Tag: US

  • امریکی فوجی اڈے پر ایک بار پھر میزائل حملے

    امریکی فوجی اڈے پر ایک بار پھر میزائل حملے

    بغداد: عراق میں امریکی ایئربیس پر ایک بار پھر حملہ ہوگیا، اڈے پر بڑی تعداد میں فوجی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں قائم امریکی فوجی ایئربیس پر میزائل داغے گئے، اڈے پر درجنوں امریکی فوجی موجود تھے۔ البتہ اموات یا زخمیوں سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

    مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تاجی نامی ایئربیس پر راکٹ داغے گئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ جبکہ امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد انتقامی کارروائی کے طور عراق میں امریکی فوجی اڈے نشانے پر ہیں۔

    عراق کے شہر بغداد میں مزید 2 راکٹ حملے

    واضح رہے کہ 9 جنوری کی رات کو عراق میں دو راکٹ حملے ہوئے تھے، عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ راکٹ بغداد کے گرین زون میں گرے۔

    قبل ازیں ایران نے امریکی فوجی عین الاسد اور دیگر پر راکٹوں کی بارش کر دی تھی، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے، تاہم گزشتہ روز امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان حملوں میں امریکی بیس کو نقصان پہنچا لیکن کوئی امریکی ہلاک نہیں ہوا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب گزشتہ جمعے کو امریکا نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو راکٹ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔

  • امریکا ایران کشیدگی، سعودی عرب کا اہم بیان سامنے آگیا

    امریکا ایران کشیدگی، سعودی عرب کا اہم بیان سامنے آگیا

    ریاض: مشرقی وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ عراق کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اپنے برادر ملک عراق کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہر صورت میں عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور مختلف چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی کابینہ نے مکمل طور پر عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کی مضبوطی کا ایک بار پھر اظہار کردیا۔ کابینہ نے ایران کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں سے باز رہے۔

    سعودی کابینہ اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں کی۔ اجلاس میں حالیہ کشیدگی سمیت ایران کی متنازع سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    کابینہ کے اجلاس میں مختلف اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

    مسافر طیارے کی تباہی پر ایرانی افواج نے غلطی تسلیم کی، صدر حسن روحانی

    سعودی کابینہ نے اللہ کے گھروں کی حرمت پامال کرنے، خونریزی اور امن پسند وں کو خوفزدہ کرنے کو سختی کے ساتھ ایک بار پھر مسترد کردیا۔ جبکہ سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر دلی ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ امریکا ایران کشیدگی کے دوران یوکرینی طیارہ حادثے کے بعد مشرقی وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ایرانی افواج کی اندرونی تحقیقات سے یہ نتیجہ نکلا ہے کہ انسانی غلطی کی وجہ سے غیر ارادی طور پر یوکرین کے مسافر طیارہ پر میزائل داغے گئے جس کی وجہ سے اسے خوفناک حادثہ پیش آیا اور 176 معصوم لوگ ہلاک ہوئے۔

  • امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا معاملہ، سعودی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا معاملہ، سعودی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    واشنگٹن: سعودی ایئرفورس افسر کے ہاتھوں 3 امریکی فوجیوں کے قتل کے بعد حکام نے سعودی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے درجنوں فوجی اہلکار امریکا میں تربیتی مشن پر تھے۔ تربیت کے دوران اہلکار محمد الشرمانی نے تین امریکی فوجیوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ 8 زخمی بھی ہوئے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ ماہ ’’نیول ایئراسٹیشن فلوریڈا‘‘ میں پیش آیا جہاں درجنوں سعودی فوجی تربیتی مشن پر تھے۔ اس واقعے کے بعد امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے سعودی عرب کی فضائیہ کے افسران کے تربیتی پروگرام پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں ملک سے نکال دینے کا فیصلہ کیا۔

    الشرمانی نے فائرنگ سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’امریکا شیطانوں کی قوم‘‘ ہے۔ فلوریڈا کے ایک سینیٹر رک اسکاٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئے اور ایسے اہلکاروں کو امریکا میں تربیت نہیں دینے چاہیئے جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہوں۔

    مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی اہلکاروں کی طرف سے مسلسل مذاق کا نشانہ بنانے پر یہ قدم اٹھایا تھا، سعودی عرب کا 21برس کا افسر سیکنڈ لیفٹیننٹ ہے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سعودی اہلکار انتہاپسندانہ خیالات کا مالک ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ تربیتی سیشن میں 5 ہزار کے قریب غیرملکی فوجی اہلکار شامل تھے جن میں سے 850 کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔

  • ٹرمپ نے سعودی عرب سے مزید رقم کا مطالبہ کردیا

    ٹرمپ نے سعودی عرب سے مزید رقم کا مطالبہ کردیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب میں ملکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا ایران حالیہ کشیدگی کے بعد سعودی عرب پر مبینہ حملوں کا خطرہ بڑھ چکا ہے، جس کے باعث ریاض حکومت ملک میں مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی چاہتی ہے۔

    صدر ٹرمپ کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر رقم مل گئ ہے، ہم نے سعودی عرب کو کہا کہ اور فوجی چاہئیں تو مزید رقم دیں، ہمارے ریاض حکومت سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

    خیال رہے کہ یمنی سرزمین سے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ گزشتہ سال باغیوں نے سعودی تنصیبات پر کئی میزائل داغے جبکہ شہری علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    مذکوہ حملوں کے تناظر میں سعودی عرب پر سیکیوٹی خطرات منڈلارہے ہیں۔ امریکا ایران حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں بھی سعودی عرب پر حملے کے خدشات ہیں۔ جس کا اظہار انتظامیہ کرچکی ہے۔

  • ایلس ویلز 13 جنوری سے پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی

    ایلس ویلز 13 جنوری سے پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 13 جنوری سے جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی، پاکستان بھی آئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایلس ویلز 13 جنوری سے جنوبی ایشیا کے دورے پر نکلیں گی، اور سب سے پہلے کولمبو کا دورہ کریں گی، سری لنکا کے بعد ایلس ویلز بھارت کا 4 روزہ دورہ کریں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایلس ویلز 19 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، دورے کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی، سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں خطے کی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔

    امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا: ایلس ویلز کی اے آر وائی نیوز سے گفتگو

    ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ نومبر میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ایلس ویلز نے کہا تھا کہ امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا، بھارت سے گرفتار کشمیریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کو اعتماد سازی کی فضا بحال کرنا ہوگی۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے، امید ہے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آئے گا، پاکستان اور امریکا نے مل کر افغانستان کے سیاسی حل کی کوشش کی، امید ہے پاکستان یہ تعاون جاری رکھے گا۔

  • خلائی فورس کی بنیاد ڈال دی، دفاع کے لیے سب کچھ کریں گے: ٹرمپ

    خلائی فورس کی بنیاد ڈال دی، دفاع کے لیے سب کچھ کریں گے: ٹرمپ

    اوہائیو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی خلائی فورس کی بنیاد ڈال دی گئی ہے، امریکیوں کی زندگیوں کے دفاع کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ ریاست اوہائیو کے شہر ٹلیڈو میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، امریکی صدر نے کہا ہماری فوج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، خلائی فورس کی بنیاد ڈال دی، ہمارے پاس نئے لڑاکا طیارے، میزائل اور سبب کچھ ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پچھلے سال اکتوبر میں امریکی فوج نے البغدادی کو ٹھکانے لگایا، 3 سال میں داعش کے ہزاروں جنگجوؤں کو ہلاک اور ہزاروں کو قید کیا، ہم نے داعش کو تھوڑے ہی عرصے میں ختم کر کے دکھایا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ قاسم سلیمانی نے مشرق وسطیٰ میں تباہی و بربادی پھیلائی، قاسم سلیمانی نے حال ہی میں امریکی فوجیوں پر بھی راکٹ حملہ کرایا، وہ مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، میرے احکامات پر امریکی فوج نے قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا۔

    ان کا کہنا تھا قاسم سلیمانی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد تھا، وہ امریکی سفارت خانے کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا، مزید کئی حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔

    یاد رہے کہ عراق کے شہر بغداد میں ایئرپورٹ کے قریب 3 جنوری بہ روز جمعہ، امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا گیا تھا، ایرانی ملیشیا کے دیگر اہم افراد بھی اس حملے میں ہلاک ہوئے۔ واقعے کے بعد ایران کی جانب سے سخت رد عمل آیا، اور بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر درجنوں میزائل داغے گئے، جس میں 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔

  • یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    تہران: یوکرینی طیاہ حادثے سے متعلق امریکی جریدے کی رپورٹ ایران نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے نیوزویک نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایران کے میزائل حملے کے نتیجے میں گرا جس کے ردعمل میں تہران حکومت نے دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے نیوزویک کے دعوے کی تردید کردی۔ ایرانی سول ایوایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میزائل کا طیارے سے ٹکرانا ناممکن ہے، امریکی جریدہ افواہوں سے کام لے رہا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی جریدے نیوزویک کا کہنا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، یوکرینی طیارے کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

    ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    نیوزویک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون وعراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو روسی ساختہ ٹی اوآرایم ون میزائل سے نشانہ بنایا گیا، پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا۔

    جریدے کے مطابق طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، سیٹ لائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔

  • ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    واشنگٹن: امریکی جریدے نے یوکرینی طیارہ ایران کے ہاتھوں تباہ ہونے کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے نیوزویک کا کہنا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، یوکرینی طیارے کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

    نیوزویک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون وعراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو روسی ساختہ ٹی اوآرایم ون میزائل سے نشانہ بنایا گیا، پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا۔

    ایران میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 179 مسافر ہلاک

    جریدے کے مطابق طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، سیٹ لائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں یوکرین کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا، جس میں 179 مسافر مارے گئے تھے۔ اس حادثے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جارہا ہے۔

  • ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے آج رائے شماری ہوگی

    ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے آج رائے شماری ہوگی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جنگ سے روکنے کے لیے آج ایوان نمایندگان میں رائے شماری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ سے روکنے کے لیے رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا تھا، آج ایوان نمایندہ گان میں ٹرمپ کو روکنے کے لیے رائے شماری ہوگی۔

    نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کے علم میں لائے بغیر ایرانی جنرل پر حملہ کیا تھا، اس حملے کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ ہمارے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    میزائل استعمال نہیں کرنا چاہتے، ایران جوہری منصوبے سے دستبردار ہوجائے، ٹرمپ

    گزشتہ روز نینسی پلوسی نے ٹرمپ کی جنگ پر مبنی پالیسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی غیر ضروری اشتعال انگیزی کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا، ہمیں امریکی اہل کاروں کی حفاظت کرنی ہے، اسپیکر کا کہنا تھا کہ عراق میں امریکی فوجیوں کو ہدف بنا کر بم باری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، ایسے میں اپنے اہل کاروں کا تحفظ ضروری ہے۔

    انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ بے مقصد اشتعال انگیزی کر رہی ہے، جسے روکنا ضروری ہے۔ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کو جوہری منصوبے سے دست بردار ہونا پڑے گا، میں جب تک امریکا کا صدر ہوں ایران ایٹمی طاقت نہیں بن سکتا۔

  • افغان مفاہمتی عمل، امریکی نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان کا امکان

    افغان مفاہمتی عمل، امریکی نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان کا امکان

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے دوران نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔ دورے میں افغان مفاہمتی عمل سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمےخلیل زاد کا جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد آنے کا امکان ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دورے میں زلمے خلیل زاد کی پاکستان کے اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں ممکن ہیں۔ دریں اثنا اہم موضوعات زیربحث آئیں گے۔

    زلمے خلیل زاد افغان مفاہمتی عمل پر پاکستانی قیادت سے مشاورت کریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا، جس کا مقصد خطے میں امن وسلامتی کو فروغ دینا ہے۔ اسی نتاظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کے معترف رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث مشرقی وسطیٰ میں سنگین صورت حال ہے۔ ایران نے عراق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے جو ایرانی جنرل کی ہلاکت پر انتقامی کارروائی تھی۔