Tag: US

  • کرونا وائرس کے شکار امریکی صدر کو ڈاکٹر نے حیران کن ’رعایت‘ دے دی

    کرونا وائرس کے شکار امریکی صدر کو ڈاکٹر نے حیران کن ’رعایت‘ دے دی

    واشنگٹن: جہاں ایک طرف کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ دوسروں سے الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے، وہاں امریکی ڈاکٹر نے کرونا وائرس کے شکار امریکی صدر کو حیران کن ’رعایت‘ دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عوامی اجتماعات میں جانے کی اجازت دے دی ہے، جب کہ وہ کرونا وائرس سے ابھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے ہیں، ٹرمپ کے ابھی قرنطینہ کے 14 دن بھی مکمل نہیں ہوئے۔

    وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کے ڈاکٹر شان کونلے کا میڈیا بیان بھی جاری کر دیا، بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کے کرونا ٹیسٹ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے، جب کہ ٹرمپ ہفتے کے روز فلوریڈا میں انتخابی ریلی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر، عوامی اجتماعات پر ایک بار پھر سے پابندیاں عائد

    واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آؤٹ متوقع ہے، اب تک 40 لاکھ ووٹ کاسٹ ہو چکے ہیں، ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کی تفصیلات یو ایس الیکشنز پراجیکٹ نے جاری کر دی ہیں، رپورٹ میں صرف 31 ریاستوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے اعداد و شمار درج کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق الیکشن کے روز پولنگ اسٹیشن جا کر ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد انتہائی کم ہوگی، اب تک 5 فی صد ڈیموکریٹس اور 2 فی صد ریپبلکنز نے حق رائے دہی استعمال کیا، واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر دھاندلی کے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

  • ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے: امریکی میگزین

    ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے: امریکی میگزین

    ورجینیا: ایک امریکی میگزین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میگزین پولیٹیکو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اپنے مقتول جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

    امریکی میگزین کا کہنا ہے کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے راہیں تلاش کر رہا ہے، امریکی سفیر کو قتل کیا گیا تو دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے.

    خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں تعینات امریکی خاتون سفیر لانا مارکس گزشتہ اکتوبر میں تعینات ہوئی ہیں۔

    اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس پہلے سے لانا مارکس کو لاحق خطرات سے آگاہ ہے، تاہم مذکورہ خطرات حالیہ ہفتوں میں زیادہ ’مخصوص‘ ہو چکے ہیں۔

    جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر لانا مارکس

    لانا مارکس کو سفیر کے عہدے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں نامزد کیا تھا تاہم گزشتہ اکتوبر میں انھوں نے حلف اٹھایا۔

    ایران : جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والا شخص اپنے انجام کو پہنچ گیا

    میگزین کے مطابق امریکی حکومتی اہل کاروں نے کہا ہے کہ لانا مارکس کو بھی انٹیلی جنس کمیونٹی پروٹوکول کے تحت خطرے سے آگاہی دی جا چکی ہے، جب کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی میں پریٹوریا، جنوبی افریقہ میں واقع ایرانی سفارت خانہ ملوث ہے، تاہم انٹیلی جنس یہ جاننے سے قاصر ہے کہ لانا مارکس ہی کیوں ہدف ہے۔

    یاد رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کے لیڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق کے شہر بغداد میں 3 جنوری 2020 کو امریکا نے ایک ڈرون حملے میں قتل کر دیا تھا۔ ایران نے امریکا سے اس قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

  • امریکی صدر کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے

    امریکی صدر کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی کا ہفتے کو انتقال ہو گیا، امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں بھائی کے انتقال کا اعلان کیا۔

    72 سالہ رابرٹ ٹرمپ نیویارک کے اسپتال میں زیر علاج تھے، ٹرمپ نے افسردہ خبر سناتے ہوئے کہا رابرٹ صرف میرا بھائی ہی نہیں میرا سب سے اچھا دوست بھی تھا، رابرٹ کی یادیں میرے دل میں ہمیشہ رہیں گی، وہ نہیں رہا لیکن ہم جلد دوبارہ ملیں گے۔

    جمعے کو وائٹ ہاؤس کے اہل کاروں نے کہا کہ رابرٹ ٹرمپ کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی ہے، جس کے بعد امریکی صدر بھائی کی عیادت کے لیے اسپتال گئے، تاہم رابرٹ ٹرمپ کی بیماری سے متعلق تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم وہ کئی دنوں سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ”میں بوجھل دل کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ میرا شان دار بھائی رابرٹ آج رات پر سکون انداز میں گزر گیا۔“

