Tag: US

  • امریکی صدر نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روکنے کی قرارداد ویٹو کردی

    امریکی صدر نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روکنے کی قرارداد ویٹو کردی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی قرارداد ویٹو کردی جس میں سعودی عرب کو اسلحہ فروخت نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روکنے کی قرارداد ویٹو کردی جس کے بعد اربوں ڈالر کا اسلحہ سعودی عرب اور عرب امارات کو فروخت کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس نے عرب ممالک کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف تین قراردادیں پاس کی تھیں، اراکین کانگریس عرب ممالک کو اسلحہ فروخت کرنے کے سخت مخالف ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہے کہ کانگرنس کی قرارداد خطے میں امریکی اثرورسوخ متاثر کرسکتی ہے۔ اسی تناظر میں ٹرمپ نے قرارداد ویٹو کی۔

    امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی صدر ٹرمپ کی حمایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی ناگزیر ہے۔

    امریکی کانگریس میں سعودیہ کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرار داد منظور

    ارکان کانگیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلحے کی فروخت خطے میں بحالی امن کی کوشش کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 جولائی کو امریکی کانگریس نے سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرارداد منظور کی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو آٹھ اعشاریہ 1 ارب ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں وائٹ ہاؤس ذرایع نے پہلے ہی خبر دے دی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کے خلاف قرارداد کو ویٹو کردیں گے۔

  • ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    تہران: امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا سے مذاکرات پر مشروط آمادگی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد یورپی ممالک نے بھی ایرانی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے امریکا سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات اس صورت ہوں گے جب اسے ہماری شکست نہ سمجھا جائے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ ان پر ملک کی بڑی ذمہ داریاں ہیں، وہ مسائل کے حل کے لئے مکمل طور پر صرف قانونی اور مخلصانہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگر ایک ہی وقت میں ایران مذاکرات کے نام پر شکست کی کسی میز پر بیٹھنے کے لئے تیار نہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ نے ایران کے قبضے سے برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر چھڑانے کے لئے ایک ثالث کو ایران بھیج دیا جس کی تصدیق ایران کے سپریم لیڈر آفس کی جانب سے کی گئی ہے۔

    جہاز نہ چھوڑا تو ایران کو خلیج میں بھاری فوج کا سامنا کرنا پڑے گا، برطانوی وزیرخارجہ

    سپریم لیڈر آفس کی جانب سے برطانوی ثالث کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں البتہ محمد محمدی نے کہا ہے کہ ایک ایسا ملک جس نے ایک وقت وزراء اور وکلا ایران میں تعینات کئے وہ آج اس نہج پر پہنچ گیا کہ اپنا جہاز چھڑانے کی درخواست کرنے کےلئے ثالت کو بھیجتا ہے۔

  • یورپی یونین کی امریکی اشیا پراضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی

    یورپی یونین کی امریکی اشیا پراضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی

    برسلز: یورپی یونین کے تجارتی سربراہ نے کہاہے کہ اگر امریکا ان کی گاڑیوں پر ڈیوٹیز میں اضافہ کرے گا تو امریکی اشیا پر بھی 35 ارب یورو کے اضافی ٹیرف لگائے جائیں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر تجارت سیسیلیا مالمسٹروم کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان محدود تجارتی معاہدے کا منصوبہ اب بھی برقرار ہے۔نو منتخب رکن یورپی پارلیمنٹ کے لیے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی چین سے تجارتی جنگ توجہ کا مرکز ہے مگر بحراوقیانوس کے پار بھی کشیدگی موجود ہے۔

    انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم منضبط تجارت، کوٹہ یا بر آمدی رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے اور اگر ٹیرف لگائے گئے تو ہمارے پاس بھی حساب برابر کرنے کا اختیار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے پہلے ہی تیار کرلیا ہے جس کی لاگت 35 ارب یورو (39 ارب ڈالر) ہے، امید کرتا ہوں کہ اسے استعمال کرنے کی ہمیں ضرورت نہیں پڑے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور وہ آٹو موبائل کی درآمدات پر ڈیوٹیز عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    کمشنر تجارت کا کہنا تھا کہ ہم گاڑیوں اور گاڑیوں کے پرزوں پر اب تک ڈیوٹی عائد نہ کرنے کے امریکی فیصلے کو خوش آئند سمجھتے ہیں تاہم یورپی گاڑیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینے کا بیان بے تکا ہے۔

  • وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ واشنگٹن سے وطن واپس روانہ ہوگئے، عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

    وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

    جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔

    آرمی چیف کا دورہ پینٹا گون، تاریخی استقبال، 21 توپوں کی سلامی

    انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔

  • حریت رہنماؤں کا ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے لیے ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

