومت کی حفاظت کے لیے 2500 فوجی کیوں نہ چھوڑے؟

    سروے میں دو تہائی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ امریکا کی طویل ترین جنگ مفید تھی، جب کہ 47 فی صد نے بین الاقوامی امور کے انتظام کے لیے بائیڈن کی توثیق کی، اور 52 فی صد نے قومی سلامتی کے حوالے سے بائیڈن کی حمایت کی۔

    یہ سروے 12 سے 16 اگست کو کیا گیا تھا، ایسے میں کہ افغانستان میں دو دہائیوں کی جنگ ختم ہو گئی ہے، اورطالبان دوبارہ اقتدار میں آ گئے ہیں، انھوں نے دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

    طالبان نے مجموعی طور پر معاہدے کی پاسداری کی، جوبائیڈن

    اس صورت حال پر بائیڈن کو واشنگٹن میں دو طرفہ مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، کیوں کہ طالبان کی تیز رفتار پیش قدمی کے سلسلے میں کوئی تیاری نہیں کی گئی تھی جس سے ایک انسانی بحران نے جنم لیا ہے۔

  • امریکا میں سیلاب، ہلاکتیں رپورٹ

    امریکا میں سیلاب، ہلاکتیں رپورٹ

    واشنگٹن: امریکا کی جنوبی ریاست ٹینیسی میں سیلاب سے 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹینیسی کی ہیمپفریز کاؤنٹی میں ہفتے کے روز شدید سیلاب کے باعث کم از کم 22 افراد ہلاک جب کہ 30 سے زائد لاپتا ہوگئے ہیں۔

    اس تباہ کن سیلاب میں دو جڑواں بچے بھی بہہ کر ہلاک ہو گئے ہیں، بچے اپنے والد کی گود میں تھے، لیکن وہ انھیں نہیں سنبھال سکے اور پانی میں گر کر بہہ گئے۔

    ہیمپفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے میڈیا کو بتایا کہ اس علاقے میں اپنے 28 سال کے دوران انھوں نے یہ بدترین سیلاب دیکھا ہے، بجلی کی بندش اور موبائل فون کی سہولت میں کمی نے بھی مسائل میں اضافہ کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز وسطی ٹینیسی کے کچھ حصوں میں 12 انچز (30.48 سینٹی میٹر) بارش کے بعد پوری کاؤنٹی کی دیہی سڑکیں اور شاہراہیں بہہ گئیں اور تباہ کن سیلاب آیا۔

    امریکی قومی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش نے دریائے پینی میں پانی کی سطح کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جب کہ قومی محکمہ موسمیات ناشویلے نے ٹویٹ کیا کہ اس وقت علاقے میں صورت حال جان لیوا ہے۔

    ماہر موسمیات کریسے ہورلے نے میڈیا کو بتایا کہ لوگ گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں، اور وہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، پانی ان کی گردنوں سے اوپر تک ہے، یہ تباہ کن ہے اور بدترین صورت حال ہے۔

  • افغانستان میں جنگ ختم کرنے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں: جو بائیڈن

    افغانستان میں جنگ ختم کرنے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں: جو بائیڈن

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ہمارا مشن کبھی بھی قوم کی تعمیر نو نہیں تھا، افغان فوج کو سب کچھ دیا لیکن لڑنے کا جذبہ نہیں دے سکتے، افغان فورسز لڑنے کو تیار نہیں، امریکی فوجی کیوں اپنی جانیں گنوائیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی قوم سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان جانے کا مقصد تعمیر نو نہیں تھا، افغانستان میں ہمارا مشن دہشت گردی کی روک تھام تھا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میرے پاس بطور صدر 2 ہی راستے تھے، امن معاہدے پر عمل پیرا ہوتا یا دوبارہ افغانستان میں لڑائی کرتا، ہم نے افغان فوج پر اربوں ڈالرخرچ کیے، ہر طرح کے ہتھیار فراہم کیے، افغانستان سے فوج واپسی کا فیصلہ درست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کا تیزی سے خاتمہ حیرت کی بات ہے، افغان فورسز کی تنخواہیں تک ہم ادا کرتے تھے، افغان فوج خود لڑنے کے لیے تیار نہیں تھی، انہوں نے سرینڈر کردیا، افغان فورسز خود نہیں لڑنا چاہیں تو امریکی فوج کیا کر سکتی ہے۔

    جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اشرف غنی کو مشورہ دیا تھا افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کریں، اشرف غنی نے ہماری تجویز مسترد کی اور کہا افغان فوج لڑے گی، افغان طالبان کے ساتھ معاہدہ سابق صدر ٹرمپ نے کیا تھا، دوسروں کی غلطیوں کو ہم نے نہیں دہرانا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ چین اور روس نے افغانستان کے لیے کچھ نہیں کیا، چین اور روس کی خواہش ہوگی کہ امریکا افغانستان میں مزید ڈالر خرچ کرے، امریکی فوج وہ جنگ نہیں لڑ سکتی جو افغان فوج خود اپنے لیے نہ لڑے، افغان عوام کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔

    جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغان فوج کو سب کچھ دیا لیکن لڑنے کا جذبہ نہیں دے سکتے، افغان فورسز لڑنے کو تیار نہیں، امریکی فوجی کیوں اپنی جانیں گنوائیں۔ افغان جنگ میں مزید امریکی نہیں جھونک سکتے، افغانستان سے اتحادی افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں، اگر انخلا روکنے کی کوشش کی گئی تو سخت جواب دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود امریکیوں کو واپس لایا جائے گا، انسانی حقوق ہماری خارجہ پالیسی کی ترجیح ہونی چاہئیں، انخلا مکمل ہونے پر امریکا کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ ہوجائے گا، افغانستان میں جنگ ختم کرنے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں، افغانستان سے انخلا کا فیصلہ درست اور امریکی عوام کے مفاد میں ہے۔

    جو بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا ہے اور عملے کو واپس بلا لیا ہے، اگر طالبان نے امریکی مفادات پر حملے کیے تو سخت جواب دیں گے، افغان عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا مشن کبھی بھی قوم کی تعمیر نو نہیں تھا، ہم 20 سال پہلے واضح اہداف کے ساتھ افغانستان گئے تھے، ہمارا ہدف 11 ستمبر کو حملے کرنے والوں کو پکڑنا تھا اور القاعدہ کو حملوں کے لیے افغانستان کو بطور بیس استعمال سے روکنا تھا۔

    ٹویٹ میں صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ ہم نے ایک دہائی پہلے ہی افغانستان میں اہداف حاصل کر لیے تھے، افغانستان میں جو واقعات دیکھ رہے ہیں وہ افسوسناک ہیں، امریکی فوج کی چاہے کتنی بھی تعداد ہو وہ افغانستان کو مستحکم و محفوظ نہیں بنا سکتی، جو آج ہو رہا ہے وہ 5 سال پہلے بھی ہو سکتا تھا اور 15 سال بعد بھی۔

  • امریکا میں انسانی تباہی کا سبب ’گیم آف تھرونز‘

    امریکا میں انسانی تباہی کا سبب ’گیم آف تھرونز‘

    بیجنگ: چینی تھنک ٹینکس نے کہا ہے کہ امریکا میں کرونا وبا سے انسانی تباہی پھیلی لیکن حکام نے اسے سیاسی رنگ دیا، اصل میں یہ "گیم آف تھرونز” امریکا میں انسانی تباہی کا سبب بنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے تین معروف تھنک ٹینکس سی آر آئی نے مشترکہ طور پر پیر کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کا عنوان ہے امریکا نمبر ون ۔ انسداد وبا کے حوالے سے امریکا کی حقیقت۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوم برگ نے حال ہی میں امریکا کو انسداد وبا میں سرفہرست ملک قرار دیا تھا، اس مضحکہ خیز دعوے کے جواب میں چین کے معروف تھنک ٹینکس نے مشترکہ رپورٹ جاری کی جس میں جامع تحقیق، درست اعداد و شمار اور معروضی اشاریوں کی بنیاد پر امریکا میں انسداد وبا کی حقیقی صورت حال دکھائی گئی ہے۔