    ڈونلڈ اور رابرٹ طویل عرصے سے کاروباری شخصیات رہی ہیں، تاہم دونوں ایک دوسرے سے بالکل مختلف شخصیات ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار اپنے بھائی کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ مجھ سے بہت زیادہ پرسکون اور آسان طبیعت کا مالک ہے، اور وہ واحد بندہ ہے جسے میں نے کبھی ’ہنی‘ کہا۔

    رابرٹ ٹرمپ نے اپنے کیریئر کا آغاز وال اسٹریٹ پر کارپوریٹ فنانس میں کام کرنے سے کیا تھا، تاہم بعد میں وہ فیملی بزنس میں آ گئے اور ٹرمپ آرگنائزیشن میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار سنبھالا۔

    ٹرمپ فیملی کی خود نوشت لکھنے والی خاتون گوینڈا بلیئر کا کہنا ہے کہ جب رابرٹ ٹرمپ آرگنائزیشن میں کام کر رہے تھے تو وہ نائس ٹرمپ کے نام سے مشہور تھے، وہ 1948 میں نیو یارک سٹی میں پیدا ہوئے، اور فریڈ ٹرمپ کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے تھے۔

  • جوبائیڈن کا اپنی انتظامیہ میں مسلمانوں کو شامل کرنے کا پھر عزم

    جوبائیڈن کا اپنی انتظامیہ میں مسلمانوں کو شامل کرنے کا پھر عزم

    واشنگٹن: امریکی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ایک بار پھر اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو مسلمانوں کو اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مسلمز فار بائیڈن کے پلیٹ فارم سے ہونے والی آن لائن فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے نفرت اور نسلی امتیاز کا پرچار کیا۔

    انھوں نے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا میں امریکا کا صدر منتخب ہوا تو مسلمانون کو اپنی انتظامیہ میں شامل کروں گا۔

    جوبائیڈن کا کہنا تھا حالیہ برسوں میں مذہب کی بنیاد پر جرائم میں 15 فی صد اضافہ ہوا، امریکا میں آباد مسلمان کمیونٹی ملکی ترقی و خوش حالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    اس تقریب سے اٹارنی نعمان حسین اور محسن انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا، جوبائیڈن نے مسلمز فار بائیڈن کے پلیٹ فارم پر ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید سمیت دیگر قائدین کی خدمات کو سراہا۔

    اس سے قبل جوبائیڈن نے امریکی مسلمانوں کی تنظیم ایمگیج ایکشن کی آن لائن تقریب ‘ملین مسلم ووٹس’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ منتخب ہو کر مسلمانوں کو اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے، مسلمان صحت اور فوج سمیت ہر شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا تھا کہ اگر وہ صدر بنے تو روزمرہ کے معاملات پر امریکی مسلمانوں کی تجاویز اور خدشات کو پیش نظر رکھیں گے، بائیڈن نے کہا میں چاہتا ہوں امریکی مسلمان بھی فیصلہ سازی میں شراکت دار ہوں، منتخب ہوا تو پہلے دن مسلمانوں پر پابندیاں ختم کروں گا، صدر بننے کے بعد ہماری پہلی ترجیح ہوگی کہ مسلمانوں کی تجاویز اور خدشات کو سنا جائے جو ہماری کمیونیٹیز کے لیے اہم ہیں۔

  • امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ کا ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق کہنا ہے کہ امریکا رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایران پر لگائی گئی پابندی میں توسیع کی قرار داد پیش کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران پر اسلحے کی خرید و فروخت کےلیے عائد پابندیاں رواں برس اکتوبر میں ختم ہورہی ہیں، جس کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ممالک سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    مائیک پومپیو نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جی سی سی کا ایران کے خلاف سلامتی کونسل کو ایران پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع سے متعلق خط بھیجنا کا جرات مندانہ اعلان ہے۔


    پومپیو کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک ایران پر عائد پابندیوں کے حق میں ہے اور توسیع کی حامی ہیں لہذا سلامتی کونسل کسی ایک کے ساتھ کھڑے ہو۔

    یاد رہے کہ 2007ء کے آغاز سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے لیکن 2015ء میں جوہری معاہدے کے تحت مذکورہ پابندی رواں برس 18 اکتوبر کو ختم ہو جائے گئی۔

    تاہم امریکا اور اس کے اتحادی کوشاں ہیں کہ ایران پر عائد پابندیوں میں غیر معینہ مدت کےلیے توسیع کردی جائے گی۔

  • امریکا میں دو ہفتے میں 97 ہزار بچے کرونا وائرس کا شکار

    امریکا میں دو ہفتے میں 97 ہزار بچے کرونا وائرس کا شکار

    واشنگٹن: امریکا میں دو ہفتوں کے دوران 97 ہزار بچے کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ صحت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہفتوں کے دوران 97 ہزار بچے کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، یہ کیسز 16 جولائی سے 30 جولائی کے درمیان رپورٹ ہوئے۔