    حریت رہنماؤں کا ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے لیے ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور دیگر حریت رہنماﺅں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکا کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور کشمیریوں کی تین سے زائد نسلیں اس تنازعے کی نذر ہو چکی ہیں۔ میرواعظ عمرفاروق نے امریکی صدر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام تنازعے کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہونے کی حیثیت سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کا جلد حل چاہتے ہیں۔

    دیگر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں شبیر احمدڈار، محمد یوسف نقاش، محمد اقبال میر ، انجینئر ہلال احمدوار،میر شاہد سلیم ، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وسیم، غلام نبی وار، جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر خطے میں ایک نیوکلیر فلیش پوائنٹ ہے جو کسی بھی وقت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

    ٹرمپ کشمیر پر پاکستانی دھنیں گنگنا رہے ہیں، بھارتی میڈیا کا واویلا

    واشنگٹن میں قائم ورلڈ ایوئر نیس فورم کے سیکرٹری جنرل غلام نبی فائی نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اصولی موقف اختیار کرنے پر امریکا میں مقیم کشمیری اور مقبوضہ کشمیر کے عوام خوش ہیں۔

  • بزنس کمیونٹی کا ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم

    بزنس کمیونٹی کا ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم

    لاہور: بزنس کمیونٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    کاروباری برادری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو بارہ گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین وسائل سے مالامال ہونے کی وجہ سے پاکستان سرمایا کاری کیلئے انتہائی پرکشش ملک ہے۔

    پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، سینئر نائب صدر سارک چیمبر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں افتخار ملک نے کہا کہ غیر ملکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور یہاں میسر اقتصادی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امریکا کی حکومتیں اقتصادی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں لہذا دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایا کاری پر مذاکرات کو با معنی ہونا چاہئے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ایک ملین سے زائد پاکستانی امریکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا میں توانائی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کی بہترین صلاحیت ہے، دونوں حکومتوں کو کاروباری اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

  • امریکا میں تارکین وطن سے متعلق مزید سخت قوانین لانے کی تیاری

    امریکا میں تارکین وطن سے متعلق مزید سخت قوانین لانے کی تیاری

    واشنگٹن: امریکا نے تارکین وطن کی فوری طور پر بے دخلی کے لیے نئے اور سخت قوانین لانے کی تیاری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے نئے قانون کے تحت بے دخلی پر تارکین وطن کو امیگریشن عدالتوں سے بھی رجوع کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے قوانین کے تحت کاغذات نہ رکھنے والے ایسے تارکین وطن جو امریکا میں اپنی مسلسل 2 سال سے موجودگی کو ثابت کرنے میں ناکام ہوں گے انہیں فوری طور پر بے دخل کیا جاسکتا ہے۔

    امریکی حکومت کی جانب سے تارکین وطن کے لیے نئی پالیسی کا اعلان جلد متوقع ہے جو فوری طور پر ملک بھر میں نافذ العمل ہوگی۔

    امریکا کے قائم مقام مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پالیسی میں تبدیلی بارڈر پر کچھ بوجھ اور گنجائش کے مسئلے کو کم کرنے میں مدد دے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے حالیہ بحران پر یہ ایک ضروری جوابی اقدام تھا، نئے قوانین بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کے تعاقب میں مدد دیں گے۔

    ٹرمپ کی تارکین وطن مخالف پالیسی، میکسیکو کے پناہ گزین باپ بیٹی کی لاش نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بارڈر پر 100 میل کےاندر لوگوں کو پکڑا گیا اور امریکا میں کم از کم 2 ہفتے گزارنے والوں کو ڈی پورٹ کیا جاسکتا تھا۔

    پہلے ملک میں 2 ہفتے سے زائد گزارنے والے تارکین وطن کو قانونی معاونت کے لیے عدالتوں تک رسائی حاصل ہوتی تھی لیکن نئے قوانین کے تحت تارکین وطن ملک میں جہاں کہیں بھی ہیں اور انہیں جہاں پکڑا گیا، بلا کسی قانونی معاونت کے بے دخل کیا جاسکتا ہے۔ امریکی سول لبرٹیز یونین نے حکومتی پالیسی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    واشنگٹن : امریکی فوج نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی طیاروں کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وینز ویلا کے ایک جنگی طیارے نے امریکی انٹیلی جنس طیارے کا کیریبین سمندر کے علاقے میں عالمی فضائی حدود میں پرواز کے دوران جارحانہ انداز میں تعاقب کیا، یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا واضح ثبوت بتایا جا رہا ہے۔

