Tag: US

  • امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران حادثہ، 3 فوجی ہلاک، 3 زخمی

    امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران حادثہ، 3 فوجی ہلاک، 3 زخمی

    جارجیا: امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں 3 فوجی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں واقع فوجی علاقے فورٹ اسٹیورٹ کی تربیت گاہ میں اہلکاروں کو فوجی مشقوں کے تحت ضروری تربیت دی جارہی تھی کہ اس دوران جنگی ٹینک حادثے سے دوچار ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے حادثے سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی میڈیا کو حادثے کی نوعیت، متاثرین کی شناخت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جاسکے گا۔

    زخمیوں کو ونارمی کمیونیٹی کے اسپتال میں علاج فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں، جلد حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔

    چھوٹے طیارے کی سڑک پر کریش لینڈنگ، تین افراد ہلاک

    امریکی فوج کے تھرڈ انفینٹری ڈویڑن کے کمانڈر میجر جنرل ٹونی اگوٹو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکار ’فرسٹ آمورڈ بریگیڈ‘ کی جنگی ٹیم سے تعلق رکھتے تھے اور حادثے کے وقت بریڈلی فائٹنگ وہیکل میں موجود تھے۔

  • یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    برسلز: افغانستان میں قیام امن کے لیے یورپی یونین نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے تھے کہ اچانک صدر ٹرمپ نے بات چیت منسوخ کردی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    موجودہ سنگین صورت حال کے باعث یورپین یونین نے زور دیا ہے کہ فریقین ایک بار پھر مذاکرات کی راہ اپنائیں، اور نئے سرے سے بات چیت کا آغاز کریں۔

    یورپی یونین کے سفیر رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا کہ مذاکرات تو ناکام ہوگئے لیکن اب جنگ بندی پر غور کرنا چاہیے تاکہ دوبارہ بات چیت کے لیے راہیں ہموار ہوسکیں۔

    رولینڈ کوبیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان سے بات چیت کے لیے اہم کردار ادا کریں۔

    ادھر امريکی وزير دفاع مارک ايسپر افغانستان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا مقصد خطے میں قیام امن کے لیے معاہدہ طے کرنا ہے۔

    کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکا نے طالبان سے مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں سے ہونے والی خفیہ ملاقات طے شدہ تھی، میٹنگ بلانے کا آئیڈیا بھی میرا تھا اور اس کو منسوخ کرنے کا بھی، یہاں تک میں نے کسی اور سے اس پر تبادلہ خیال نہیں کیا تھا۔

    بات چیت کے خاتمے کے بعد طالبان نے اپنے حملوں میں اضافہ کردیا، امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ بھی ایک ایسے وقت میں ہواجب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت مکمل طور پر ختم ہوگئی۔

  • میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکوسٹی: میکسیکو میں منشیات فروشی کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے سرغنہ کا بیٹا بھی گرفتار کرلیا جس کے باعث علاقے میں کشیدگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں منشیات فروشوں کے گروہ کے سربراہ جوکوئین ال چیپو کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرغنہ کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ہے، فائرنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی سیکورٹی فورسز نے ال چیپو کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے، اوویدیو گزمن کی گرفتاری کے بعد منشیات فروشوں اور سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق شرپسندوں نے بسوں اور ٹرکوں کو بھی آگ لگا دی جسے فائر بریگیڈ نے بعد ازاں بجھا دیا، تاہم پولیس کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہے۔

    میکسیکو میں پولیس اور منشیات فروشوں میں جھڑپ، 43 ہلاک

    ال چیپو کو عمر قید سنائی گئی ہے جس کے بعد اس کا بیس سالہ بیٹا، باپ کی جگہ سنبھال رہا تھا، مقامی میڈیا کے مطابق اوویدیو منشیات سے متعلق مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    یاد رہے کہ مئی 2015 میں میکسیکومیں پولیس اور منشیات فروش گروپ کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت تینتالیس افراد مارے گئے تھے۔

  • ترک فوجی آپریشن سے یورپ میں سیکیورٹی چیلنجز پیدا ہوں گے: جرمن چانسلر

    ترک فوجی آپریشن سے یورپ میں سیکیورٹی چیلنجز پیدا ہوں گے: جرمن چانسلر

    برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے حکم پر شام میں جاری فوجی آپریشن کو ایک بار پھر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ شام میں ترک فوجی آپریشن کے باعث یورپ میں بھی سیکیورٹی چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ترک صدر سے مطالبہ کیا کہ شمالی شام میں جاری فوجی آپریشن فوری طور پر بند کریں، بصورت دیگر سنگین مسائل جنم لیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شام میں ترک عسکری کارروائی کی وجہ سے جنگ سے تباہ حال اس ملک میں لوگوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، جو مشرقی وسطیٰ کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں ہے۔

    جرمن چانسلر نے اس بات کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن سے متعلق ترکی نے بہت مدد فراہم کی ہے، ایک اندازے کے مطابق انقرہ حکومت نے 3.6 ملین شامی مہاجرین کو پناہ دی۔

