Tag: US

  • امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے بری خبر

    امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے بری خبر

    واشنگٹن: امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے یہ بری خبر آئی ہے کہ حکومت پر بوجھ بننے والے امیگرنٹس کو گرین کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے امیگریشن پبلک چارج قانون پر عمل درآمد کی اجازت دے دی ہے، سپریم کورٹ میں اس متنازعہ قانون کو 4 کے مقابلے میں 5 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔

    نئے قانون کے مطابق حکومتی فنڈز حاصل کرنے والے امیگرنٹس آیندہ گرین کارڈ حاصل نہیں کر سکیں گے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پبلک فنڈز استعمال کرنے والے تارکین وطن امریکی شہریت کے اہل نہیں ہوں گے۔

    نئے قانون کی منظوری کے بعد اب عوامی سہولیات جیسا کہ میڈیکل ایڈ، فوڈ اسٹیمپس اور ہاؤس واؤچرز سے تھوڑے بھی مستفید ہونے والے امیگرنٹس امریکی شہریت کے اہل نہیں رہے ہیں۔ عدالت نے اس سلسلے میں ٹرمپ انتظامیہ کو اپنے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دے دی ہے۔

    نئی پالیسی کے تحت امیگریشن آفسز قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو گرین کارڈ دینے سے انکار کر سکتے ہیں اگر وہ عوامی سہولیات استعمال کر رہے ہوں گے، تارکین وطن کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ امریکا پر بوجھ نہیں بنیں گے اور عوامی سہولیات استعمال نہیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جو قانون تھا اس کے تحت غیر نقد سہولیات جن میں فوڈ اسٹیمپ اور میڈیکل ایڈ اور ہاؤس واؤچرز شامل ہیں، حاصل کرنے والے لوگوں کو پبلک چارجز تصور نہیں کیا جاتا تھا، تاہم اب انھیں پبلک چارجز تصور کیا جائے گا اور وہ گرین کارڈ سے محروم رہیں گے۔

  • ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن نے راز افشا کر دیا

    ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن نے راز افشا کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن نے مواخذے کے دوران اہم راز افشا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مواخذے کا سامنا کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا، ٹرمپ کے سابق سیکورٹی ایڈوائزر نے مواخذے سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے یوکرین کی امداد جوبائڈن کے خلاف تحقیقات سے مشروط کی تھیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سابق سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن کی گواہی صدر ٹرمپ کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے، ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے مواخذے کی کارروائی میں جان بولٹن کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جان بولٹن سے یوکرینی امداد ڈیموکریٹس کے خلاف تحقیقات سے مشروط کرنے کی کوئی بات نہیں کی، جان بولٹن اپنی کتاب بیچنے کی کوشش کر رہا ہے، میری یوکرین کے ہم منصب سے گفتگو تحریری شکل میں موجود ہے۔

    ٹرمپ امریکہ کی تاریخ کے سب سے خطرناک صدر قرار

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرینی صدر اور وزیر خارجہ کہہ چکے ہیں کہ تحقیقات کے لیے ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا، میں نے یوکرین کے لیے امداد بغیر کسی شرط کے جاری کی، یوکرین کو ٹینک شکن میزائل خریدنے کی بھی اجازت دی تھی۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں ایوان نمایندگان کی عدلیہ کمیٹی نے ٹرمپ پر 2 الزامات عائد کیے تھے، ایک یہ کہ ٹرمپ نے سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈال کر اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی کے مترادف ہے، دوسرا یہ کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ امریکی ایوان نمایندگان میں صدرٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور کی جا چکی ہے۔

  • ’’امریکی صدر نے دورہ پاکستان کی یقین دہانی کرا دی‘‘

    ’’امریکی صدر نے دورہ پاکستان کی یقین دہانی کرا دی‘‘

    ڈیووس: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، صدر ٹرمپ کے ساتھ امریکا میں ملاقات بہت مفید رہی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے اہم ایشوز اٹھائے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا ایشو بھی اٹھایا وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا، وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزی میں بہتری کا بھی کہا، وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے تجارت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا تجارتی وفد پاکستان آئے گا، وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال سے صدرٹرمپ کو آگاہ کیا۔

    امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ صدرٹرمپ نے کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، صدر ٹرمپ نے کشمیر کے مسئلے پر بات کرنے کا یقین دلایا ہے، ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کا اظہار بھی کیا، انہوں نے عمران خان پر بھی اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیرخارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا۔ ٹرمپ سے افغانستان، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی۔

  • امریکی بزدلی کا مردانگی سے جواب دیں گے: سربراہ القدس فورس

    امریکی بزدلی کا مردانگی سے جواب دیں گے: سربراہ القدس فورس

    تہران: ایرانی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی نے ایک بار پھر امریکا کو خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی کے اعزاز میں تہران میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ان کا تعارف پیش کیا گیا، اس دوران انہوں نے اہم خطاب بھی کیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسماعیل قاآنی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا نے بزدلی سے ہمارے عظیم جنرل کو قتل کیا، ہم اس کے جواب میں مردانگی کے ساتھ دشمن سے بدلہ لیں گے۔

    نئے ایرانی کمانڈر نے امریکا کے 13 مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا

    انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم کی موت کا پوری دنیا بدلہ چاہتی ہے، خدا کی مدد اور نصرت سے میں وعدہ کرتا ہوں کہ دشمن سے مردانگی کے ساتھ خون کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے بھرے مجمع میں علی الااعلان یہ بات کہی۔

    خیال رہے کہ نئے ایرانی کمانڈر اسماعیل قاآنی نے 7 جنوری کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے پاس 13 مقامات ہیں جن کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، سب سے کمزور ٹارگٹ بھی امریکا کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگا، خیال رہے کہ اسماعیل قا آنی کو قاسم سلیمانی کی موت کے بعد چار دن قبل پاسداران انقلاب اسلامی القدس بریگیڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا۔

    نئے ایرانی کمانڈر کا مذکورہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں سامنے آیا تھا۔ جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کے 52 اہم مقامات امریکی نشانے پر ہیں، اگر ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو اس کا جواب دیں گے، امریکی حملہ تیز ہوگا اور انتہائی شدت سے کیا جائے گا۔

  • وزیرخارجہ کی مائیک پومپیو سے ملاقات، امریکا ایران کشیدگی پر گفتگو

    وزیرخارجہ کی مائیک پومپیو سے ملاقات، امریکا ایران کشیدگی پر گفتگو

    واشنگٹن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی اس دوران امریکا ایران کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات ہوئی۔ شاہ محمود نے امریکی وزیرخارجہ کو دورہ ایران اور سعودی عرب سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    مائیک پومپیو نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونی والی ملاقات میں دوطرفہ امور اور خطے کی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکا طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستانی کاوشوں کا ایک بار پھر معترف ہوگیا۔

    مشرق وسطیٰ میں نئی جنگ کے اثرات دنیا پر پڑیں گے، شاہ محمود قریشی

    قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے، ایرانی صدر حسن روحانی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران کے کشیدگی میں خاتمے کے لیے مثبت اشارے ملے ہیں، ایران جوہری معاہدے کی پاسداری پر بھی تیار دکھائی دیا، امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان سے افغان امن عمل میں تعاون کی درخواست کی تھی، افغان طالبان امریکا مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیرخارجہ ان دنوں امریکی دورہ پر ہیں جہاں وہ اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ اس اہم دورہ کا مقصد کشمیر صورت حال سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال اور لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

  • ایوانکا ٹرمپ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی معترف ہوگئیں

    ایوانکا ٹرمپ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی معترف ہوگئیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ نے ورلڈ بینک کی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خیلجی ممالک کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ورلڈ بینک کی جانب سے ’’ویمن بزنس اینڈ دی لاء 2020 رپورٹ’’ شایع کی گئی تھی جس میں 190 ممالک کا جائزہ لینے کے بعد اس امر کی تصدیق کی گئی کہ اصلاحات پر عمل درآمد اور مجموعی بہتری لانے کے حوالے سے سعودی عرب سرفہرست ہے۔ جبکہ دیگر عرب اور خلیجی ممالک نے اچھے نمبر حاصل کیے۔

    عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے کل (100) میں سے 70.6 نمبر حاصل کیے، اصلاحات کے حوالے سے سعودی عرب خلیجی ممالک میں پہلے جب کہ عرب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    اس حیران کن رپورٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی پیچھے نہ رہیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرکے اسے اہم کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عرب دنیا میں خواتین کو مواقع اور ملازمت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ بڑی کامیابی خواتین سے متعلق نظام میں قانونی اصلاحات کا نتیجہ ہے، ان اصلاحات کا مقصد مملکت کی معیشت میں خواتین کے کردار کو مضبوط بنانا اور علاقائی و عالمی سطح پر مملکت کی مسابقت کو بلند کرنا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ مملکت کے ویژن 2030 پروگرام نے مذکورہ اصلاحات پر عمل درآمد میں اپنا کردار ادا کیا۔

  • امریکا میں 5 افراد پر فردِ جرم عائد ، پاکستان کا بیان سامنے آگیا

    امریکا میں 5 افراد پر فردِ جرم عائد ، پاکستان کا بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے امریکی اداروں کی جانب سے  برآمدات بھیجنےوالے5افرادپرفرد جرم عائدکرنے کے معاملے پر کہا کہ امریکا نے سرکاری سطح پرہمیں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اداروں کی پاکستان کو برآمدات بھیجنے والے 5 افراد پر فردجرم عائد کرنے کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5افرادپرفرد جرم عائدکرنےکی رپورٹس دیکھیں، پاکستانی ادارے مبینہ طور پر امریکی محکمہ تجارت کی فہرست میں شامل ہیں، امریکا نے سرکاری سطح پر ہمیں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ان کی شناخت نہیں بتائی گئی، امریکا نے ہم سے حقائق جاننےکی بھی کوشش نہیں کی، اس لئے بغیر تفصیلات معاملے پر تبصرہ کرنے سے قاصرہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی محض شک پر پاکستانی اداروں پرپابندیاں لگائی گئیں، کئی بار اشیا کی ممنوعہ فہرست میں عدم موجودگی پر بھی ایسا طرزعمل اپنایاگیا، ماضی میں سماجی واقتصادی ترقی کیلئے اشیا بھجوانے پر بھی پابندی لگائی گئی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سماجی ومعاشی ترقی کیلئے آلات، ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیرہے، یہ ممکن ہے کچھ اشیا دہرے استعمال کے زمرے میں آتی ہوں، دہرے استعمال کی اشیا پر دستاویزی ضرورتیں پوری کی جائیں گی اور ہر قسم کے غلط استعمال کی روک تھام کی یقین دہانی کرائیں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو خطے میں ٹیکنالوجیز کی فراہمی میں توازن قائم کرنا ہوگا، خطے میں ایک ملک کو حساس ٹیکنالوجیزتک رسائی، رعائتیں دی جا رہی ہیں، وہ ملک جدید فوجی ہتھیار بنا کر جنوبی ایشیا کے تذویراتی استحکام کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

  • امریکا نے ایرانی جاسوسوں کو سزا سنا دی

    امریکا نے ایرانی جاسوسوں کو سزا سنا دی

    واشنگٹن: امریکی عدالت نے جاسوسی کے الزام میں گرفتار دو ایرانی جاسوسوں کو سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی عدالت نے پہلے ان دونوں ایرانی جاسوسوں پر فردجرم عائد کیا تھا جبکہ آج ان کے خلاف قید کی سزاسنائی گئی۔ دونوں مجرم امریکی شہریوں کی معلومات اور نقل وحرکت پر نظر رکھتے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان میں سے ایک جاسوس 39 سالہ احمد رضا امریکا اور ایران کی دُہری شہریت کا حامل ہے۔ جبکہ دوسرا مجرم 60 سالہ ماج دغور بانی ایرانی شہری ہے اور وہ امریکا میں مقیم ہے تھا جس وقت اسے گرفتار کیا گیا۔

