Tag: US

  • امریکا میں فائرنگ، دو افراد ہلاک، ایک پولیس اہلکار زخمی

    امریکا میں فائرنگ، دو افراد ہلاک، ایک پولیس اہلکار زخمی

    واشنگٹن: امریکی ریاست مسیسیپی کے وال مارٹ میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مسیسیپی کے وال مارٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے مشتبہ شخص پر خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے جیسے ہی طبیعت بہتر ہوئی تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

    یہ واقعہ مسیسیپی کے شہر ساوتھ ہیون میں پیش آیا، فائرنگ کی کوئی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، البتہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد اسی وال مارٹ کے ملازم تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص بھی وہیں ملازم تھا۔ فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    امریکا میں فائرنگ کے مختلف واقعات، 16 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں امریکا میں چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے اکسٹھ واقعات ریکارڈ ہوئے تھے۔

  • امریکا کی آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے جرمنی سے باضابطہ مدد کی درخواست

    امریکا کی آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے جرمنی سے باضابطہ مدد کی درخواست

    برلن : جرمنی میں واقع امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطہ خلیج میں بالخصوص ایران کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی مدد کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے باضابطہ طور پرجرمنی سے کہا ہے کہ وہ خلیج میں اہم آبی گذرگاہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے فرانس اور جرمنی کی معاونت کرے۔

    برلن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جرمنی سے یہ درخواست کی گئی اور اس میں کہا گیا ہے کہ خطہ خلیج میں بالخصوص ایران کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی مدد کی ضرورت ہے۔

    سفارت خانے کی خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے جرمنی سے باضابطہ طور پر آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے فرانس اور برطانیہ کی (علاقے میں موجود فورسز کی) مدد کے لیے کہہ دیا ہے۔

    جرمن حکومت کے ارکان اس حوالے سے بالکل واضح ہیں کہ بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کا تحفظ کیا جانا چاہیے لیکن ہمارا سوال یہ ہے کہ یہ تحفظ کس نے کرنا ہے؟

    واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران خلیجی پانیوں میں ایران، عرب ممالک، برطانیہ اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب برطانیہ نے ایران کے تیل بردار جہاز پر جبل الطارق میں قبضہ کرلیاتھا جس کے جواب ایران نے بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے برطانوی تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا تھا۔

  • شدت پسندوں کی بہ نسبت افغانستان میں اتحادی افواج نے زیادہ شہری مارے: اقوام متحدہ

    شدت پسندوں کی بہ نسبت افغانستان میں اتحادی افواج نے زیادہ شہری مارے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے افغانستان میں شدت پسندوں کی بہ نسبت اتحادی افواج نے زیادہ عام شہری مارے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک افغانستان میں اتحادی افواج نے شدت پسندوں سے زیادہ عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کو حیران کن قرار دیا گیا ہے جس میں سینکڑوں شہریوں کی ریاست کے ہاتھوں ہلاکتوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس (2019) کی پہلی ششماہی میں نیٹو اور افغان فورسز نے اپنی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 717 عام شہریوں کو ہلاک کیا، بالکل اسی عرصے کے دوران طالبان اور داعش کے ہاتھوں 531 شہری مارے گئے۔

    ہلاک ہونے والوں میں افغان بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے معاملے کا حل نکالیں۔

    ایران نے امریکا کو افغانستان میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دے دیا

    خیال رہے کہ افغانستان میں ریاستی فورسز اور امریکی فضائی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ برس 3804 عام شہری مارے گئے تھے، جن میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 927 تھی۔

    دوسری جانب افغانستان میں سالوں سے جاری خانہ جنگی اور شدت پسندی کی وجہ ایران نے امریکا کو قرار دیا ہے۔

  • ایران نے امریکا کو افغانستان میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دے دیا

    ایران نے امریکا کو افغانستان میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دے دیا

    تہران: افغانستان میں سالوں سے جاری خانہ جنگی اور شدت پسندی کی وجہ ایران نے امریکا کو قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عالمی امور کے نمائندے حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ افغانستان میں نا امنی اور عدم استحکام کی وجہ امریکا کی غلط پالیسیاں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا ہمسایہ ممالک کے تعاون کے بغیر افغانستان کے بحران کو حل نہیں کر سکتا، اس میں قیام امن کے لیے امریکا کی پالیسیاں ختم کرنی ہوں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عالمی امور کے نمائندے حسین امیرعبداللہیان نے تہران میں افغانستان کے امور کے لئے اقوام متحدہ کی نمائندہ اینگرڈ ہیڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے اور تہران کابل کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔

    ٹرمپ افغانستان سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کریں: کابل کا مطالبہ