    خیال رہے کہ شمالی شام میں جنگ بندی کے لیے ترکی کے ساتھ امریکی معاہدے کے بعد ترکی نے شام میں 120 گھنٹے کے لیے جنگ بند کر دی ہے۔

    امریکا کے ساتھ معاہدہ: ترکی نے شام میں 120 گھنٹے کے لیے جنگ بند کر دی

    گزشتہ روز امریکی نائب صدر مائیک پنس کا کہنا تھا کہ امریکا اور ترکی کے درمیان شمالی شام میں عارضی جنگ بندی کا معاہد ہوا ہے، معاہدے کے تحت ترکی وائے پی جی کو انخلا کی اجازت دے گا، ترکی پر مزید پابندیاں عائد نہیں کریں گے، مستقل جنگ بندی پر حالیہ پابندیاں بھی اٹھالی جائیں گی۔

  • ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    ایران عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے: امریکا

    واشنگٹن: ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہک کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل ایران پر اسلحے کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد کرے، تہران حکومت عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برائن ہک نے عالمی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پرقابو پایا جاسکے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران سعودی عرب کی آرامکو کمپنی کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہے، ایران کا مقصد تیل پر حملہ کرکے عالمی معیشت میں بحران پیدا کرنا ہے۔

    امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایران مذاکرات کی میز پر آجائے، تہران حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اسے بات چیت کی میز پر آنے کے لیے مجبور کردیا جائے گا۔

    برائن ہک نے وضاحت کی کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، امریکا ایران کے ساتھ براہ راست فوجی محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔

    امریکی صدر ایران پر آخری درجے کا دباؤ ڈالنے کے لیے تیار

    ایران کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کے حامی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے تہران حکومت بھی بات چیت کے لیے راضی ہے لیکن ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ پابندیاں ختم کیے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

  • ترک صدر کے نام ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط جعلی ہے یا اصلی؟

    ترک صدر کے نام ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط جعلی ہے یا اصلی؟

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کے نام دھمکی آمیز خط کے جعلی یا اصلی ہونے کی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بحث چھڑ چکی ہے جس میں ٹرمپ اردوان کو ایک خطے کے ذریعے دھمکی دے رہے ہیں۔

    غیر ملکیی خبر رساں ادارے کے مطابق خط کو غیرسفارتی مندرجات پر جعلی سمجھا گیا، جبکہ امریکی ٹی وی کی اینکر نے ٹرمپ کا خط ٹوئٹ کردیا۔

    امریکی صحافی پیٹر الیگزینڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ خط اصلی ہے اور وائٹ ہاؤس نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔

    مذکورہ خط کے متن میں ترک صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے میں نے محنت کی، آپ دنیا کو مایوس نہ کریں، آپ ڈیل کرسکتے ہیں، اردوان بیوقوفی نہ کریں۔

    ٹرمپ کا شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا فیصلہ مسترد

    خط میں امریکی صدر کی جانب سے ترکی کو ڈیل کی بھی پیشکش کی گئی، ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ترکی ہزاروں افراد کے قتل عام کا ذمے دار نہ بنے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی بھی دھمکی دی، ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے انسانیت کے لیے کام کیا تو تاریخ آپ کو اچھے انداز میں یاد رکھے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کرد ترکی سے مذاکرات کرنے اور لچک دکھانے کو تیار ہیں، ترک صدر شام کے مسئلے پر سخت مؤقف اختیار نہ کریں۔

  • ٹرمپ کا شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا فیصلہ مسترد

    ٹرمپ کا شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا فیصلہ مسترد

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا ٹرمپ کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں جاری ترک فوجی آپریشن کے تناظر میں اپنی فوج بلانے کا اعلان کیا تھا جسے ایوان نمائندگان نے مسترد کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔ نمائندگان کا کہنا ہے کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی سے داعش دوباہ مستحکم ہوجائے گی۔

    قرارداد کےحق میں 354 جبکہ مخالفت میں60ووٹ پڑے، 129ری پبلکن اراکین نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے، قرارداد میں ترکی سے شام میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا شام سے ملکی فوج بلانے کا فیصلہ غلط ہوگا، ترک فوج کی کردوں کے خلاف کارروائی کی بھی مذمت کی گئی۔

    ترک صدر نے شام میں آپریشن روکنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا

    سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا فیصلہ داعش کو دوبارہ ابھرنے کا موقع فراہم کرے گا، صدر نے فوجی مشیروں کی وارننگ کو نظر انداز کیا، امید ہے صدر ٹرمپ فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔

    خیال رہے کہ ترک فوج شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کررہی ہے جس پر عالمی رہنماؤں کو شدید تشویش ہے، دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا حکم نامہ جاری کیا جس میں ترک وزیردفاع، وزیرداخلہ اور وزیرتوانائی پر پابندی عائد کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔

  • غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش، برطانوی خاندان گرفتار

    غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش، برطانوی خاندان گرفتار

    نیویارک: غیر قانونی طور سرحد عبور کرکے امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے برطانوی خاندان کے سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وینکور کے نزدیک امریکا اور کنیڈا کی سرحد پر برطانوی شہری ڈیوڈ کونرز اس کی اہلیہ ایلین، تین ماہ کے بیٹے، ڈیوڈ کے بھائی مائیکل کونرز اس کی اہلیہ گریس اور جڑواں بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی خاندان کے مطابق وہ تعطیلات کے دوران سرحد پرگئے، جہاں ان کی گاڑی سڑک کے کنارے ایک جانور کو بچانے کی کوشش میں حادثاتی طور امریکی حدود میں داخل ہوگئی۔

    امریکی بارڈر اور کسٹمز پروٹیکشن فورس نے 7 برطانوی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی اور ویڈیو کمیرہ کی فوٹیج میں بتایا ہے کہ ڈرائیور نے دانستہ طور پر گاڑی امریکی سرحد میں داخل کی۔

    تارکینِ وطن تیار رہیں ،ان کے خلاف جلد چھاپے مارے جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر غیرقانوی طور پر امریکا داخل ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال جولائی میں کہا تھا کہ ملک میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں اور ان کی ملک بدریوں کا سلسلہ جلد ہی شروع ہو جائے گا۔

    واضح رہے کہ چار اپریل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا عزم کیا تھا کہ ملک کے جنوب میں واقع میکسکو کی سرحد کی حفاظت کے لیے وہ امریکی فوج تعینات کریں گے۔

  • تمام ڈیموکریٹ امیدواروں کا صدرٹرمپ کے فوری مواخذے کی حمایت کا اعلان

    تمام ڈیموکریٹ امیدواروں کا صدرٹرمپ کے فوری مواخذے کی حمایت کا اعلان

    واشنگٹن: امریکا میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند امیدواروں کا چوتھا مباحثہ ہوا، تمام ڈیموکریٹ امیدواروں نے صدرٹرمپ کے فوری مواخذے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند تمام امیدوار صدر ٹرمپ کا فوری مواخذہ چاہتے ہیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مباحثے میں ایلزبتھ وارن، برنی سینڈرز اور جوبائیڈن مضبوط دلائل کے باعث توجہ کا مرکز بنے رہے۔

    چوتھے مباحثے میں تمام ڈیموکریٹ امیدواروں کا صدر ٹرمپ کے فوری مواخذے کی حمایت کا اعلان کیا، اوہائیو کی اوٹربائن یونیورسٹی میں منعقدہ مباحثے میں 12 امیدوار شریک ہوئے۔

    سینیٹرایلزبتھ وارن نے مباحثے میں ٹرمپ کے مواخذے کی فوری ضرورت پر زور دیا، جو بائیڈن نے مباحثے میں صدر ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا کرپٹ ترین شخص قرار دیا۔

    بیماری کے باعث انتخابی مہم عارضی معطل کرنے والے برنی سینڈرز بھی مباحثے میں شریک ہوئے، سینیٹر کمیلا ہیرس نے شام میں حالیہ بحران کا ذمہ داربھی ٹرمپ کو قرار دیا۔

    ممکنہ مواخذے پر صدر ٹرمپ سیخ پا

    پانچواں مباحثہ 20 نومبر کو کیا جائے گا، بعد ازاں نامزدگی کا اعلان 3 فروری کو پارٹی کاکس میں کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ مواخذے پر شدید غصّے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا مواخذہ فوجی کو سب سے زیادہ مضبوط بنانےاور ٹیکس میں نمایاں کمی کرنے کےلیے ہے؟

    امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدرٹرمپ کے مواخذےکی کارروائی کااعلان کیا تھا، جس کے بعد وائٹ ہاوس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار کردیا تھا۔

  • ایوانکا ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر ہزیمت کا سامنا، صارفین کی شدید تنقید

    ایوانکا ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر ہزیمت کا سامنا، صارفین کی شدید تنقید

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر اس وقت ہزیمت اور شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک اسٹوری پوسٹ کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوانکا ٹرمپ افریقی ملک اتھوپیا کے وزیراعظم آبے احمد کو نوبل انعال جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر املا کی غلطی کر بیٹھیں، جس پر انہیں صارفین نے آڑے ہاتھوں لیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر آبے احمد کو مبارکباد دینے کے لیے ایوانکا نے اسٹوری لگائی، جہاں انہوں نے ’’Nobel‘‘ کی جگہ ’’Noble‘‘ لکھ دیا جس پر انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایک صارف نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت ایوانکا ٹرمپ کو بھی احمق قرار دیا۔

    ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’ایوانکا ٹرمپ نے ایسے شخص کو نوبل انعام جیتنے پر مبارک باد دی جو انہیں انسٹاگرام پر فولو ہی نہیں کرتا‘۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایوانکا ٹرمپ متعدد بار سوشل میڈیا پر املا کی غلطیاں کرچکی ہیں۔ علاوہ ازیں انہیں متازع لباس زیب تن کرنے پر بھی تنقید کا سامنا رہا ہے۔

    امن کا نوبل انعام ایتھوپیا کے وزیراعظم کے نام

    واضح رہے کہ حال ہی میں افریقی ملک ایتھوپیا کے وزیراعظم آبے احمد کو دوملکوں کے درمیان دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر نوبل انعام کاحقدار قرار دیا گیا ہے۔