    دونوں ایرانی باشندے امریکا میں ایران کے لیے کام کرتے تھے۔ ان پر امریکا میں ایرانی نظام کے مخالف امریکی شہریوں کو ہدف بنانے کے لیے ایرانی حکومت کی معاونت کا الزام تھا۔ مجرموں نے کئی بار ایران کا دورہ بھی کیا۔

    ایران کا سی آئی اے کے 17 جاسوس پکڑنے کا دعویٰ

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی عدالت نے احمد رضا کو 38 ماہ اور غوربانی کو 30 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

    امریکی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے ملک میں شہریوں کی جاسوسی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک میں ایران نواز ملزمان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار ایرانی جاسوس امریکا میں گرفتار اور سزا بھی پاچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں ایرانی وزارت انٹیلی جنس کی جانب سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، ایرانی حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جاسوس حساس اداروں اور اہم کمپنیوں میں کام کرتے تھے۔

  • ’’عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد تعلقات میں بہتری آرہی ہے‘‘

    ’’عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد تعلقات میں بہتری آرہی ہے‘‘

    واشنگٹن: امریکی اراکین کانگریس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دورے سے پاک امریکا تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود نے امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان سفیر اسدمجیدخان اور طاہرجاوید بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کاکس کی چیئرمین شیلاجیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کاکس کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔

    دریں اثنا شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، افغانستان میں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، طالبان سے مذاکراتی عمل میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ ملاقات میں کانگریس وومن شیلا جیکسن سمیت متعدد کانگریس اراکین نے شرکت کی۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وستم جاری ہے، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، بھارت تاثر دے رہا ہے کشمیر میں حالات معمول پر آچکے ہیں، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سیکیورٹی کونسل میں اٹھایا گیا، بھارت کا شہریت بل بھارتی شہریوں نے مسترد کر دیا، بھارتی اقلیتیں اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں، بھارت پاکستان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتا، دنیا کو بتا دیا پاکستان بھارت سے مذاکرات کیلئے تیارہے، پاک بھارت کوئی تنازع ہوا تو پوری دنیا کو لپیٹ میں لے گا۔

    افغانستان میں جنگ بندی کیلئے طالبان نے پہل کردی

    دوسری جانب افغان طالبان نے امریکا کو مختصر جنگ بندی کی پیش کش کی ہے جس کا مقصد فریقین کے درمیان مذاکرات کے تحت حتمی معاہدے کی طرف بڑھنا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان جنگ بندی چاہتے ہیں تاکہ فریقین مذاکرات کی میز کے ذریعے کوئی حتمی معاہدہ طے کریں اور افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک سینئر رہنما نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ جنگ بندی 7 سے 10 دن تک کی ہوسکتی ہے۔ تاہم طالبان رہنماؤں اور امریکی انتظامیہ نے اب تک اس معاملے کی تصدیق نہیں کی۔

  • نینسی پلوسی نے ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے

    نینسی پلوسی نے ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمایندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھجوانے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایوان نمایندگان نینسی پلوسی نے صدارتی مواخذے کی قرارداد پر دستخط کر دیے، امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد کے حق میں 228 جب کہ مخالفت میں 193 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے پاس کردہ قرار داد پر دستخط کر کے اسے سینیٹ چیمبر بھجوا دیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آیندہ ہفتے متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد گزشتہ ماہ ایوان نمایندگان میں منظور کی گئی تھی، ان پر اختیارات سے تجاوز اور کانگریس کو روکنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، صدر ٹرمپ بھی جواب دہ ہیں۔

    نینسی پلوسی امریکی تاریخ کی بدترین اسپیکر ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ ایوان نمایندگان میں منظور مواخذے کی قرارداد سینیٹ بھیج دی گئی ہے، امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی منگل سے شروع ہوگی۔

    دوسری طرف امریکی صدر نے رد عمل میں اسپیکر نینسی پلوسی کو تاریخ کی بدترین اسپیکر قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹس نے ایوان میں امریکی تاریخ کا غیر شفاف ترین کام کیا ہے، مواخذے کی کوشش سے ڈیمو کریٹس کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