Tag: US

  • امریکا  کی  پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت

    امریکا کی پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت

    اسلام آباد : امریکا نے پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کرلی ، دفتر خارجہ نے وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے فی الحال پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کمپنی پہلے فیز میں ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی، دوسرے مرحلے میں کمپنی کورونا ویکسین برآمد کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی مشن نے حکومت کو امریکی ردعمل سے آگاہ کیا ، جس کے بعد دفتر خارجہ نے وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے آگاہ کر دیا ہے۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سرگرم ہے، پاکستانی مشن ویکسین پر کام کرنے والی کمپنیوں سے رابطے میں ہے جبکہ وزارت صحت کے امریکی کمپنیوں سے رابطوں کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

    خیال رہے پاکستان متوقع کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے کمپنیوں سے رابطے کر رہا ہے، اس سلسلے میں وزارتِ صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے اے آر وائی نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی منظوری دے دی ہے۔

    ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ایڈوانس بکنگ کے لیے 2 ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین کی بکنگ اور اس کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی تھی، پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اور ضعیف شہریوں کے لیے ویکسین بکنگ کی تجویز ہے۔

  • امریکی الیکشن کمیشن کا صدارتی انتخاب سے متعلق اہم بیان

    امریکی الیکشن کمیشن کا صدارتی انتخاب سے متعلق اہم بیان

    واشنگٹن: امریکی الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کو شفاف قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن، کورآڈینیٹنگ کونسل، سائبر سیکورٹی اور ہوم لینڈ سیکورٹی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 3 نومبر کا الیکشن امریکی تاریخ کا محفوظ ترین الیکشن تھا۔

    امریکی صدارتی انتخابات سے متعلق جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے تمام عمل کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے، حتمی سرکاری نتائج سے قبل تمام معاملات کی دوبارہ جانچ ہو رہی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام ریاستوں میں ہر ووٹ کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، کئی ریاستوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جا رہی ہے، ضرورت پڑنے پر ہر ووٹ کی دوبارہ گنتی کی جا سکتی ہے۔

    مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ انتخابات کے دوران ووٹ ضائع ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں۔

    ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ضد پر قائم ہیں، ان کی جانب سے کئی ریاستوں میں مقدمات کے لیے درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں، دوسری طرف جیتنے والے امیدوار جو بائیڈن نے اپنی انتظامیہ تشکیل دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

    جوبائیڈن نے رون کلین کو وائٹ ہاؤس کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ جوبائیڈن نے موجودہ امریکی صدر ٹرمپ کو انتخابات میں‌ واضح اکثریت کے ساتھ شکست دے دی ہے۔

  • ’امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی‘ جوبائیڈن اور کملا کا خطاب

    ’امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی‘ جوبائیڈن اور کملا کا خطاب

    ڈیلاویئر: نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور نائن صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ انتخابات میں امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی، امریکا کی روح کو بحال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی نائب نے ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں خطاب کیا، جوبائیڈن نے کہا عوام کے ووٹوں سے ہم واضح فتح سے ہم کنار ہوئے ہیں، عہد کرتا ہوں بطور صدر عوام کو تقسیم نہیں کروں گا۔

    انھوں نے کہا میں امریکا کی دنیا بھر میں عزت دوبارہ بحال کراؤں گا، امریکا کی روح کو بحال اور مڈل کلاس کی تعمیر نو کروں گا، امریکا کو پوری دنیا میں ایک بار پھر قابل احترام بنائیں گے، میں تمام امریکیوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کروں گا۔

    جوبائیڈن کا کہنا تھا انتخابی مہم ختم ہوگئی کوئی دشمن نہیں، سب ایک ہیں، امریکا میں بسنے والے ہر شخص کو برابر مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، آج پوری دنیا کی نظریں امریکا پر لگی ہوئی ہیں، امریکا میں امکانات اور ترقی کے مواقع ہر ایک کے لیے ہیں۔

    ٹرمپ کو شکست، جو بائیڈن امریکا کے صدر منتخب

    نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے کہا جمہوریت کے تحفظ کی کوششیں قربانی مانگتی ہیں، الیکشن میں ڈالےگئے ہر ووٹ کوگناگیا ہے، پچھلے کئی ماہ بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    کملا ہیرس کا کہنا تھا الیکشن میں امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی، آپ نے امریکا کے لیے ایک نئے دن کی شروعات کی، آپ نے امید، اتحاد، شائستگی، سائنس اور سچ کو چنا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ڈیموکریٹ جو بائیڈن کو اپنا 46 واں صدر منتخب کر لیا ہے، جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 290 جب کہ ٹرمپ کے ووٹس کی تعداد 214 ہے۔