    حسین امیرعبداللییان نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکا ایران کو افغانستان کی حکومت اور عوام سے جدا نہیں کر سکتا کہا کہ ایرانی عوام گزشتہ 40 سال سے افغانستان کے عوام کے ساتھ ہے اور ایران میں افغان مہاجرین کو کام کاج اور تعلیم کے مواقع حاصل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا علاقے میں ایران کے تعمیری کردار سے چشم پوشی نہیں کر سکتا اور عراق اور شام علاقے میں ایران کے مثبت کردار کی مثالیں ہیں۔ اس ملاقات میں افغانستان کے امور کے لئے اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی نے افغانستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ایران کے مثبت کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ بھی افغانستان میں امن و آشتی کیلئے سب سے تعاون چاہتا ہے۔

  • چین امریکا تجارتی جنگ، فریقین کے درمیان مذاکرات کل ہوں گے

    چین امریکا تجارتی جنگ، فریقین کے درمیان مذاکرات کل ہوں گے

    شنگھائی: چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر مذاکراتی دور کا آغاز کل سے ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کل سے شروع ہونے والے مذاکراتی دور کی میزبانی چینی دارالحکومت بیجنگ کے بجائے بندرگاہی شہر شنگھائی کو دی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین اور امریکا کے تجارتی نمائندے اگلے ہفتے کے دوران منگل اور بدھ کے ایام پر اختلافات کے شکار تجارتی معاملات پر مذاکرات شروع کریں گے۔

    اِس مرتبہ مذاکرات کی میزبانی چینی دارالحکومت بیجنگ کے بجائے بندرگاہی شہر شنگھائی کو دی گئی ہے۔ اب تک ہونے والے تجارتی مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔

    دونوں فریق پیچیدہ معاملات پر بریک تھرو کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ تجارتی تنازعات کی وجہ سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر ساڑھے تین سو بلین ڈالر سے زائد کے اضافی محصولات کا نفاذ کر چکے ہیں۔

    جاپان میں منعقد ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ میں چینی و امریکی صدور نے تنازعاتی معاملات میں مزید شدت پیدا نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    حال ہی میں چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعے کے خاتمے کے لیے فریقین نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اس دوران معاملے کے حل پر گفتگو ہوئی تھی۔

    تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر چینی اور امریکی حکام کا رابطہ

    واضح رہے کہ امریکا اور چین کے صدور کے درمیان ملاقات جاپان میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔ ملاقات میں امریکا و چین کے صدور نے مذاکرات کے آغاز پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا، جبکہ امریکی صدر نے چین پر عائد 300 بلین ڈالرز کے نئے ٹیرف کے نفاذ کی معطلی کا اعلان بھی کیا تھا۔

  • ایران نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے طاقتور ممالک سے رابطے تیز کردیے

    ایران نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے طاقتور ممالک سے رابطے تیز کردیے

    تہران: ایرانی حکام نے حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے چین اور روس سمیت دیگر طاقتور ممالک سے رابطے تیز کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی اور برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے اعلیٰ حکومتی اہلکار عالمی طاقتوں سے رابطہ کررہے ہیں جس کا مقصد تنازعے کا خاتمہ ہے۔

    دوسری جانب اوسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے اجلاس میں بھی ایرانی وفد نے شرکت کی، اس موقع پر چین، برطانیہ، روس اور فرانسیسی حکومتی نمائندے شریک تھے۔

    اجلاس میں ایران اور برطانیہ کی جانب سے ایک دوسرے کے بحری جہازوں پر قبضے سے متعلق گفتگو ہوئی، ایران نے برطانوی اقدامات کو اشتعال انگریزی قرار دیا جبکہ لندن حکام نے بھی تہران حکومت کے اقدامات کو جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کہا۔

    حالیہ تناؤ کے بعد عالمی سیاست میں بھی حل چل مچ چکی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے اگر انہیں مذاکرات کے لیے تہران جانا پڑا تو جائیں گے۔

    ایران سے کشیدگی میں کمی کے لیے تہران جانا پڑا توجاﺅں گا، امریکی وزیرخارجہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے انٹرویو میں ایران پر دہشت گردی کی حمایت اور علاقے میں خطرناک سرگرمیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ میزائل پروگرام اور علاقے میں تہران کی سرگرمیوں کے لیے غیرمشروط طور پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

  • امریکا کا پاکستان کے ایف 16طیاروں کیلئے تکنیکی سپورٹ کا اعلان

    امریکا کا پاکستان کے ایف 16طیاروں کیلئے تکنیکی سپورٹ کا اعلان

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، امریکا نے پاکستان کے ایف 16طیاروں کیلئے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کی مدد میں پاکستان کو ایف 16طیاروں کے لیے 125ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

    تکنیکی سپورٹ کا اعلان امریکا کی دفاعی سیکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے کیا، تکنیکی سپورٹ فراہم کرنے کی منظوری محکمہ خارجہ نےدی۔

    ڈی ایس سی اے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو فائدہ ہوگا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق فیصلے سے برصغیر میں طاقت کا توازن نہیں بگڑے گا۔