    رپورٹ میں نہ صرف ‘امریکا انسداد وبا میں سرفہرست’ کے پس پردہ حقائق کو بے نقاب کیا گیا ہے، بلکہ دنیا کو دکھایا گیا ہے کہ معصوم امریکی عوام کیسے "گیم آف تھرونز” کا شکار ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کووڈ-19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اور اموات کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، اور امریکا دونوں لحاظ سے دنیا میں سرفہرست ملک ہے۔

    امریکی ادارے سی ڈی سی کے سابق سربراہ ولیم فاؤج نے ملکی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک قتل عام ہے۔

    انھوں نے کہا درحقیقت امریکی شہریوں کے لیے وبا ایک قدرتی آفت کے ساتھ ساتھ انسانی ساختہ آفت بھی ہے، ملک میں گہری متعصبانہ روش نے اس وبا کو سیاسی رنگ دیا اور امریکی عوام، زندہ رہنا جن کا حق تھا، اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔

  • پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا روانہ

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا روانہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو ایک ہفتے کے دورے پر امریکا چلے گئے۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو دورۂ امریکا میں واشنگٹن اور نیویارک جائیں گے، وہ ایک کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ پی پی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو امریکا میں عہدیداروں، کارکنان کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ 4 جولائی کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی نجی دورے پر امریکا روانہ ہوئے جبکہ اس سے قبل صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیجوہو بھی امریکا روانہ ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو پاکستان کا مقدمہ لڑنے امریکا جارہے ہیں، نبیل گبول کا دعویٰ

    امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مراد علی شاہ بھی بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر مختلف سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ امریکا میں مختلف عالمی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے بتایا تھا کہ بلاول بھٹو کسی کی منت سماجت کرنے امریکا نہیں جارہے، انہیں امریکی سینیٹرز نے امریکا کے دورے کی دعوت دی، وہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ہی جارہے ہیں۔

    تین جولائی کو وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا تھا کہ بلاول بھٹو ڈیل کرنے امریکا جارہے ہیں، وہ اپنی سی وی لے کر ’میں ہوں نا‘ کی شوٹنگ پر جارہے ہیں۔

  • پاکستانی ڈرائیور کا قتل، امریکی نو عمر لڑکیوں کو عدالت سے سزا

    پاکستانی ڈرائیور کا قتل، امریکی نو عمر لڑکیوں کو عدالت سے سزا

    واشنگٹن: پاکستانی نژاد ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر 14 اور 15 سالہ لڑکیوں کو عدالت نے سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں گاڑی چوری کی واردات کے دوران پاکستانی ڈرائیور 66 سالہ محمد انور کے قتل کے جرم میں چودہ اور پندرہ سالہ لڑکی کو 21 سال کی ہونے تک قید کی سزا سنا دی گئی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں 2 نوجوان لڑکیوں نے فوڈ ڈلیور کرنے والی کمپنی ’اوبر ایٹس‘ کے ڈرائیور محمد انور سے گاڑی چھیننے کی کوشش کی تھی، اس دوران گاڑی بے قابو ہو گئی اور گاڑی لوہے کی ریلنگ کے ساتھ ٹکرا کر الٹ گئی، جس سے محمد انور کی موت واقع ہو گئی۔

    لڑکیوں نے اپنا جرم قبول کر لیا تھا، جس پر عدالت نے منگل کے روز 14 سالہ لڑکی کو زیادہ سے زیادہ 7 سال قید کی سزا سنا دی، اور اسے نو عمر قیدیوں کی جیل بھیج دیا، حادثے کے وقت ان لڑکیوں کی عمر 13 اور 15 سال تھی، جن میں چھوٹی لڑکی اب چودہ سال کی ہو گئی ہے۔

    امریکا میں قتل پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کیلئے خطیر رقم کا عطیہ

    پاکستانی نژاد محمد انور اپنے تین بچوں اور اہلیہ کے ساتھ امریکا میں 2014 سے رہائش پذیر تھے، وہ واشنگٹن ڈی سی میں فوڈ ڈلیور کرنے والی ایک کمپنی کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کر رہے تھے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ محمد انور لڑکیوں سے گاڑی کا کنٹرول لینے کی کوشش کر رہے ہیں، کہ اسی دوران ان میں سے ایک لڑکی گاڑی کو تیز رفتاری کے ساتھ بھگاتی ہے، اور گاڑی بے قابو ہو کر لوہے کی ریلنگ کے ساتھ ٹکرا کر الٹ جاتی ہے۔