  • امریکا دنیا کے لیے اہم معاہدے سے باضابطہ طور پر نکل گیا

    امریکا دنیا کے لیے اہم معاہدے سے باضابطہ طور پر نکل گیا

    واشنگٹن: امریکا باضابطہ طور پر عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا تین سالہ تاخیر کے بعد آخر کار موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیرس معاہدے سے نکلنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ معاہدہ ختم کیا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے دراصل جون 2017 میں اس معاہدے سے دست برداری کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ برس اقوام متحدہ کو اس سے باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا، تاہم یو این ضابطے کے مطابق مطلع کیے جانے کے بعد ایک سال تک انتظار کرنا پڑتا ہے، یہ انتظار آج بدھ کے روز ختم ہو گیا۔

    معاہدے سے دست برداری کا فیصلہ ایک ایسے دن نافذ العمل ہوا ہے جب کہ محض ایک دن قبل ہی امریکی انتخابات منعقد ہوئے، اور آج دونوں امیدواروں میں سے کسی ایک کی جیت کا اعلان ہوگا۔

    سابق اسٹیٹ سیکریٹری جان کیری اپنی پوتی کو گود میں لیے اقوام متحدہ میں پیرس ایگریمنٹ پر دستخط کر رہے ہیں

    مستقبل میں امریکا اس معاہدے میں دوبارہ شامل ہو سکتا ہے، اس کے لیے آنے والے صدر کو اس کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    پیرس معاہدے پر تقریباً 200 ممالک نے دستخط کیے تھے، ان میں سے امریکا پہلا ملک بنا ہے جس نے گرین ہاؤس گیس اخراج کو کم کرنے کے وعدوں سے منہ پھیرا۔

    اٹھارویں صدی کے وسط سے جب سے صنعتی دور شروع ہوا ہے، تب سے امریکا وہ ملک ہے جس نے کسی بھی دوسرے ملک کی نسبت فضا میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کیا۔

  • امریکا: راہگیر کا بزرگ پر عجیب و غریب ہتھیار سے حملہ

    امریکا: راہگیر کا بزرگ پر عجیب و غریب ہتھیار سے حملہ

    نیویارک: امریکا میں راہ چلتے ایک شخص نے بلا وجہ ایک بزرگ پر باربی کیو گرِل کے برش سے حملہ کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چند دن قبل نیویارک کی ایک سڑک پر عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، سوشل میڈیا پر اس پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ پتا نہیں لوگوں کی نفسیاتی حالت کیسی ہو گئی ہے۔

    واقعے کے مطابق راہ چلتے ایک شخص نے اچانک ساتھ چلنے والے 78 سالہ بزرگ پر باربی گرِل کے برش سے حملہ کر دیا، اور چلتا بنا۔

    نیویارک پولیس اس شخص کو تاحال تلاش کر رہی ہے، بزرگ شہری فرانسز کوریلز گھر سے دوا لینے نکلے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا، انھوں نے بتایا وہ میرے قریب سے گزرا اور مجھ پر حملہ کر کے میرے سر پر وار کیا، جس سے میں زمین پر گر گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ وہ مین ہٹن کے علاقے ہیلز کچن میں 20 برسوں سے رہایش پذیر ہیں، ایسا واقعہ کبھی نہیں ہوا، جس شخص نے حملہ کیا وہ بالکل اجنبی تھا، اور اس نے مجھ سے کچھ بھی نہیں چھینا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص نے شہری پر لکڑی کے گرِل برش سے حملہ کیا، جس سے شہری کا سر بری طرح زخمی ہو گیا، اور انھیں اسپتال لے جانا پڑا، جہاں سے انھیں جمعرات کو ڈسچارج کیا گیا۔

  • صدر ٹرمپ نے کیوں کہا چین امریکا کا مالک بن جائے گا؟

    صدر ٹرمپ نے کیوں کہا چین امریکا کا مالک بن جائے گا؟

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی جیت پر چین کے امریکا کا مالک بننے کے خدشے کا اظہار کر دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لیے الیکشن مہم کے دوران ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ اگر بائیڈن جیت گیا تو چین امریکا کا مالک بن جائے گا۔

    ٹرمپ نے الزام لگایا کہ جوبائیڈن ایک کرپٹ سیاست دان ہے، وہ ہمیشہ سے ہی ایک ڈمی آدمی رہا ہے۔

    دوسری طرف امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ریاست فلاڈلفیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا وقت آگیا ہے کہ ٹرمپ اپنا بیگ پیک کر کے گھر چلے جائیں، ہم ان کے ٹوئٹس، غصے، نفرت، ناکامی اور غیر ذمہ داری سے تنگ آ چکے ہیں۔

    صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو کس جانور سے تشبیہ دی؟

    جوبائیڈن کا کہنا تھا یہ ہماری زندگی کا سب سے اہم صدارتی الیکشن ہے، صدر ٹرمپ خوف زدہ ہیں کہ پنسلوانیا میں کیا ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات 2020 منگل کے دن 3 نومبر کو منعقد ہو رہے ہیں۔

    گزشتہ روز امریکی ریاست مشی گن میں انتخابی مہم کے دوران جوبائیڈن نے ٹرمپ کو پیوٹن کا پالتو کتا کہہ دیا تھا، بائیڈن نے کہا ٹرمپ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے پالتو کتے کی طرح کام کرتا ہے، پیوٹن نے عراق میں امریکی فوجیوں کے سر کی قیمت مقرر کی تھی، اور ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر کو للکارنے میں خوف کا شکار تھے۔

  • صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو کس جانور سے تشبیہ دی؟

    صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو کس جانور سے تشبیہ دی؟

    مشی گن: امریکی صدارتی الیکشن کے لیے ریاست ٹیکساس میں ارلی ووٹنگ کا اختتام ہو گیا، صدارتی الیکشن قریب آ گئے، امریکا میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ اور بائیڈن ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے ایک کے بعد ایک ریاستوں کے دوروں پر ہیں، ایک دوسرے پر الزامات اور لفظی جنگ میں بھی تیزی آگئی ہے۔

    صدارتی الیکشن میں اب تک 9 کروڑ 5 لاکھ سے زائد ووٹ کاسٹ کیے جا چکے ہیں، ڈاک کے ذریعے پونے 6 کروڑ سے زائد ووٹ کاسٹ کیے گئے ہیں، ٹرمپ نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس سے نتائج میں تاخیر کا خدشہ ہے، ادھر کانگریس، سینیٹ اور سٹی کونسلز کے انتخابات کے لیے بھی ووٹنگ جاری ہے۔

    دریں اثنا، امریکی ریاست مشی گن میں انتخابی مہم کے دوران امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ٹرمپ کو پیوٹن کا پالتو کتا کہہ دیا ہے، بائیڈن نے کہا ٹرمپ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے پالتو کتے کی طرح کام کرتا ہے، پیوٹن نے عراق میں امریکی فوجیوں کے سر کی قیمت مقرر کی تھی، اور ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر کو للکارنے میں خوف کا شکار تھے۔

    موجودہ امریکی صدر ٹرمپ نے ریاست پنسلوانیا میں ایک ریلی سے خطاب میں کہا جوبائیڈن انتخابی جلسوں میں چیخ چیخ کر نفرت پھیلا رہا ہے، امریکی عوام کو جوبائیڈن پانچ عشروں سے تقسیم کر رہا ہے، بائیڈن کبھی بھی عوام کو متحدنہیں کر سکتا۔

    انھوں نے کہا کرونا وائرس وبا کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا بائیڈن آپ کے لوگوں، خاندانوں کو گھروں میں قید کر دے گا، بائیڈن کے دور اقتدار میں سڑکوں اور اسٹورز پر لوٹ مار ہو رہی ہوگی، بائیڈن چاہتے ہیں اسکولز ہوں نہ تہوار، ملک کا کوئی مستقبل نہ ہو۔

    واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات 2020 منگل کے دن 3 نومبر کو منعقد ہو رہے ہیں۔

  • آرمینیا کی ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی

    آرمینیا کی ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی

    باکو: آرمینیا نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذر بائیجان کے فوجیوں اور مقامی آبادی پر فائرنگ کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آرمینی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذری فوجیوں اور ترتر نامی علاقے کی رہائشی آبادیوں پر فائرنگ کی ہے۔

    آذری امور دفاع کے مطابق، آرمینی فوج نے آج صبح 8 بجے کے قریب انسانی بنیادوں پر نافذ جنگ بندی کی دوبارہ سے خلاف ورزی کرتے ہوئے لاچین قصبے کے دیہات سفیان میں موجود آذری فوجیوں پر فائرنگ کر دی۔

    بتایا گیا ہے کہ آذری فوج اپنے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی مکمل پابندی کر رہی ہے۔ نائب آذری صدر حکمت حاجی ایف نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آذر بائیجان اور آرمینیا نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیز فائر پر پھر اتفاق کر لیا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا ہے، اس معاہدے سے بہت سی جانیں بچ جائیں گی۔

    اس سے قبل روسی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 2 مرتبہ جنگ بندی ہو چکی ہے، تاہم دونوں دفعہ جنگ بندی برقرار نہ رہ سکی تھی۔

  • امریکی صدارتی انتخابات: دو کروڑ افراد ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر چکے