    امریکی فوج کی سدرن کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ عالمی فضائی حدود میں وینز ویلا کے جنگی طیارے کاہمارے جہاز کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ وینز ویلا امریکا پر بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنے کا الزام عائد کرتا ہے مگر اس کے طیارے عالمی فضائی حدود میں بھی امریکی طیاروں کا پیچھا کرتے ہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک طیارہ اے بی3 جو متعدد نوعیت کے مشن پر تھا کا عالمی فضائی حدود سے گذرتے ہوئے وینز ویلا کے سو۔30 طیارے نے تعاقب کیا، امریکا اس اقدام کو وینز ویلاکی طرف سے جہاز اور اس کے عملے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔

    دوسری طرف وینز ویلا کے وزیر دفاع ولادی میر باڈرینو لوبیز نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایک جنگی جہاز کسی پیشگی اطلاع کے بغیر وینز ویلا کی فضائی حدود میں گھس آیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی جہاز نے وینز ویلا کے مرکزی ہوائی اڈے کی کمرشل پروازوں کوخطرے میں ڈال دیا تھا۔

  • پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کر آنا ہے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

    واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بدلنے کا وقت آگیا ہے، انشااللہ بہت پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، کرپشن مسئلے کی جڑ ہے اس کا ہرصورت خاتمہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نظام ٹھیک کرکے نچلے طبقے کو اوپر آنے کا موقع دیں گے، ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان میں تانبے کے ذخائر چار پانچ بڑے ملکوں کے برابر ہیں، اندازہ ہے کہ ریکوڈک میں دو سو ارب کا سونے تانبے کے ذخائر ہیں۔

    واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں کہتا تھا افغانستان کا حل فوجی نہیں، آج ساری دنیا کہ رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے آپ کا کیس رکھوں گا، عمران خان آپ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے شرمندہ ہونے نہیں دے گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کا کچا چٹھا کھولتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو آمریت نے لیڈر بنایا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کاغذ کے پرچے پر لیڈر بن گئے، ولی خان اور مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی سیاست میں آگئے، جبکہ شہباز شریف نواز شریف کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بنے۔

    اس موقع پر عمران خان نے کرکٹ ٹیم کو بھی ٹھیک کرنے کا اعلان کر دیا، بولے ورلڈ کپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کروں گا، واشنگٹن کے کیپٹل ون ارینا میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا اس ورلڈ کپ میں مایوسی ہوئی اگلے ورلڈ کپ میں پروفیشنل ٹیم لے کر آئیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک کے سارے معاملے کے پیچھے کرپشن تھی، بڑی بڑی کمپنیاں پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے نہیں آتیں، بڑی بڑی کمپنیوں نے بتایا کہ پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے نہیں آتے، پاکستان میں سعودی عرب سے زیادہ بجلی کوئلے سے بناسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرپشن ختم کرکے پاکستان کو اٹھاکر دکھائیں گے، ایک دن باہر سے دنیا پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئے گی، مدینہ کی ریاست جدید اصولوں پر بنی تھی، رسول اللہ ﷺ کی شریعت مدینہ کی ریاست تھی، مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، جہاں عدل کانظام تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کمزور کے لیے رحم تھا، یتیموں اور بیواؤں کیلئے وظیفے رکھے گئے، مدینہ کی ریاست میں پیسے والوں سے ٹیکس لیا گیا اور غریبوں پر خرچ ہوا، پیسے والوں سے ٹیکس لینا پہلی بار مدینہ کی ریاست میں ہوا، وہاں خواتین کو بھی حقوق حاصل تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آج تک پاکستان میں خواتین کو جائیداد میں حصہ نہیں ملتا، ایسا قانون لارہے ہیں اب خواتین کو جائیداد میں حصہ دینا ہوگا، پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے جہاں دنیا بھر سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔

  • وزیراعظم کا امریکا میں فقید المثال جلسہ، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    وزیراعظم کا امریکا میں فقید المثال جلسہ، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کا امریکا میں ہونے والا جلسہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے واشنگٹن میں خطاب سے قبل جلسہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، ٹرینڈ کے تحت جلسہ گاہ کی تازہ ترین تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں۔

    ٹوئٹر پر ٹاپ ٹین میں سے 5 ٹرینڈز وزیراعظم عمران خان کے جلسے کے نام ہوگئے، اب سے کچھ دیر بعد عمران خان کیپٹل ون ارینا واشنگٹن میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان تین روزہ دورے پر امریکا میں ہیں، امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے، کیپٹل ون ارینا میں وزیر اعظم کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں جس میں 22 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔

    کیپٹل ایرینا کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستانی کمیونٹی سے رات 2 بجے خطاب کریں گے، جلسے کی براہ راست کوریج اے آر وائی نیوز پر دیکھی جا سکے گی۔