    امریکا میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، 50 لاکھ متاثرین میں سے 3 لاکھ سے زائد بچے ہیں۔

    خیال رہے کہ اب تک امریکا میں کرونا کیسز کی تعداد 51 لاکھ 50 ہزار ہو چکی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

    دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد دو کروڑ تک جا پہنچی

    ادھر کرونا وائرس نے دنیا کو تاحال بری طرح جکڑ رکھا ہے، مجموعی متاثرین کی تعداد 2 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار ہو گئی۔

    امریکا، برازیل اور بھارت سب سے زیادہ متاثرہ ممالک ہیں، بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 64 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، بھارت میں متاثرین کی تعداد 21 لاکھ 52 ہزار ہو گئی۔

    امریکا کے بعد برازیل میں بھی اموات کی تعداد 1 لاکھ سے بڑھ گئی، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 30 لاکھ 13 سے بڑھ گئی ہے۔

  • امریکا: بے روزگار افراد کو 400 ڈالر ہفتہ وار دیے جائیں گے، حکم نامے پر دستخط ہو گئے

    امریکا: بے روزگار افراد کو 400 ڈالر ہفتہ وار دیے جائیں گے، حکم نامے پر دستخط ہو گئے

    واشنگٹن: امریکا میں بے روزگار افراد کو 400 ڈالر ہفتہ وار دیے جائیں گے، اس سلسلے میں حکم نامے پر دستخط ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 مزید ایگزیکٹو حکم ناموں پر دستخط کر دیے، ان حکم ناموں میں بے روز گاری الاؤنس سمیت دیگر سہولتیں شامل ہیں۔

    حکم نامے کے مطابق بے روز گار افراد کو 400 ڈالرہفتہ وار دیے جائیں گے، الاؤنس کا 75 فی صد وفاق اور 25 فی صد ریاست ادا کرے گی۔

    خیال رہے کہ ڈیموکریٹ پارٹی سے مذاکرات ناکام ہونے پر یہ ایگزیکٹو حکم نامے جاری کیے گئے ہیں، ادھر ڈیموکریٹ پارٹی نے ایگزیکٹو حکم ناموں کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ٹرمپ نے ٹک ٹاک، وی چیٹ کے خلاف 2 حکم نامے جاری کر دیے

    قبل ازیں، ریلیف بل پر وائٹ ہاؤس اور ڈیموکریٹ پارٹی میں مذاکرات ہوئے لیکن یہ کامیاب نہ ہو سکے، جس کے بعد ٹرمپ نے حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا، ڈیموکریٹ کنٹرولڈ ہاؤس کی جانب سے 3 کھرب ڈالرز کا امدادی پیکج منظور کیا گیا تھا تاہم ری پبلکن کنٹرول سینیٹ نے 3 کھرب ڈالرز کے بل کو مسترد کر دیا تھا۔

    دوسری طرف وائٹ ہاؤس نے صرف 1 کھرب ڈالرز کا پیکج منظور کرانا چاہا، جس پر ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی نے 1 کھرب ڈالرز کم کرنے کی پیش کش بھی کی، لیکن مذاکرات پھر بھی کامیاب نہ ہو سکے۔

    نینسی پلوسی نے کہا کہ ہاؤس 2 کھرب ڈالرز سے کم کا پیکج منظور نہیں کرے گا، 1 کھرب ڈالرز ہم نے کم کیے، 1 کھرب ری پبلکن پارٹی بڑھائے، لیکن وائٹ ہاؤس نے نینسی پلوسی کی پیش کش مسترد کر دی۔

  • بینک میں ڈکیتی، امریکی نے کیا چرایا؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بینک میں ڈکیتی، امریکی نے کیا چرایا؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    آئیووا: امریکا کی ایک ریاست میں ایک شخص بینک کا شیشہ توڑ کر اندر گیا تو اس نے ایک ایسی چیز چرائی جس کے بارے میں جان کر پولیس بھی حیران ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست آئیووا کی پولیس کو سیکورٹی نیشنل بینک کی جانب سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، بتایا گیا کہ کوئی بینک کا شیشہ توڑ کر اندر آیا ہے اور ڈکیتی کی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جب اہل کار بینک پہنچے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ چور نے بینک سے ہینڈ سینی ٹائزر کے علاوہ کچھ نہیں چرایا تھا، ہینڈ سینی ٹائزر لے کر وہ دوبارہ بھاگ گیا تھا۔