    یاد رہے گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان امریکا کے دورے پر تھے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی۔

    صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی۔

    وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بعد دنیا پاکستان کی عزت کرنے لگی ہے: فیصل جاوید

    ملاقات کے بعد امریکی صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کا امریکا میں خیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا علم ہے، ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھی بات ہوگی۔

  • سعودی عرب اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کا اختتام

    سعودی عرب اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کا اختتام

    ریاض: سعودی اور امریکی افواج کے درمیان دو ہفتوں سے جاری فوجی مشقیں اختتام پذیز ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی امریکی بری افواج کی مشترکہ مشقیں شمالی ریجن میں کنگ خالد ملٹری سِٹی میں اختتام پذیر ہوئیں، اختتامی تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر سعودی رائل آرمی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فہد بن عبداللہ المطیر اور امریکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ٹیری فیرل بھی موجود تھے۔

    لیفٹننٹ جنرل المطیر کا کہنا تھا کہ کمانڈر 2019 کے نام سے ہونے والی مشقوں کا مقصد دونوں مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، خطے میں قیام امن اور سلامتی کے لیے مشترکہ کارروائی کی صلاحیت پیدا کرنا اور ایک دوسرے کی دفاعی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہے۔

    دوسری جانب امریکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ نے ان مشقوں میں شرکت پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شان دار مشق دونوں ملکوں کے بیچ کئی برسوں سے جاری دوستی کا مظہر ہے، یہ دوستی جاری رہے گی اور مزید مضبوط ہو گی، میں مشق میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    ریاض، سعودی اور امریکی بری افواج کی مشترکہ مشقیں جاری

    ادھر مشقوں کے ڈائریکٹر میجر جنرل محمد بن محسن السنانی نے بتایا کہ مشقوں کی سرگرمیوں میں آرٹلری بریگیڈ، آرٹلری پلاننگ کے طریقہ کار، عسکری فیصلہ سازی کے عمل، فوج کی فیصلہ سازی کی صلاحیت ، بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کے استعمال کی صلاحیت اور فوجی آپریشن میں آرٹلری کے کردار پرتوجہ مرکوز رہی۔

    یاد رہے کہ یہ مشق ان مشترکہ مشقوں کی ایک کڑی ہے جن کا مقصد سعودی مسلح افواج کا اپنے دوست ممالک کے ساتھ مل کر لڑائی کی صلاحیت اور اہلیت میں اضافہ کرنا ہے۔

  • ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے: امریکا

    ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے: امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان میں کامیاب مذاکرات ہوئے، دونوں رہنماؤں کی یہ پہلی ملاقات تھی۔

    پریس کانفرنس کے دوران مورگن اورٹیگس کا کہنا تھا کہ مائیک پومپیو کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی، صدر ٹرمپ، مائیک پومپیو کو عمران خان سے تعلق بنانے کا موقع ملا۔

    انہوں نے کہا کہ اب پاک امریکا تعلقات پر پیش رفت کا وقت ہے، عمران خان نے طالبان سے افغان حکومت سے مذاکرات کی درخواست کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کیلئے یہ ایک بڑا قدم ہے، وزیراعظم عمران خان سے دیگر اہم معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔

    امریکی صدر ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: وزیراعظم عمران خان

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں افغانستان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے، امن معاہدے کیلئے کوئی ڈیڈلائن نہیں دے سکتے۔

  • شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، ایک اور میزائل کا تجربہ

    شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، ایک اور میزائل کا تجربہ

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور شارٹ رینج میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے، جسے شمالی کوریائی ملیٹری دفاعی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کرنے کا مقصد امریکا کو اپنی طاقت کا احساس دلانا ہے، جبکہ مستقبل میں مزید میزائل تجربات کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    شمالی کوریا کا میزائل 270 میل کا فاصلہ طے کرنے کے بعد جاپان کی سمندری حدود میں جاگرا جو ’’مشرقی سمندر‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جاپان نے پیانگ یانگ کی تازہ کارروائی کو جارحانہ اور افسوسناک قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دوسری ملاقات کے فوری بعد کوریائی حکومت نے ایک شارٹ رینج میزائل کا تجربہ کیا تھا جو اس بات کا ثبوت تھا کہ مذاکرات کی ناکامی کے باوجود شمالی کوریا اپنا دفاعی نظام کمزور نہیں کرسکتا۔

    شمالی کوریا کا ایک اورمیزائل تجربہ

    البتہ امریک کی جانب سے شمالی کوریا کے اس اقدام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے آئے دن میزائل تجربات کی اطلاعات آتی رہتی ہیں جن سے خطے میں تناؤ کی کیفیت طاری رہتی ہے۔

    امریکی صدر نے کم جونگ سے اپنی ملاقاتوں میں اسی بات پر زور دیا تھا کہ وہ جوہری تجربات کا مکمل طور پر خاتمہ کریں بصورت دیگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