    دونوں لڑکیوں کو گاڑی میں سے باہر نکلنے کے ساتھ ہی علاقے میں موجود نیشنل گارڈز نے گرفتار کر لیا تھا، محمد انور شدید زخمی تھے، حادثے کے نتیجے میں ان کے جسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹیں، سر پر شدید چوٹ آئی، ان کی موت بعد میں اسپتال میں واقع ہوئی۔

  • امریکا نے افغان امن عمل سے ہاتھ اٹھالیے

    امریکا نے افغان امن عمل سے ہاتھ اٹھالیے

    واشنگٹن : امریکا نے افغان امن عمل سے ہاتھ اٹھالیے ، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نیڈپرائس کا کہنا ہے کہ افغان مذاکرات میں امریکا فریق نہیں ہے، سیاسی حل ہی افغانستان میں امن کاراستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا افغان تنازع کاکوئی فوجی حل نہیں،سیاسی حل ہی امن کا راستہ ہے، افغان مذاکرات میں امریکا فریق نہیں،معاون کاکرداراداکیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ بندوق کے زور پرحکومت کرنے والوں کو عالمی حمایت حاصل نہیں ہوگی ، طالبان، افغان حکومت میں تصفیہ ہی امن کا واحدراستہ ہے، دنیا افغانستان میں زبردستی کی حکومت قبول نہیں کرے گی۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے جاری پُرتشدد کارروائیاں بند ہونی چاہئیں، بندوق کی زورپرآنےوالی حکومت کوعوامی حمایت حاصل نہیں ہوگی تاہم انخلا کے بعد بھی افغان عوام سے شراکت داری جاری رہے گی۔

    ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ کابل میں ایک سفارتی احاطے کو برقرار رکھیں گے، سفارت کاروں کی سیکیورٹی کیلئے فوجی موجودرہیں گے، دنیا بھر کے سیکیورٹی معاملات پر ہماری گہری نظر ہے۔

  • ٹک ٹاک صارفین نے خاتون کو چائے بنانے کا طریقہ سکھا دیا

    ٹک ٹاک صارفین نے خاتون کو چائے بنانے کا طریقہ سکھا دیا

    ایک امریکی خاتون کے چائے بنانے کے طریقے نے چائے کے دیوانوں کو پریشان کردیا۔

    ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں ایک خاتون بتا رہی ہیں کہ ان کی الیکٹرک کیٹل میں کچھ مسئلہ ہے جس کی وجہ سے یہ چائے نہیں بنا رہی۔

    اس کے بعد وہ دکھاتی ہیں کہ جب کیٹل میں پانی ابلتا ہے تو وہ خود بخود ہی باہر بہنے لگتا ہے، خاتون کا خیال تھا کہ یہ کیٹل کی خرابی کی وجہ سے ہورہا ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بتایا کہ ایسا اس وجہ سے ہورہا ہے کہ کیونکہ انہوں نے کیٹل میں ٹی بیگز بھی ڈال دیے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بتایا کہ الیکٹرک کیٹل میں صرف پانی ڈال کر گرم کیا جاتا ہے۔

    تاہم خاتون کو یہ ماننے میں بے حد دشواری کا سامنا تھا کہ کیٹل میں چائے بنانے کے لیے صرف پانی کو ہی ابالا جائے۔

  • قومی ترانہ بجنے پر امریکی کھلاڑی کی عجیب حرکت

    قومی ترانہ بجنے پر امریکی کھلاڑی کی عجیب حرکت

    اوریگن: قومی ترانے کے دوران پرچم سے منہ موڑنے والی سیاہ فام امریکی کھلاڑی گوین بیری کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں اولمپک ٹرائلز کے دوران جب قومی ترانہ بجایا جانے لگا تو ٹوکیو اولمپکس کے کوالیفائی کرنے والی ایتھلیٹ گوین بیری نے امریکی پرچم سے منہ موڑ لیا، پوڈیم پر کھڑی باقی دو کھلاڑیوں کا رخ پرچم کی جانب تھا جب کہ گوین بیری شائقین کی طرف رخ کر کے کھڑی ہو گئیں۔