    معلوم ہوا کہ 39 سالہ شخص مارک گرے نے آدھی رات کے بعد بینک کا شیشہ توڑا اور اندر داخل ہو کر اس نے صرف ہینڈ سینی ٹائزر کی بوتل چرائی، اور بھاگ گیا، تاہم پولیس نے بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ سیوکس سٹی میں پے در پے تین ڈکیتیاں کی گئی تھیں، جس کے پیش نظر گرفتار شخص مارک گرے کو پولیس حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے خلاف سینٹی ٹائزر چرانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ منگل کی صبح سب سے پہلے وہ ایک کونسلنگ سینٹر میں ڈکیتی کی شکایت پر تحقیقات کے لیے گئے لیکن پتا چلا کہ کچھ بھی نہیں چرایا گیا ہے، بعد ازاں پولیس کو ایک مقامی ریسٹورنٹ کے ٹوٹے شیشے کی شکایت پر جانا پڑا، پولیس کو اس تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ان تینوں واقعات میں مارک گرے نامی شخص ملوث ہے۔

    گرے کو تھرڈ ڈگری چوری کے تین الزامات کے تحت وُڈبری کاؤنٹی جیل بھیجا گیا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی عالم گیر وبا کے ابتدائی مہینوں میں ہینڈ سینٹی ٹائزر کی طلب بہت زیادہ بڑھ گئی تھی اور کئی ممالک میں اس کی قلت ہو گئی تھی، جب کہ سینٹی ٹائزر چوری کرنے کی وارداتیں بھی عروج پر پہنچ گئی تھیں، حتیٰ کہ اسپتالوں سے بھی ہینڈ سینی ٹائزرز چرائے گئے۔

  • ٹرمپ نے ٹک ٹاک، وی چیٹ کے خلاف 2 حکم نامے جاری کر دیے

    ٹرمپ نے ٹک ٹاک، وی چیٹ کے خلاف 2 حکم نامے جاری کر دیے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے خلاف دو ایگزیکٹو حکم نامے جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے جاری کردہ ایگزیکٹو حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ کوئی امریکی کمپنی ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو حکم نامے قومی سلامتی کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں، ٹک ٹاک، وی چیٹ اب امریکا میں ایپل اور گوگل ایپ پر دستیاب نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، آج کے حکم نامے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان موبائل ایپس کے ذریعے کارپوریٹ جاسوسی ہو رہی ہے، ٹک ٹاک سے امریکیوں کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق امریکی صدر کا بڑا اعلان

    حکم نامے کے مطابق امریکی سرکاری ملازمین اور کنٹریکٹرز کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ کے ایگزیکٹو حکم نامے پر 45 کے اندر عمل درآمد ہوگا۔

    خیال رہے کہ ہفتے کو امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں جلد ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دیں گے، اس سے قبل بھی متعدد بار ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا عندیہ دے چکی تھی۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم حالات سے متعلق دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، البتہ امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے بہت سارے متبادل ایپس تلاش کر رہے ہیں جس سے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 65 سے 80 ملین ہے۔

  • امریکی پولیس مظاہرین پر تیز آواز اور روشنی والے گرنیڈ پھینکنے لگی

    امریکی پولیس مظاہرین پر تیز آواز اور روشنی والے گرنیڈ پھینکنے لگی

    واشنگٹن: امریکا میں نسلی امتیاز کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی فوجی دستے واپس بھیجے جائیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کے پولیس اہل کار کے ہاتھوں قتل کے بعد نسلی امتیاز کے خلاف شروع ہونے والا احتجاجی سلسلہ ختم نہ ہو سکا، ریاست اوریگان کے شہر پورٹ لینڈ اور واشنگٹن اسٹیٹ کے شہر سیاٹل میں ایک بار پھر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔

    مظاہرین نے پولیس کی فنڈنگ ختم کرنے اور وفاقی فوجی دستے واپس بھیجنے کا مطالبہ کر دیا ہے، ڈیموکریٹ پارٹی کا کہنا ہے کہ فوجی دستے طاقت کا استعمال کر کے شہریوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پُر تشدد احتجاجی مظاہروں کو جرم قرار دے چکے ہیں، ٹرمپ نے پُر تشدد احتجاج کو روکنے کے لیے کئی شہروں میں وفاقی فوجی دستے بھیجے تھے، ادھر ڈیموکریٹ گورنرز اور میئرز نے بھی فوجی دستے واپس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    دوسری طرف شہر سیاٹل میں بڑے احتجاجی مظاہروں کے بعد شہری انتظامیہ نے مظاہروں کو فساد قرار دے دیا ہے، مظاہرین نے احتجاج کے لیے ایک بڑا علاقہ ایک ہفتے سے گھیرا ہوا ہے، جسے خالی کرانے کے لیے پولیس نے مظاہرین پر فلیش بینگ گرنیڈ اور مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا، فلیش بینگ گرنیڈ سے تیز آواز اور روشنی پیدا ہوتی ہے جسے مظاہرین کو منتشر کرنے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور کوئی شدید زخم نہیں لگتے۔

    سیاٹل پولیس نے کہا ہے کہ 11 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے، جن سے ہفتے کو پولیس اسٹیشن کی دیواروں کو ممکنہ دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچائے جانے کے سلسلے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