    امریکی صدارتی انتخابات: دو کروڑ افراد ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر چکے

    واشنگٹن: امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے اَرلی ووٹنگ کا عمل جاری ہے، اب تک دو کروڑ امریکیوں نے ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر دیا ہے، واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا صدارتی انتخابی مہم کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، گزشتہ روز صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن نے فلوریڈا میں کئی اجتماعات سے خطاب کیا۔

    کہا جاتا ہے کہ فلوریڈا امریکا کی سب سے بڑی سوئنگ اسٹیٹ ہے، اس لیے یہاں انتخابی نتائج کی پیش گوئی ممکن نہیں، یہ دیکھا گیا ہے کہ گزشتہ 6 انتخابات میں فلوریڈا سے جیتنے والا امیدوار ہی امریکی صدر بنا۔

    ادھر ریاست اوہائیو اور پنسلوانیا میں بھی ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کی ووٹنگ کے سلسلے میں کرونا وبا کی وجہ سے یہ عدالتی فیصلہ سامنے آیا تھا کہ ووٹرز کو پولنگ بوتھ آنا ضروری نہیں، ڈاک کے ذریعے بھی ووٹ کاسٹ کیے جا سکتے ہیں۔

    امریکی صدر ٹرمپ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے سخت مخالف رہے ہیں، ان کا مؤقف رہا ہے کہ ڈاک ووٹنگ سے انتخابات میں فراڈ کے خدشات ہیں۔ جولائی میں انھوں نے ٹویٹر پر کہا تھا ’ڈاک کے ذریعے ووٹنگ ناقص اور دھاندلی زدہ ہوگی، جو ہمارے لیے انتہائی شرمندگی کا باعث بنے گی۔‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ خیال رہے کہ امریکی قوانین کے مطابق صدر ٹرمپ کی مدت رواں سال مکمل ہوگی۔

  • بچے نے اسکول بس چرالی، بس کو خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    بچے نے اسکول بس چرالی، بس کو خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    لوزیانا: امریکا کی ریاست لوزیانا کے ایک شہر میں گیارہ سالہ بچے نے اسکول بس چرا لی، لیکن اس ایڈونچر کا اختتام ایک خوف ناک حادثے پر ہوا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست لوزیانا کے علاقے بیٹن روگ میں پولیس کار میں بیٹھا ایک اہل کار اس وقت ششدر رہ گیا جب اس نے ایک چلتی اسکول بس کی ڈرائیونگ سیٹ پر ایک چھوٹے سے بچے کو دیکھا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز صبح ساڑھے دس بجے کے آس پاس ایلمر اسٹریٹ میں پیش آیا تھا، گیارہ سالہ بچے نے پروگریس ہیڈ اسٹارٹ اسکول سے بس چرا لی اور اسٹارٹ کر کے سڑکوں پر بے خوفی سے دوڑانے لگا۔

    واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں بس کو تیز رفتاری سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ متعدد پولیس گاڑیاں اس کا تعاقب کر رہی ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکول بس بچے نے اس لیے آسانی سے اسٹارٹ کر دی تھی کہ یہ دھکے سے اسٹارٹ ہونے والی گاڑی تھی۔

    پولیس اہل کار نے بتایا کہ جب سڑک پر اس نے ایک بس کو عجیب طرح سے چلتے دیکھا تو اس نے اس کا پیچھا کیا، اور جب وہ قریب آیا تو یہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گیا کہ ڈرائیونگ سیٹ پر ایک بچہ بیٹھا ہوا تھا اور وہ ہنس رہا تھا۔

    بیٹن روگ پولیس اسٹیشن کے اہل کار جوئے گریڈنی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے سیل فون سے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، اسے یقین نہیں آ رہا تھا کہ ایک چھوٹا بچہ سڑک پر اس کی گاڑی کے ساتھ ساتھ اسکول بس چلا رہا ہے اور قہقہے لگا رہا ہے۔

    پولیس اہل کار کا کہنا تھا کہ بچے نے ڈرائیونگ کے مزے لینے کے لیے بس چرائی تھی لیکن بد قسمتی سے اس ایڈونچر کا اختتام ایک حادثے پر ہوا، جب بچہ بس کو ٹھیک سے نہ روک سکا اور بس زوردار دھماکے سے ایک احاطے میں درخت سے ٹکرا گئی۔

    خوش قسمتی سے حادثے میں بچے کو کوئی چوٹ نہیں آئی، تاہم پولیس اہل کار نے بچے کو فوری طور پر گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگائیں اور پولیس اسٹیشن لے گیا۔

    پولیس نے بچے پر گاڑی چوری، تیز رفتاری، املاک کو شدید نقصان پہنچانے اور حملہ آور ہونے کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