    اپنے اس عمل کے لیے انھیں تنقید کا سامنا ہے، تاہم گوین بیری 2019 کے پین امریکن گیمز میں بھی قومی ترانے کے دوران احتجاج کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں۔

    گوین بیری ہیمر تھرو (ہتھوڑا پھینکنے) کے مقابلوں میں حصہ لیتی ہیں، پوڈیم پر ان کے ساتھ پہلے نمبر پر آنے والی ڈی اینا پرائس اور دوسرے نمبر پر آنے والی بروک اینڈرسن بھی کھڑی تھیں، جب انھوں نے ایک بار پھر سیاہ فام شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج کیا، اور ایک سیاہ رنگ کی شرٹ بھی دکھائی جس پر لکھا تھا ایکٹوسٹ ایتھلیٹ۔

    اس احتجاج کے بعد بیری کو چند قدامت پسند حلقوں کی جانب سے سخت ردِ عمل کا سامنا ہے، ٹیکساس کے کانگریس کن ڈین کرین شا نے تو مطالبہ کیا ہے کہ بیری کو امریکا کی ٹیم سے نکال دینا چاہیے، سینیٹر ٹیڈ کروز کہتے ہیں کہ آخر بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے امریکا سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں؟ سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار اور ریاست وسکونسن کے سابق گورنر اسکاٹ واکر نے کہا ہے کہ آخر لوگوں کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ چاہے کسی بھی قسم کا اختلاف ہو، جب پرچم بلند ہوتا ہے تو سب کھڑے ہو جاتے ہیں۔

    تاہم دوسری طرف گوین بیری اس تنقید سے قائل ہوتی نظر نہیں آتیں، انھوں نے کہا لوگوں کے تبصرے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اب بھی بنیادی اخلاقیات پر حب الوطنی کو ترجیح دیتے ہیں اور ثابت ہوتا ہے کہ سیاہ فاموں کے حوالے سے حالیہ اشتہارات، بیانات اور احساسات محض دھوکا تھے۔

    بیری نے کہا میں نے کبھی نہیں کہا کہ مجھے اس ملک سے نفرت ہے، لوگ آپ کے منہ میں اپنے الفاظ گھسیڑتے ہیں، لیکن وہ اس میں ناکام ہوں گے۔

    بیری کا کہنا تھا کہ قومی ترانہ جان بوجھ کر اس وقت شروع کیا گیا جب وہ پوڈیم پر موجود تھیں، حالاں کہ اسے ہماری آمد سے پہلے شروع ہونا چاہیے تھا لیکن جیسے ہی ہم پہنچے، انھوں نے ترانے کا آغاز کر دیا۔

  • امریکا کا پاکستان کو موڈرنا ویکسین دینے کا اعلان

    امریکا کا پاکستان کو موڈرنا ویکسین دینے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کردیا، پاکستان کو موڈرنا کی 25 لاکھ ڈوزز کوویکس سے بھی مل رہی ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا نے پاکستان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موڈرنا ویکسین دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں بھیجی جارہی ہیں۔ امریکا نے پیرو اور ہنڈراس کو بھی کرونا ویکسین دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیرو کو 20 لاکھ اور ہنڈراس کو 15 لاکھ خوراکیں دی جائیں گی۔

    اس سے قبل کوویکس کی جانب سے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ ڈوزز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    موڈرنا ویکسین کی پہلی کھیپ ایک تا دو ہفتے میں پاکستان پہنچے گی، موڈرنا پاکستان کو ملنے والی دوسری امریکی کرونا ویکسین ہوگی، اس سے قبل کوویکس پاکستان کو فائزر ویکسین فراہم کرچکا ہے۔

    موڈرنا ویکسین دائمی امراض اور کمزور قوت مدافعت افراد کو لگائی جائے گی جبکہ بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو بھی لگائی جائے گی۔